لڑکی کو جسمانی سزا دینے کا معاملہ
پولیس نے کیس درج کر کے ٹیچر کو گرفتار کرلیا
راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے راجوری میں ایک سرکاری اسکول ٹیچر کے خلاف ایک لڑکی کو جسمانی سزا دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔گورنمنٹ مڈل سکول کھڈوریاں میں تعینات سرکاری ٹیچر نے ایک طالبہ کو مبینہ طور پر سزا دی اور طالبات کے اہل خانہ کے مطابق اس کی پٹائی بھی کی۔ایک پریس کانفرنس میں والدین کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی بنیاد پر ضلع انتظامیہ راجوری نے مذکورہ ٹیچر کو معطل کرنے کا حکم دیا اور اسے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ کے دفتر میں منسلک کرکے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ کو معاملے کی تحقیقات کرنے کو کہا ہے۔دریں اثنا، جموں و کشمیر پولیس نے اب طالب علم کو جسمانی سزا دینے کیلئے ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کو گرفتار بھی کرلیا ہے ۔ایس ایس پی راجوری نے بتایا کہ پولیس کو ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ سرکاری سکول میں تعینات ٹیچر نے ایک لڑکی کی شدید پٹائی کی ہے جس کے بعد اس سلسلہ میں مزید کارروائی عمل میں لائی گئی ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 21/2022زیر دفعات 342,352,323, 506 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ٹیچر کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے ۔
کٹار مل پنچایت میں 15روزسے پانی بند
پرویز خان
منجا کوٹ // تحصیل منجا کوٹ کی پنچایت کٹار مل تیلیاں میں گزشتہ 15دنوں سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لو گ کئی طرح کے مسائل کا شکار ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مشینری میں آئی خرابی کی وجہ سے عام لوگوں کو پانی سپلائی نہیں ہورہا ہے لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین بھی اس معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لے رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی مشکل مزید بڑھ گئی ہے ۔پنچایت کی سرپنچ شہناز چوہدری نے اپنی شکایت میں بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم میں آئے خلل کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن وہ اس معاملہ کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں لوگ رمضان میں بھی قدرتی چشموں پر دربدر کی ٹھو کریں کھانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جل شکتی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کی سپلائی کو بحال کیا جاسکے ۔