حسین محتشم
پونچھ//دختر رسول خداﷺ، صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام شہادت کی مناسبت مسجد اہلبیت مصطفٰے نگر پونچھ مسجد اہلبیت ٹرسٹ کے زیر اہتمام سہہ روزہ مجالس کی تیسری اوراختتامی مجلس بروایت دختر رسول خدا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شب شہادت میں منعقد ہوئی جس میں عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے سوگوار شریک ہوئے۔ اس مجلس سے مولانا سید ظہیر عباس جعفری نے خطاب کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں حضرت صدیقہ طاہرہ علیہا سلام کی حیات طیبہ کے چند گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ کی ذات گرامی کو رضائے الٰہی کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی خوشنودی، فاطمہؑ کی خوشنودی میں مضمر ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اخلاص رواداری، الفت و محبت، وقار، رازداری، لوگوں کے ساتھ نیک برتاؤ کی تائید کی۔ اس مجلس میں ثناء خواں حضرات نے نعت و منقبت، قصیدہ، سلام اور نوحہ خواں حضرات نے فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب اور نوحہ خوانی سے شرکاء کو فیضیاب کیا۔مجلس کے اختتام پر عالم انسانیت کے لئے دعا کی گئی۔