قاضی گنڈ میں5 قمار باز گرفتار دائو پر لگائے گئے 9020روپئے ضبط
عارف بلوچ
اننت ناگ//سماجی بدعات کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے کولگام پولیس نے امان پورہ میں قمار بازی کے ایک اڈے پہ چھاپہ مارااور پانچ قمار بازوں کو گرفتار کرلیااور دائو پر لگائی گئی رقم ضبط کی ۔پولیس نے طارق احمد شیخ ساکن آکھرن ، محمد ادریس نائیکو، ساکن آنپورہ ، رئوف احمد آہنگر ، عمران احمد بٹ اور گلزار احمد شیخ ساکنان کاترن کی گرفتاری عمل میں لاکر ان کے قبضے سے دائوپر لگائی گئی رقم 9020روپے اور تاش کے پتے برآمد کرلئے۔اس سلسلے میں قاضی گنڈ تھانہ میں ایف آئی آرنمبر 48/2021 کے تحت کیس درج کرلیا گیا۔
سید قاسم شاہ حقانی کے عرس کی تقریبات شروع
سرینگر// حضرت سید قاسم شاہ حقانی کے دو روزہ عرس کی تقریبات کا آغاز نرپرستان فتح کدل میں روح پرور مجالس کے انعقاد سے ہوا۔ نماز ظہر سے عصر تک تلاوت قرآن مجید کی مجلس منعقد ہوئی۔بعد اذاں ختمات المعظمات ،ذکر و اذکار کی مجلس کا اہتمام ہوا جس کی صدارت عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔ نماز مغرب سے عشاء نماز تک وعظ و تبلیغ کی مجلس منعقد ہوئی۔حقانی میموریل ٹرسٹ کے عہدیداروں اور محبین کی ایک کثیر تعداد نے ان مجالس میں شر کت کی۔آج بھی ایسی ہی تقاریب کا انعقاد ہورہا ہے۔
خانصاحب میں صوفی کانفرنس کا انعقاد
تقریب کے دوران محفل مشاعرہ
سرینگر//کشمیر سوسائٹی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ڈگری کالج خانصاحب میں شمس فقیر کلچرل ویلفیئر سوسائٹی اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن سنٹر بڈگام کے تعاون سے ایک روزہ صوفی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔چیئرمین کشمیر سوسائٹی فاروق رینزو نے شعراء ، ادباء اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بڈگام زمانہ قدیم سے ہی صوفیت کا مسکن رہاہے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت چیئرمین ، ان کے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ انہوں نے خانصاحب فیض پناہ کی تعمیرمیں حصہ لیا ۔انہوں نے خانصاحب ڈگری کالج انتظامیہ ، ضلعی انتظامیہ خصوصاً ایس ڈی ایم کی تعریف کی جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔کانفرنس کے دوران مجید مسرور ، ڈاکٹر تابش ، ڈاکٹر اندرابی ، ڈاکٹر شاد رمضان ، سید احمد ایس ڈی ایم خانصاحب سمیت تمام اسکالروں نے تقاریرکئے۔بعداذاںایک مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میںمحمد یوسف آکاش ، محمد شفیع شاہین (ایڈوکیٹ)، لسہ بب ، رسول ہر ، غلام محمد فقیر اور انجان کشمیری سمیت کئی شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔
ریاست ،جموریت اور تعلیم
ڈگری کالج حاجن میں پروگرام
سرینگر//ڈگری کالج حاجن میں ’’ریاست ،جموریت اور تعلیم‘‘ کے عنوان پر ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں مہمان ذی وقار کی حیثیت سے پروفیسرعزرا عابدی پروفیسر شعبہ سماجیات جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی نے شرکت کی ۔پروگرام کی صدارت کالج کی پرنسپل پروفیسر ہدیٰ نے کی۔ڈاکٹر فیاض احمد بٹ شعبہ سماجیات جامعہ ملیہ اسلامیہ نے موضوع کے عنوان سے کلیدی خطبہ پیش کیا جس میں انہوںنے تعلیمی پالیسی کے حوالے سے سیر حاصل بات کی۔پروفیسر ازرا عابدی نے توسیعی خطبہ کے دوران نئی قومی تعلیمی پالیسی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔انہوںنے جغرافیائی محل وقوع، معاشرتی مجبوریوں اور تہذیبی تقاضوں کے حوالے سے قومی تعلیمی پالیسی کے مختلف نکات کی نشاندہی کی۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
پلوامہ اور اونتی پورہ میں4افرادگرفتار، 21بوتلیں کوڈین اور بھنگ برآمد
پلوامہ//پلوامہ پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران ایک شہری کو گرفتارکرکے اس کے قبضے21بوتلیں کوڈین برآمدکرلی گئیںجبکہ اونتی پورہ پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے بھنگ برآمد کرلی۔ایس ایچ او راجپورہ تھانہ سرجان احمد کی ہدایت پر شادی مرگ کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے ایک شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی ۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے کوڈین کی 21بوتلیںبرآمد ہوئیں۔ملزم کی شناخت منیر احمد بٹ ساکن دربگام بالا راجپورہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے ملزم کو گرفتاراور اس سلسلے میں کیس ایف آئی آر نمبر11/2021 درج کیا ۔ادھرگالندر بائی پاس پر قائم چیک پوائنٹ پر موجود عہدیداروں نے ایک گاڑی زیر نمبرJK01P-4633(ٹاٹا نینو) کو روکا جس میں تین افراد سوار تھے۔ ان کی شناخت بلال احمد خان ، جاوید احمد خان دونوں ساکن رنگ بالا کپوارہ اور غضنفر مختار ساکن راولپورہ صنعت نگر کے طور پر ہوئی ہے۔ چیکنگ کے دوران اُن کے قبضے سے 6 کلو گرام پیسنے والی بھنگ برآمد کی گئی۔ انہیں پانپور تھانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ جرائم میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔پولیس نے ایف آئی آر نمبر 29/2021 کے تحت پانپور تھانہ میںکیس درج کیا ہے۔
ٹنگمرگ میں مارکیٹ چیکنگ
غیر معیاری اشیاء ضائع،2100روپئے جرمانہ وصول
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری اور انفورسمنٹ ونگ بارہمولہ نے ٹنگمرگ کے مضافاتی علاقوں کھئی پورہ،ھوم،کٹہ پورہ اور قاضی پورہ میں مارکیٹ چیکنگ کے دوران غیر معیاری مصالہ جات ،مشروبات، بسکٹ،چپس اور سبزیاں ضائع کرکے قصور وار دوکانداروں سے 2100 وپئے جرمانہ وصول کیاہے۔ ٹیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زاید المعیاد اشیاء ہرگز نہ خریدیں اور ایسے دوکانداروں کے متعلق شکایت کریں۔
ڈورو میں 36فٹ عمارتی لکڑی ضبط
سرینگر// ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں محکمہ جنگلات کی ایک ٹیم نے کمپارٹمنٹ نمبر58Vسے36 فٹ عمارتی لکڑی کو ضبط کیا جسے غیر قانونی طور کاٹا گیا تھا ۔محکمہ نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔