محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پچھلے چار روز سے رام بن اور بانہال کے درمیان پسیوں اور پتھروں کے گرنے کی وجہ سے ٹریفک کیلئے بند ہے اور ایسے میں بانہال اور سنگلدان سے ریل گاڑی میں مسافروں کا بھاری رش رہا اور سینکڑوں مسافروں نے جمعرات کوریل سے سفر کیا۔ ریلوے ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جمعرات کے روز ریلوے سٹیشن بانہال سے سینکڑوں مسافروں نے جموں پہنچنے کیلئے سنگلدان تک ریل کا سفر کیا۔ اسی طرح سینکڑوں کی تعداد میں جموں سے رام بن پہنچے ۔مسافروں نے سنگلدان سے ریل میں سوار ہوکر وادی کشمیر کا رخ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانہال سے جموں جانے والے مسافروں کی بھاری بھیڑ ریلوے سٹیشن بانہال پہنچی تھی اور ریل جانے کے بعد بھی دو سو سے زائد مسافر بھاری رش کی وجہ سے ریل میں سوار نہ ہوسکے۔