جاوید اقبال +عشرت حسین بٹ
پونچھ//مسلسل تین روز کی بارش کے بعد منگل کو موسم خوشگوارہوگیا۔ادھر پیر کی شام سے ریاسی اور مینڈھر میں حکام اور مقامی لوگوں نے9 افراد کو بچا لیا جبکہ ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں تین رہائشی مکانات کو جزوی طور پر نقصان ہوا ۔اس سے قبل اس علاقے میں موسلادھار بارش ہوئی جو اتوار کی شام کو شروع ہوئی اور پیر اور منگل کی درمیانی رات تک جاری رہی۔
ریاسی
ریاسی میںپولیس ٹیموں اور مقامی لوگوں نے مسافر گاڑی (کیب) میں سفر کرنے والے پانچ مسافروں کو بچا لیا جو دریا کے پانی میں پھنس گئے تھے۔” پولیس نے کہا’’جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے ڈیرہ بابا میں ندی کے سیلاب میں ایک گاڑی پھنس جانے کے بعد ایک خاندان کے پانچ افراد کو مقامی لوگوں اور پولیس نے بچا لیا‘‘۔پولیس نے بتایا کہ گاڑی ریاسی جا رہی تھی اور ریاسی تحصیل علاقے میں ڈیرہ بابا کے مقام پر سڑک کراس کر رہی تھی کہ اچانک سیلاب میں پھنس گئی۔مقامی افراد اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈرائیور، اس کی بیوی، اس کی ماں اور دو بچوں کو گاڑی میں پھنس کر ریسکیو آپریشن کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ منگل کی شام کے وقت پیش آنے والے اس واقعے میں پانچوں مسافروں کی جان بچ گئی۔
مینڈھر
گزشتہ رات تیز بارش کے دوران ایک سومو گاڑی مینڈھر کے چھترال نالے میں پھنس گئی جس میں اس وقت ایک خاتون سمیت چار افراد سوار تھے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی لوگ دوڑ کر ان کی مدد کو پہنچے اور نالے میں پھنسے ان افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا جس پر عام لوگوں کی طرف سے بچاؤ کارروائی میں حصہ لینے والوں کی سراہنا کی جارہی ہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے چار افراد کو بچا لیا گیا جو کسی حادثے کا شکار بھی ہوسکتے تھے۔
منڈی
پولیس چوکی افسر ساوجیاں سبیل ویردی نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ شدید بارش کے بعد منگل کو ساوجیاں کے چھمبر کناری علاقے میں غلام قادر،نذیراحمد،محمد لطیف پسران جمال لون اور لال دین ولد عبدل غنی ساکنان چھمبر کناری کے رہائشی مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران دھوپ سے سوکھنے کے بعد لڑی علاقہ میں ملبہ کھسکنے کی وجہ سے بھی متعدد رہائشی مکانات کو نقصان کی خبریں انہیں موصول ہوئی ہیں۔ دریں اثنا موسم میں بہتری کے بعد عام لوگوں کی معمولات زندگی ایک مرتبہ پھر بحال ہوئے اور بازاروں میں بھی ایک مرتبہ پھر سے رونق لوٹ آئی ہے۔