کولمبو/مزید سری لنکن کرپٹ کرکٹرز کیلئے شکنجہ تیار ہوگیا جب کہ آنے والے دنوں میں کچھ اور کھلاڑیوں پر چارجز عائد کیے جائیں گے۔آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت سری لنکا کے کچھ مزید کھلاڑیوں پر چارجز عائد ہونے کا امکان ہے، یہاں پر 2017 سے کرپشن کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے جنرل منیجر الیکس مارشل نے کہاکہ ہماری تحقیقات جاری اور مزید لوگوں کو آنے والے دونوں میں چارج کیا جائے گا، تحقیقات مکمل ہونے میں کم سے کم 3 ماہ اور لگ سکتے ہیں۔یاد رہے کہ کونسل نے مزید شواہد جمع کرنے کیلیے حال ہی میں 15 روزہ ایمنسٹی اسکیم بھی جاری کی تھی، جس کے تحت کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں ماضی کے مشکوک واقعات رپورٹ کیے۔آئی سی سی کی جانب سے پہلے ہی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر سری لنکا کے سابق اسٹار بیٹسمین سنتھ جے سوریا پر 2 برس کی پابندی عائد ہو چکی،اسی طرح سابق کرکٹرز نوان زوئیسا اور دلہارا لوکو ہیٹگے پر بھی چارجز عائد کیے جاچکے اور وہ اب ٹرائل کے منتظر ہیں۔الیکس مارشل نے کہا کہ ہم فی الحال تحقیقات کے حوالے سے مزید کچھ نہیں بتاسکتے کیونکہ اس وقت ورلڈ کپ سر پر ہے اور ہم ان کی تیاریوں کو متاثر نہیں کرنا چاہتے۔