سرینگر/ضلع انتظامیہ بارہمولہ نے بانڈی پائین علاقے کے چندوسہ میں حالیہ معرکہ آرائی کے پس منظر میں سبھی سکول دس دنوں تک بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
جنگجوئوں اور فورسز کے مابین یہاں ہوئی معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوئے تھے۔
اس سلسلے میں ذرائع کے مطابق ضلع کمشنر بارہمولہ جی این ایتو نے ضلع کے چیف ایجو کیشنل آفیسر کے نام ایک خط لکھا ہے۔
خط میں لکھا ہے'' ایس ایس پی بارہمولہ نے صلاح دی ہے کہ کم سے کم دس دنوں تک بانڈی پائین کے سبھی سکول بند کئے جائیں تاکہ علاقے کو معرکہ آرائی کے بعد بارود کی ممکنہ موجودگی سے صاف کیا جائے ''۔
خط میں اس ضمن میں فوری کارروائی کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ایک پولیس آفیسر کے مطابق اُنہوں نے معرکہ آرائی کی جگہ پر چھ گرینیڈ تباہ کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بم ناکارہ کرنے کی ٹیم چندوسہ میں ہی خیمہ زن ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں پانچ سکول ہیں جن میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بانڈی پائین اور چار سرکاری مڈل سکول شامل ہیں۔