سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے محبوس چیرمین مسرت عالم بٹ کو دوبارہ کورٹ بلوال جموں منتقل کرنے کو ’’سیاسی عداوت ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے بشری حقوق کی سنگین پامالی سے تعبیر کیا۔ لیگ کے ترجمان سجاد ایوبی نے اخباروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ مسرت عالم کو کل 2010 ء کے ایک کیس کے سلسلے میں 3rd منصف میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت میں پیش ہونے کے بعد مسرت عالم کو کوٹھی باغ تھانہ میں مقید رکھا گیاتھا اور آج مسرت عالم بٹ کو تھانہ شہد گنج میں درج ایک کیس کے سلسلے میں سرینگرمیں پسنجر کورٹ(passenger court میں پیش کیا گیا جہاں دلائل سننے کے بعد جج موصوف نے اس کی اگلی سماعت آنے والے مہینے میں رکھی ۔ ترجمان نے کہا کہ انصاف کا تقاضا یہ تھا کہ مسرت عالم بٹ جس کو تقریباََ ایک سال کے بعد جموں سے سرینگر لایا گیا، کو سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنائے بغیر وادی کی کسی جیل میں رکھا جاتا جہاں وہ اپنے عزیزو اقارب کے ساتھ ملاقات کرتا مگر اس کے برعکس عدل و انصاف کے تقاضوںکو ملیامیٹ کرتے ہوئے مسرت عالم بٹ کو رات کی اندھیری میں ہی جموں سے لایا گیا اور صرف چند گھنٹے یہاں رکھنے کے بعد دبارہ جموں منتقل کرنا مسرت عالم بٹ کے تئیں دلی سے لے کر سرینگر تک کی پالیسی کو عیاں کرتا ہے کہ کس طرح ان کے متعلق انصاف و عدل کے پیمانے بدل دئے جاتے ہیں ۔