قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں مجلس عزا | تعلیمی نصاب میں تبدیلی ناقابل قبول :آغا حسن
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ایام فاطمیہ کے سلسلے میں قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں حسب عمل قدیم مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں وادی کے اطراف و اکناف سے ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پرانجمن کے صدر آغا سید حسن نے خاتون جنت فاطمہ الزہرا کی سیرت اور حیات طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ۔انہوںنے کہا کہ سیدہ فاطمہ الزہرا دنیا کی برگزیدہ خواتین میں سرفہرست اور تمام خواتین عالم کی سردار ہیں ۔سعودی عربیہ میں تبلیغی جماعت پر قدغن کو بلا جواز اور افسوس ناک قرار دیتے ہوئے آغا حسب نے کہا کہ یہ اقدام اسرائیل اور امریکہ کے منشا کے عین مطابق ہے جو نہیں چاہتے کہ وہاں کوئی ایسی تبلیغی جماعت مصروف عمل ہو جائے جو مسلمانوں کے مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرسکیں۔ جموں و کشمیر میں تعلیمی نصاب کو یکسر بدلنے کے حکومتی منصوبہ کو یکطرفہ جبری اقدام کی ایک اور کڑی سے تعبیر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام یہاں کی فرقہ وارانہ رواداری تہذیب و تمدن تاریخ ثقافت کو نقصان پہنچانے کا گھناونا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس مذموم سازش کو کشمیری عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اس کے خلاف بھر پور احتجاج بلند کیا جائے گا ۔
’استقبال چلہ کلاں‘ | ٹیگور ہال میں 3روز سرمائی میلہ شروع
سرینگر//ٹیگور ہال میں کل موسیقی اور ڈراموں کے 3روزہ سرمائی میلے ’استقبال چلہ کلاں‘ کے پہلے دن فنکاروں نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ فیسٹیول میں موسیقی اور ڈرامہ کے شعبے سے نئے آنے والوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع اور پلیٹ فارم دیا گیا ہے۔ایس پی کالج،زنامہ کالج ایم اے روڈ اورامرسنگھ کالج جیسے چند کالجوں کے طلباء بھی اس میلے کا حصہ ہیں۔اس موقعہ پر انچارج ایڈیشنل سیکرٹری جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز فاروق انور مرزاز مہمان خصوصی تھیجبکہ ڈاکٹر شہزاد عاصم، گلزار گنائی، نثار نسیم اور پروفیسر روحینہ مہمان ذی وقار تھے۔ڈائریکٹر مشتاق علی احمد خان نے کہاکہ اتنی شدید سردی میں ایسے پروگرام کرنا بہت مشکل ہے۔انہوں نے حصہ لینے والے فنکاروںکا شکریہ ادا کیا۔