زاہد امین بابا کی پُر اسرار موت افسوسناک | سریع الرفتار بنیادوں پر معاملے کی تحقیقات کی جائے:الطاف بخاری
نیوز ڈیسک
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے زاہد امین بابا ولد محمد امین بابا کی پر اسرار موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے جو ہفتہ کو بعددوپہر اپنی رہائش گاہ یایل وانہ بل سے لاپتہ ہوگیا تھا جس کی گنج باغ میں کار کے اندر پر اسرار طور مردہ پایاگیا۔ ایک بیان میں الطاف بخاری نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے گزارش کی کہ اِس معاملہ کی فوری غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے تاکہ قصور واروں کو کیفر ِ کردار تک پہنچایاجاسکے۔انہوں نے نوجوان کی جنت نشینی کے لئے دعا کرتے ہوئے سوگوار کنبہ کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے گذارش کی ہے کہ فاسٹ ٹریک بنیادوں پر تحقیقات کی جائے اور اِس سنگین جرم کے مرتکب افراد کے خلاف کڑی کارروائی کر کے متاثرین کو انصاف فراہم کیاجائے۔ بیان کے مطابق پارٹی صدر کی ہدایت پر سینئر اور کارپوریٹر راولپورہ محمد اشرف ڈار غمزدہ کنبہ کے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے اپنی پارٹی کی طرف سے تعزیت پیش کی۔ انہوں نے یقین دلایاکہ پارٹی لیڈر شپ اُنہیں انصاف فراہم کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔
حقانی میموریل ٹرسٹ کی آن لائن کانفرنس | امام ابو حنیفہؒ کی خدمات ناقابل فراموش: مقررین
سرینگر//امام الاعظم نعمان بن ثابت ابو حنیفہؒکے عرس شریف پر حقانی میموریل ٹرسٹ نے آن لائن کانفرنس کااہتمام کیاجس میں جیّد علماء عظام، مشائخ کرام ، خطباحضرات، اسلامی سکالروں اور معروف نعت خوان شریک ہوئے۔شرکاء نے امام ابوحنیفہؒ کی دینی خدمات خصوصاً فقہ و قانون ترتیب دینے اور مناقب بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دین کے تئیں خدمات تاریخ اسلام میں مسلم ہیں اور یہ ہمیشہ یاد کی جائیں گی۔ کانفرنس کی صدارت مولانا شوکت حسین کینگ نے کی۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی نے شرکاء کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام اعظم ابو حنیفہؒ کے القاب جیسے امام الائمہ، سراج الامہ، رئیس الفقہاء ، محدثِ کبیر، حافظِ حدیث سے ان کی عظمت بیان ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ امام اعظم ابوحنیفہ ؒکے اوصافِ مخصوصہ میں علم و عمل، زہد و تقویٰ، ریاضت وعبادت اور فہم و فراست کی طرح آپ ؒکی شانِ محدثیت، حدیث دانی اور حدیث بیانی بھی اہل ایمان میں مُسلم اور ایک ناقابل انکار حقیقت ہے۔ مولانا شوکت حسین کینگ نے حضرت امام ابو حنیفہ ؒ کے علم حدیث اور فقہ کی تدوین کے موضوع پر مخصوص و منفرد انداز میں سیر حاصل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار ائمہ میں وہ واحد شخصیت ہے جن کو صحابہ ؓسے شرف ملاقات کی روایات دستیاب ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دوسری صدی ہجری سے ہی مجتہدین اور علماء عظام نے ان کے اختیار کردہ مسلک کو اپنایا حتیٰ کہ دیگر مسالک کے علما اور مفکروں نے ان کے مسلک کا اعتراف کرتے ہوئے یہی راہ اختیار کی جن میں نواب صدیق حسن
خان بھوپالی اور مولانا ابوالکلام آزاد جیسی شخصیات شامل ہیں۔ عرس مبارک کی نسبت سے انجمن حمایت الاسلام کے صدرمولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا کہ حضرت امام ابوحنیفہؒ تدوین فقہ میں سربراہ ہیں اور دیگر فقہا ان کا عیال ہے۔ انجمن مصباح الاسلام کے صدر مولانا مبارک حسین نعمانی نے کہا کہ حضرت امام ابو حنیفہ ؒ کی اسلامی خدمات اور عظمت مسلم ہے۔ انہوں نے حضرت جلال الدین سیوطی اور حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کے اقوال و تحریرات کا حوالہ دے کر ان کی شان و عظمت کی وضاحت کی۔