عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// شیوسینا یو بی ٹی لیڈر سنجے راوت نے بی جے پی پر کند ذہنی کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہولی ایک ایسا تہوار ہے جس میں سبھی مل کر رنگ کھیلتے ہیں، خوشی اور غم بانٹا کرتے ہیں لیکن آج ملک اور مہاراشٹر میں کیا ہو رہا ہے؟ کہیں مسجدوں کو ڈھانپنے کی نوبت آ رہی ہے، کہیں ایک طرف نماز پڑھی جا رہی ہے اور دوسری طرف لوگ ہولی کھیل رہے ہیں۔ خیر، یہ بھی دن گزر جائیں گے۔سنجے راوت نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس نے ملک کے ماحول میں نفرت پھیلا دیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم بہت کند ذہن ہو گئے ہیں اور یہ کند ذہنی ملک، سماج اور ہندو مذہب کیلئے ٹھیک نہیں ہے۔ ہماری شبیہ دنیا بھر میں ایک روادار اور صبر کرنے والے مذہب کی شکل میں ہے، اس لیے ہندو مذہب کو دنیا میں احترام حاصل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے مذہب کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی ثقافت میں سبھی کو قبول کرتے ہیں، لیکن گزشتہ 10 سالوں میں ہماری ثقافت کی آزادی کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ہمیں کند ذہنیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے اور ایک خاص طبقہ ہمیں مذہب کے نام پر بانٹنا چاہتا ہے۔شیوسینا یو بی ٹی لیڈر نے بی جے پی کے سینئر لیڈران کے وقت کی ہولی کو بھی یاد کیا اور کہا کہ اب وہ گزرے وقت کی بات ہو گئی ہے۔