لورن کے 4ہزار سے زائد صارفین مواصلاتی سروس سے محروم
عشرت حسین بٹ
منڈی/ /تحصیل منڈی کے لورن علاقہ بلاک کی پنچایت بٹل کوٹ اور بیلا بالہ میں موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کوپریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس ترقی یافتہ دور میں جہاں ہر جگہ کے لوگ انٹرنیٹ اور گوگل کے سہارے اپنی زندگی گزار رہے ہیں وہیں پر ضلع پونچھ کے لورن بلاک کی دو پنچایتوں میں رہائش پذیر لوگ عرصہ دراز سے مواصلاتی نظام کو ترس رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ وہ ڈیجیٹل انڈیا میں بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔ اگر چہ لورن بلاک کی پنچایت بیلہ بالا اور بٹل کوٹ کے متعدد لوگوں کے پاس سیل فون موجود ہے مگر وہ سیل فون ان کے پاس محض لائٹ اور بچوںکے گیمز کھلنے کیلئے ہی کام آتے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ دونوں پنچایتو ں میں چار ہزار سے زائد آبادی مواصلاتی نظام سے محروم ہیں ۔واضح رہے کہ ان دونوں پنچایتوں میں میں رہنے والے لوگ غربت کی وجہ سے اپنے کام کاج کیلئے بیرون ریاست چلے جاتے ہیں اور وہ ا پنے گھر والوں سے ان دونوں علاقوں میں موبائل ٹاور نہ ہونے کی وجہ سے رابطہ بھی نہیں کر سکتے۔ آج تک نہ سرکار کی جانب سے اور نہ ہی کسی نجی کمپنی کی جانب سے ان دو پنچایتوں میں موبائل ٹاورز نصب کئے گئے ہیں۔ بیلہ بالا علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد اشفاق نامی ایک شخص نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ان کے گاوں میں ہر فرد کے پاس موبائل فون موجود ہے مگر سرکار کی جانب سے موبائل ٹاور ابھی تک نصب نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے گاوں سے فونز کال کیلئے دور آنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہ وئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے مواصلاتی سروس پہنچائی جائے ۔
سنیئر صحافی جہانگیر خان کو صدمہ ،والد انتقال کرگئے
صحافیوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ای ٹی وی بھارت اور کرنٹ نیوز آف انڈیا (CNI) سے منسلک سنیئر صحافی جہانگیر خان کے والد محمدبشیر خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔مرحوم کی نماز جنازہ منگل کے روز ڈھائی بجے باترونی محلہ تھنہ منڈی میں ادا کی گئی جس میں کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم نے محکمہ جل شکتی میں کئی برسوں تک خدمات انجام دی جبکہ وہ سپروائزرکے عہدے سے سبکدوش ہوئے ۔مرحوم شریف النفس اور انسان دوست شخصیت ہونے کیساتھ ساتھ سادہ طبیعت کے مالک تھے ۔علاقہ بھر سے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے مرحوم کے اچانک انتقال کو پورے علاقے کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔اس موقع پر تھنہ منڈی کی کئی دینی سیاسی اور سماجی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے جن میں چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر ، مسلم ایجوکیشنل کے سرپرست خورشید بسمل، ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، شرف دین خان جنجوعہ ،پی ڈی پی کے سینئر لیڈر انجم مرزا، سی این آئی کے ڈائریکٹر بلال بزاز، ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید احمد چوہدری، پرنسپل ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی محمد صدیق گنائی، راہ حق کے وسیم خان ، این سی لیڈر مشتاق شال ، بشیر احمد وانی و شمیم مغل، نذیر احمد گنائی ، عبدالغنی شال ، کونسلر الحاج محمد اقبال رینہ، صدر بیوپار منڈل حاجی غلام محی الدین عارف اور نائب صدر یونس خان کے علاوہ تھنہ منڈی کے صحافتی طبقہ اور انجمن اردو صحافت کے اراکین نے اہل خانہ بالخصوص جہانگیر خان کیساتھ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔
فرید ملک ڈی جی پی سے ملاقی
منڈی //پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ فورم کے چیرمین محمد فرید ملک نے کشمیر میں ڈی جی پی دلباغ سنگھ سے ملاقات کی۔یہاں جاری ایک بیان کے مطابق مولوی فرید نے خطہ پیر پنچال کی عوام کو درپیش مسائلکو آفیسر موصوف کے سامنے رکھا ۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی اضلاع کے بے روز گار نوجوانوں کیلئے خصوصی بھرتی مہم چلائی جائے تاکہ نوجوانوں کو روز گار مل سکے ۔اس کے علاوہ انہوں نے جموں وکشمیر پولیس میں بطور ایس پی او خدمات انجام دینے والوں کی مستقلی ،ان کی ماہانہ تنخواہ میں اضافہ ودیگر مطالبات و مسائل سامنے رکھے ۔انہوں نے غریبوں کو کووڈ کے دوران درپیش مسائل ،جسمانی طورپر معذور افراد کی مشکلات و معاونت کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کو بھی اجاگر کیا ۔آفیسر موصوف نے مطالبات کر بغور سننے کے بعد یقین دلایا کہ عوامی مسائل کی جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔
پونچھ میں موٹر سائیکل حادثہ | 1نوجوان کی موت ایک شدید زخمی
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے صدر مقام پر پیر اور منگل کی درمیانی شب ہوئے موٹر سائیکل حادثے میں ایک نوجوان کی موت ہوئی جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا ۔حادثے میں شدید زخمی ہونے والے نوجوانوں کی شناخت سکھویندر سنگھ 28 سال و منجوت سنگھ ولد چرنجیت سنگھ سکنہ کرشنا گھاٹی پونچھ ہے۔ دونوں بھائی کسی شادی کی تقریب میں آئے ہوئے تھے رات دیر گئے جب اپنے موٹر سائیکل پرگھر واپس جارہے تھے تو عید گاہ چوک میں سڑک حادثہ پیش آیا جس میں سکھویندر سنگھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی لیکن منجوت سنگھ شدید زخمی ہوگیا جسے چوک میں تعینات پولیس اہلکاران نے ضلع ہسپتال پونچھ میں منتقل کیا جہاں ان کو ابتدائی علاج کے بعد میڈیکل کالج جموں روانہ کیا گیا۔اس دوران جب سکھوندر کی لاش آبائی گاؤں لائی گی تو وہاں کہرام مچا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
ڈی سی راجوری کا ناریاں دورہ | سیلف ہیلپ گروپ و سیلائی سنٹر کا افتتاح کیا
نوشہرہ //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے راجوری کے ناریاں علاقہ کا دورہ کرتی ہوئے ایک سیلف ہیلپ گروپ ،سیلائی سنٹر اور باولی کا افتتاح کیا ۔اس دوران ان کے ہمراہ دیگر محکموں کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے سنگپورہ ناریاں میں ایک باولی کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی جس کا افتتا ح کیاگیا ۔آفیسر موصوف نے اس موقعہ پر بولتے ہوئے کہاکہ ضلع انتظامیہ دیہات میں عام لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے عملی اقدمات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت قدرتی چشموں کی مرمت کیساتھ ساتھ واٹر سپلائی سکیمیں بھی بنانے میں مصروف ہے جس کی مدد سے ایک وسیع آبادی کو پینے کا صاف پانی مہیا کروایا جائے گا ۔اس دوران علاقہ کی خواتین کیلئے سیلائی سنٹر و سیلف ہیلپ گروپ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ۔