یو این آئی
نئی دہلی//نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کو کہا کہ کوئی بھی جمہوریت قانون کے سامنے برابری کے بغیر زندہ اور ترقی نہیں کر سکتی۔میزورم یونیورسٹی کے 18ویں کنووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے دھنکھڑ نے کہا کہ اب قانون کے سامنے مساوات زمینی حقیقت ہے اور جو لوگ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے تھے وہ اس کی گرفت میں مضبوطی سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’کوئی جمہوریت قائم نہیں رہ سکتی، کوئی جمہوریت اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک قانون کے سامنے برابری نہ ہو‘۔نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات اور سرکاری ملازمتوں کی اندھا دھند تلاش سے باہر آنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مختلف انداز میں سوچنے اور ناکامی سے نہ گھبرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ناکامی کامیابی کی طرف ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے خوابوں کی تعبیر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اقتدار کی راہداری طاقت کے دلالوں سے پاک ہو چکی ہے اور بھرتیاں شفاف طریقے سے کی جاتی ہیں۔