نیوز ڈیسک
ڈوڈہ میں 9 روز بعد براڈ بینڈ و انٹرنیٹ خدمات بحال | بھدرواہ میں دن بھر کھلے بازار | انتظامیہ نے نفرت آمیز مواد سوشل میڈیا پر نہ پھیلانے کی اپیل کی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں 9 روز بعد موبائل انٹرنیٹ و براڈ بینڈ خدمات کو بحال کیا گیا اور بھدرواہ میں اتوار کو دن بھر کرفیو میں ڈھیل دی گئی تاہم موبائل انٹرنیٹ بدستور بند رہا۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کی 9 تاریخ کو بھدرواہ میں گستاخ رسولؐ کے خلاف ہوئے احتجاج کے بعد پیدا فرقہ وارانہ کشیدگی پر انتظامیہ نے ضلع بھر میں موبائل انٹرنیٹ و براڈ بینڈ خدمات کو معطل کر کے کرفیو نافذ کیا تھا جس دوران سبھی کاروباری ادارے بند رہے اور سرکاری و عوامی کاج بھی متاثر رہا۔ سناتن دھرم، انجمن اسلامیہ و سیول سوسائٹی کے ساتھ مسلسل بات چیت کے بعد ضلع انتظامیہ نے جمعہ کے روز براڈ بینڈ انٹرنیٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ہفتہ کی شب باقاعدہ طور براڈ بینڈ کے ساتھ ساتھ موبائل انٹرنیٹ بھی بحال کیا لیکن بھدرواہ میں اتوار کو براڈ بینڈ خدمات کو بحال کیا گیا اور موبائل انٹرنیٹ بدستور دسویں روز بھی بند رہا۔ ادھر ضلع انتظامیہ نے لوگوں و انٹرنیٹ استعمال کررہے صارفین سے سوشل میڈیا پر نفرت آمیز مواد شئر نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایسے افراد کی نشاندہی کرنے و فی الفور متعلقہ حکام کو مطلع کرنے کی ہدایت کی ہے جو نفرت آمیز مواد (آڈیوز، وڈیوز، تصویر) شئر کر کے بد امنی پھیلانے کی کوشش کرے گا۔ ایڈیشنل ضلع کمشنر بھدرواہ و اے ڈی سی ڈوڈہ کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ حکمنامہ میں انتباہ کیا ہے کہ جو بھی صارف اس کا مرتکب پایا گیا اسکے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اے ڈی سی بھدرواہ چوہدری دلمیر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتہ کے بعد اتوار کو بھی دن بھر نرمی برتی گئی اور تمام کاروباری ادارے معمول کے مطابق بحال رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
منتخب حکومتوں کے دوران عسکریت پسندی تقریباً ختم ہو چکی تھی:ہرش دیو سنگھ | جموں وکشمیر میں بھاجپا کے’پراکسی راج‘ کی وجہ سے ملی ٹینسی دوبارہ ابھری
جموں//سینئر عام آدمی پارٹی لیڈر اور سابق وزیر ہرش دیو سنگھ نے اتوار کو جموں و کشمیر میں ایک جمہوری حکومت کی بحالی کا مطالبہ کیا تاکہ مرکز کے “پراکسی راج” کو ختم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور وقت خریدنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور اس طرح جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر “تاخیر اور انکار” کے حربے اپنا رہی ہے۔سنگھ نے کہا،’’ 19 جون، 2018 کو قانون ساز اسمبلی کو معطل کر دیا گیا، جموں و کشمیر میں، بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے اپنے چار سال پورے کر لیے تھے، جس میں سابقہ ریاست میں جمہوریت کی بحالی کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا، جسے اب کم کر کے یوٹی میں تبدیل کر دیا گیا ہے”۔جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے قبل از وقت انتخابات کی ضرورت کو دہراتے ہوئے، عام آدمی پارٹی لیڈر نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تاخیر نہ صرف جمہوریت کی پامالی کے مترادف ہوگی بلکہ سپریم کورٹ کے ان احکامات کی بھی خلاف ورزی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹی کو درپیش متعدد مسائل سے نمٹنے کے علاوہ “مسلح شورش” سے نمٹنے کے لیے ایک کل وقتی منتخب حکومت ضروری ہے۔جموں کشمیر میں 1990 کی دہائی کے اوائل میں شروع ہونے والی عسکریت پسندی ریاست میں ایک منتخب حکومت کے قیام کے بعد آہستہ آہستہ ختم ہو گئی تھی۔ یہ مقبول حکومتوں کے دوران تقریباً ختم ہو چکا تھا لیکن بدقسمتی سے مرکز کے پراکسی راج کے دوران دوبارہ زندہ ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے اقتدار “زمین کے بیٹوں” کو سونپنے میں کوئی تاخیر نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے اور جموں و کشمیر میں پہلے سے ہی “غیر مستحکم صورتحال” کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔
ہلکی بارشوں کے درمیان سرینگر جموں شاہراہ پر آمد و رفت جاری | سیاحوں کی گاڑی گرتے پتھروں کی زد میں آئی، کوئی نقصان نہیں ہوا
محمد تسکین
بانہال// اتوار کے روز ابر آلود موسم اور ہلکی بارشوں کے درمیان جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم ہفتے کی رات دیر گئے رام بن کے کرول علاقے میں جموں سے وادی کشمیر کی طرف سیاحوں کو لیکر آرہی ایک ٹیمپو ٹرولر گرتے پتھروں کی زد میں آگئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی بھی سیاح زخمی نہیں ہوا۔ اس واقع میں گاڑی کو نقصان پہنچا ہے اور گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔اس سلسلے میں بات کرنے پر ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن شبیر ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز بانہال کے نزدیک روم پڑی علاقے میں گر ائے بھاری پتھروں کی وجہ سے سڑک کو نقصان پہنچا ہے اور سڑک دب گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال میں ڈرین کی تعمیر کی وجہ سے جبکہ روم پڑی اور پنتھیال کے مقام سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے اور گاڑیوں کو ایک ایک کرکے نکالا جارہا ہے اور ان علاقوں میں ٹریفک کی نقل وحرکت سست رفتار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز شاہراہ کے متاثر رہنے کی وجہ سے قاضی گنڈ ، ادہمپور اور جموں میں کئی ہزار ٹرک جمع ہوئے ہیں اور اتوار کے روز دوطرفہ مسافر گاڑیوں کو نکلانے کے بعد جموں کی کانوائے میں دو ہزار ٹرکوں کو وادی کشمیر کی طرف نکلانے کا عمل اتوار شام تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ رامبن اور بانہال کے سیکٹر میں اتوار کے روز مطلع ابرالود رہا اور بیچ بیچ میں بارشوں کی ہلکی فوار بھی ہوئی تاہم شاہراہ بلا خلل قابل امدورفت ہے۔اس دوران ضلع رام بن کی سب ڈویژن گول کے سرکنٹھا ٹاپ اور بانہال سب ڈویژن میں آرم نکھ ، انگریز تھم ، گڈ بیر اور اکھرن کی کئی پہاڑی چوٹیوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے اور ضلع رامبن میں لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت نصیب ہوئی ہے۔
ڈوڈہ کے کاستی گڑھ میں سڑک حادثہ، 1لقمہ اجل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کاستی گڑھ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شب کاستی گڑھ میں شامتی کے نزدیک ایک ٹیمپو زیر نمبری JK02AP-3053 سڑک سے لڑھک کر سو فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ڈرائیور راکیش کمار ولد ہنس راج ساکنہ شامتی کاستی گڑھ موقع پر ہی ہلاک ہوا۔ اس دوران مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مہلک جوان کی لاش کو کھائی سے نکال کر نزدیکی پی ایچ سی میں منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے تمام طبی لوازمات مکمل کرکے لاش کو وارثین کے سپرد کیا گیا۔
ہر بھرتی عمل بد انتظامیوں کے سبب عدالت پہنچتا ہے:یوتھ فیڈریشن | فاسٹ ٹریک بنیادوں پرخالی آسامیاں پُر کرنے کے دعوے بے بنیاد
رام بن// آل جموں و کشمیر یوتھ فیڈریشن انچارج چناب ویلی، عمران فرحت نے جموں و کشمیر میںتیز رفتار بھرتیوں کے کھوکھلے اور بے بنیاد دعووں پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھرتی کا ہر عمل عدالت میں چلا جاتا ہے اور بے روزگار خواہشمند ذہنی دباؤ، پریشانی، افسردگی اور الجھن کا شکار ہو جاتے ہیں۔ یہ بڑی تشویش کی بات ہے۔ نہ صرف سرکاری ملازمتوں کے لیے تیاری کرنے والے لاکھوں امیدواروں سے زیادہ، عدالتی عمل سے سرکاری خزانے پر بھی بڑا بوجھ پڑتا ہے۔ فرحت نے کہا کہ بھرتی کے پرانے قوانین، ناقص کنٹریکٹ اور ضرورت پر مبنی اسکیمیں، بے قاعدہ بھرتی کے عمل کا نتیجہ بالآخر فیصلہ سازی کی صورت میں نکلتا ہے۔ اس طرح عدالت کا کافی وقت، امیدواروں کی محنت کی کمائی اور سرکاری خزانے پر غیر ضروری بوجھ پڑتا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو ذاتی طور پر اس معاملے کو جلد از جلد دیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہاں کہ جموں و کشمیر میں سرکاری اداروں میں فاسٹ ٹریک بنیادوں پر آسامیاں پْر کرنے کے دعوے بے بنیاد ہیں، ایمپلائمنٹ ایکسچینج میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی رجسٹریشن کے باوجود حکومت سابقہ ریاست جموں وکشمیر میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کوئی بھی قدم اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں ہر سال سرکاری دفاتر سے ملازمین کی بڑی تعداد اپنی سروس مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو جاتی ہے۔ لیکن جموں و کشمیر میں ان خلا کو پْر کرنے کے لیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کیا جا رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بے روزگاری کا تناسب روز بروز بڑھ رہا ہے۔ فرحت نے مزید کہا کہ آبادی کے تناسب میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے لیکن سرکاری اداروں میں افرادی قوت بڑھنے کے بجائے کم ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں عام لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ منصوبے وقت پر مکمل نہیں ہو رہے، اس طرح تعمیر و ترقی کے لیے مختص فنڈز ختم ہو رہے ہیں اور اس وقت ملک شدید مشکلات کا شکار ہے۔ اس صورتحال میں مرکز کی حکومت کے لیے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو ان کے دعووں اور وعدوں کے مطابق روزگار فراہم کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن نظر آتا ہے۔آل جموں و کشمیر یوتھ فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر نے جموں وکشمیر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنی غفلت اور بدانتظامی کی نگرانی کریں اور اس پر قابو پالیں، کاغذات پر نہیں زمینی سطح پر ملازمت کے مواقع فراہم کریں اور معاشرے کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے قوم کے نوجوانوں کے لیے مناسب یوتھ پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا۔
۔10 لیٹر دیسی شراب ضبط ،ایک گرفتار
عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے ضلع میں غیر قانونی شراب کی کھپت و پیداوار کے خلاف اپنی مسلسل مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس تھانہ چھاترو کی پولیس پارٹی نے نزالہ سگدی علاقہ سے 10 لیٹر دیسی شراب ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس چھاترو تھانہ کی پولیس پارٹی نے نزالہ سگدی کے علاقے میں دیسی غیر قانونی شراب کی فروخت اور پیداوار کی ایک مخصوص اطلاع ملنے پر تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے پولیس پارٹی نے ایس ایچ او چھاترو انسپکٹر سمیر احمد کی سربراہی میں سب انسپکٹر انکش شرما،انچارج پولیس پوسٹ مغل میدان کے ہمراہ مشتبہ مقام پر چھاپہ مار کر 10 لیٹر دیسی شراب ضبط کر کے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا۔گرفتار شخص کی شناخت رام چند ولد سونو رام ساکنہ نزالہ سگدی کے طور پر ہوئی ہے۔اس کے مطابق کیس ایف آئی آر زیر نمبر 52/2022 زئردفعہ 48اے ایکسائز ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ چھاترومیں درج کیا گیا اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
کشتواڑ میں 3.2 شدت کازلزلہ
عاصف بٹ
کشتواڑ// اتوار کی دوپہر ضلع کشتواڑ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کے گئے جسکے سبب لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی دوپہر 12بجکر 13 منٹ پر ضلع میں زلزلے جھٹکے محسوس کئے گئے جنکی شدت ریکٹر سکیل پر 3.2 بتائی جارہی ہے جسکی گہرائی زمین سے پانچ کلومیٹر نیچے تھی۔لوگوں میں کافی خوف وحراس پھیل گیا۔ تاہم ابھی تک کسی جانی یامالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہ ہوئی۔
رام بن میں ‘کرگل فتح کا جشن’ منانے کیلئے بڑی تقریب
رام بن//اتوار کو جموں و کشمیر کے رام بن ضلع کے دھرمنڈ میں ‘کرگل فتح کے جشن’ کا استقبال کرنے کے لیے سکولی بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کرگل وکٹری فلیم کی دوڑ، جو 40 دنوں میں 400 کلومیٹر کا سفر طے کرے گی، جمعہ کو اْدھم پور میں شمالی فوجی ہیڈکوارٹر سے کرگل وجے دیوس کی یادگاری تقریبات کے ایک حصے کے طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کی گئی، جو ہر سال 1999 کی کرگل کی جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 26جولائی کو منایا جاتا ہے۔کرگل فتح کے 23 سال مکمل ہونے کی یاد میں، دھرمنڈ میں فوج نے اس تقریب کو پورے جوش و خروش سے منایا، ترجمان نے کہا، اس تقریب میں گورنمنٹ مڈل اسکول، دھرمنڈ میں کارگل فتح ’فلیم‘ کی آمد شامل تھی۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب نے بچوں میں حب الوطنی کے جذبے کا مظاہرہ کیا اور جنگ کے دوران قوم کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے بہادروں کو یاد کیا۔ترجمان نے کہا کہ فوج نے اپنے شہید ہونے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا کیونکہ جنرل آفیسر کمانڈنگ، کاؤنٹر انسرجنسی فورس (ڈیلٹا) نے دستوں کے ساتھ مل کر دھرمنڈ وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔انہوں نے کہا کہ جی او سی نے فورس کے تمام رینکوں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنے پیشے پر خود اعتمادی اور فخر کے ساتھ مزید عظمت اور کامیابی کی طرف جدوجہد کرنے کی تلقین کی۔کرگل کی فتح کا شعلہ 26 جون تک فورس کے علاقے سے گزرے گا اور مزید لداخ میں دراس تک جائے گا جہاں اسے 26 جولائی کو ‘کارگل وار میموریل’ میں ابدی شعلے کے ساتھ ملا دیا جائے گا۔
نامور وکیل ولکشن سنگھ پینتھرس پارٹی کے نئے صدر منتخب
جموں// بھیم سنگھ کے انتقال کے تقریباً تین ہفتے بعد، جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی نے اتوار کو ممتاز وکیل اور سینئر لیڈر ولکشن سنگھ کو اپنا نیا صدر بنانے کا اعلان کیا۔پارٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان پارٹی ہیڈکوارٹر میں بھیم سنگھ کی اہلیہ اور بانی رکن جے مالا کی صدارت میں پارٹی لیڈروں اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی میٹنگ کے بعد کیا گیا۔اس میں کہا گیا ہے کہ ولکشن سنگھ کا نام مالا نے خود تجویز کیا تھا اور پارٹی قیادت نے متفقہ طور پر اس کی حمایت کی تھی۔ریلیز میں کہا گیا ، “تمام موجودہ کمیٹیوں کو تحلیل کر دیا گیا تھا اور نئے صدر کو پارٹی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد جے کے این پی پی ٹیم کو نئے سرے سے تشکیل دینے کا اختیار دیا گیا تھا”۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ وہ ایک “عبوری صدر” کے طور پر اس وقت تک کام کریں گے جب تک کہ اگلے سال 23 مارچ کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والے باقاعدہ انتخابات کے ذریعے اس عہدے کو پْر نہیں کیا جاتا۔81 سالہ بھیم سنگھ تقریباً ایک ماہ تک بیمار رہنے کے بعد 31 مئی کو یہاں انتقال کر گئے۔