کشتواڑمیں موسلادھار بارشیں ،گندگی کے ڈھیر سڑکوں پر جمع
بجلی کی آنکھ مچولی بھی عوام کیلئے درد سر
عاصف بٹ
کشتواڑ//محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ میں بھی سوموار کو بعد دوپہر موسلادھار بارشیں ہوئیں جسکے سبب عام زندگی مفلوج ہوگئی۔ اگرچہ صبح کے وقت موسم ابرآلود تھا تاہم دوپہر ہوتے ہی موسلادھار بارشیں میدانی و بالائی علاقہ جات میں شروع ہوئیں جو دیر شام تک وقفے و قفے سے جاری تھیں جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا۔ قصبہ میں بارش کے سبب ڈرینوں کا گندہ پانی سڑکوں پر بہنا شروع ہوا جبکہ متعدد مقامات پر سڑکیں زیرآب آئیں اور گندگی سڑکوں پر جمع ہوئی جسکے بعد ان میںسے گندگی نکالنے کیلئے محکمہ حرکت میں آیا۔اس دوران بجلی کی آنکھ مچولی سے بھی عوام تنگ آچکی ہے اور لوگوں نے انتظامیہ سے بلاخلل بجلی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
۔5سالہ بچے کی نعش دوسرے روز بھی نہ مل سکی
عاصف بٹ
کشتواڑ// سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ کوترنہ میں ایتوار کی صبح نالے میں ڈوبنے والے 5سالہ بچے کی نعش دوسرے روز بھی برآمد نہ ہوسکی۔ دوسرے روز بھی مقامی لوگوں پولیس و این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے نعش کو ڈھونڈنے کیلئے کوششیں کی لیکن انکے ہاتھ کوئی کامیابی نہ آئی۔ نالے میں پانی کا بہائو زیادہ ہونے کے سبب اندیشہ لگایا جارہا ہے کہ نعش کہیں آگے نکل گئی ہو۔ ایتوار کی صبح پانچ سالہ ارجن کمار ولد بودھ راج نالے کے قریب انکے خاندان کے ساتھ تھا اور پانی لانے کی غرض سے نالے کی طرف گیاجس دوران اسکا پیر پھسل گیا۔
گو ل میں بجلی کی آنکھ مچولی سے عام لوگ پریشان
افطار اور سحری کے دوران شدید کٹوتی پر عوام برہم
زاہد بشیر
گول//مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی ، کی مصداق آج کل بجلی سپلائی بحال ہو رہی ہے ۔ جوں جوں بجلی سپلائی کو بہتر بننے کے اقدامات اٹھائے گئے ماہ مبارک سے قبل ہی انتظامیہ کی جانب سے میٹنگیں منعقد ہوئیں جہاں پر بجلی اور پانی کی سپلائی پر تبادلہ خیال ہوا لیکن چار پانچ دن کے بعد ہی بجلی کا جیسے دیوالیہ نکل گیا ہے بالخصوص افطار اور سحری کے اوقات میں بجلی کی شدید کٹوتی سے عام لوگ کافی پریشان ہیں ۔اگر چہ گول میں بجلی کی سپلائی کو لے کر انتظامیہ نے بھی یقین دلایا تھا کہ سحری اور افطاری کے اوقات میں بجلی میں کوئی کٹوتی نہیں لائی جائے گی لیکن پورے جموںو کشمیر کے ساتھ ساتھ بجلی کے سر چشمے کو بھی اندھیرے میں رکھا گیا ہے ۔ ضلع رام بن جو اس وقت 450سے زائد بجلی سپلائی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور باہر کی ریاستوںکو روشن کرتا ہے لیکن یہ ضلع خود اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے ۔ ضلع کے سب ڈویژن گول میں کئی روز سے سحری اور افطار ی کے اوقات میں بجلی کی شدید کٹوتی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں ۔لوگوں نے برہمی کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی سپلائی کی یہی صورتحال رہی تو لوگوں کو سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہونا پڑے گا ۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی سپلائی بالخصوص سحری اور افطاری کے اوقات میں کوئی خلل پیدا نہ ہونے دیں تا کہ لوگوں کو دقتوں کا سامنا نا کرنا پڑے ۔
آئی آئی ایم جموں کا پانچواں سالانہ کنووکیشن ملتوی
جموں//انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) جموں نے اپنا پانچواں سالانہ کنونشن ملتوی کر دیا ہے جو 27 اپریل کو ہونا تھا۔آئی آئی ایم جموں کے ترجمان کا کہنا ہے’’آئی آئی ایم جموں نے اپنا 5واں سالانہ کانووکیشن 2022 27 اپریل کو کنونشن سنٹر، گلامی باغ، کینال روڈ، جموں میں منعقد کرنا تھا۔ ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اور انہیں کانووکیشن سے خطاب کرنا تھا “تاہم ناگزیر حالات کی وجہ سے، آئی آئی ایم جموں کانووکیشن میں صدر ہند کا دورہ اگلے احکامات تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ٹھیکیداروں کا کشتواڑ میں احتجاج
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے ٹھیکیداروں کی ایسوسی ایشن نے کارڈوں کی تجدید کو لیکر پی ڈبلیوڈی دفتر میں احتجاج کیا اور جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے اور انتظامیہ سے حکمنامہ واپس لینے کو کہا۔ اس موقعہ پر بات کرت ہوئے انھوں نے کہا کہ کمشنر سکریٹری کی جانب سے کارڈوں کی دوبارہ تجدیدکرنے کو لیکر جاری کئے گئے حکمنامے کے خلاف احتجا کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فرضی کارڈ بنانے والوں پر کاروائی ہو ہم بھی یہ چاہتے ہیں لیکن گزشتہ بیس سال سے کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلاجواز تنگ کیا جارہا ہے جبکہ کروڑوں روپے کی بلیں سرکار کے پاس واجب الادا ہیں اور کام کرنے کے بعد بھی پیسے ادا نہیں کئے جاتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کاروڈوں کی تجدیدکرنے کااختیار چیف انجینئرکے بجائے ایگزیکٹیوانجینئر کے پاس ہونا چاہئے تاکہ دوردراز علاقوں کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈوڈہ سیول سوسائٹی کا تعزیتی اجلاس
نامور ٹریڈ یونین لیڈر عبدالمجید خان کو خراج عقیدت پیش
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ سیول سوسائٹی نے جموں و کشمیر کے نامور ٹریڈ یونین لیڈر و لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے بانی مرحوم عبدالمجید خان کے حق میں ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد نے شرکت کرکے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔حبیب مال ڈوڈہ میں منعقد تعزیتی اجلاس بزرگ ٹریڈ یونین لیڈر غلام حسن پانپوری کی صدارت میں ضلع سرکاری، غیر سرکاری تنظیموں سے وابستہ کارکنوں، تاجر برادری و سیول سوسائٹی کے نمائندوں نے عبد المجید خان کی ملازمین کے تئیں خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی بے لوث قیادت میں انقلاب کے مرحلے کو آسانی سے فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا یہ ان کی بے مثال جذبہ اور اصول تھے جنہوں نے جموں و کشمیر میں ٹریڈ یونین کو فروغ دیا۔اس دوران انہوں نے نے مرحوم کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کا بھی اہتمام کیا۔تعزیتی اجلاس میں شکیل احمد دیو، اشتیاق احمد دیو، نثار احمد بانڈے، نیاز احمد راہی، صلاح الدین، نصیر احمد کھوڑا و نذیر احمد شیخ نے بھی مرحوم عبدالمجید خان کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔