عظمیٰ نیوز سروس
جموں//مسافر گاڑیوں میں اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ کے واقعات اور موٹر وہیکل ایکٹ اور سنٹرل موٹر وہیکل رولز کے تحت دیگر بڑی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت نفاذ مہم کو جاری رکھتے ہوئے موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر جموں کی خصوصی ہدایات پرانفورسمنٹ مہم چلائی۔انفورسمنٹ ٹیموں نے بھگوتی نگر، توی فورتھ پل اور ریلوے اسٹیشن کے قریب مختلف مقامات پر ناکے لگائے۔مہم کا محور مسافر گاڑیوں میں اوور لوڈنگ اور اوور چارجنگ تھا خاص طور پر ای آٹوز اور ای رکشا جو امرناتھ جی یاتریوں کو لے جانے والے ہیں۔گزشتہ 03 دن کی انفورسمنٹ ڈرائیو کے دوران تقریباً 345 گاڑیوں کو مختلف جرائم کے لئے چیک کیا گیا۔ روٹ پرمٹ کی خلاف ورزیاں، آر سی کی خلاف ورزیاں، اوور لوڈنگ، بغیر سیٹ بیلٹ، بغیر ہیلمٹ، بغیر ایس ایل ڈی وغیرہ جن میں سے 118 گاڑیوں کا ای چالان کیا گیا۔چالان جاری کرنے کے علاوہ اوور لوڈ مسافر گاڑیوں میں سے مسافروں کوموقع پر ہی اتار دیا گیا اور اضافی مسافروں کے لئے ان کی متعلقہ منزلوں کے لئے گاڑیوں کا انتظام کیا گیا۔