میوہ فروش کے نابالغ ساتھی کاکارنامہ
بزرگ گاہک کو چھری مار کر زخمی کردیا
ارشاداحمد
سرینگر// قمرواری میں اپنی نوعیت کے پہلے واقعہ میں میوہ خریدنے کے دوران 70 سالہ شہری پرایک نابالغ لڑکے نے تیز دھار چاقو سے حملہ کرکے اُسے بری طرح زخمی کردیاگیا۔پولیس حاکموںنے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گزشہ روز قمرواری میں محمد صدیق مٹہ ولد مرحوم عبدل عزیم ساکنہ قمرواری سرینگر افطار سے قبل گھر سے میوہ خریدنے نکلا تھا کہ جس دوران میوہ فروش سے کسی بات پر تو تو میں میں ہوگئی جس دوران میوہ فروش کے ساتھی نے عمر رسیدہ شہری پر تیز دھار چاقو سے حملہ کرکے اُسے بری طرح زخمی کردیا۔ اس موقع پر زخمی شہری کو فوری طور پر صدر ہسپتال سرینگر منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرکے چاقوسے وار کرنے والے ملزم جو کہ نابالغ ہے، کی گرفتاری عمل میں لائی۔معاملے کی نسبت مقدمہ زیر نمبر 91/2022 پولیس تھانہ قمرواری میں درج کرکے نابالغ ملزم کو جونائیل بورڈہارون منتقل کر دیا گیا۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔
عوامی شکایات درج کرانے کا پلیٹ فارم
دیہی اورپنچایتی راج ادارے کی موبائل ایپ فعال
جموں//دیہی ترقی اور پنچائتی راج محکمے نے شہریوں کو اپنی شکایات درج کرانے کیلئے ڈیجٹل پلیٹ فارم کیء ذریعے سہولت فراہم کرنے کی کوشش میں اپنی موبائل سنٹرک شکایات کے ازالے کی ایپلی کیشن ’ جن نگرانی ایپ ‘ کو فعال کیا ہے ۔ جن نگرانی ایپ محکمہ کی مختلف اسکیموں کے خلاف جموں و کشمیر کے باشندوں کی شکایات کی اطلاع دینے اور ان کے حل کیلئے انٹر نیٹ پر مبنی حل ہے ۔ ایپ کو شہریوں کو ان کی شکایات کے ازالے کیلئے 24X7 پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے ایک ای گورننس اقدام کے طور پر تیار کیا گیا ہے ۔ مزید براں موبائل ایپ شہریوں اور عہدیداروں کو ایک پلیٹ فارم کے ذریعے مربوط کرے گی ، جہاں ایک بار کسی مخصوص اسکیم کے خلاف درج ہونے والی شکایت خود بخود متعلقہ اتھارٹی کو اس کے ازالے کیلئے میپ کر دی جائے گی ۔ یہ ایپ حسب ضرورت اسکیم مخصوص ان پُٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے شکایات کی درست رپورٹنگ کی سہولت بھی فراہم کرے گی تا کہ نامکمل معلومات کی وجہ سے کم سے کم مسترد ہونے کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کسی خاص شکایت کے ازالے کیلئے درخواست کو بلاک کی سطح پر سات دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ بوگس یا جھوٹی شکایات کو بھی چیک کرے گا اور اسے گوگل اور اینڈ رائیڈ سافٹ وئیر کے پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے ۔
پولیس نے2مفرور افراد کو گرفتار کیا
راجوری//مختلف مقدمات میں مطلوب مفرور ملزمان کے خلاف مزید شکنجہ کستے ہوئے راجوری پولیس نے ایک کیس میں مطلوب ایسے دو مفروروں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں راجوری ضلع کے تھنہ منڈی پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم کی جانب سے کی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ دو مفرور ملزمان محمد رشید ولد محمد اکبر اور محمد شکیل ولد محمد شفیع، دونوں تھنہ منڈی کے علاقہ بدکانہ کے رہائشی تھے اوروہ دونوں اس سلسلہ میں درج ایف آئی آر 84/2008 زیر دفعہ 452، 147 آر پی سی اور دفعہ 512 کے تحت گرفتاری کے جنرل وارنٹ میں مطلوب تھے۔پولیس نے بتایا کہ ایس ڈی پی او ڈاکٹر امتیاز احمد کی نگرانی میں ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت امین کی سربراہی میں ایک ٹیم نے دونوں مفرور ملزمان کو روک کر انہیں گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی راجوری محمد اسلم نے کہا کہ فراریوں کے خلاف مہم جاری ہے اور حال ہی میں متعدد گرفتاریوں کے ساتھ ان کی گرفتاری کی کوششیں تیز کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
عرس مبارک حضرت خدیجتہ الکبریٰ ؓ
انجمن اوقاف اور جمعیت ہمدانیہ کا خراج عقیدت
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ام المومنین حضرت خدیجہؓکے یوم وصال پر امہات المومنین کو خراج عقیدت ادا کیا ہے ۔ اپنے ایک پیغام میں انجمن اوراس کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق کی طرف سے ام المومنین حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ کے دین اسلام ، پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ اور تحریک اسلامی کے تئیں تاریخ ساز ، بے لوث اور عظیم خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ام المومنین اولین مومنہ اور اسلام کی سب سے بڑی محسن ہیں جنہوں نے اپنا تن ، من دھن سب کچھ دین اسلام اور پیغمبر اسلامؐ پر نچھاور کردیا۔بیان میں اس امر پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ماہ رمضان کے عشرئہ رحمت کے آخری دن تاریخی آستان عالیہ دستگیر صاحب میں امسال بھی میرواعظ کشمیر کی مسلسل نظر بندی کے سبب خصوصی وعظ و تبلیغ کی مجلس آراستہ کرنا ممکن نہیں ہو سکا جو کشمیری عوام کیلئے بیحد تکلیف دہ اور باعث اضطراب ہے۔انجمن نے ماہ رمضان میں میرواعظ کی نظر بندی ختم کرنے کا مطالبہ دہرایاتاکہ موصوف اپنے فرائض منصبی پر امن طور پر انجام دے سکیں۔اس دوران حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفیؒ واقع زینہ کدل میں ایک تقریب کا انعقاد ہواجس میں جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے روزوں کی فضیلت اور رمضان المبارک کے تقدس خاصکر حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ کی سیرت، سخاوت پر روزنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ اُمت مسلمہ کی شفیق اور رفیق ماں حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ نے اسلام کی آبیاری کیلئے ساری دولت خرچ کی اور اللہ کی سعادت اور رحمت حاصل کرنے میں سب سے پہلے مسلم خواتین میں اِسی عظیم خاتون کو شرف اسلام کی سعادت حاصل ہوئی ۔ انہوں نے اُمت مسلمہ کی ماں بہنوں ، بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ حضرت خدیجہؓ کی تعلیم پر چل کر زندگی گزاریں۔
مشن یوتھ کے ساتھ خود کو رجسٹر کریں
ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی ضلع کے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل
عازم جان
بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے منگل کو ضلع کے بے روزگار نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر مشن یوتھ کے ساتھ خود کو رجسٹر کریں۔ ڈاکٹر اویس نے کہا مشن یوتھ کا مقصد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی شمولیت اور بااختیار بنانے کے لیے ایک متحرک ذریعہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن یوتھ نوجوانوں کو پائیدار روزی روٹی حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ ڈاکٹر اویس نے چیف ایگزیکٹیو افسر مشن یوتھ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مشن یوتھ پانچ لاکھ بے روزگار نوجوانوں کا ڈیٹا بیس بنانے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاکہ ان کی ضروریات، خواہشات اور ہنر، تعلیم اور قابلیت کے پس منظر کی بنیاد پر ان کی ملازمت کی ضروریات کو نقشہ بنایا جا سکے۔ ڈی سی بانڈی پورہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تفصیلات جمع کریں اور پورٹل https://missionyouthjk.in/YouthDataBank پر خود کودو ہفتوں کے اندر رجسٹر کریں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کا فیس کافی آسان ہے اور اسے کسی بھی سمارٹ فون کے استعمال سے بھرا جا سکتا ہے، تاہم نوجوان کسی بھی قسم کے مسائل کا سامنا کرنے والے قریبی CSC سنٹر سے رجوع کر سکتے ہیں۔
کپوارہ میں بلاخلل پینے کے پانی کی فراہمی
ایگزیکٹیو انجینئرجل شکتی محکمہ نے کئی علاقوں کا دورہ کیا
اشرف چراغ
کپوارہ //ماہِ رمضان کے متبرک مہینے میں لوگو ں کو بلاخلل پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی محکمہ کپوارہ نے متعدد علاقوں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی محکمہ کپوارہ ڈویژن راجندر کمار شرما نے لولاب اور کرالہ پورہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہا ں محکمہ کے انجینئروںاور فیلڈ عملے سے تبادلہ خیال کیا ۔انہو ں نے ہدایت دی کہ وہ لوگو ں کو ماہِ رمضان کے متبرک مہینے میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی کو یقینی بنائیں تاکہ اس متبرک مہینے میں انہیں کسی بھی قسم کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہو ں نے ان علاقوں میں واٹر سپلائی سکیمو ں کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ جن مقامات پر پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائن کو نقصان پہنچ چکا ہے اور ان سے پانی ضائع ہوتا ہے اس کی مرمت کے لئے فوری طور اقدامات کریں تاکہ لوگو ں کو بلا رکاوٹ پانی فراہم ہوگا ۔انہو ں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنی ڈیو ٹی خوش اسلوبی سے انجام دیں اور پینے کے پانی کے حوالہ سے اپنی خدمات جاری رکھیں ۔انہو ں نے کہا کہ جو بھی ملازم اپنے فرائض میں کسی قسم کی بھی کوتاہی کریں ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
بیساکھی کے موقع پر انتظامات کئے جائیں: نیشنل کانفرنس
سرینگر// نیشنل کانفر س نے بیساکھی کے تہوار پر تمام گورودواروں اور سکھ آبادی والے علاقوں میں تمام سہولیات میسر رکھنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کی اقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ سکھ آبادی والے علاقوں میں بیساکھی کی تقریب کے دوران بلا خلل بجلی ، پینے کا صاف پانی اور صحت و صفائی کے علاوہ گورودواروں کے روٹوں پر ٹرانسپورٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔اس دوران پارٹی کے وسطی زون صدرعلی محمد ڈار، جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اور شمالی زون صدر جاوید احمد ڈار نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ بیساکھی کے ایام کے دوران سکھ آبادی والے علاقوں میں تمام سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔
مویشیوں کی غذائیت اور صحت کے مسائل
کرشی وگیان کیندر بانڈی پورہ کی جانب سے طبی کیمپ کا انعقاد
عازم جان
بانڈی پورہ// کرشی وگیان کیندر بانڈی پورہ نے پہاڑی علاقے میں مویشیوں کی غذائیت اور صحت کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے کڑورہ کے قبائلی کسانوں کے لیے ایک خصوصی اینیمل ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا۔ ڈائریکٹر ایکسٹینشن سکاسٹ کشمیر کے کسانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر دل محمد مخدومی نے فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار کے نظام کے ذریعے موجودہ قدرتی وسائل کو پائیدار طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ موسمیاتی خطرات کے تحت طویل مدتی زیادہ پیداواری اور زرعی آمدنی حاصل کی جا سکے اور آب و ہوا پر قابو پانے کے لیے مناسب تخفیف کی ٹیکنالوجی کو اپنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد مویشیوں کی صحت کی عمومی صورتحال، انتظامی طریقوں اور علاقے میں مروجہ بیماریوں/مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا، تاکہ مویشیوں سے متعلق مداخلت کو منظم طریقے سے اٹھایا جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معروف احمد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری نے ایسے کیمپوں کو دور دراز کے علاقوں میں مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا جہاں کا ذریعہ معاش بنیادی طور پر مویشیوں پر منحصر ہے۔ ڈاکٹر طارق سلطان، سائنسدان کے وی کے بانڈی پورہ نے ضلع کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں جدید ترین ٹیکنالوجی کو پھیلانے میں کرشی وگیان کیندر کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر طاہر سلیم، ڈاکٹر ہلال احمد ملک کے وی کے بانڈی پورہ کے سبجیکٹ میٹر سپیشلسٹ اور ڈاکٹر حنا وانی سینئر ریسرچ فیلو بھی موجود تھے۔ بعد ازاں، گائوں کے 65 کسانوں اور فارم خواتین میں ویٹرنری ادویات بشمول اینتھل منٹکس، ملٹی منرل سپلیمنٹس وغیرہ مفت تقسیم کی گئیں۔
بجبہاڑہ میں 4 افرادنشیلی اشیاء سمیت گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران اننت ناگ پولیس نے چار افراد کو ممنوعہ اشیاء کے ساتھ گرفتار کیا۔ایک خاص اطلاع پر تھانہ بجبہاڑہ کی پولیس پارٹی نے گڈی سیر بجبہاڑہ کے مقام پر نا کہ لگایا اور ایک گاڑی کو روک کر گاڑی کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر DL1CJ-5691 سے تقریباً 14 کلو گرام چرس پاؤڈر اور 7گرام براؤن شوگر برآمد کیا۔ گاڑی میں سوار چار افراد سوار تھے جن کی شناخت افروز احمد ملک ساکن جبلی پورہ ،شاہد رشید وگے ساکن جبلی پورہ،محمد یوسف شاہ ساکن گوری ون اوربشیر احمد ڈار ساکن ویری کے طور پر ہوئی ہے ۔تھانہ پولیس بجبہاڑہ نے اس سلسلے میں کیس متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا ہے۔کے این ایس
پلوامہ اور شوپیان میں باغ مالکان پریشان
جراثیم کش ادویات دستیاب نہ ہونے سے میوہ جات کو نقصان
سرینگر / / پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں سیب کی پیداوار کے علاوہ آلو بخار، گلاس اور دیگر میوہ جات کافی مقدار میں پائے جاتے ہیںاور مذکورہ میوہ جات کے درختوں کو جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو مارچ اور اپریل میں ہی مطلوب ہوتی ہے تاہم خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے مالکان باغات کو ادویات دستیاب نہ ہونے کے نتیجے میں میوہ درختوں کو نقصان پہنچا ہے ۔کسانوںکا کہناہے کہ ان میوہ درختوں کو چھڑکائو کیلئے جراثیم کش ادویات میسر نہیں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مارچ اوراپریل میں ہی ان میوہ درختوں کا چھڑکائو کرنا مطلوب ہوتا ہے لیکن مسلسل خراب موسمی صورتحال کے نتیجے میں ادویات نہیں مل رہے ہیں اور نہ ہی محکمہ ہارٹیکلچر اس ضمن میں کوئی اقدام کررہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے میوہ درختوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ باغ مالکان کو کھاد اور ادویات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرے ۔ سی این آئی
بخاری کاڈاکٹر الطاف کی وفات پراظہار تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے نوا گبراہ کرناہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر الطاف شیخ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سابق ایم ایل سی کرنا ہ کے ساتھ ہمدردی تعزیت کی ہے۔ ایک بیان میں بخاری نے کہا ہے کہ اُنہیں ڈاکٹر الطاف شیخ کی وفات کی خبر سُن کر بہت دکھ ہوا۔ انہوں نے مرحوم کو نیک سیرت اور شریف النفس شخص قراردیتے ہوئے کہاکہ سماج کی بہبودی کے لئے اُن کی خدمات کو لمبے عرصے تک یاد رکھاجائے گا۔ پارٹی صدر کے علاوہ چیئرمین اپنی پارٹی پارلیمانی امور کمیٹی دلاور میر، ترجمان اعلیٰ جاوید حسن بیگ، ضلع صدر بارہمولہ شعیب نبی لون، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور اور دیگر کئی سنیئرلیڈران نے بھی اُن کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ افراد خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی قیادت نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔
رئیل می نامی کمپنی کے نئے سمارٹ فون متعارف
سرینگر//ہندوستان میں تیزی سے ترقی کرنے والے ٹیکنالوجی برانڈ رئیل می نے اپنے جدید ترین اسمارٹ فونز رئیل می جی ٹی پرو2 اور پرچم بردار ریل می9، 108MP پرو لائٹ کیمرہ پاور پرفارمر متعارف کرایا ہے۔ برانڈ نے اپنی ایکو سسٹم ٹیک لائف پیشکشوں کے تحت نئی دلچسپ مصنوعات کی بھی نقاب کشائی کی۔لانچ کے موقع پر تبصرہ کرتے ہوئے، ریل می انڈیا کے وائس پریذڈنٹ و چیف ایگزیکٹیو افسر دھو شی نے کہا کہ’’ہمارا مقصد صارفین کو ان کی روزمرہ کی زندگی میں بااختیار بنانے کے لیے مختلف قسم کی جدید ٹیکنالوجی پروڈکٹس فراہم کرنا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرچم بردار کے طور پر جی ٹی سیریز کے ساتھ، ہم نے اپنی مرضی کے مطابق، پریمیم زمرے میں رئیل می کے نقش کو بڑھانے کے لیے بڑے، نئے مقاصد کے ساتھ 2022تک رسائی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری شروع کی گئی جی ٹی سیریز کی مصنوعات کے لیے صارفین کے زبردست ردعمل نے ہمیں پریمیم مارکیٹ میں نئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرنے کا اعتماد دیا ہے، جس سے صارف کے تجربے پر پابندیاں بڑھ رہی ہیں۔
رمسا اساتذہ کا سرینگر میں احتجاج
سرینگر//یو این آئی// رمسا اسکیم کے تحت تعینات اساتذہ نے منگل کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنی نوکریوں کی بحالی کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے اور ‘ہمارے ساتھ انصاف کرو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔اس موقع پر محمد اقبال زرگر نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے آج تک کئی بار اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا لیکن حکومت ہمارے مطالبوں کی طرف توجہ نہیں دے رہی ہے ‘‘۔انہوں نے کہا ’’ ہمیں سکریننگ ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد رمسا اسکیم کے تحت اساتذہ کی حیثیت سے تعینات کیا گیا تھا‘‘۔ان کا کہنا تھا:‘یہ اسکیم ابھی بھی چل رہی اور مرکزی حکومت نے اس کو سال2026 تک توسیع کی ہے لیکن اس میں اساتذہ کو نکا لا گیا ہے ’۔موصوف احتجاجی نے کہا کہ اس اسکیم میں فنڈس بھی دستیاب ہیں اور انجینئرس وغیرہ بھی کام کر رہے ہیں لیکن پڑھانے والوں کو نکا لا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے بھی ہماری بحالی کا حکمنامہ جاری کیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ہمیں بحال نہیں کیا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف ہم سے نوکریاں چھینی جا رہی ہیں۔
سوپور میں پولیس کمیونٹی گروپ میٹنگ کا انعقاد
سرینگر// سوپور میں پولیس نے پولیس پوسٹ میوہ منڈی میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ کے اجلاس کا انعقاد کیا۔یہ اجلاس ایس ڈی پی اوسوپور فرقان قادرکے ساتھ ساتھ ایس ایچ اوسوپور، انچارج پی پی میوہ منڈی اور دیگر افسران کی طرف سے کیا گیا تھا۔میٹنگ میں تاجروں کی فیڈریشن سوپور، سرپنچ، پنچ نے شرکت کی۔پولیس افسران نے شرکاء کو سائبر کرائم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے شرکاء کو بھی مشورہ دیا کہ وہ تمام تجارتی اداروں / دکانوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کریں۔میٹنگ میں شرکاء نے سماجی برائیوں سے نمٹنے میں پولیس کو ان کے مکمل تعاون کو یقین دہانی کرائی ۔