یوتھ کانگریس کشتواڑ کی میٹنگ
کشتواڑ//کچھال کے مقام پر یوتھ کانگریس کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کولوگوں کو درپیش مسائل پر تشویش ظاہر کی گئی۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق مقررین نے کہا کہ سرکاری عوام کوبجلی پانی اور راشن جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ،غریبی کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگ اوپن مارکیٹ سے چاول ،آٹا اور کھانڈ خریدنے کی سکت نہیں رکھتے اور وہ عوام تقسیم کاری نظام پر ہی منحصر ہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے قدم اٹھائے۔ میٹنگ میں شارق احمد سروڑی، نصیر احمد شیخ ، پریم ناتھ ، تلک راج ، راج کمار، محمد اکبر بٹ ،رام ناتھ ، رومیش کمار، محمد شفیع ، محمد اقبال ،ارشاد احمد ، فاروق احمد ، محمد کفایت ، حافظ علی محمد ، بدیا لال شرما، متین احمد ، عاشق حسین ، عبدالرشید، عبدالغنی نائیک میٹنگ میں موجود تھے۔
بھنڈارکوٹ حادثے پراظہار افسوس
کشتواڑ //بھنڈارکوٹ علاقے میں ہوئے سڑک حادثے پر دُکھ کااظہار کرتے ہوئے ممبر اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے غمزدہ خاندانوں کیساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا ہے ۔یہاں جاری ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے سڑک حادثات کے خاتمے کے لئے ایک موثر پلان مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ کشتواڑ تا سنتھن سڑک کی خستہ حالت کو بہتر بنانے کے لئے فوری طور پراقدامات اٹھائے جانے چاہئیں ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ حادثے میں محمد ایوب ولد لطیف بٹ سکنہ گندنہ ڈوڈہ اور عادل فرید ولد گل محمد حجام سکنہ اخیار آباد کشتواڑ کی موت واقع ہوئی تھی۔
مڑواہ میں ضلع انتظامیہ کا عوامی دربار
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے ایس ایس پی ابرار چودھری ، ایگزیکٹو انجینئر صحت عامہ عبدل وحید زرگر،ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ مڑواہ آر سی کنڈل اور سی ایم او کشتواڑ ڈاکٹر عبدالمجید کے ہمراہ ناواپاچی مڑواہ کا دورہ کیا اور ایک شکایتی ازالہ کیمپ منعقدکیا جس میں بھاری تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔لوگوں نے اپنے مسائل اُبھارے جن میں سے ڈاکٹروںکی کمی ، بی ایس این ایل کا غیر تسلی بخش نیٹ و رک،سرکاری ڈیپووں میں راشن کی قلت، ملازمتوں کے کوٹہ میں اضافہ، مختلف سڑکوں کے لئے حاصل کی گئی اراضی کا معاوضہ وغیرہ شامل تھے۔لوگوں نے میڈیکل اور کریکٹر سرٹیفکیٹ مقامی سطح پر مہیا کرنے ،کدرینہ سے پتھمگام تک لنک روٖڈ کی تعمیر ،شمسی روشنی فراہم کرنے، کدرینہ پُل کی فوری تکمیل، سرکاری ملازمین کی غیر حاضری ،گورنمنٹ ڈگری کالج مڑواہ کیلئے حاصل کی گئی اراضی کے معاوضہ میں اضافہ ،سیلاب سے متاثرین میں بغیر کسی تاخیر کے ریلیف تقسیم کرنے ، ڈیم سے متاثر ہوئے لوگوں کی باز آباد کاری کا بھی مطالبہ کیا۔لوگوں نے مڑواہ میں کھیل کا میدان تعمیر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ڈی سی نے تحصیلدار مڑواہ کو موقعہ پر ہی ناواپاچی میں کھیل کا میدان تعمیر کرنے کے لئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی۔ڈی سی نے سی ایم او کشتواڑ کو ہدایت دی کہ مڑواہ اور واڑون کے لوگوں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے ایک میڈیکل ٹیم کو موقعہ پر بھیجا جائے تاکہ دور دراز علاقہ کے لوگوں کو مشکلات نہ ہوں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو یقین دلایا کہ جو مطالبات اجلاس کے دوران اُٹھائے گئے ، اُن پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا اور تحصیلدار مڑواہ کو ہدایت دی کہ وہ ڈی سی دفتر کو ملزمین کی حاضری روزانہ کی بنیادوں پر بھیجے۔دریں اثنا اجلاس کے دوران ایس ایس پی کشتواڑ نے ایس ایچ او مڑواہ کو صلاح دی کہ ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں داخلہ لینے کے لئے نوجوانوں کو چال وچلن کی اسناد فراہم کی جائیںاور انہیں ایس ایس پی سطح پر ان اسناد کو اجراکرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
ناچلانہ میں ٹیلرنگ کورس کا اہتمام
ایم ایم پرویز
رام بن // ضلع رام بن کے نچلانہ میں تحصیل کہاری کی خواتین کے لئے فوج نے ایک مہینہ کے سلائی و ٹیلرنگ کورس کا اہتما کیا ۔ یہ کلاسز یکم جنوری سے شروع ہوئے ہیںجن میں 50سے زائد خواتین نے اپنا نام درج کرکے رکھا ہے۔ فوج کا دعویٰ ان کلاسوں کے افتتاح سے خو اتین کو بااختیار بنانے اور انہیں خود کفیل بنانے میں مدد ملے گی۔یہ پروگرام فوج نے اپنے آپریشن سد بھاونہ کے تحت منعقد کیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ٹیلنگ میں مہارت حاصل کرنے کے بعد یہ خواتین ایک باوقار روزگار حاصل کرنے کے لائق بن جائیں گی اور سماج میں ایک اچھا مقام حاصل کریں گی۔
تریگام کشتواڑ میں محکمہ سماجی بہبود کا کیمپ منعقد
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا کی ہدایت پر محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے پلان تریگام میں این بیداری پروگرام کا انعقاد کیا، جس میں چیف اگریکلچر افسر کشتواڑ آر کے ہتیشی ،تحصیلدار کشتواڑ ،محکمہ زراعت اور محکمہ سماجی بہبود کے فیلڈ عملہ کے علاوہ علاقہ کے معزز لوگوں ، لمبرداروں ،چوکیداروں اور عام لوگوں ،سماجی بہبود کے پنشنروں اور علاقہ کی خواتین نے شرکت کی۔اس موقعہ پر لوگوں کو مختلف سکیموں جیسے کہ آسرا،سٹیٹ میریج اسسٹنس سکیم، قومی سماجی معاونت پروگرام،انٹگریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم ،لاڈلی بیٹی سکیم و دیگر سکیموں سے واقف کیا گیا۔اس موقعہ پر سوشل ویلفیئر محکمہ نے NSAP, ISSS اور SMAS کے تحت مختلف کیسوں کی جانچ و پڑتال کی۔محکمہ نے سوشل سیکورٹی سکیم ’’آسرا‘‘ کے تحت 200کیسوں کو رجسٹر کیا۔تحصیلدار کشتواڑ نے بھی اس موقعہ پر آسرا اکیم کے تحت غریب لوگوں کو آمدنی سرٹفیکٹ جاری کرنے میں حلقہ پٹواری تری گام جعفر حُسین بھٹ کے ذریعہ سے 150 کیسوں کی جانچ و پڑتال کی ۔ اس موقعہ پر چیف اگریکلچر افسر کشتواڑ نے لوگوں کو کے سی سی اور پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کی جانکاری دی۔اس موقعہ پر نوجوان لڑکیوں میں اسناد تقسیم کئے گئے جنھوں نے سوشل ویلفیئر محکمہ کی جانب سے SCA اور SCSP کے تحت ٹیلرنگ و کٹنگ کی تربیت مکمل کی تھی۔لوگوں نے دور دراز علاقہ میں ایسا پروگرام منعقد کرنے پر محکمہ کا اظہار تشکرکیا ۔
کار اور موٹر سائیکل ٹکر میں2 زخمی
ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن میں میترا چوک کے قریب ا یک کار اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر میں دو اشخاص زخمی ہوئے ہیں۔رام بن پولیس اسٹیشن میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق دو موٹر سائیکل سور اُس وقت مضروب ہوئے جب میترا چوک کے نزدیک انکی زیر رجسٹریشن نمبر JK06-2206 بائیک ایک آلٹو کار زیر رجسٹریشن نمبرJK19-2977،جو کہ اسکے پیچھے آر ہی تھی کے ساتھ ٹکرائی۔پولیس نے زخمیوں کی پہچان نواز احمد ساکنہ چندرکوٹ اور مدثر ساکنہ پرنوٹ کے بطور کی ہے۔ دونوں زخمیوں کو ضلع ہسپتال رام بن معالجہ کے لئے بھرتی کیا گیا جہاں پر دونوں کی حلات مستحکم بیان کی گئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 02زیر آر پی سی دفعہ279 درج کیا ہے۔