عظمی نیوزسروس
سرینگر // ملک کی سرحدوں کے دفاع کیلئے مسلح افواج کی تیاری پر زور دیتے ہوئے، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی مسلح افواج کسی بھی خطرے کے خلاف بین الاقوامی سرحدوں کے دفاع کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ایک مضبوط اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کے لیے وقف ہیں جہاں ہر شہری کو اپنی صلاحیتوں کو پورا کرنے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے۔ ٹی وی 9 بھرت ورش ستہ سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’ہماری مسلح افواج کسی بھی خطرے کے خلاف ہماری سرحدوں کی حفاظت کیلئے تیار ہیں‘‘۔قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا، ’’ہم ایک مضبوط اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کے لیے وقف ہیں جہاں ہر شہری کو اپنی صلاحیتوں کو پورا کرنے اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا موقع ملے‘‘۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کا سہرا مرکز کی نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کو دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ’’واحد پارٹی ہے جو اپنی باتوں پر چلتی ہے، چاہئے اس کیلئے کوئی بھی قیمت چکانی پڑی ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدے کو پورا کیا اور دفعہ 370 کی منسوخی، اور ’’تین طلاق ‘‘کے خاتمے اور رام مندر کی تعمیر طرف اشارہ کیا اور کہا کہ یہ سب وزیر اعظم مود ی کی سربراہی والی سرکار میں ہی ممکن ہو سکا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے میں کبھی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔ ان کی وجہ سے کئی ریاستوں میں ہیلی کاپٹر مینوفیکچرنگ پلانٹ اور صنعتی کوریڈور کے قیام سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا ہے۔