سرینگر سے پہلی حج پرواز31مئی کو روانہ ہوگی
سرینگر //امسال سعودی حکام کی جانب سے حج کی ادائیگی کو ہری جھنڈی ملنے کے ساتھ ہی سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے سے عازمین حج کا پہلا قافلہ 31 مئی کو براہ راست جدہ کیلئے روانہ ہوگا۔سی این آئی کے مطابق دو سال کے بعد رواں برس جموں و کشمیر سے تقریبا 5200 افراد حج کا فریضہ انجام دینے کے لئے روانہ ہوں گے۔ جموں وکشمیر حج کمیٹی کے مطابق 30 اپریل کو قرعہ اندازی کی جائے گی۔ حج 2022 کے لئے جموں و کشمیر حج کمیٹی کو مجموعی طور 10 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ تاہم ان میں سے سات ہزار سے زائد درخواستوں کو ہی اہل پایا گیا جن کی قرعہ اندازی رواں ماہ کے آخر میں کی جائے گی۔امسال مرکزی حج کمیٹی کو ایک لاکھ سے کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ سعودی حکومت کی جانب سے حج 2022 کے لیے 10 لاکھ ملکی اور غیر ملکی افراد کوحج کرنے کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دی ہے۔
۔65سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو حج کی اجازت دی جائے
بھارت کاسعودی حکومت کومشورہ
بلال فرقانی
سرینگر//حکومت ہند نے سعودی عرب کی وزارت حج کو ایک تجویز پیش کی ہے جس میں 65 سال سے زائد عمر کے حج کے خواہشمندوں پر غور کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔یہ تجاویز ممبئی میں منعقدہ مرکزی حج کمیٹی آف انڈیا کی میٹنگ میں سامنے آئیں۔ میٹنگ سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں اراکین نے تجویز پیش کی کہ سال 2020 میں حج کے لیے درخواست دینے والے کچھ حج کے خواہشمند فوت ہو گئے اور دیگر سفر نہیں کر سکے کیونکہ سال 2020 اور2021 میںحج کو وبائی مرض نے متاثر کیا تھا۔ سنٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کے ممبر ای آر اعجاز حسین نے بتایا کہ ہم نے اس مسئلے پر غور کیا اور تجاویز سامنے آئیں کہ حج کے خواہشمند جن کی عمر 65 سال ہو چکی ہے ان پر حج 2022 کے لیے غور کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سال 2022 میں ہندوستان کے مختلف حصوں سے 55000 سے زیادہ لوگ حج کریں گے اور جموں و کشمیر سے 5196 حج کے خواہشمند مقدس سفر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا’’ہم دیکھیں گے کہ آیا سعودی حکومت 65 سال کی عمر کو پہنچنے والے لوگوں کو ایڈجسٹ کرنے پر راضی ہوتی ہے‘‘۔ جموں و کشمیر سے حج کمیٹی کو تقریبا 10,000 درخواستیں موصول ہوئیں۔ امیدواروں کے انتخاب کے لیے اب قرعہ اندازی ہوگی، جو اب سے چند روز میں متوقع ہے۔
آنگن واڑی ورکروں کی اجرت واگزارکی جائے: تاریگامی
سرینگر//کمیونسٹ پارٹی انڈیا مارکسسٹ رہنما یوسف تاریگامی نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں آئی سی ڈی ایس اسکیم کے تحت کام کرنے والی آنگن واڑی ورکر اور ہیلپر گزشتہ آٹھ ماہ سے بغیر اجرت کے ہیں۔ یہ سکیم ورکرز انتھک محنت کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ کووِڈ 19 وباء کے خلاف جاری لڑائی کے دوران بھی وہ سب سے آگے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان سکیم کارکنوں کو اپنے خاندان کا پیٹ بھرنا پڑتا ہے لیکن محنت کرنے کے باوجود انہیں وقت پر اجرت نہیں دی جاتی ہے۔ ان کی کئی مہینوں کی اجرت کا مرکزی حصہ اور ریاستی حصہ ابھی جاری ہونا باقی ہے۔ تاریگامی نے یہ مسئلہ جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری کے ساتھ اٹھایا ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور عید سے قبل زیر التوا اجرتوں کے اجرا کے لیے متعلقہ حکام کو فوری ہدایت دیں۔
ٹرانسپورٹ سبسڈی کا غلط استعمال
ڈی آئی سی کپوارہ 3جنرل منیجروں سمیت13کیخلاف چالان پیش
سرینگر// اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سنٹر (ڈی آئی سی) کے تین جنرل منیجروں اور دس دیگر کے خلاف سرحدی ضلع کپواڑہ میں ٹرانسپورٹ سبسڈی کے غلط استعمال میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔ کے این ایس کے مطابق ، اے سی بی نے ملزم سرکاری ملازمین کے خلاف چارج شیٹ پیش کی جن کی شناخت عبدالحمید بٹ، فیاض احمد شفائی، ڈی آئی سی کپواڑہ کے اس وقت کے جنرل منیجر محمد اشرف جانوری، اور مسعود کریم اس وقت کے منیجر ڈیولپمنٹ ڈی آئی سی کپواڑہ، عبدالغنی کرمانی انڈسٹریل پروموشن آفیسر کے طور پر کی گئی۔ (آئی پی او) ڈی آئی سی کپواڑہ، عبدالاحد خان ،آئی پی او ڈی آئی سی کپواڑہ، غلام نبی میر اس وقت کے بلاک انویسٹی گیٹر ڈی آئی سی کپواڑہ، ظہور احمد شاہ اس وقت کے منیجر اکاؤنٹس جے اینڈ کے بینک برزلہ برانچ سری نگر اور اعجاز احمد کتاب اس وقت کے منیجر اکاؤنٹس جے اینڈ کے بینک سولینہ برانچ سری نگر، فیروز احمد لون، عبدالکریم لون ، محمد مقبول یونٹ ہولڈرز اور پرائیویٹ شخص عبدالقیوم لون کو سپیشل جج اینٹی کرپشن، بارہمولہ کی عدالت میں پیش کیا۔یہ مقدمہ اس وقت کے ویجی لنس آرگنائزیشن کشمیر کے ذریعے ضلع صنعتی مرکز کپواڑہ کے عہدیداروں کی طرف سے سمال اسکیل انڈسٹریز (SSI) یونٹ ہولڈروں کے ساتھ لیگ میں ٹرانسپورٹ سبسڈی کے غلط استعمال سے متعلق الزامات میں کی گئی تصدیق کے نتیجہ پر درج کیا گیا تھا۔
کرگل کووڈ سے پاک
لیہہ میں صرف 3 فعال معاملات
سرینگر // جمو ں کشمیر کے ساتھ ساتھ لداخ میں بھی کووِڈ- 19 کے کیسو ں میں کمی آتی جا رہی ہے او رگزشتہ 24گھنٹوںمیںکوئی بھی نیا معاملہ درج نہیںہوا ہے ۔لداخ صوبے میں فعال معاملات کی تعداد صرف تین ہے ۔ سی این آئی کے مطابق دو سال کے طویل وقفے کے بعد جہاں جموںکشمیر میںکووِڈ کی وباء ہونے کو آ رہی ہے، وہیں صوبہ لداخ میں بھی کووڈ ختم ہونے کے قریب ہے ۔ حکام کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لداخ میںکوئی بھی کووڈ کا نیا کیس سامنے نہیں آیا اور اس طرح سے متاثرین کی تعداد میںکوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ حکام کے مطابق لہہ اور کرگل میں 199افراد کے ٹیسٹ کئے گئے تاہم تمام ٹیسٹ منفی آئیں ۔ حکام کے مطاق لداخ میں اس وقت کووڈ کے صرف 3فعال معاملات ہے جو سارے معاملات لہہ میںہے اور کرگل میںکوئی بھی فعال معاملہ نہیںہے ۔ ۔ اس کے علاوہ وبائی بیماری سے لداخ میںمرنے والوں کی تعداد 228ہے جن میں سے 168اموات لہہ میںجبکہ 60اموات کرگل میں درج ہوئے ۔ اس کے ساتھ ساتھ وبائی بیماری سے متاثرہ 28003مریض شفایاب ہو گئے ہیں۔
۔17اضلاع میں کوئی متاثر نہیں،3اضلاع میں 7 مثبت
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر کے17اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 3اضلاع میں7افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 54ہزار 28ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 12دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4751بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میںجمعرات کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے19ہزار 422ٹیسٹ کئے گئے جن 7افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ مثبت قرار دئے گئے 7افراد میں جموں صوبے میں 3جبکہ کشمیر میں4افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر صوبے کے 8اضلاع جن میں سرینگر ، اننت ناگ،پلوامہ، کپوارہ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں4افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر صوبے میں مثبت قرار دئے گئے سبھی4افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں جن میں بارہمولہمیں 2اور بڈگام میں 2افراد متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 86ہزار697ہوگئی ہے۔کشمیر صوبے میں مسلسل52ویں دن بھی کورونا وائر س سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423ہوگئی ہے۔جموں صوبے کے 9اضلاع جن میں ادھمپور، ڈودہ ، پونچھ ، راجوری، کٹھوعہ، کشتواڑ، سانبہ ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع جموں میں3افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 3افراد میںمقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 331ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل 12ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2328بنی ہوئی ہے۔
ملک میںمزید 39 کی موت
کورونا کے 3,303 نئے کیسز
نئی دہلی// یو این آئی//گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفیکشن کے 3,303 نئے معاملے سامنے آئے۔مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ انفیکشن کے 3303 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار 980 ہو گئی ہے۔اس دوران ملک میں مزید 39افراد کی موت واقع ہوئی۔
بدانتظامی اور فرائض میں غفلت،پنچایت سکریٹری اکھنگم معطل
سرینگر//ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے پنچایت سکریٹری، پنچایت حلقہ اکھنگم (بی)، بلاک اچھہ بل کو ’’بدانتظامی اور فرائض سے غفلت‘‘ کے الزام میں معطل کر دیا۔ کے این ایس کے مطابق ڈی سی اننت ناگ نے اس سلسلے میں ایک حکم جاری کیا ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اننت ناگ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی تفصیلی انکوائری کریں اور 15 دن کے اندر اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
یو ٹی کیپیکس بجٹ 2022-23
دیہی ترقی کے کمشنر کاڈپٹی کمشنروں کے ساتھ تبادلہ خیال
جموں //کمشنر سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی اور پنچائتی راج مندیپ کور نے آج جموں و کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ ایک آن لائین میٹنگ کی صدارت کی تا کہ یو ٹی کیپیکس بجٹ 2022-23 کی تشکیل پر غور کیا جا سکے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ نظر ثانی شدہ رہنما خطوط کے مطابق منصوبہ تیار کریں اور اسے تین دن کے اندر جانچ کر کے جموں اور سرینگر کے ڈائریکٹوریٹ میں جمع کرائیں ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ اسے پی ایم ایم آئی سیل پورٹل میں اپ لوڈ کرنے کے علاوہ ماہانہ پروگریس رپورٹ ( ایم پی آر ) کو ویب سائٹ پر باقاعدگی سے اپ لوڈ کریں ۔ کمشنر سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ ایم جی نریگا کے لیبر اجزاء کے تحت دستیاب فنڈز کے ساتھ مل کر کام کریں تا کہ روزی روٹی کے مواقع پیدا ہوں اور دیہی لوگوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بلند کیا جا سکے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ آبی ذخائیر کی مرمت اور از سر نو تعمیر سے متعلق کاموں کو شامل کرنے پر خصوصی توجہ دیں تا کہ پانی کی قلت کی پریشانیوں کو دور کیا جا سکے ۔ کمشنر سیکرٹری نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق کاموں کو ترجیح دینے پر زور دیا اور مزید کہا کہ جو کام ایک سال کے اندر مکمل ہونے جا رہے ہیں انہیں اولین ترجیح دی جائے گی جبکہ جن کاموں میں ایک سال سے زیادہ وقت لگے گا انہیں اگلی ترجیح دی جائے گی ۔ انہوں نے افسران سے پلان کے ساتھ فزیبلٹی رپورٹ منسلک کرنے کو بھی کہا ۔
شب قدر اور جمعۃ الوداع
بھٹناگر ،دلباغ سنگھ ،الطاف بخاری ،سجاد لون ،میر، خالدہ شاہ،لائیگرو اورحکیم یاسین کی مبارکباد
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر،جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے صدر جی اے میر،اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری ،جموں و کشمیر پولیس کے ڈائرکٹر جنرل دلباغ سنگھ ،سجاد لون،الطاف لائیگرو،پی ڈی ایف چیئرمین حکیم یاسین ، اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، متحدہ علمائے اہل سنت اور اے این سی کی صدر بیگم خالدہ شاہ نے جموں کشمیر کے عوام کو شب قدر اور جمعۃ الوداع کے مقدس موقع پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموںوکشمیر کے لوگوں کو شب قدر اور جمعۃ الوداع کے مقدس موقعہ پر مبارک باد پیش کی ہے ۔اَپنے تہنیتی پیغام میں مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کہا کہ شب قدر کی بابرکت رات ہماری زندگیوں کا جائزہ لینے ، اللہ کی بخشش ، سخاوت اور رہنمائی حاصل کرنے کا موقعہ ہے۔جمعۃ الوداع کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ یہ دِن اللہ کی رحمت، برکت اور مغفرت حاصل کرنے کے لئے اہم ہے اور یہ پوری دُنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک متبرک اورمقدس دِن ہے۔مشیر موصوف نے جموںوکشمیر میں اَمن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کی۔جموں و کشمیر پردیش کانگریس (جے کے پی سی سی) کے صدرجی اے میر نے جمعرات کو شب قدر اور جمعتہ الوداع کے پرمسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی۔ میر نے کہا ہے کہ شب قدر انتہائی پاکیزہ رات ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کی رہنمائی کے لیے قرآن مجید کو نبی اکرمؐپر نازل کیا۔جے کے پی سی سی صدر نے کہا کہ اس مبارک موقع کا بنیادی پیغام روحوں کو تمام گناہوں سے پاک کرنا اور سچائی کی زندگی گزارنا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ مقدس رات جموں و کشمیر اور ملک کے باقی حصوں میں لوگوں کی خوشحالی، امن و استحکام کے محور کے طور پر کام کرے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کو درکار بجلی اور دیگر سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے، جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھنے پر زور دیا۔اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے جموں و کشمیر کے عوام کو شب قدر اور جمعتہ الوداع کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں بخاری نے کہا کہ یہ بابرکت رات ہمیں اللہ سے مغفرت طلب کرنے اور اس کی رحمت، برکت اور سخاوت کے حصول کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، امن اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی۔ بخاری نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ رات بھر نمازیوں کو ٹرانسپورٹ، بجلی، ابتدائی طبی امداد اور پانی کی فراہمی سمیت بنیادی سہولیات کی آسانی سے دستیابی کو یقینی بنائیں۔جموں و کشمیر پولیس کے ڈائرکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے شب قدر اور جمعۃ الوداع کے پرمسرت مواقع پر جموں و کشمیر کے عوام، پولیس پریوار اور شہداء کے اہل خانہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔مبارکباد کے اپنے پیغام میں، ڈی جی پی نے مشاہدہ کیا کہ یہ مبارک مواقع دعا کرنے اور اللہ تعالی سے برکت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ڈی جی پی نے دعا کی کہ شب قدر (شب قدر) ، جمعۃ الوداع سماج کے تمام طبقات کے درمیان بھائی چارے کے رشتے کو مضبوط کرے اور جموں و کشمیر میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی لائے۔ ڈی جی پی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کوویڈ کے مناسب رویے پر عمل کریں۔حکیم یاسین نے شب قدر کی تقریب سعید پر لوگوں خاصکر مسلم امہ کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔ایک پیغام میں حکیم یاسین نے شب قدر کی تقریب سعید پر مبارکبادی پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ مقدس مذہبی تہوار جموں وکشمیر میں پائدار امن اور خوشحالی کی سو غات لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ یہ مقدس رات درگزر اور مغفرت حاصل کرنے کا نادر موقعہ فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ شب قدر میں اللہ تعالیٰ سے دنیا و آخرت کی بہبودی کے لئے ذکر و اذکار کریں ۔اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو شب قدر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی ۔انہوں نے لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شب قدر اسلام میں ایک بہت اہم مقام رکھتی ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی محمدؐ پر قرآن نازل کیا۔”یہ ہمیں اس مقدس رات پر رحمت اور بخشش طلب کرنے اور امن کی دعا کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔متحدہ علمائے اہل سنت کے رہنمائوں مولانا غلام محی الدین نقیب ، مولانا غلام رسول حامی، مولانا عبدالرشید دائودی ،سید حمید اللہ حقانی، مولانا ریاض الحق نورآبادی، مولانا مبارک حسین نعمانی ،مفتی قمرالدین اویسی، مولانا فیاض احمد رضوی نے دعا کی ہے کہ اس رات کی عظمت کے پیش نظر ہمیں عبادات میں مشغول رہنا چاہیے ۔ادھر عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ اورسینئر نائب صدر مظفر احمد شاہ نے شب قدر کے مبارک موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون نے شب قدر اور جمعتہ الوداع کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ یہ مقدس رات موجودہ مصیبت سے دوچار لوگوں کے لیے امن، خوشحالی اور دیرپا سکون لے کر آئے۔ اپنے پیغام میں لون نے کہا کہ یہ مقدس رات اللہ سے مغفرت طلب کرنے اور انسانیت کی بھلائی کے لیے دعا کرنے کے لیے پورے سال کا بہترین وقت ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس مبارک موقع کے حقیقی معنی اور مقصد کو سمجھیں جو کہ پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمتیں تلاش کرنا ہے اور ان تمام مصائب اور بحرانوں کو کم کرنے کے لیے اللہ سے مدد مانگنے کا ایک منفرد موقع ہے جن سے لوگ اس وقت دوچار ہیں۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ریاستی یوتھ سکریٹری عارف لائیگرو نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے عوام کو شب قدر اور جمعۃ الوداع کی مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیلۃ القدرکو اسلام میں بہت اہم مقام حاصل ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی حضرت محمدؐ پر قرآن نازل کیا۔جامع مسجد کی بندش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لائیگرو نے کہا کہ یہ مذہبی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے۔شب قدر کے موقع پر لوگوں کو روکنا افسوسناک ہے اور حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں کو بے نقاب کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شب قدر ہمیں رحمت اور بخشش طلب کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ اس موقع پر جامع مسجد کو بند کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔لائیگرو نے مزید کہا کہ شب قدر کا پرمسرت موقع جموں و کشمیر میں امن اور مجموعی ترقی کے دور کا آغاز کرے گا۔
حکومت سیاحت کو فروغ دینے کیلئے فکرمند:سیکریٹری
شراکت داروں کے ساتھ منظرنامے کا جائزہ لیا
سرینگر// سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے یہاں محکمہ کے شراکت داروں اور افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ میں کشمیر کے سیاحتی منظرنامے کا جائز ہ لیا۔سیکریٹری سیاحت میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جموںوکشمیر میں تیز سیاحتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرنے پر اطمینان کا اِظہار کیا جس کے لئے اُنہوں نے شراکت داروں اور محکمہ کی تعریف کی ۔اُنہوں نے گذشتہ ایک برس کے دوران ہم آہنگی کے ساتھ کام کیا ہے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس برس سیاحوں کی تعداد ریکارڈ حد سے تجاوز کرے گا۔سیکرٹر ی موصوف نے کہا کہ وہ کسی مخصوص یونٹ ہولڈر کو اس مطالبہ کا ناجائز فائدہ نہ اُٹھانے دیں اور قیمت کے ٹیگ تصور سے باہر نہ لگائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف اس مخصوص یونٹ کی بد نامی ہوگی بلکہ طویل مدت میں پوری مقامی سیاحتی صنعت کو بھی نقصان پہنچے گا۔سرمد حفیظ نے کہا کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران محکمہ اور شراکت داروں کی اِجتماعی کوششوں اور محنت کا ثمر ملا ہے اور موجودہ ترقی اِنہی کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ تاہم اُنہوں نے شراکت داروں کو متنبہ کیا کہ کسی بھی یونٹ ہولڈر کو ایسا کچھ کرنے کی اِجازت نہیں دی جانی چاہیے جو بڑھتی ہوئی قیمتوں ، دھوکہ دہی یا ٹائوٹنگ کے معاملے میں مقامی سیاحت کی صنعت کی بد نامی کا باعث ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور دیکھ ریکھ کرنے والی فطرت کشمیر کی سیاحت کے یو ایس پی میں سے ایک ہے جسے ہر قیمت پر محفوظ اور برقرار رکھا جانا چاہیے۔سرمد حفیظ نے شراکت داروں کو مطلع کیا کہ سیاحوں کے قیام اور دِلچسپی کو بڑھانے کے لئے محکمہ نے 75 بہترین مقامات کی نشاندہی ، سیاحوں اور مختلف مقامات کے لئے سرگرمیوں کے دائرہ کار میں اضافہ اور جموںوکشمیر میں مہم جوسیاحت کوفروغ دینے جیسے بہت سے اہم اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے دوران سونہ مرگ اور دودھ پتھری جیسے مقامات کو کھولنے کے محکمے کے فیصلے کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے مہینوں میں اچھی تعداد میں سیاح آئیں گے اور شراکت داروں سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو مقامی مہمان نوازی کی اعلیٰ روایات کے مطابق ثابت کریں۔سرمد حفیظ نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ شراکت داروں کے ساتھ مل کرجموںوکشمیر کی سیاحتی صلاحیت کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا جائے۔سیاحتی شراکت داروں نے بہت سے مسائل سیکرٹری سیاحت کے گوش گزار کئے اور ان کے ازالے کا مطالبہ کیا۔میٹنگ میں محکمہ کے سینئر افسران اور سیاحت کے مختلف تجارتی اداروں کے نمائندے موجود تھے۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
کپوارہ میں 4افرادگرفتار ،نشیلی ادویات برآمد
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں پولیس نے منشیات مخالف مہم میں 4افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔کپوارہ پولیس تھانہ کی ایک خصوصی ٹیم نے ایس ایچ او رفیق احمد لون کی قیادت میں دو الگ الگ چھاپو ں کے دوران 4افرادکو حراست میں لیا اور ان کی تحویل سے نشیلی ادویات کو برآمد کیا ۔پولیس کے مطابق ہتمولہ پولیس چوکی کے تحت آنے والے ایک علاقہ میں پولیس نے جاوید احمد وانی اور رفیق احمد خان ساکنا ن ہلمت پورہ کو ایک خصوصی کارروائی کے دوران گرفتار کیا اور ان کی تحویل سے چرس بر آمد کیا گیااور ان کے خلاف ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 93/2022درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔ایک اورکارروائی کے دوران ٹکر علاقہ میں محمد حسین لون ساکن میر ناگ ہایہامہ اور منظور احمد خواجہ ساکن منون آئورہ کو گرفتار کیا اور ان کی تحویل سے بھی چرس بر آمد کیا گیا ۔پولیس نے معاملہ کی نسبت ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 94/20درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔پولیس کے مطابق محمد حسین لون پولیس کوپہلے سے ہی مطلوب تھا اور اب تک منشیات کے کئی کیسو ں میں ملو ث ہے ۔ایس ایس پی کپوارہ یوگل منہاس کا کہنا ہے کہ رو اں سال کے ودرا ن پولیس نے 50سے زائد منشیات سمگلروں کو گرفتار کیا اور کئی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا ۔انہو ں نے کہا کہ منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف پولیس کی جنگ جاری رہے گی اور اس میںلوگو ں کو چاہئے کہ وہ پولیس کو اپنا تعاون فراہم کریں تاکہ پولیس اس بدعت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں کامیاب ہو جائے ۔
ماگام کنزر روٹ پر شام ہوتے ہی ٹرانسپورٹ غائب
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//افطار سے قبل ہی ماگام اور کنزر روٹ سے ٹریفک غائب ہونے سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ کوچنگ سنٹروں سے تربیت حاصل کرنے والے طلاب کو ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ماگام کنزر اور ٹنگمرگ روٹوں پر چلنی والی سومو گاڈیاں جہاں دن گاڑیاں چلتی نظر آتی تھیں وہیں گاڈیاں افطار سے قبل ہی سڑکوں سے غایب ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو گھروں تک پہنچنے میں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ماگام اور کنزر کے پرائیویٹ کوچنگ سنٹروں میں کوچنگ کرنے والے طلاب کو بھی ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی سے زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔روزانہ سفر کرنے والے مسافروں نے افطار سے قبل ہی روٹوں سے گاڑیاں غائب ہونے کی تحقیقات کرانے کے ساتھ سومو گاڑیاں شام دیر گیے تک دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کاہچرائی پر غیر قانونی طور تعمیر شدہ جائیداد محکمہ تعلیم کو منتقل
اننت ناگ// ڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے حکم دیا ہے کہ شاملات کی زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارت کو محکمہ تعلیم کو منتقل کیا جائے۔ اس سے قبل یہ پتہ چلا تھا کہ ایک نمبردار نے ذاتی مفادات کو آگے بڑھاتے ہوئے کاہچرائی کی زمین کے ایک ٹکڑے پر قبضہ کر لیا تھا اور مذکورہ زمین پر غیر قانونی طور پر عمارت کھڑی کر دی تھی۔ پھر وہی عمارت ایک سرکاری محکمے کو کرائے پر دی تھی۔ڈاکٹر سنگلا نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے عمارت کو محکمہ تعلیم کو منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ مزید یہ کہ نمبردار کی طرف سے وصول ہونے والا کرایہ لینڈ ریونیو کے بقایا جات کے طور پر وصول کیا جائے گا۔ نمبردار کو برطرف کر دیا گیا ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈی سی اننت ناگ نے بار بار اس بات پر زور دیا ہے کہ سرکاری دفاتر کرائے پر رہائش صرف اسی صورت میں لیں گے جب کوئی سرکاری رہائش دستیاب نہ ہو۔
بانڈی پورہ میں ’تھانہ دیوس‘ کااہتمام
پولیس تھانوں ،چوکیوں وپوسٹوں میں تقاریب منعقد
بانڈی پورہ//پبلک آؤٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر بانڈی پورہ پولیس نے متعلقہ پولیس تھانوں و پوسٹوں میں تھانہ دیوس منعقدکیا ۔پروگرام کی صدارت متعلقہ ایس ایچ اوز اور ڈی اوز نے کی۔ اس موقع پر دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔اس پروگرام میںمعزز شہری، متعلقہ علاقوں کی سول سوسائٹیز بشمول اوقاف کمیٹیوں کے ممبران، نمبردار، چوکیدار، ٹریڈرز فیڈریشن اور ٹرانسپورٹر، پی آر آئی وغیرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی اور انہیں یقین دلایا گیا کہ پولیس سے متعلق ان کی حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کے جلد ازالے کے لیے سول انتظامیہ کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع میں نچلی سطح پر پولیسنگ کو از سر نو بنایا جائے گا تاکہ پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور لوگوں میں اعتماد پیدا ہو سکے۔پولیس افسران نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ دیوس حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلہ کم کرنے اور عام لوگوں کی شکایات سننے اور ان کا ازالہ کرنے کے لیے شروع کیا گیا تاکہ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ مل سکے اور جرائم اور سماجی برائیوں کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہوگا۔شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرنے میں ہندواڑہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں جو ہمیشہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔جے کے این ایس
بڈگام میں پولیس پبلک میٹنگوں کااہتمام
سماجی برائیوں اورجرائم کی روکتھام پرتبادلہ خیال
بڈگام// پولیس نے بڈگام میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ کی میٹنگوں کا انعقاد کیا۔ایک میٹنگ پولیس تھانہ بیروہ، پولیس پوسٹ، ہمہامہ، ہردپنزو، وتری ہیل،سویہ بگ اورناربل میں منعقد ہوئی۔پولیس پوسٹ ہمہامہ میں میٹنگ کی صدارت ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر بڈگام نعیم وانی کے ہمراہ ایس ایچ او بڈگام نے کی۔ اسی طرح بیروہ، پولیس پوسٹ ہردپنزو، وتریہیل، سوئیبگ اور ناربل میں میٹنگوں کی صدارت متعلقہ افسران نے کی۔میٹنگوں میں مقامی ائمہ، اوقاف اراکین اور کمیٹی کے اراکین کے نمائندوں اور علاقوں کے دیگر معزز شہریوں نے شرکت کی۔ان میٹنگوں کے دوران شرکاء نے مختلف مسائل کو اٹھایا۔ پولیس افسران نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ دیگر مسائل کے جلد ازالے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جمعتہ الوداع، شب قدر اور آئندہ عید الفطر سے متعلق دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔افسران نے شرکاء سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی سماجی ومجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق حقائق پر مبنی معلومات متعلقہ پولیس اداروں کو رپورٹ کریں۔جے کے این ایس
خوشبوئے قلم کی طرف سے محفلِ نعت کا انعقاد
سرینگر//جموں و کشمیر کے ایک سر گرم ادبی وٹ ازایپ گروپ خوشبوئے قلم نے مشہور نعت گو شاعر غلام حسن غمگین کی صدارت میں ایک آن لائن نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا جس میں جموں و کشمیر کے ابھرتے اور نامور شعراء نے شرکت کی۔ صدر محفل غلام حسن غمگین نے کلیدی خطبہ پیش کیا جس میں انہوں نے نعت گوئی کے فن پر ایک پُرمغز گفتگو کی ۔پروگرام کی نگرانی خوشبوئے قلم کے بانی ڈاکٹر رفیق مسعودی نے کی۔ خطبہ استقبالیہ شاداب یاسمین نے پیش کیا۔ اس محفلِ نعت میں جن شعراء نے اپناکلام سنایا اُن میں حسینہ عظیمہ ، یاسمین احد، شوکت ثاقب ، عشرت گل ، شاداب یاسمین، شائستہ مسعود، ڈاکٹر ثمینہ وانی، ریحانہ کوثر، شبیر فہمی، شفاعت احمد شیدا، غلام محمد دلشاد، مجروح کشمیری، جوہر رمضان، سیّد نادم بخاری، نور الدّین ہوش اور غلام حسن غمگین شامل ہیں۔آخر میں شائستہ مسعود نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔
مبارک گل کا نواکدل آتشزدگان سے اظہار یکجہتی
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈرمبارک گل نے نواکدل آتشزدگان کے ساتھ یکجہتی کااظہارکرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے فوری طور اقدام کریں۔انہوں نے وادی میںا ٓگ کی وارداتوں میں اضافے پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جانچ ہونی چاہئے ۔انہو ں نے کہا کہ مجھے امیدہے کہ سماج کے ذمہ داراورحکام اس معاملے پرغور کریں گے ۔انہوں نے صوبائی انتظامیہ پرزوردیا کہ وہ نقصانات کاتخمینہ لگاکر متاثرین کوبھرپور مالی امدادفراہم کرے۔
اننت ناگ میں قصوروار تاجروں پر 2 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد
اننت ناگ// ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ گلزار احمد بٹ جو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت فیصلہ کن افسر بھی ہیں، نے ایکٹ کی مختلف دفعات کی خلاف ورزی کرنے پر 14 فوڈ بزنس آپریٹرز پر 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ان مقدمات کی سماعت کے دوران، اے ڈی سی نے مشاہدہ کیا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف پہلی نظر میں ثبوت موجود ہیں۔اے ڈی سی نے کیسز کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ فوڈ آپریٹرز نے اصولوں کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے اور عوام کی صحت اور حفاظت کا خیال نہ رکھتے ہوئے اپنے منافع کے مقصد کو پورا کرنے کے لیے کھانے کے معیار سے سمجھوتہ کیا۔ انہوں نے ملزمان پر زور دیا کہ وہ ایسے جرائم کو دہرانے سے باز رہیں۔مزید برآں، فوڈ سیفٹی آفیسر اننت ناگ کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان مجرموں اور دیگر فوڈ آپریٹرز سے نمونوں کی خریداری کو دہرائیں اور اس سلسلے میں سخت نگرانی رکھیں۔
رفیع میر کاپروفیسر لون کے انتقال پراظہار رنج
سرینگر// اپنی پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے ریٹائرڈ پرنسپل ڈگری کالج بارہمولہ پروفیسر ایم اے لون کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جن کا مختصر علالت کے بعد ہاؤسنگ کالونی راولپورہ سرینگر میں انتقال ہو گیا۔لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے میر نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب اور لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبر کی دعا کی۔ان کے انتقال کو ذاتی نقصان قرار دیتے ہوئے میر نے کہا کہ لون ایک اصول پسند آدمی تھے جن کا ادب کے دائرے میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا انتقال ادبی برادری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
یوسمرگ میں خدمات فراہم نہ ہوئیں توبھوک ہڑتال کروں گا:ایتو
سرینگر//اپنی پارٹی لیڈرانجینئر نذیر ایتو نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر یوسمرگ کے سیاحتی مقام پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں ان کے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ ہڑتال پر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی خدمات جیسے اے ٹی ایم، موبائل نیٹ ورک، پونی والا کے لیے رین شیڈ یوسمرگ میں دستیاب نہیں ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ خدمات 7 مئی تک فراہم نہ کی گئیں تو وہ پریس کالونی میں بھوک ہڑتال کریں گے۔
ایل او سی پر تعینات جوان کے لیے خصوصی ہوائی سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ ایک دور دراز چوکی پر تعینات ایک جوان کو بی ایس ایف نے جمعرات کو ایک خصوصی ہیلی کاپٹر سروس سے سرینگر لایا تاکہ وہ اپنی شادی کے لئے اڈیشہ میں تقریباً 2500کلومیٹر دور گھر پہنچ سکے.۔ کے این ایس کے مطابق بارڈر سیکیورٹی فورس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ایل او سی کے مژھل سیکٹر میں ایک اونچائی والی چوکی پر تعینات، 30سالہ کانسٹیبل نارائن بہیرا کی شادی 2 مئی کو ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ ایل او سی پوسٹ برف سے ڈھکی ہوئی ہے اور وادی کشمیر کے ساتھ اس کا روڈ لنک فی الحال ناقابل رسائی ہے، اس لیے ان مقامات پر تعینات فوجیوں کے لیے فوجی ہوائی جہاز ہی نقل و حمل کا واحد دستیاب ذریعہ ہے۔جوان کے والدین نے حال ہی میں اس کے یونٹ کمانڈروں سے رابطہ کیا، اس خدشے کا اظہار کیا کہ شاید ان کا بیٹا اپنی شادی میں شرکت نہ کر پائے۔ افسر نے کہا کہ وہ پریشان تھے کیونکہ مذکورہ تاریخ کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے تھے۔یہ معاملہ بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل (کشمیر فرنٹیئر) راجہ بابو سنگھ کے علم میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکم دیا کہ سری نگر میں تعینات فورس کا ایک چیتا ہیلی کاپٹر بہیرا کو فوری طور پر لے آئے۔ہیلی کاپٹر نے جمعرات کو علی الصبح بہرا کو اٹھایا اور اسے سری نگر لایا۔ اب وہ اڈیشہ کے ڈھینکنال ضلع کے آدی پور گاؤں میں اپنے گھر کے راستے پر ہے۔
کان کنی پر پابندی کا معاملہ
ویری ناگ میں ہزاروں لوگ بے روزگار،حکام سے مداخلت کی اپیل
سرینگر//لور منڈا ویری ناگ میں پتھروں کی کانوں پر پابندی لگانے کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں ۔ لورمنڈاویری ناگ علاقے میں 22پتھر کی کانیں لیز پر چلائی جارہی ہے ۔ جولائی 2021سے انہیں بند کردیا گیا ۔ علاقے میں چلائی جارہی کان کنی کے کام بند ہونے کی وجہ سے اس کام سے وابستہ ہزاروں افراد اب بے روزگار ہوچکے ہیں کیونکہ یہ افراد دہائیوں سے یہی کام کرتے آئے ہیں اور ان کیلئے اور کوئی دوسراکام کرنا مشکل ہے ۔ کان کنی پرعائد پانبدی کے نتیجے میں دس ہزار کنبے براہ راست متاثر ہوچکے ہیں اور لاکھوں لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں اس کے ساتھ ساتھ کان کنی کاکام کرنے والے مزدوروں اور دوسرے افراد جیسے ڈرائیور و غیرہ اپنے اہل خانہ کی ضرورتوں کو بھی پورا کرنے سے قاصر ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ سرکار نے کان کنی پر پابندی تو عائد کردی تاہم جو اس سے متاثر ہوچکے ہیں ان کیلئے کوئی دوسرا متبادل روزگار فراہم کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جو سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ کان کنی پر عائد بابندی کو فوری طور پر ہٹائی جائے اور انہیں پہلے کی طرح کام کرنے کی اجازت دی جائے ۔ سی این آئی