نیوز ڈیسک
آرپی ایف اہلکارکو خراج عقیدت | کاکہ پورہ حملے میں زخمی ہوگیا تھا
سرینگر//پلوامہ ضلع میں سوموار کوجنگجوئوں کے حملے میں اپنی جان گنوانے والے ریلوے پروٹیکشن فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل کی میت پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منگل کو سرینگر میں منعقد ہوئی۔ مہلوک سپاہی سریندر سنگھ ان2آر پی ایف اہلکاروں میں شامل تھا جو پیر کو گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔جموں و کشمیر پولیس کے کئی سینئر افسران بشمول آئی جی پی، سی آر پی ایف کے افسران اور جموں و کشمیر کے دیگر اہلکاروں نے بھی مہلوک اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔قابل ذکر ہے کہ پیر کو کاکہ پورہ پلوامہ میںہوئے حملے میں آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر دیوراج کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا اور زخمی اے ایس آئی اس وقت زیر علاج ہے جبکہ ہیڈکانسٹیبل سریندر سنگھ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ جے کے این ایس
پبلک سکول واگورہ بارہمولہ میں نعتیہ مشاعرہ اور سیرتی پروگرام
فیاض بخاری
بارہمولہ// ساگر کلچرل فورم ژکر پٹن کی جانب سے پیپلز پبلک سکول واگورہ بارہمولہ میں منگل کو ایک نعتیہ مشاعرہ اور سیرتی پروگرام منعقد ہوا جس میں سکولی بچوں کے علاوہ وادی کے معروف شعراء اور قلم کاروں نے شرکت کی ۔معروف شاعر تنہا نظامی نے پہلی نشست کی صدارت کی ۔ان کے ساتھ صدارت میں فیاض تلگامی مہمان خصوصی اوربالی ووڈ اداکار اختر حسینی مہمان ذی وقار موجود تھے۔ ان کے ساتھ صدارت میں فورم کے صدر بشیر زوگیاری اور فورم کے سرپرست اعلیٰ ساگر نظیر بھی موجود تھے۔ نظامت کے فرائض شہزاد منظور نے انجام دئے جبکہ ساگر کلچرل فورم کے سرپرست ساگر نظیر نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا جن شعراء نے مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا ان میں عبدالاحد غمگین عبدالاحد الہام ،فاروق واگوری، شوکت ہاشمی، سرور ہاشمی، نادم بخاری، غلام قادر شاد ،غلام حسن ساحل ،روشن قمر، غلام قادر ناز، شریف الدین قادری، معصوم گلزار ،گلشن کاوچکی ،پروفسر مسعود،علی محمد کاظمی ،سلیم یوسف، آکاش حمید ،بشر زوگیاری، محمد الطاف شیری ،پروفیسر مسعود، شہزاد منظور، غلام حسن درویش ،عابد اشرف ،غلام نبی دلنواز، اظہر ہاشمی اور پیر محمد راتھر قابل ذکر ہیں۔ آخر پر فورم کے صدر بشر زوگیاری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
کرالہ پورہ ہسپتال میں مفت طبی کیمپ
اشرف چراغ
کپوارہ //شمالی ضلع کپوارہ کے سب ضلع ہسپتال کرالہ پورہ میں ایک مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ علاقہ بھر کے مریضوں نے اپنا مفت علاج کرایا ۔ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ چیئرمین عرفان سلطان پنڈت پوری ،ڈی ڈی سی کرالہ پورہ ایڈوکیٹ میر مسرت ،ڈی ڈی سی چوکی بل حبیب اللہ بیگ اور ڈی ڈی سی کیرن محمد سعید کے علاوہ پنچائتی نمائندو ں کے علاوہ لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر بلاک میڈیکل افسر کرالہ پورہ ڈاکٹر میر محمد شفیع کا کہنا ہے کہ اس کیمپ میں دور دراز علاقوں کے مریض آئے تھے اور اپنا علاج کرایا ۔ان کا کہنا ہے کہ مفت طبی کیمپ کے دوران ماہر ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور ہر شعبہ کا ڈاکٹر موجود تھا جنہو ں نے مریضوں کا مفت علاج کیا اور طبی مشاورت اور مفت ادویات فراہم کیں ۔بلاک میڈکل آفیسر کا کہنا ہے کہ ایسے مفت طبی کیمپ مستقبل میں بھی منعقد کئے جائیں گے تاکہ اس علاقہ کے مریضوں کا مفت علاج و معالجہ کیا جائے گا ۔اس دوران عوامی حلقوں نے اس طرح طبی کیمپ ،منعقد کرنے پر محکمہ صحت کی سراہنا کی ۔ادھر ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ چیئر مین عرفان پنڈت پوری نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ایسے مفت طبی کیمپ منعقد کرنے سے مریضوں کو بہترین سہولیات دستیاب ہوتی ہیں اور مریضوں کو دور جاکر اپنا علاج نہیں کرنا پڑتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ پورے ضلع میں محکمہ صحت متحرک ہے اور کو وڈ 19کے دوران جس طرح سے محکمہ صحت کے طبی و نیم طبی عملہ نے کام کیا وہ قابل داد ہے اور ان کی کوشش ہے کہ کپوارہ ضلع کے ہر اسپتال میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات میسر ہو ۔
سکولوں میں نظم وضبط کی اہمیت | ہائر سیکنڈری سکول دربگام پلوامہ میں سمینار
سرینگر//اسکولوں میں نظم وضبط کی اہمیت کے موضوع پر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دربگام پلوامہ میں ایک روزہ سمینار کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے دوران سال 2021 بورڈ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول دربگام پلوامہ میں نظم وضبط کی اہمیت کے موضوع پر سمینار منعقد کیا گیا جس میں سکول کے پرنسپل منظور احمد شیر گوجری نے مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر سکول کے پرنسپل منظور احمد شیر گوجری نے کہا کہ نظم و ضبط کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے اور تعلیمی بہتری کے حصول کے لیے سخت محنت کرنے پر زور دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کے اساتذہ نے نظم وضبط کی اہمیت پر کھل کر روشنی ڈالی۔تقریب کی دوسری نشست میں سال2021 سالانہ بورڈ امتحانات میں شاندار کارکردگی دکھانے والے دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کی حوصلہ افزائی کی گئی نظامت کے فرائض ڈاکٹر مشتاق اور محمد ابراہیم نے انجام دی۔تقریب میں طلب علموں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کے این ایس
ڈی پی ایل گاندربل میں افطار پارٹی کا اہتمام
گاندربل//ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پرڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیاجس میں ضلع پولیس گاندربل کے افسران واہلکاروں نے شرکت کی۔ تمام پولیس افسران اوراہلکار مل کرافطار کرتے ہیں، اس کے بعد ڈی پی ایل کے احاطے میں رات کا کھانا کھایا جاتا ہے۔ یہ مقدس مہینہ محبت، امن اور بھائی چارے کی عظیم علامت ہے۔افطار پارٹی میں اے ایس پی گاندربل فیروز یحییٰ ، ڈی وائی ایس پی (ڈی اے آر )مظفر جان، ایس ڈی پی او کنگن یاسر قادری ، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر غلام حسن ، تمام ایس ایچ اوز، ڈی اوزاور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔جے کے این ایس
نیشنل کانفرنس کا عبدالغنی ویری کوبرسی پر خراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے بزرگ رہنما پیر عبدالغنی شاہ ویری کو ساتویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مرحوم لیڈر نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے قابل قدر کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیر عبدالغنی شاہ صاحب آخری دم تک راہ راست پر قائم رہے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران سکینہ ایتو ، الطاف احمد وانی ،ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ریاستی ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی مرحوم لیڈر کو برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اس سلسلے میں 21اپریل اُن کے آبائی مقبرہ ویری بجبہاڑہ میں فاتحہ خوانی ہوگی ۔
ایک اِی لائبریری پہل’ اِی کتاب کوش ‘کا آغاز
جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے محکمہ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی کی اِی۔ لائبریری پہل’ اِی۔ کتاب کوش‘ کا آغاز کیا۔کتاب کوش کو www.elibrary.jk.gov.inپر حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اِی۔ کتاب کوش کا تصور ایک آن لائن لائبریری کے طور پر کیا گیا ہے جو پانچ زبانوں بشمول انگریزی ، ہندی ، اُردو ، ڈوگری اور کشمیری میں سیکھنے کے وسائل کے مجازی ذخیرہ تک رَسائی فراہم کرتا ہے ۔چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ جے کے بی او ایس اِی اور این سی اِی آر ٹی کی تمام اِی ۔کتابیں ویب سائٹ پر دستیاب کرائیں تاکہ طلباء کو ڈیجیٹل اِنڈیا مشن میں سیکھنے کے مواد تک آسان رَسائی میں مدد فراہم کی جاسکے۔اِی ۔ لائبریری کمپیوٹر اور موبائل دونوں آلات سے ’’ کسی بھی وقت کہیں بھی ‘‘ کی بنیاد پر آسانی سے قابل رَسائی ہے ۔ اِنٹرفیس صارف دوست ہے اور قارئین کو اِس کے مواد کے ذریعے آسانی سے سرفنگ کرنے کی اِجازت دیتا ہے۔مذکورہ پلیٹ فارم موبائل دوستانہ فن تعمیر کے ساتھ جی آئی جی ڈبلیو کے رہنما خطوط پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور سائنس ، آرٹ ، اَدب وغیرہ کے مختلف شعبوں کے متنوع مواد تک اَپنی رَسائی کو پھیلاتا ہے ۔ قابلِ رَسائی مواد میں کتابیں ، جرائد ، نیوز لیٹر ، میگزین ، اخبار ، آڈیو اور ویڈیو وغیرہ بھی شامل ہیں۔
شہدائے بدر کی عظمت اورحضرت عائشہ کی سیرت پر پروگرامات
سرینگر// مسجد شریف زیارت حضرت سید کمال الدین مدنی ؒ کنہ مزار نوا کدل اور زیارت حضرت میر سید یعقوب ؒسونہ وار میں جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شہدائے بدر کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اِ س معرکہ میں محسن انسانیت پیغمبر آخرزمانؐ اپنے جان نثاروں کے خود نگران تھے اور اِس معرکے کے غازی حضرت صدیق اکبرؓ، حضرت فاروق اعظمؓ، حضر علی ؓ اورحضرت امیر حمزہ رضوان اللہ علیہم اجمعین تھے۔انہوں نے کہا ،کہ حضرت عائشہ ؓ کے تبلیغ اسلام واشاعت میں جو کارنامے امت کی اِس شفیق ماں نے انجام دیئے وہ ہمارے لئے خاصکر ہماری ماں بہنوں اور بیٹیوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ اس موقعے پر امام و خطیب زیارت سونہ وار الحاج پیرزادہ محمد حسین قادری نے بھی خطاب کیا جبکہ عالم دین علامہ مولانا شوکت حسین کینگ قادری ، مولوی خورشید احمد قانگو نے بھی الگ الگ تقریبات پر جنگ بدر اور حضرت عاشیہ صدیقہؓ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ ؓکے یوم وصال کی نسبت سے گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کیلئے آن لائن کانفرنس منعقد کی اور اصحاب بدر کی اسلامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا جس میں جید علما بشمول مولانا خورشید احمد قانونگو ، اعجاز حمد ککرو،مولانا مبارک حسین نعمانی، مفتی قمرالدین،سمیع اللہ بٹ، ابوالحسن فاروقی ، مولانا طارق مصباحی نے شرکت کی۔ ریاست کے برگزیدہ عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے اس کی صدارت کی۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے شرکا کا استقبال کیا۔مولاناکینگ نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و حدیث اور تاریخ کے اوراق ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ کے فضائل و مناقب کی گواہی دے رہے ہیں حضرت عائشہؓ نہایت ذہین، بے حد فیاض، قوتِ حافظہ میں لاجواب، نہایت شیریں کلام اور فصیح اللسان تھیں۔مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا کہ سیدہ عائشہ صدیقہؓ وہ خوش نصیب عورت ہیں جن کو نبیؐ کے لیے خود اللہ تعالیٰ نے منتخب فرمایا۔
آغا حسن کا غزوئہ بدر کے موقعہ پر پیغام تہنیت
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے غزوہ بدرکے موقعہ پر اپنے تہنیتی پیغام میں اس معرکہ میں مسلمانوں کی شاندار فتح کو اللہ اور اسکے رسول ؐ پر مسلمانوں کے ایمان کا شاندار مظاہرہ قرار دیا ۔آغا حسن نے کہا کہ ایک ہزار سے زیادہ مسلح کفار و مشرکین کے مقابلے میں تین سو تیرہ مسلمانوں کی فتح اور برتری صرف اور صرف ان مسلمانوں کے ایمان کامل کا نتیجہ تھا ۔ آغا حسن نے افغانستان میں ہزارا شیعہ برادری کے کئی تعلیمی اداروں پر سلسلہ وار حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان سانحات میں دو درجن سے زیادہ طالب علموں کی شہادت پر دلی صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں پر دہشتگردانہ حملے ایک درندانہ فعل ہے ۔
کپوارہ اور سوپور میں 5 افراد ممنوعہ نشیلی اشیاء سمیت گرفتار
سرینگر/ /کپوارہ اور سوپور پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشاعہ برآمد کیا ۔کپوارہ پولیس نے چارافرادکو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے ممنوعہ منشیات برآمد کیا۔پولیس اسٹیشن کپوارہ کی ایک ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران رئیس احمد شاہ ساکن اندرہامہ درگمولہ ،محمد ایوب خان ساکنہ وترکھنی درگمولہ، مطیع الرحمان ساکن نہم باغ مغربی بنگال حال کپوارہ اور شفیق الرحمان ساکنہ مالدہ مغربی بنگال حال کپوارہ کو گرفتار کیا ہے ۔ گرفتاری کے وقت چاروں افراد مشکوک حالات میں گھوم رہے تھے اور پولیس کی موجودگی سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ملزمان کی ذاتی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے براؤن شوگر جیسی نشہ آور چیز برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ ان سے کپوارہ کے کچھ نشے کے عادی افراد نے رابطہ کیا تھا اور پیسے کمانے کے لیے ان کے پاس منشیات پہنچانے جارہے تھے۔تھانہ کپوارہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر 88/2022 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔اسی دوران ایس ڈی پی او رفیع آباد اور ایس ایچ او تھانہ ڈنگی وچھہ کی نگرانی میں ڈی او وترگام کی سربراہی میں پولیس پوسٹ وترگام کی ایک ٹیم نے چتلورہ کراسنگ پر ایک ناکہ لگایا ۔ چیکنگ کے دوران پولیس نے محمد لطیف پرے ساکن حب ڈانگر پورہ سوپور کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے SPASMOPROXYVON پلس کی 110 گولیاں برآمد کیں۔اس اس سلسلے میں کیس زیرایف آئی آر نمبر 42/2022درج کیا گیا۔
بارہمولہ میں تھانہ دیوس کا اہتمام
سرینگر// پولیس نے بارہمولہ میں ‘تھانہ دیوس’ کا اہتمام کیا۔ ان تقریبات کا اہتمام پولیس اسٹیشن اوڑی اور پولیس پوسٹ میرگنڈ میں کیا گیا تھا۔پولیس اسٹیشن اْوڑی میں میٹنگ کی صدارت ایس ڈی پی او اڑی جنید ولی کے ساتھ ڈی وائی ایس پی دیرج کمار اور ایس ایچ او اوڑی نے کی۔ اسی طرح پولس چوکی میرگنڈ میں پروگرام کی صدارت ڈی وائی ایس پی پی سی پتن الطاف احمد نے انسپکٹر محمد شفیع کے ہمراہ کی۔میٹنگوں میں اوڑی اور میر گنڈ کے آس پاس کے علاقوں کے معزز شہریوں بشمول اوقاف کمیٹیوں کے ممبران، نمبرداروں، چوکیداروں نے شرکت کی۔میٹنگوںکے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل کو اجاگر کیا اور انہیں یقین دلایا گیا کہ پولیس سے متعلق ان کی حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ان کے جلد ازالے کے لیے سول انتظامیہ کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع میں نچلی سطح پر پولیسنگ کو از سر نو بنایا جائے گا تاکہ پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور لوگوں میں اعتماد پیدا ہو سکے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے پولیس افسران نے کہا کہ تھانہ دیوس حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے اور عام لوگوں کی شکایات سننے اور ان کا ازالہ کرنے کے لیے شروع کی گئی ایک پہل ہے اور مزید کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کے لیے لازمی ہے۔ عوام کا اعتماد جو جرائم اور سماجی برائیوں کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہوگا۔
پولیس کی بونیار میں مہلوک اہلکارکے اہل خانہ سے ملاقات
سرینگر// شہداء کے خاندانوں تک پہنچنے اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے، پولیس نے ایک پہل کرتے ہوئے بونیار میں ایچ سی محمد اکبر کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ایس ایچ او بونیار، انسپکٹر رشید احمد نے شہید ہائی کورٹ محمد اکبر ساکن بیدن بونیار، ضلع بارہمولہ کے خاندان سے ملاقات کی جنہوں نے وادی میں امن واستحکام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔پولیس شہداء کے لواحقین کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس بات کی یقین دہانی کراتی ہے کہ ضلع میں پروگرامز جاری رہیں گے۔
’’خواتین کی ترقی کی سکیموں پر زیادہ توجہ دیں ‘‘
وزیر اعظم کے نئے 15 نکاتی پروگرام کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا
سری نگر//اقلیتوں کے قومی کمیشن کے آفیشنگ چیئرپرسن سیّد شہزادی نے آج جموں و کشمیر میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے وزیر اعظم کے نئے 15 نکاتی پروگرام کے نفاذ کا جائیزہ لیا اور سکیموں کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے کیلئے مزید کوششیں کرنے کی ہدایت دی ۔ ابتداً، آفیشنگ چیئر پرسن نے مختلف محکموں سے متعلق اقلیتی بہبود کی اسکیموں کا سیکٹر وار جائیزہ لیا اور تمام سیکٹورل افسران سے رائے طلب کی ۔ انہوں نے افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ اقلیتی بہبود کی اسکیموں پر وزیر اعظم کے نئے 15نکاتی پروگرام کو زمینی سطح پر نافذ کرنے کیلئے اپنی رائے اور تجاویز پیش کریں ۔ سیّد شہزادی نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ 15 نکاتی پروگرام اقلیتوں کی زندگی کو بلند کرنے کی ایک کوشش ہے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ چھ مرکزی نوٹیفائیڈ اقلیتی برادریوں کے پسماندہ اور کمزور طبقوں کو مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے مساوی مواقع میسر ہوں اور وہ ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی بہبود کیلئے وزیر اعظم کے نئے 15 نکاتی پروگرام پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے اور کہا کہ اس سلسلے میں فعال اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اقلیتوں کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ٹرانسپورٹ ، صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کی ترقی کی اسکیموں پر توجہ دی جانی چاہئیے تا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی اسکیموں میں ان کیلئے مناسب حصہ داری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ جوائنٹ سیکرٹری این سی ایم ، اے دھن لکشمی نے اس موقع پر ایک پرذنٹیشن دیتے ہوئے جموں و کشمیر میں اقلیتوں کی بہبود کیلئے اقلیتی امور کی وزارت کی طرف سے شروع کی گئی اسکیموں /پروگراموں /اقدامات کی تفصیلات فراہم کیں اور ان مسائل پر روشنی ڈالی جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ مختلف محکموں جیسے اربن لوکل باڈیز ، ہینڈی کرافٹس ، انڈسٹریز ، اسکول ایجوکیشن م جل شکتی ، نیشنل ہیلتھ مشن ، اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، نیشنل رورل لائیولی ہُڈ مشن ، ہوم ڈیپارٹمنٹ ، محکمہ شہری ترقی ، انٹی گریٹڈ چائیلڈ ڈیولپمنٹ سکیم کے سربراہان اور نمائندوں نے جموں و کشمیر میں مختلف سکیموں اور پروگراموں کی صورتحال سے میٹنگ کو آگاہ کیا ۔
آیوشمان بھارت جن اروگیہ اسکیم اور آیوشمان بھارت ڈیجٹل مشن
عمل آوری میں جموں کشمیر کی کارکردگی تمام مرکزی علاقوں سے بہتر:ڈاکٹر شرما
جموں//چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیشنل ہیلتھ اَتھارٹی ڈاکٹر آر ایس شرما نے یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں جموںوکشمیر میں آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا ( اے بی۔ پی ایم جے اے وائی ) اور آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ( اے بی ڈی ایم ) کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔سی اِی او نے جموںوکشمیر یوٹی میں دونوں اہم پروگراموں کی مؤثر عمل آوری کے لئے رِیاستی صحت ایجنسی کی کوششوں کی تعریف کی اور دیگر یوٹیوں پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر کے ماڈل کو نقل کریں۔اِس سلسلے میں اُنہوں نے جموں و کشمیر میں آیوشمان کارڈ کے 97 فیصد کی آدھار سیڈنگ کا ذکر کیاجو کہ قومی اوسط سے زیادہ ہے اور جموں وکشمیر یوٹی میں سب سے زیادہ ہے۔ڈاکٹر شرما نے اِستفادہ کنند گان کی شناخت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اے بی۔ پی ایم جے اے وائی کی عمل آوری کے لئے نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ ( این ایف ایس اے ) ڈیٹا بیس کی منتقلی کے لئے ایس ایچ اے ٹیم کی بھی تعریف کی۔دورانِ میٹنگ ڈاکٹر شرما نے کامن سروس سینٹروں ( سی ایس سی ) میں رجسٹریشن فیس کو معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے سی ایس سی کو رقم اَدا کرے گا۔ اُنہوں نے اِس عمل کو بہتر کرنے کے لئے ٹی ایم ایس کی خرابی کے فوری حل کی بھی یقین دہانی کرائی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت و طبی تعلیم وویک بھردواج، ڈپٹی سی ای او این ایچ اے ڈاکٹر وپل اگروال اور سی ای او سٹیٹ ہیلتھ ایجنسی یاسین ایم چودھری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
شجاعت بخاری کے قتل میں ملوث سجادگل ’’دہشت گرد‘‘قرار
نئی دہلی//لشکرطیبہ کے شیخ سجادعرف سجاد گل ،جوسرینگرمیں سن2018میں صحافی شجاعت بخاری کوقتل کرنے کاذمہ دار ہے،کومرکز نے دہشت گردقراردیا ہے۔گل گزشتہ پندرھواڑے میں دہشت گرد قراردیئے جانے والا چھٹافرد ہے۔مرکزی وزارت داخلہ کاکہنا ہے کہ گل لشکر کی جموں کشمیرمیں مدد کرنے کیلئے اسلحہ وگولہ بارود کی برآمدگی کے ایک کیس میں مفرروہے اوروہ جموں کشمیرمیں نوجوانوں کو راغب اوربھرتی کرنے میں سرگرم رہا ہے۔وہ متعددمعاملوں میں ملوث ہے۔وزارت کی نوٹیفیکیشن میں کہاگیا ہے کہ گل لشکر کے دیگر ممبران کے ساتھ ملی بھگت میں معروف صحافی شجاعت بخاری کو14جون 2018کواُ ن کی حفاظت پرماموردواہلکاروں سمیت مصروف ترین پریس کالونی میںختم کرنے کی مجرمانہ سازش رچانے میں ملوث پایاگیاتھا۔ اُس کی سرگرمیوں کومدنظررکھتے ہوئے وزارت داخلہ نے گل کو غیرقانونی سرگرمیوں کی روکتھام سے متعلق قانون کے تحت دہشت گرد قراردیا۔
NGDRSپورٹل پردستاویزات کااندراج،تربیتی پروگرام اختتام پزیر
رجسٹریشن عملے کی صلاحیت سازی کیلئے ماہرین نے تربیت دی
جموں// کمشنر سیکرٹری ریونیو وِجے کمار بدھوری کی ہدایت پر اور رجسٹریشن عملے کے لئے صلاحیت کی ترقی کے پروگرام کے ایک حصے کے طورپر رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ پانچ دِنوں میں جموں اور سری نگر میں سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ یونٹ ( ایس ڈی یو ) این آئی سی پونے کے اِشتراک سے ایک وسیع تربیتی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔اِنسپکٹر جنرل رجسٹریشن جے اینڈ کے ، ایڈیشنل اِنسپکٹر جنرل رجسٹریشن جموں / کشمیر ، سربراہان، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ یونٹ ( ایس ڈی یو) ،این آئی سی پونے ، سب رجسٹراروں ( ایس آر ایس) اور ان کے ڈیلنگ عملے نے تربیتی سیشن میں حصہ لیا۔کووِڈ۔19 وَبائی مرض کے بعد یہ پہلا فزیکل تربیتی سیشن تھا ۔تربیت خاص طور پر ان سب رجسٹراروں اور ان کے ڈیلنگ سٹاف کے لئے نئے اقدامات سے واقفیت حاصل کرنے کے لئے ناگزیر ہو گئی تھی جنہیں ماضی قریب میں رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں منتقل کیا گیا تھا۔ان سیشنوں کے دوران ایس ڈی یو پونے کے پیشہ ور اَفراد نے کامیاب اور بغیر پریشانی رجسٹریشن کے لئے رجسٹریشن کے عمل میں کسی بھی قسم کی خرابی کو مسترد کرنے کے لئے رجسٹریشن کے عمل میں پیروی کئے جانے والے اِقدامات کا بغور مظاہرہ کیا ۔ دِکھائے گئے اقدامات میں دستاویز کی اَپ لوڈنگ ، اِس کی ڈی پی آر ریزولوشن ، سائز اور فارمیٹ، کسی بھی چوری سے بچنے کے لئے ادائیگی کی تفصیلات کی اہم تصدیق ، متعلقہ فریقوں کی تصاویر یا فنگر پرنٹس لینا ،پری رجسٹریشن کا خلاصہ ، ایک فائل میں ڈیڈ دستاویز کو سکین کرنا یا اَپ لوڈ کرنا اور اس کے بعد میوٹیشن کے مقاصد کے لئے اسے ایل آر آئی ایس پورٹل پر جمع کرنااورحتمی دستاویز کی پرنٹنگ شامل ہیں۔ سب رجسٹراروں نے خاص طور پر اِی ۔ اسٹامپ کو لاک کرنے اور رجسٹریشن کے کسی بھی مرحلے میں پھنس جانے میں متعدد مسائل اُٹھائے جس کی وجہ کنکٹیویٹی میں رُکاوٹ ہے۔ اِن مسائل پر بات چیت کی گئی اور ایس آرز کو بغیر کسی رُکاوٹ کے دستاویز کے اِندراج کو مکمل کرنے کے لئے اِصلاحی اِقدامات تجویز کئے گئے۔دوران بات چیت ایس آر ز نے این جی ڈی آر ایس میں شامل کرنے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں تاکہ آن لائن دستاویز کے اِندراج کو مزید ترقی پسند اور شہری دوست بنایا جاسکے۔تجاویز میں رجسٹریشن فیس کے لئے آن لائن ادائیگی کے گیٹ وے سسٹم کا تعارف ، کنکٹیویٹی کے مسائل کی صورت میں اَپ لوڈ کرنے کے لئے کلائنٹ کی تصاویر کی آف لائن بچت ، ایل آر آئی ایس کے ساتھ ربط ، آدھار اور پی اے این سے پارٹیوں کی اِی ۔ کے وائی سی تصدیق ، خود کار ایس ایف تی کے لئے اِنکم ٹیکس پورٹل سے ربط اور دیگر مطلوبہ فائلنگزشامل ہیں۔ایس آرز نے ایس آر او لاگ اِن پر رجسٹرڈ دستاویزات کے لئے تلاش کی سہولیت کی بھی درخواست کی جو اَب ہر ایس آر کو فراہم کی گئی ہے۔ایس آرز نے یہ بھی مشورہ دیا کہ پوری دستاویز کو سکین کرنے اور اَپ لوڈ کرنے کی بجائے جو کہ بہت مشکل اور وقت طلب ہے، حتمی آرڈر کے ساتھ پوری دستاویز کو خودکار طور پر تیار کرنے کی سہولیت ہونی چاہیے جس پر ڈیجیٹل طور پر دستخط یا اِی ۔دستخط کئے جاسکتے ہیں۔ . اُنہوں نے یہ بھی تجویز کیا کہ فریقین کی اسناد کی تصدیق کے لئے این جی ڈی آر ایس میں فنگر پرنٹ سسٹم کو فعال کیا جائے، این جی ڈی آر ایس میں میکر اور چیکر کی سہولیت شروع کی جائے، دستاویز کی منظوری کو آخری مرحلے میں منتقل کیا جائے اور رجسٹریشن فیس کی ادائیگی آخری مرحلے پر، انکار کے حکم کی اطلاع این جی ڈی آر ایس پورٹل پر متعلقہ رجسٹرار کو خود بخود بھیجا جائے گا، فائل کا سائز30ایم بی تک بڑھایا جائے گا (سائن + سکین کے بعد) اَپ لوڈ کرنا۔ ایس آرز کو یقین دِلایا گیا کہ ان کی تمام تجاویز کا ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور ایس ڈی یو پونے کے ساتھ مشاورت کے ساتھ جائزہ لیا جائے گا۔ ایچ او ڈی، ایس ڈی یو، این آئی سی پونے اجے جوشی نے جموں و کشمیر میں این جی ڈی آر ایس کے کام پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی یو پونے اپنے مکمل آٹومیشن کے لئے رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔ اُنہوں نے رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے دو افسران کو تربیت دینے پر آمادگی ظاہر کی تاکہ وہ جے کے این جی ڈی آر ایس کی دیکھ دیکھ ، نفاذ اور پائیداری کے لئے ماسٹر ٹرینرزوںکے طور پر خدمات انجام دے سکیں۔ مختلف اقدامات کے نفاذ اور افسران کی دیکھ دیکھ کے لئے جن کی خدمات کو استعداد کار میں اضافے کے لئے کسی بھی ایس آر کے تبادلے یا ترقی کی صورت میں یا ماتحت عملے میں شامل افراد میں خلا پیدا کئے بغیر دیگر افسران/ عملہ استعمال کیا جا سکے۔انہوں نے جموں و کشمیر کے رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کچھ انٹرفیس کے اشتراک کے بارے میں بھی بتایا تاکہ آئی جی آر کی سطح پر ایس آرز کے بنیادی رجسٹریشن سے متعلق مسائل کے ازالے کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے ستمبر 2020 ء میں جموں و کشمیر میں این جی ڈی آر ایس کے آغاز کے بعد سے ریکارڈ تعداد میں رجسٹریشن/ریونیو کی وصولی کے لئے ریونیو اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی۔آئی جی آرجموںوکشمیر نے کہاکہ کمشنرسیکرٹری محکمہ ریونیو کی شاندار اور مدبرانہ قیادت میں رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے اپنے کام کاج کو مستحکم کیا ہے، رجسٹریشن کوصد فیصدآن لائن کیا ہے اور جموں و کشمیر یوٹی میں ریونیو دینے والے اہم اداروں میں سے ایک کے طور پر اُبھرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بہت سے شہری دوست اقدامات پہلے ہی اُٹھائے جا چکے ہیں اور بہت سے کام جاری ہیں جس میں چیکر اینڈ میکر، ہوم وزٹ ماڈیول،پی اے این تصدیق، آدھار کی تصدیق،جی آر اے ایس وغیرہ کے علاوہ رجسٹریشن فیس کے لئے فوری ادائیگی گیٹ وے (آئی پی جی) شامل ہیں۔اُنہوں نے مطلع کیا کہ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کی ایک ٹیم مئی 2022 ء کے پہلے ہفتے میں پونے مہاراشٹرا اور کرناٹک کا دورہ کر رہی ہے تاکہ رجسٹریشن کے عمل، طریقہ کار کا مطالعہ کیا جا سکے جنہیں جموں اور کشمیریوٹی میں نقل کیا جا سکتا ہے۔آئی جی آر جموںوکشمیر نے جے اینڈ کے این جی ڈی آر ایس کے لئے ایس ڈی یو پونے کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے تعاون کو بڑھایا جائے گا۔ اُنہوں نے ایس آرز کی محنت، صنعت اور بے لوث کاوشوں کو بھی سراہاجس کے نتیجے میں مالی برس2021-22ء میں رجسٹریشنوں کی ریکارڈ تعداد (84,140) اور ریونیو کلیکشن (499.11 کروڑروپے) ہوئی جو رجسٹریشنوں میں 37 فیصداور مالی برس 2020-21ء کے دوران محصولات کی وصولی میں 52 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتی ہے ۔ آئی جی آر نے ایس آرز اور ان کے معاون عملے پر زور دیا کہ وہ دستاویز کی رجسٹریشن کو مزید شہریوں کے لئے دوستانہ بنانے کی خاطر مشنری جوش کے ساتھ کام جاری رکھیں۔شرکاء نے ان تربیتی سیشنوں کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا جس نے انہیں دستاویزات کے اندراج کے مختلف پہلوؤں سے واقفیت اور مزید وضاحت حاصل کرنے میں بے حد مدد کی۔ ایس آرز نے درخواست کی کہ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی وقفے وقفے سے جاری رکھے جائیں۔
ماہ صیام میںمہنگائی عروج پر
عوام بنیادی ضروریات سے محروم: نیشنل کانفرنس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی نے رمضان مبارک کے دوران وادی میں بنیادی ضروریات میسر نہ رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سحری اور افطار کے وقت ہی بجلی کی عدم دستیابی، حد سے زیادہ مہنگائی اور سڑکوں و گلی کوچوں کی صورتحال انتظامی ناکامی اور نااہلی کی کہانی خود بہ خود بیان کرتی ہے۔انہوں نے اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ ایام متبرکہ کے دوران بھی لوگوں کو اُن بنیادی ضروریات سے محروم رکھا گیاہے جو ماضی میں خود بہ خود میسر رہا کرتی تھیں۔ رمضان المبارک میں بھی لوگوں کو بجلی اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے مسائل درپیش ہیں جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور صارفین سے منہ مانگی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں اُٹھایا جارہا ہے۔ ناصر اسلم وانی نے کہا کہ امسال ماہ رمضان کے دوران بجلی کی بدترین سپلائی پوزیشن جارہی ہے اور ایسا محسوس ہورہاہے کہ حکومتی سطح پر لوگوں کر پریشان کرنے کیلئے جان بوجھ کر اہم اوقات پر بجلی کی آنکھ مچولی کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ موٹی موٹی بلیں ادا کرنے کے باوجود بھی بجلی سے محروم ہونے کی وجہ سے لوگوں میں زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ صوبائی صدر نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ہر سطح پر راحت پہنچانے کے لئے ٹھوس اور بروقت اقدامات کئے جائیں۔ اُنہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ اس مقصد مہینے کے دوران بجلی ، پینے کی پانی ، صحت وصفائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس ، معیاری چاول، آٹا دستیاب رکھا جائے اور خصوصی طور پر سحری و افطار کے اوقات پر لوگوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جانا چاہئے۔ ترجمان نے انتظامیہ سے قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے چیکنگ سکارڈ ٹیمیں تشکیل دینے کی ساتھ ساتھ تاجروں اور دکانداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ عوام کو مناسب اور معقول داموں پر اشیاء ضروریہ فروخت کرنے کی کوشش کریں۔
کشمیریونیورسٹی میں ای ۔آفس کی شروعات
سرینگر//کشمیریونیورسٹی نے انتظامی صلاحیت کوبڑھاوادینے کیلئے ایڈمنسٹریشن منیجمنٹ سسٹم کے تحت ای۔فائل سروس (ای۔آفس) کو لاگو کرنا شروع کیا ہے۔اس سلسلے میں یونیورسٹی کے آئی ٹی اور ایس ایس ڈائریکٹوریٹ جس نے ای آفس سافٹ وئر تیار کیا ہے، نے متعددداخلی متعلقین جن میں افسراں،فیکلٹی ممبران اوردیگرشامل ہیں،کو تربیت دیناشروع کیاہے،تاکہ تمام منصوبوں کے پیش کرنے اورمنظوری حاصل کرنے میں سہولیت مہیا ہو۔ایڈمنسٹریشن منیجمنٹ سسٹم میں ملازم، رخصتی، بجٹ، مالیات، پراپرٹی ریٹرن سبمشن اوردیگر شامل ہیں۔تربیت کے پہلے سیشن کے دوران آئی ٹی ٹیم نے ای آفس کا مظاہرہ کیا اور اس موقعہ پریونیورسٹی کے رجسٹرارڈاکٹر نثاراحمدمیراوریونیورسٹی کے دیگراعلیٰ حکام موجود تھے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر میرنے کہا ای فائل سروس سے ہم آہستہ آہستہ ای آفس کی طرف منتقل ہورہے ہئں اورہم اپنے نظام کو مزید باصلاحیت بنائیں گے۔
غیرقانونی شکار پرروک
لانکریشی پورہ بانڈی پورہ میں پنٹ گن برآمد،شکاری فرار
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں فارسٹ پروٹیکشن فورس اہلکاروں نے لانکریشی پورہ میںولرجھیل میں ایک کشتی سے پنٹ گن برآمد کی۔فارسٹ پروٹیکشن فورس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرآپریشن محمدیونس نے کہا کہ یہ بازیابی غیرقانونی شکار کے خلاف اسکورڈ نے کی جس کی سربراہی ڈپٹی انسپکٹرکررہے تھے،تاہم شکاری وہاں ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی موقعہ سے فرار ہوگیاتھا۔پنٹ گن ایک لمبی شاٹ گن ہوتی ہے جونم علاقوں سمیت مختلف اقسام کے پرندوں کاشکارکرنے کیلئے استعمال ہوتی ہے۔ماضی میں بھی محکمہ نے جھیل ولرسے ایسی بندوقیں ضبط کی ہیں۔محمدیونس سے بتایا کہ فارسٹ پروٹیکشن فورس نے جھیل ولر اور مضافات میں اپنی نگرانی تیز کردی ہیںتاکہ غیرقانونی شکار کوروکا جاسکے اورولرجھیل میں پرندوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔انہوں نے مزیدکہا کہ اس سال ولرجھیل میں تقریباًنہ ہونے کے برابر غیرقانونی شکار ہوااوراگلے سال تک ہم اِسے مکمل طور پرروکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
عید سے قبل عارضی ودیگرملازمین کی تنخواہیں واگزار کی جائیں:ایجیک
سرینگر// عید سے قبل عارضی اور دیگر ملازمین کی التواء میں پڑی تنخواہوں اور اجرتوں کو واگزار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان ملازمین کو بھی عید کی حقیقی خوشیوں میں شامل ہونے کا موقعہ دیں۔ایجیک دھڑے کے صدر فیاض شبنم نے کہا کہ عید کا مبارک دن قریب آرہا ہے اور اس کے باوجود سینکڑوں ملازمین اور عارضی ملازمین اپنی تنخواہوں اور اجرتوں کی واگزاری کیلئے بار بار درخواستوں کے باوجود تنخواہوں سے محروم ہیں۔ فیاض شبنم نے کہا کہ تنخواہوں کو روکنے سے اس مشکل وقت میں ان کے مصائب اور پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملازمین کسی بھی آفت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیشہ فرنٹ لائن پر رہے ہیں اور تنخواہوں اور اجرتوں کی عدم ادائیگی نہ صرف ان کے ساتھ بلکہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔ ایجیک کے صدر فیاض احمد شبنم نے حکومت خاص طور پرچیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا اور فائنانشل کمشنر اتل ڈھلو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں اور عید سے قبل ان کی تنخواہوں اور اجرتوں کو جاری کرکے ملازمین اور یومیہ اجرتوں پر کام کرنے والوں کے حقیقی شکایات کا ازالہ کریں تاکہ یہ ملازمین اور ڈیلی ویجرراحت کی سانس لے سکیں اور اپنے بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ عید منا سکیں۔ فیاض احمد شبنم پرامید ہیں کہ حکومت عام مفاد کے وسیع تر مفادات میں زیر التوا تنخواہوں اور اجرتوں کا مسئلہ حل کرے گی۔