اشفاق سعید
کرناہ // ناظم تعلیم کشمیر نے کہا کہ نئی ایجوکیشن پالیسی کے تحت وادی کے 1000سرکاری سکولوں میں آنے والے دنوں کے دوران کنڈر گاڈن کلاسز شروع کئے جائیں گئے ۔ ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر تصدق حسین میر کرناہ کے 2 روزہ دورے پر ہیں۔جمعہ کو موصوف نے بلاک ٹنگڈار کے متعدد ہائی سکنڈیوں ،ہائی سکولوں اور مڈل سکولوں کا دورہ کر کے وہاں تعلیم سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر کام کاج کا بھی جائزہ لیا ۔ان کے ہمراہ چیف ایجوکیشن افسر کپواڑہ بھی تھے ۔قریب 2بجے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن نہچیاں باغ بالا پہنچے, جہاں انہوں نے بلاک کے متعددا سکول میں بچوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دور افتادہ علاقوں میں زیر تعلیم بچوں تک پہنچنا ہے اور اسی کڑی کے تحت انہوں نے آج کرناہ کا دورہ کیا ، تاکہ یہاں پر سکولوں میں بچوں کی مشکلات اور دیگر معاملات کو از خود دکھا جا سکے اور پھر اس پر عمل درآمد کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم نظام میں کافی بدلائو آیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ محکمہ بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کر سکے ۔نئی ایجوکیشن پالیسی کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئی ایجوکیشن پالیسی کی ٹائم لائن مقرر کی گئی ہیں اور 2023تک اس پر مکمل طور عمل درآمد ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ دھیرے دھیرے اس کو عملایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے اس بار نئی ایجوکیشن پالیسی کے تحت چھوٹے بچوں کیلئے کنڈر گاڈن کلاسز شروع کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اب نئی تعلیمی تقاضوں کے مطابق تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال ایک ہزار سرکاری سکولوں میں مزید کنڈر گاڈن کلاسز شروع کی جائیں گی ۔بھاری بستوں کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے ہر ایک ضلع ترقیاتی کمشنر کو اس تعلق سے آگاہ کیا ہے اور سب سے کہا گیا ہے کہ وہ سختی سے اس پر عمل درآمد کرائیں تاکہ بچوں کو بھاری بستوں سے نجات مل سکے ۔انہوں نے شام دیر گئے کے جی بی وی سکول نہچیاں کا دورہ کیا اور ہوسٹل کی نئی عمارت کا افتتاح کیا ۔
مزید1000سرکاری سکولوں میں کنڈر گاڈن کلاسز شروع کی جائیں گی
