اپنی پارٹی لیڈران اور مقامی لوگوں کاجل شکتی کیخلاف احتجاج کیا
محکمہ کیلئے حکومت ِ ہند کی طرف سے واگذار فنڈز کی تحقیقات کا مطالبہ کیا
جموں//اپنی پارٹی ضلع کمیٹی جموں اربن نے وارڈ نمبر40اور شہر جموں کے دیگر وارڈوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں ناکام رہنے پر جل شکتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع صدر پرنوشگوترہ کی قیادت میں کارکنان اور وارڈ نمبر40کے لوگ چیف انجینئر دفتر جل شکتی بی سی روڈ کے باہر جمع ہوئے اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ محکمہ صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام رہا ہے اور پچھلے ایک ہفتے سے وارڈ نمبر40میں پانی کی قلت ہے۔ پرنو شگوترہ نے کہاکہ بدقسمتی کا مقام ہے کہ حکومت ِ ہند جموں وکشمیر میں جل شکتی محکمہ کی شفاف فعالیت کے لئے بہت زیادہ فنڈز دیتی ہے لیکن محکمہ صاف پانی مہیا کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت جموں وکشمیر کو چاہئے کہ اِس معاملہ میں مداخلت کر کے فنڈز کے استعمال کی تحقیقات کرائی جائے۔ بعد ازاں مظاہرین کے ایک وفد نے چیف انجینئر جل شکتی کو میمورنڈم بھی پیش کیا جنہوں نے یقین دلایاکہ مسئلے کو جلد حل کیاجائے گا۔
وسیم رضوی کی گرفتاری کے حق میں شیعہ فیڈریشن کا احتجاج
جمو ں// وسیم رضوی کی زہر افشانی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری گرفتاری کی مانگ کے سلسلے میںجموںکے بٹھنڈی میںشیعہ فیڈریشن صوبہ جموںکی جانب سے زور دار احتجاج کیا گیاجس میںوسیم رضوی کی فوری گرفتاری ،ہندو مسلم بھائی بھائی ،شیعہ سنی بھائی بھائی و ہم کیا چاہتے ہیں،انصاف ،وسیم رضوی کو پھانسی دو پھانسی دو کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔یہ احتجاج امام بارگاہ سے شروع ہوا ۔احتجاج میںشیعہ فیڈریشن کی تمام انجمنوںبشمول انجمن حسینی نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر شیعہ فیڈریشن صوبہ جموںکے صدر عاشق حسین خان نے احتجاج کی غرض وغائید بیان کرتے ہوئے کہا کہ وسیم رضوی جو اکثر ملک کے روائتی ہندو مسلم بھائی چارے کو تار تار کرنے کے لئے مذموم کوششیںکر تا رہتا ہے جو شیعہ سنی میںنفرت پھیلا کر ان میںنفرت پھیلانے کے لئے بے تکی باتیںکر کے عوام کو گمراہ کرنا چاہتا ہے جس نے حال ہی میںایک بار پھر ایسی مذموم کوشش کی ہے، کے خلاف یہ احتجاج ہے ۔خان نے کہا کہ گذشتہ سال بھی اس نے ایسی ناپاک سازش کی تھی جس پر ہم نے یوپی سرکار سے اس ملعون کی فوری گرفتاری کی مانگ کی تھی ۔آج بھی ہماری مانگ وسیم کی فوری گرفتاری کی ہے۔عاشق حسین نے کہا کہ جو خود اپنے مذہب کا نہیںوہ کسی کے مذہب کا کیسے ہو سکتا ہے ۔پھر جس کا کوئی مذہب ہی نہیںہے ۔،اس کو کسی دوسرے مذہب کے بارے کچھ بھی کہنے کا کوئی حق نہیںپہنچتا ہے ۔عاشق حسین نے کہا کہ ایسے عناصر حقیقی معنوںمیںملک کے ازلی دشمن ہیںجو روائتی بھائی چارے کو تباہ برباد کر یہاںفتنہ و فساد کرنے پر تلے ہوئے ہیں،یہ عناصر ہمارے ملک ہندستان کی سیکولر شبیہ کو لا تلافی نقصان پہنچا کر اس ملک کو نقصان پہنچانے کا کام کر تے ہیں۔خان نے جموںو کشمیر کے ایل جی منوج سنہا سے بھی اپیل کی کہ ہمیںآج اندر و باہر کے ایسے خطرناک ناسور وںسے خبر دار رہ کر ان کا خاتمہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے تاکہ اس مہکتے گلدستہ کی خوشبو سے ہر کوئی منور ہو سکے ۔
جموں بار کا احتجاج، مطالبات تسلیم نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ
جموں//جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، جموں نے احتجاجی دھرنا دیا جس میں ڈیٹ ریکوری ٹریبونل کو چندی گڑھ منتقل کرنے کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔جموں بار کے صدر ایم کے بھردواج کی قیادت میں احتجاجی دھرنا ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس، جانی پور میں منعقد ہوا۔اس احتجاج میں کئی سینئر اور نوجوان وکلاءنے شرکت کی۔مظاہرین نے قرض کی وصولی کے ٹریبونل کو چندی گڑھ منتقل کرنے کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کرنے والے وکلاءنے مطالبہ کیا کہ 'مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر اور لداخ میں سنٹرل ایڈمنسٹریٹو ٹربیونل کے پانچ بنچوں کی تشکیل ہموار کام کاج کے لیے اور عدالت کے احاطے جموں میں CAT بنچ کو منتقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔'اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جموں بار ایسوسی ایشن کے صدر نے سنٹرل ایڈمنسٹریٹو ٹریبونل بنچ کی جسمانی سماعت کو بحال کرنے، عدالت کے احاطے میں سب رجسٹرار دفاتر کو منتقل کرنے اور عدالت کے احاطے میں کنزیومر فورمز کے قیام کا مطالبہ کیا۔انہوں نے صارف کمیشن اور انسانی حقوق کمیشن کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔بھاردواج نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے قانونی برادری کی طرف سے اٹھائے جانے والے ان کے زیر التوا مسائل کو فوری طور پر حل کرے تاکہ قانونی برادری کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کو بھی راحت مل سکے۔انہوں نے متنبہ کیا کہ ضرورت پوری کرنے میں ناکامی کی صورت میںجموںبارکے پاس اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج شروع کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا۔
غفلت برتنے والے تین ملازمین برطرف
جموں //جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( جے کے ایس آر ٹی سی ) نے آج اپنے فرایض میں غفلت برتنے پر تین ملازمین کی خدمات برطرف کر دیں ۔ برطرف کئے گئے ملازمین میں جے کے آر ٹی سی کے کنڈکٹر عبدالمجید ڈار اور شمش الدین کے علاوہ ہیلپر روف احمد شاہ شامل ہیں ۔ منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی نے تمام ملازمین کو خبر دار کیا ہے کہ وہ اپنے فرایض پورے جوش و جذبے کے ساتھ انجام دیں اور اپنے فرایض کی انجام دہی کے دوران فنڈز کے غلط استعمال یا نااہلی کی وجہ سے کارپوریشن کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں ۔
یوم قبائلی فخر 15 نومبر کو منایا جائے گا
جموں//قبائلی امور کا محکمہ 15 نومبر 2021 کو اعلان کردہ پہلے ٹرائبل پرائڈ ڈے کے موقع پر تقریبات کا اہتمام کرے گا جس میں تقریبات کا ایک ہفتہ طویل سلسلہ بھی منایا جائے گا جس کا اختتام پہلے جموں و کشمیر کے ادبی اور ثقافتی قبائلی میلے کے ساتھ ہو گا جس میں قبائلی ثقافتی ورثے کی بھر پور نمائش ہو گی ۔ وزیر اعظم کی سربراہی میں مرکزی کابینہ نے 15 نومبر کو ٹرائبل پرائڈ ڈے /قومی قبائلی دن کے طور پر اعلان کیا جو قبائل کے شاندار ثقافتی ورثے کو منانے اور آزادی کی جدوجہد میں ان کے کردار کو بھی یاد کرے گا ۔ قبائلی امور کی وزارت 15 نومبر سے شروع ہونے والے قبائلی پرائڈ ہفتہ کے دوران مختلف اقدامات بھی اٹھائے گی ۔ قبائلی امور کے محکمہ کے سیکرٹری ڈاکٹر شاہد چودھری نے بتایا کہ محکمہ دیگر محکموں اور تنظیموں کے ساتھ مل کر 15 نومبر کو پہلا قبائلی فخر ڈے منائے گا ۔