مولانا غلام رسول ملک علیل | جمعیت اہلحدیث کی عوام سے دعاؤں کی اپیل
سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے سابق صدر مولانا غلام رسول ملک کچھ عرصہ سے علیل ہیں اور اس وقت اسکمز میں زیر علاج ہیں۔ایک بیان کے مطابق جمعیت کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ ، نائب صدر ڈاکٹر عبداللطیف الکندی ، مفتی عام مولانا محمد یعقوب بابا المدنی اور مدیر مسلم بشارت بشیر نے مولاناموصوف کی عیادت کی۔پروفیسر بٹ نے عوام سے بالعموم اور وابستگان جمعیت سے بالخصوص اپیل کی ہے کہ وہ مولانا غلام رسول ملک کی تندرستی کیلئے دعا کریں۔دریں اثنا جمعیت کے متعدد ذمہ دار، کئی دفود اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے مولانا کی خبر پر سی کیلئے اسکمز پہنچ کر ان کی شفا یابی کیلئے دعائیں کیں۔
سرینگر میںنقب زنی کا معاملہ حل | ملزم گرفتار، مال مسروقہ برآمد
سرینگر//سرینگر پولیس نے نقب زن کو گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 28اگست کو خانیارتھانہ کو سنتوش کمار سنگھ ولد رام پرکاش سنگھ ساکن پورنما شیو مندر جنوب مغربی دہلی کی طرف سے شکایت ملی کہ وکٹری کراسنگ خانیار کے نزدیک گاڑی میں سوار ایک نامعلوم شخص نے اسے رعناواری اسپتال میں قائم اے ٹی ایم سے زبر دستی 4ہزار نکالنے پر مجبور کیا اور اس کے علاوہ پانچ ہزار روپئے نقدی بھی چھین لئے۔پولیس نے ایف آئی آر 69/2021کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔دوران تفتیش سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید تکنیک استعمال کرنے والے افسران جرائم کے کمیشن میں ملوث ملزم کی شناخت کرنے میں کامیاب رہے۔جس کی شناخت امتیاز احمد ڈار ساکن باغ مہتاب سرینگر کے طور پر ہوئی ۔ ملزم کو خیام چوک کے قریب گرفتار کیا گیا۔مزید تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم کے خلاف خانیار تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 70/2021 ، تھانہ نوہٹہ میں ایف آئی آر نمبر 33/2021، ایم آر گنج تھانہ میںایف آئی آر نمبر 69/2021 اور صفاکد ل تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 178/2021 درج ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم گاڑیاں چرانے میں ملوث ہے،ٹرک اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو چھریوں سے دھمکیاں دے کر لوٹ رہا تھا۔ اس نے مزید انکشاف کیا کہ اس نے پچھلے کچھ دنوں کے دوران 4گاڑیاں ، ایک موٹر سائیکل ،400 55روپے کی نقدی رقم اور 4موبائل فون چرالئے ہیں۔معاملے کی نسبت مزید تفتیش جاری ہے۔سی این آئی
عوام انتشار کا شکار،کوئی پرسان حال نہیں:راتھر | یوسمرگ میں نیشنل کانفرنس کا اجلاس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ عبدالرحیم راتھر نے یوسمرگ میں پارٹی ورکروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کو نہ صرف اس وقت زبردست سیاسی چیلنجوں کا سامنا ہے بلکہ انتظامی خلفشار اور انتشار بھی لوگوں پر بھاری پڑ رہا ہے۔ ایک بیان کے مطابق راتھر نے کہا کہ حکومتی سطح پر لوگوں کی راحت رسانی کیلئے کوئی اقدام نہیںکیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسر شاہی میں عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں۔ سرکاری سطح پر آئے روز بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر یہ سب کچھ عبث ثابت ہورہا ہے۔تعمیر و ترقی تو دور کی بات یہاں کی آبادی کو بجلی اور پینے کے پانی جیسی بنیادی ضرورت کیلئے ترسیا جارہاہے، جس سے عوام کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014سے قبل نیشنل کانفرنس حکومت کے دوران جن پروجیکٹوں کو شروع کیا گیا تھا موجودہ حکمران اُنہی پروجیکٹوں کی تشہیر کررہی ہے۔راتھر کنے کہا کہ عوام مخالف فیصلوں سے جموں و کشمیر کے حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں۔
کولگام میں شہری چرس سمیت گرفتار
سرینگر// کولگام پولیس نے ایک شہری کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے نشیلی اشیاء کو برآمد کیا ہے ۔انچارج ایس ایچ اوکولگام تھانہ نے اوکے علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو روک لیا اور تلاشی لی ۔ دورانِ تلاشی اس کے قبضے سے پانچ گرام چرس اور5کلو گرام خشخاش پوست برآمد کیا گیا۔ گرفتار شخص کی شناخت ہلال احمد میر ساکن اوکے کولگام کے بطو ر ہوئی ہے ۔ اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 202/2021درج کیا گیا اورمزید تحقیقات شروع کردی گئی۔
کپوارہ میں کئی سیاسی اراکین کی اپنی پارٹی میں شمولیت
سرینگر//اپنی پارٹی کے ایک بیان کے مطابق ضلع کپوارہ کے رہمل علاقہ سے پیپلز کانفرنس اور نیشنل کانفرنس کے کئی اراکین نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن کا پارٹی ضلع نائب صدر عبدالرشید بٹ اورپبلسٹی سیکریٹری ایڈوکیٹ تجمل نے خیر مقدم کیا۔ نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے بٹ نے اُن سے متعلقہ علاقوں میں تندہی سے کام کرنے اور لوگوںکے مشکلات ہنگامی بنیادوں پر حل کرانے کے لئے بھرپورکردار ادا کرنے کی گزارش کی۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے کئی سالوں سے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا فقدان رہا ہے اور اپنی پارٹی عوامی مفاد کے لئے کام کرنے کی وعدہ بند ہے۔
بڈگام پولیس کی DDC اور BDC ممبران سے بات چیت
بڈگام//ایس ایس پی بڈگام نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں ضلع کے ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران کے ساتھ بات چیت کی سہولت فراہم کی۔بات چیت میں سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا۔ایس ایس پی بڈگام نے کہا کہ بڈگام پولیس تمام ممبران کی حفاظت اور سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران نے بڈگام پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڈگام پولیس ہمیشہ تمام ممبروں کو اپنی مدد فراہم کرتی رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر ایس ایس پی بڈگام نے تمام ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران کو یقین دلایا کہ مستقبل میں سیکورٹی سے متعلق تمام مسائل کو سنجیدگی سے حل کیاجائے گا۔انہوں نے ممبروں کی مجموعی سلامتی کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر بڈگام پولیس کے اعلیٰ افسران بشمول اے ایس پی بڈگام ، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر ، ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر بھی موجود تھے۔
عوام کے ساتھ ترقی کے نام پر مذاق :پی ڈی پی ترجمان
ترال/سید اعجاز /پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ( پی ڈی پی ) ترجمان اور ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بتایا کہ ڈی ڈی سی انتخابات عوام کے ساتھ تعمیر و ترقی کے نام پر مذاق ہے ۔انہوںنے کہا کشمیر میں سردی آنے والی ہے اورمالی سال کے فقط چند ماہ باقی ہیں اور تعمیر و ترقی کے پروجیکٹوں کے لئے جب تک ٹینڈرنکالے جائیں گے تب تک مالی سال ختم ہوجائے گا اوربعد میںڈی ڈی سی ممبران کو نا اہل قرار دیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ فنڈز کی واگزاری میں تاخیر کی وجہ سے ان ممبران کو عوام کے سامنے خفت کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے منگل کو ترال کے سیموہ ،رٹھسونہ،کوئل شکار گاہ ،لری بل اور پنگلش کا دورہ کر کے یہاں تعمیر و ترقی کے کا جائزہ لیا ۔دورے کے دوران انہوں نے رٹھسونہ میں کھیل کے میدان کے علاوہ دیگر مقامات پر مختلف پرجیکٹوںکا بھی افتاح کیا ۔
ڈی ڈی سی ممبرڈاڈ سر | نے کئی ترقیاتی کاموں کامعائنہ کیا
سرینگر//اپنی پارٹی لیڈر اور ڈی ڈی سی ممبر ڈاڈ سرترال اوتار سنگھ نے چھچھ کوٹ، پریگام، ہری، بوچھ، سائی موہ اور کایگام علاقوں میں کئی کاموں کا معائنہ کیااور حال ہی میں مکمل کئے گئے کئے کاموں کا افتتاح کیا۔انہوں نے علاقہ میں متعدد وفود اور یوتھ فورم ممبران سے ملاقات کی۔انہوں نے زیارت شریف حضرت شیخ نور الدین نورانی ؒ پر حاضری دی ۔ انہوں نے گنیش بل مندر میں جاری کام اور پریگام میں زیر التوا پی ایچ ای پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے بلاک صدر باغات کنی پورہ محمد حنیف راتھرکی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، وسطی زون صدر علی محمد ڈار ، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، آغا روح اللہ، سیف الدین بٹ، عبدالاحدڈار اور غلام نبی بٹ نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یونائیٹڈ لیکچرر زفرٹرنٹی کرناہ کی تشکیل | عرفان مغل صدر اور رضوان میر جنرل سکریٹری مقرر
کرناہ // کرناہ میں پہلی بار یونائیٹڈ لیکچررز فرٹرنٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔محمد عرفان مغل صدر، اشفاق احمد نائب صدر، رضوان احمد میر سیکریٹری، خورشید عالم خزانچی اور خورشید احمد میر کو پبلسٹی سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ ایک مشاورتی کمیٹی بھی نامزد کی گئی ہے جس میں شبیر احمد شیخ کو کنوینراور طارق احمد وار کو مشیرجبکہ محمد سلیم کو مشیرمقرر کیا گیا ہے ۔اس دوران نئی باڈی کی ایک میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس میں انہوں نے بچوں کے تعلیمی مسائل، والدین کی پریشانیاںاورلیکچر روں کے مسائل کا حل سمیت دیگر معاملات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
حقانی میموریل ٹرسٹ کا اظہار تعزیت
سرینگر// حقانی میموریل ٹرسٹ نے سید عنایت اللہ اندرابی ساکن پوچھل پلوامہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمیداللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے انکی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی وفات ان کیلئے ذاتی صدمہ ہے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
میونسپل کونسل بانڈی پورہ میں تقریب
بانڈی پورہ/عازم جان /بانڈی پورہ میونسپل کونسل نے اپنے ایک ساتھی غلام قادر شاد کی نوکری سے سبکدوشی کے سلسلے میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا جس میں میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو ولی محمد ،صدر خورشید احمد گنائی ، نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر میر غلام رسول ناز اورمعروف معالج ڈاکٹر اشفاق ودیگر میونسپل ملازمین اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔