حقانی ٹرسٹ کی آن لائن کانفرنس
سرینگر//شب قدر کی مناسبت سے حقانی میموریل ٹرسٹ کی ایک آن لائن نزول قران کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت مولانا شوکت حسین کینگ نے کی جس میں مولانا خورشید احمد قانونگو ، مقبول فیروزی ،پروفیسر محمد امین تابش ،شہباز ہاکباری، سید عابد بخاری ، سمیع اللہ بٹ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی شان وشوکت، عظمت ورفعت ، فتح وکامیابی ،ترقی وسربلندی ،قیادت وسیادت قرآن کریم سے وابستگی ہی میں مضمر ہے۔ مولانا شوکت حسین کینگ نے کہا کہ قرآن کریم کا تعارف جتنا عمدہ خود قرآن سے ہوسکتا ہے اور اس کی عظمت شناسی خود اس کے ذریعے جتنے بہتر طریقے سے ہوسکتی ہے ، کسی اور ذریعہ سے نہیں ہوسکتی کیوں کہ قرآن اللہ کا کلام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کا مکمل مہینہ قرآن مجید کی نعمت سے منسوب کردیا گیا ۔بین الاقومی شہرت کے حامل مصنف اور معالج پروفیسر سید محمد امین تابش نے اسلام اورسائنس کے موضوع پر احسن انداز میں کلام کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ابدی صداقتوں اور سنسی مسلمات کاترجمان ہے ۔ حمایت الاسلام کے صدرمولانا خورشید احمد قانونگو نے قران اور ہماری زمہ داریاں کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دل میں قرآن مجید کی عظمت نہ ہو تو آدمی اس کے حقائق و معارف کے دریافت کرنے دریافت کرنے پر محنت صرف نہیں کر سکتا۔مولانا سید الرحمن شمس نے قرآن مجید کے تراجمے اور تفاسیر کی جامع تاریخ بیان کرتے ہوئے حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی اور ان کے صاحب زادوں حضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی ،حضرت شاہ عبدالقادر کا ذکر کیا جنہوں نے برصغیر میں سب سے پہلے اس کی سعادت حاصل کی۔تنظیم المدارس کے جنرل سکریٹری مولانا محمد اشرف نے عظمت قران کے موضوع پر خطاب کیا۔اس موقع پر دیگر کئی مقررین نے بھی خطاب کیا۔
ٹیکسی سٹینڈ میںبیت الخلاء بیکار
سونہ مرگ میں سیاحوں اور لوگوں کو مشکلات
غلام نبی رینہ
کنگن//صحت افزا مقام سونہ مرگ کے ٹیکسی سٹینڈ میں موجود بیت الخلا بیکارہونے کی وجہ سے مسافروں ،ڈرائیوروں اور عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگرچہ سونہ مرگ میں صفائی ستھرائی کے لئے سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہر سال لاکھوں روپے خرچ کرتی ہے لیکن بیت الخلا کی صفائی ستھرائی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں، مسافروں اور عام لوگوں کو حاجت بشری کے لئے کھلے میدان میں بشری حاجت کو پورا کرنا پڑتا ہے۔ ایک مسافر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سومو سٹینڈ سونہ مرگ میں بیت الخلا پوری طرح سے ناکارہ ہے بلکہ آج تک حکام نے اس کی صفائی یا ٹھیک کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا ہے ۔کئی لوگوں نے بتایا کہ سونہ مرگ میں جہاں ہر روز سینکڑوں لوگوں کی چہل پہل رہتی ہے اور یہاں چند جگہوں پر بیت الخلا ء تعمیر کئے گئے ہیں جن میں یا تو پانی نہیں ہے یا پھر ناکارہ ہیں جن کی صفائی ستھرائی بھی آج تک نہیں کی گئی ہے۔ لداخ شاہراہ پر صفر کرنے والے کئی مسافروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سومو سٹینڈ سونہ مرگ میں موجود بیت الخلا ء کی صفائی ستھرائی کا کام جلد شروع کیا جائے تاکہ مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے
واسک ناگ کنڈ کولگام سیاحتی نقشے سے اوجھل
سرینگر//ضلع کولگام کا علاقہ وادی کنڈ قدرتی حسن میں کسی اور تفریحی مقام سے کم نہیں مگر ابھی تک یہاں حکومت یا نجی شعبے کی جانب سے قیام و طعام کی سہولیات فراہم کرنے کی طرف کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی ہے۔واسک ناگ وادی کنڈ کولگام کا سیاحتی مقام جو قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔یہ علاقہ زیادہ تر خشک پہاڑی اور صحرائی علاقوں پر مشتمل ہے لیکن ان کے درمیان متعدد ایسے مقامات ہیں جو خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ان ہی مقامات میں سے ایک خوبصورت تفریحی مقام واسک ناگ بھی شامل ہے جسے دیکھنے والے لوگ چھپی ہوئی جنت سے بھی تشبیہ دیتے ہیں۔ کولگام سے محض 30 کلومیٹر کی دوری پر واقع واسک ناگ وادی کنڈ کولگام کا سیاحتی مقام سیاحتی نقشے سے اوجھل ہے۔مقامی شہری ایڈوکیٹ عبدا لرحمان تانترے نے بتایاکہ کشمیر کی آدھی سے زیادہ آبادی کی معیشت سیاحتی شعبے پر ہی منحصر کرتی ہے لیکن وادی کنڈ خوبصورت ہونے کے باوجود بھی سیاحتی مقام کا درجہ حاصل کرنے کے لئے حکومت کی نظروں سے اوجھل ہے۔اس علاقے کے اکثر لوگ روزگار وسائل نہ ہونے کی وجہ سے مفلسی کی زندگی گذار رہے ہیں۔اگر اس خوبصورت جگہ کو سیاحتی مقامات میں شامل کیا جاتا تو اس علاقے کے لوگوں کے لئے بھی کئی طرح کے روزگار وسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔یہ علاقہ قدرتی حسن میں کسی اور تفریحی مقام سے کم نہیں مگر ابھی تک یہاں حکومت یا نجی شعبے کی جانب سے قیام اور طعام کی سہولیات زیادہ نہیں ہیں۔واسک ناگ کا راستہ دشوار اور سفر مشکل ہے مگر اس کے قدرتی حسن کو دیکھ کر انسان فوراً ان مشکلات کو بھول جاتا ہے۔سی این آئی
ناظم زراعت نے محکمہ جاتی فارموں کا دورہ کیا
سرینگر//کشمیر کے ڈائریکٹر زراعت چوہدری محمد اقبال نے گلمرگ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر نے دوفارموں میں آلو کی فصل کی بوائی کی حتمی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ان فارموں کے مختلف بلاکس کا معائنہ کیا اور وہاں مختلف کاموں کی نگرانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ آلو ایک اہم فصل ہے اور موجودہ زرعی معاشی حالات میں ہم اس کی کاشت کے تحت زیادہ سے زیادہ ایکڑ اراضی لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آلو کی کھپت کی قدر میں اضافے اور تنوع نے اس کی کاشت میں مزید جہتوں کا اضافہ کیا ۔ ڈائریکٹر نے متعلقہ فارم مینیجرز سے کہا کہ وہ ان فارموں میں آلو کی فصل کی کاشت کے دوران جدید عالمی مداخلت کو اپنائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ زرعی موسمی حالات سے فائدہ اٹھائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ وادی کی بیج کی ضرورت کو پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے افسران اور تکنیکی ماہرین سے کہا کہ وہ قریبی تال میل سے کام کریں تاکہ مذکورہ اہداف کو بروقت حاصل کیا جاسکے۔ ڈائریکٹر زراعت کے ہمراہ آلو ڈیولپمنٹ افسر نصیر احمد خان اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
کولگام اور سوپور میں یتیم فائونڈیشن کی تقاریب
سرینگر//شمالی اور جنوبی کشمیر میں سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز شہریوں سمیت خیر خواہوں کی ایک بڑی تعداد نے بیت الہلال چولگام کولگام اور اقبال نگر سوپور میں بچوں کے ساتھ بات چیت کی۔ ایس ایس پی کولگام ڈاکٹر چکرورتی نے بیت الہلال کولگام نے اپنے پہلے دورے میں بچوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے یتیم فائونڈیشن کی طرف سے طلبا کے لئے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی۔انہوں نے طلبا کو کیرئیر بنانے کے لیے ان کی تعلیم میں مدد کرنے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔شمالی کشمیر کے ممتاز شہریوں بشمول حاجی عبدالعزیز صدر انجمن الاسلام سوپور، محمد اشرف سابق صدر ٹریڈرز فیڈریشن سوپور، عنایت اللہ حاجنی چیئرمین ایس آر ایم ویلکن ٹرسٹ سوپور، جاوید احمد تارا سابق چیف انجینئر، سینئر صحافی بشارت مسعود، تاجر محمد اشرف ، محمد اسلم میر، ظہور احمد شاہ، ایس ایچ او خالد فیاض اور دیگر مہمانوں نے افطار سے قبل بیت الہلال کے بچوں سے بات چیت کی۔چیئرمین محمد رفیق لون نے مہمانوں کوفائونڈیشن کی طرف سے خدمت خلق کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ جنرل سکریٹری محمد یعقوب ریشی نے بیت الہلال کولگام میں مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں تنظیم کے کام کے بارے میں آگاہ کیا۔
کپوارہ میں نقب زنی کا معاملہ حل
غیر مقامی شہری ملو ث ،مال مسروقہ نقدی کے طور بر آمد
کپوارہ /اشرف چراغ /کپوارہ پولیس نے بہت ہی کم وقت میں ایک نقب زن کی گرفتاری عمل میں لائی اور اس کی تحویل سے ایک لاکھ سے زائد نقدی رقم بر آمد کی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس چوکی کپوارہ بازار کو عالم بٹ ولد سیف الدین بٹ ساکن گنائی محلہ بارہمولہ جو کپوارہ قصبہ میں دکانداری کرتا ہے ،کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں انہو ں نے لکھا تھا کہ 27اور28اپریل کی رات کو نقب زنوں نے ان کی دکان میں نقب لگا کر نقدرقم اڑا لی ۔پولیس کا کہنا کہ معاملہ کی نسبت پولیس نے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 98/202درج کی اور نقب زنو ں کی تلا ش شروع کی ۔دوران تفتیش پولیس نے ایک غیر مقامی شہری محمد شاہد سلمانی ساکن بجنور اتر اپردیش کو حراست میں لیا اور پوچھ تاچھ شروع کی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش محمد شاہد نے ا س بات کا اعتراف کیا کہ اس نے نقب لگاکر دکان سے ایک لاکھ سے زائد رقم اڑا لی ۔پولیس نے اس کی تحویل سے 153880روپئے بر آمدکئے ۔
تلسرہ کی آبادی کا صوبائی کمشنر کا شکریہ
سرینگر//تلسرہ چرارشریف کے لوگوں نے صوبائی کمشنر اور انجینئر نذیر ایتو کا شکریہ ادا کیاہے۔مقامی لوگوں کے مطابق چرارشریف سے تلسرہ سڑک کو آمدورفت کے قابل بنایا گیا ہے۔اس سلسلے میں علاقے کے لوگوں نے احتجاج کیا تھا۔
آرینز کے فارمیسی طلباء نے چندی گڑھ کا دورہ کیا
سرینگر // آرینز گروپ آف کالجز نے اپنے فارمیسی طلباء کے لیے سیکٹر 17، چندی گڑھ میں شمالی ہندوستان کے سب سے بڑے فارما اور لیب ٹیک ایکسپو میں تعلیمی سفر کا اہتمام کیا۔ ڈاکٹر کرشن کمار، پرنسپل اور کالندی مدان ایچ او ڈی کے ساتھ بی فارما اور ڈی فارما کے آرینز کے طلباء نے 200 سے زیادہ فارماسیوٹیکل کمپنی کے اسٹالز کا دورہ کیا اور فارماسیوٹیکل، ادویات اور فارمولیشنز میں جدید ترین رجحان اور ٹیکنالوجیز سیکھیں۔فارما کمپنیوں کے ماہرین نے اپنی معلومات سب کے ساتھ شیئر کیں اور طلباء نے جوش و خروش سے بات چیت کی۔ طلباء نے فارما مینوفیکچرنگ آلات، پیکیجنگ، کوالٹی اینالیٹکس، ٹیبلٹ کوٹنگ، کمپریشن مشینیں، لیب کے آلات، تجزیاتی ٹولز وغیرہ کی تلاش کی۔
ہندپاک مذاکرات کیلئے امریکہ پُراُمید
دہشت گردی کیخلاف واشنگٹن کی جنگ میں اسلام آباد ساتھ دے گا:جیمس میٹس
سرینگر//امریکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں نئی حکومت بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے مذاکراتی عمل شروع کرنے میں پہل کرے گی جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی جنگ میں بھر پور تعاون پیش کرے گااور افغانستان میں سرگرم جنگجوئوں کے خلاف کارروائی میں امریکہ کا ساتھ دے گا۔سی این آئی کے مطابق امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس امیدکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عمران خان حکومت کے خاتمہ اور نواز برادران کی قیادت میں نئی حکومت امریکہ کا ساتھ دے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھر پور تعاون دے گی اور بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت دیگر حل طلب مسائل پر بات شروع کرے گی تاکہ خطے میں امن لوٹ آئے ۔ جیمس میٹس نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی کی وجہ سے پاکستان افغانستان کے امن و استحکام کی طرف توجہ نہیں دے پارہا ہے اسلئے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمہ کیلئے کام کرنا ہوگا۔
لیفٹنٹ جنرل بی ایس راجو فوج کے نائب سربراہ مقرر
یکم مئی کو عہدہ سنبھالیں گے
سرینگر//سرینگر میں مقیم فوج کے 15کور کے سابق کمانڈر اور موجودہ ڈی جی ملٹری آپریشنز لیفٹنٹ جنرل بی ایس راجو کو فوج کانائب سربراہ مقرر کیا گیا ہے اور وہ یکم مئی سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے ۔ ادھر عہدے پر تعیناتی کیلئے فوجی سربراہ ایم ایم نروانے ،نے انہیںمبارک باد دی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق فوج میں تبدیلیوں کے بیچ لیفٹنٹ جنرل بی ایس راجو کو فوج کا نائب چیف آف آرمی سٹاف تعینات کیا گیا ۔وہ لیفٹنٹ جنرل منوج پانڈے کی جگہ لیں گے جنہیں نیا چیف آف آرمی اسٹاف نامزد کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل راجو کی بطور وی سی او اے ایس تقرری ایک غیر معمولی فیصلہ ہے ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل لیفٹنٹ جنرل بی ایس راجو سرینگر میں قائم 15 کور کے سربراہ تھے جبکہ وہ موجود ہ ڈی جی ملٹری آپریشنز کے عہدے پر تعینات ہے ۔ لیفٹنٹ جنرل بی ایس راجو یکم مئی سے اپنا عہدہ سنبھالیں گے ۔ ادھر عہدے پر تعیناتی کیلئے فوجی سربراہ ایم ایم نروانے نے انہیںمبارک باد دی ہئے اور آئندہ کیلئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
مہلوک ومتوفی پولیس اہلکار
پسماندگان کے حق میں 165کروڑ مالی امدادمنظور
جموں//مارے گئے یافوت ہوئے پولیس اہلکاروں کے پسماندگان کو راحت پہنچانے کی کوششوں کوجاری رکھتے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ایسے اہلکاروں کے لواحقین کے حق میں خصوصی بہبودی رقم سے 165.65کروڑروپے کی رقم منظور کی ہے۔ ایک حکم کے مطابق مارے گئے پولیس اہلکارو کانسٹیبل جاویدحسین کامبے کے پسماندگان کے حق میں38لاکھ روپے کی عبوری مددمنظور کی گئی۔22لاکھ روپے فی کس کاخصوصی ریلیف ہیڈکانسٹیبل ناردیل سنگھ ، سارجنٹ رنجیت سنگھ اور عامر حسین، سپاہی اجات شترواور فالورنصیراحمد کے لواحقین کے حق میں منظور کیاگیا۔جو دوران ڈیوٹی بیماری سے فوت ہوئے۔مارے گئے یافوت ہوئے ان اہلکاروں کے پسماندگان کے حق میں پہلے ہی ایک ایک لاکھ روپے کی امدادواگزارکی گئی ہے تاکہ ان کی آخری رسومات اداکی جاسکے۔خصوصی امداد پولیس ویلفیئرکنٹری بیوٹری فنڈ سے اداکیاگیا۔اسی طرح 6لاکھ روپے فی کس کی امداد ایس پی او روشن لال،اوربشارت حسین اور 5لاکھ روپے کی مددایس پی اوسنجے کمار کے پسماندگان کے حق میں بھی منظور کی گئی جو محکمہ کے ساتھ ڈیوٹی کے دوران چل بسے۔ان کے آخری رسومات کیلئے پسماندگان کو پہلے ہی 50ہزارروپے فی کس کے حساب سے واگزار کئے گئے۔اس کے علاوہ پولیس سربراہ نے50ہزارروپے کی مالی امداد ایس پی اورتن سنگھ اور15ہزارروپے کی مالی مدد ایس پی اوروشن لال کے حق میں منظورکئے گئے تاکہ وہ طبی اخراجات برداشت کرسکیں۔
بڈگام کے ترکھان پرعائد پی ایس اے کالعدم
بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بڈگام ضلع کے ایک ترکھان کی نظر بندی کو کالعدم قرار دیاہے۔عدالتی ذرائع نے مطلع کیا کہ جاوید احمد میر ولد بشیر احمد ساکن غوطہ پورہ نارہ بل بڈگام کی نظر بندی کو اکتوبر میں مبینہ پتھرا ئوکے الزام میں گرفتار کیے جانے کے تقریبا ًسات ماہ بعد جمعرات کو عدالت نے ان پر سال2021میں عائد پی ایس ائے کوکالعدم قرار دیا۔جسٹس ونود چترجی کول نے ایڈوکیٹ بشیر احمد ٹاک کے دلائل سننے کے بعد، جاوید احمد میر پر عائد، پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت اس کی نظربندی کو منسوخ کر دیا اور حکام کو ہدایت دی کہ اسے سب جیل کپواڑہ سے رہا کیا جائے جہاں وہ اس وقت بند ہے۔