مویشی سمگلر گرفتار، 22مویشی بازیاب
ایم ایم پرویز
رام بن //سنگلدان پولیس نے مویشیوں کو سمگل کرنے کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے دو مویشی سمگلروں کو وہیکل کے ہمراہ گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق سنگلدان پولیس چوکی کی ایک پولیس پارٹی نے رام بن ۔گول سڑک پر ایک ٹرک زیر نمبرJK14D-3771 کو روکا ، جسے برکت علی ولد یوسف شاہ سکنہ چملواس ،بانہال چلا رہا تھااور اس میں سے 9 بھینسیں 7 بیل اور 6گائیوں کو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے موقعہ پر ہی دو مویشی سمگلروں کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے جن کی پہچان بلال احمد ولد خضر لون ساکنہ گنڈ ،بانہال اور جمید احمد ملک ولد نعیم ملک ساکنہ دانی کُنڈ ہانجی پورہ کشمیر کے بطور کی ہے۔پولیس اسٹیشن گول میں اس سلسلہ میں زیر ایف آئی آر نمبر 1of 2018 زیر دفعہ 188/295 ۔آر پی سی ایک معاملہ درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔
ورکرس یونین وفدنائب وزیر اعلیٰ سے ملاقی
خطہ چناب کے مجوزہ پروجیکٹوں کی تعمیر میں تاخیر پر تشویش کا اظہار
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ //چنار ویلی پائور پروجیکٹس ورکرس یونین ضلع کشتواڑکا ایک وفد نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کے ساتھ ملاقی ہوا اور کئیرو، کواڑ اور پکل ڈول ہائیڈروالیکٹرک پروجیکٹوں کو فوری طور شروع کرنے اور ریٹلی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی تعمیر کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔پریس ریلیز کے مطابق وفد نے نائب وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ یہ پروجیکٹ 2011 میں منظور کئے گئے تھے لیکن کافی عرصہ سے ان پروجیکٹوںکی تعمیر کا کام شروع نہیں ہو پار رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔اس کے علاوہ جہاں کام بنیادی مراحل میں ہیں وہاں بیرونی ریاستوں کے نوجوانوں کو کام پر تعینات کیا ہے اور مقامی تجربہ کار نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا ہے، جس سے مقامی لوگوں میں کمپنی کے خلاف کافی غُصہ پایا جا رہا ہے۔ریٹلی ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ دربشالہ پر کام بحال کرنے کے متعلق وزیر نے کہا کہ سرکار س پر سوچ وچار رکر رہی ہے کہ اس پروجیکٹ کوبحال کرنے کے لئے کونسا طریقہ کار اختیار کیا جائے ۔وفد نے نائب وزیر اعلیٰ جو کہ وزیر بجلی بھی ہیں کی جانب سے ریاست میں بجلی پروجیکٹوں پر اطمینان بخش جواب نہ دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے مداخلت کی اپیل کی ، تاکہ تمام ہائیڈرالک پروجیکٹوں پر کام فوری طور سے شروع کی جا سکے۔انہوں نے ان پروجیکٹوں کے لئے ضلع کشتواڑ کے نوجوانوں کے لئے کوٹہ مقرر کرنے کی بھی اپیل کی۔
این ایچ ایم ملازمین کی ہڑتال
ڈوڈہ جائنٹ سیول سوسائٹی مطالبات حل کرنے کی اپیل
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ریاست میں جاری این ایچ ایم ملازمین کی مسلسل ہڑتال سے ڈوڈہ خطہ کے طبی اداروں میں مریضوں کو ہونے والی مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈوڈہ جائنٹ سیول سوسائٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد سے جلد احتجاجی ملازمین کے ساتھ با مقصد اور معنیٰ خیز مذاکرات کا آغاز کرکے اُن کے دیرینہ مطالبات حل کرنے کے لئے سنجیدگی سے غور کریں۔ نصیر احمد کھوڑا کی سربراہی میں منعقد ہونے والے ایک ہنگامی اجلاس میں حکومت سے ایک واضح جاب پالیسی کے مطالبے کو جائز ٹھہرایا اجلاس میں حکومت کی مجرمانہ خاموشی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سیول سوسائٹی نے کہا ہے کہ حکومت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔ اسی دوران جموں میں احتجاجی این ایچ ایم ملازمین پر پولیس کی طر ف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی مذمت کرتے ہوئے ممبران نے کہا کہ جمہوری طرز حکومت نے ہر کسی کو پُرامن احتجا ج کا حق حاصل ہے۔ اور پُر امن احتجاجیوں پر لاٹھیاں برسانا غیر مذہب اور ناشائستہ عمل ہے۔ جو قطعی ناقابل برداشت ہے۔ اجلاس میں اور لوگوں کے علاوہ غلام حسن پانپوری ، شکیل احمد دیو، محمد اقبال بلوان، اشتیاق احمد دیو، عبدالمنان بانڈے، آصف جہاں گتو، کرامت اللہ نہرو، فرید احمد نیائک و دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔
جرنلسٹ ایسوسی ایشن
گول سنگلدان کا اظہارتعزیت
عظمیٰ نیوز
گول// ضلع ریاسی کے مہور کے جرنلسٹ آر جے بشیر اور وی او جی نیوز (کیبل چینل) کے چیئرمین کی پوپھی گزشتہ شب جموں میڈیکل کالج میں انتقال کر گئی ۔ آ رجے بشیر کے اس غم کی گھڑی میں جرنلسٹ ایسو سی ایشن گول سنگلدان برابر کی شریک ہے اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحومہ کو جنت الفردوس عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے ۔
کانگریس نے ڈاکٹر جتندر سنگھ کے رپورٹ کارڈ کو دھوکہ قرار دیا
کشتواڑ// کانگریس نے وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ کی جانب سے پیش کئے گئے رپورٹ کارڈ کو فقط دھوکہ قرار دیا ہے۔ ایک پریس بیان میںجے اینڈ کے یوتھ کانگریس کے ترجمان رندیپ بھنڈاری نے بی جے پی کے جنرل سیکرٹری پون کھجوریہ کی جانب سے شائع رپورٹ کارڈ کی شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر جتندر سنگھ کو مبینہ طور سے بی جے پی کے دیگر ایم پیز کی طرح ایک ناکام جملہ باز ایم پی قرار دیا ہے۔یا رہے کہ گذشتہ روز بی جے پی کے جنرل سیکرٹری پون کھجوریہ نے اودھمپور/ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ کے ایم پی ڈاکٹر جتندر سنگھ کی حصولیابیوں کا ایک رپورٹ کار ڈ شائع کیا تھا ،جس میں انہوں نے کافی حصولیابیوں کی فہرست شائع کی تھی۔بھنڈاری نے الزام لگایا ہے کہ انتخابات ختم ہونے کے ساتھ ہی وہ اپنے ووٹروں کو بھول گئے ہیںخصوصاً وادی چناب کے دور دراز اور پہاڑی علاقہ کے لوگوں کو ،کیونکہ وہاں پر انہوںنے بطور ایم پی کوئی بھی نیا پروجیکٹ شروع نہیں کیا ہے اور فقط پُرانی کاموں کو رسم افتتاح انجام دے رہے ہیں جن کو سابقہ وزیر اعلٰی غلام نبی آزاد کے دور میں منظور کیا گیا تھا۔انہوں نے ڈاکٹر جتندر سنگھ سے وادی چناب کا دورہ کرکے بذات خود لوگوں کے مشکلات کا جائزہ لینے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو عملی جامعہ پہنانے کی اپیل کی ہے۔
این ایچ ایم ایمپلائز پر لاٹھی چارج
ٹریڈ یونین ،سول سوسائٹی ڈوڈہ کی مذمت
ڈوڈہ / / ڈوڈہ کی مختلف ٹریڈ یونینوں اور سول سوسائٹی نے جموں میں این ایچ ایم ملازمین پر ہوئے پولیس لاٹھی چارج کی سخت مذمت کی ہے۔لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کے صدر غلام حسن پانپوری نے ایک پریس بیان میں احتجاجی ملازمین پر ہوئے پولیس لاٹھی چارج کو غیر آئینی قرار دیا اور سرکار سے اس واقعہ پر معافی مانگنے کو کہا ہے۔انہوں نے این ایچ ایم ایمپلائز فیڈریشن کی احتجاج کو مکمل حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثنا سول سوسائٹی کے ترجمان اشتیاق احمد دیونے بھی احتجاجی ملازمین پر پولیس لاٹھی چارج پرسخت ناراضگی کا اظہار کیاہے اور اسے غیر قانونی فعل قرار دیا ہے۔انہوں نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے پر طاقت کا استعمال کرنے کو شرمناک واقعہ قرار دیا ہے۔انہوںنے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہیکہ سرکار این ایچ ایم ایمپلائز کے جائز مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے ان پر طاقت کا ستعمال کر رہی ہے۔انہوں نے سرکار سے ان ملازمین کو باقاعدہ بنانے پر زور دیا ہے ۔رہبر تعلیم ٹیچرس فروم ڈوڈہ کے صدر سجاد ملک نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔انہوں نے سرکار سے ملازموں کو حراساں کرنے کے طریقہ کو ترک کرکے انکے جائز مطالبات حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مہور کی زخمی خاتون
جموں میں چل بسی
زاہد ملک
مہور//گُذشتہ روز مہور میں پہاڑی سے گر کر ایک خاتون زخمی ہوئی تھی ،زخمی خاتون ہرمت بیگم زوجہ قمر دین جرال کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سے فوری طبی امداد دیکر مزید محالجہ کے لئے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا ۔جہاں پر اسکا علاج یکم جنوری سے چل رہا تھا لیکن گذشتہ شب مذکورہ خاتون زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھی ۔مہور کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے ہرمت بیگم کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ڈوڈہ میں ٹریفک بیداری مہم کا اہتمام
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس ے عام لوگوں ،ڈرائیوروں او رکنڈکٹروں کو ٹریفک /روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہ کرنے کے لئے اے ایس پی ہیڈ کوارٹرز ڈوڈہ ونے کمار نے اے ایس آئی محمد شریف ،انچارج پولیس پوسٹ کرارا کے ہمراہ قومی شاہراہ پُل دوڈہ سے کرارا تک ڈرائوروں اور کنڈکٹروں سے رابطہ کیا اور انہیں ڈرائیوروں او رمسافروں کی سیفٹی اور ذمہ واریوں سے آگاہ کیا۔مسافروں سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈ کوارٹرز ڈوڈہ ونے کمار نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ ڈرائیوروں کو تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے اور اور لوڈ سے منع کریں۔انہوں نے مسافروں کو ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیور کے نشہ کی جانچ پر بھی نگاہ رکھنے کو کہا ،انہوں نے فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والے مسافروں سے کہا کہ اگر انہیں لگے کہ ڈرائیور کو نیند آرہی ہے تو اُسے فوری طور گاڑی روکنے کو کہیں۔انہوں نے مسافروں سے اپنی ذمہ واریاں نبھاتے ہوئے سڑک حادثات کو روکنے میں اپنا کردار نبھانے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر اے ایس پی نے سڑک حادثات کو روکنے کے لئے کئی احتیاطی اقدام کو بھی اُجا گر کیا۔انہوں نے ڈرائیونگ کے دوران موبائیل فون کا استعمال نہ کرنے کی بھی صلاح دی ۔انہو نے دو پہییہ وہیکل کو چلانے کے دوران ہمیشہ سے ہیلمٹ پہننے اور چار پہیہ وہیکل کو چلانے کے دوران سیٹ بیلٹ پہننے کی اپیل کی۔یہ بیداری مہم ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی ہدایت پر منعقد کی گئی تھی۔
پی ڈی پی وفد وزیر مال سے ملاقی
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//پی ڈی پی کے بلاک صدر جکیاس بھلیسہ تنویر احمد گنائی کی قیادت میں ایک وفد نے ریاستی وزیر برائے مال، امداد و باز آبادکاری عبدالرحمٰن ویری سے ملاقات کر کے اْنہیں علاقہ پنگل و چنیاس کے لوگوں کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا اور اپنے مطالبات اْن کے سامنے رکھے۔پریس ریلیز کے مطابق وفد نے وزیر کو بتایا کہ بٹیاس جکیاس، جکیاس گْونڈو، بٹیاس چنیاس، چنیاس چالر اور دیگر علاقائی سڑکوں کی تعمیر کی زد میں آنے والی زمینوں کا معاوضہ زمین داروں کو نہیں دیا گیا ہے جس وجہ سے وہ پریشان ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ معاوضے کی خاطر زمین داروں کو در در کی ٹھوکریں کھانی پڑ رہی ہیں اور اْن کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔اْنہوں نے مطالبہ کیا کہ زمینداروں کو فوری طور بقایا معاوضہ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ اْنہیں پریشانیوں سے نجات حاصل ہو اور اْن کی تشویش رفع ہو سکے۔اْنہوں نے ریاستی وزیر کو یہ بجی بتایا کہ نٹیاس بازار کے آگ متارثرین کو ابھی تک سرکاری رلیف کی رقم فراہم نہیں کی گئی ہے جس وجہ سے اْن کا تعمیری کام رکا ہوا ہے اور وہ اپنالاروباری سلسلہ بحال نہیں لر پا رہے ہیں اور اس طرح اْن کا پورا کنبہ اور خاندان متاثر ہو رہا ہے۔اْنہوں نے آگ متاثرین کو منظور شدہ امداد فوری واگذار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔تنویر گنائی نے رہاستی وزیر سے گورنمنٹ ہائر اسکنڈری اسکول جکیاس اور علاقہ کے دیگر اسکولوں میں تدریسی عملہ اور پی ایچ سی جکیاس ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملہ کی قلت کی شکایت کی اور مطالبہ کیا کہ اسکولوں میں ضرورت کے مطابق تدریسی و غیرتدریسی عملہ اور پی ایچ سی جکیاس میں ڈاکٹر اور طبی عملہ کے دیگر اراکین کی تعیناتی عمل میں لائی جانی چاہیے۔اْنہوں نیبجلی، پانی، نریگا اور راشن کی تقسیم کاری سے متعلق متعدد دیگر مسائل بھی وزیرِ موصوف کے سامنے اْجاگر کئے اور اْن کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا۔وزیر برائے مال، امداد اور باز آباد کاری نے پی ڈی پی بلاک صدر کے مطالبات کو نغور سْنا اور یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا کیوں کہ یہ عام انسان سے متعلق مسائل ہیں جن کا فوری ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
کشتواڑ میں یوم جمہوریہ کے انتظامات کا جائزہ
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ رانا کی قیادت میں ضلع میں یوم جمہوریہ منانے کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کا انعقادکیا گیا ۔اجلاس میں ڈی سی نے یوم جمہوریہ منانے کے لئے متعلقہ محکموں کی جانب سے سیکورٹی، بیریکیڈنگ ،صحت و صفائی ،طبی سہولیات و دیگر انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ڈی سی نے میونسپل کمیٹی کشتوار کو صحت و صفائی کی مہم میں تیزی لانے کی ہدایت دی اور اہلکاروں سے سرکاری عمارتوں پر چراغاں کرنے کے لئے کہا۔انہوںنے سی ایم او کشتواڑ کو پریڈ کی جگہ پر ایمبولنس کی دستیابی اور میڈیکل فسٹ ایڈ کیمپ کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی۔اس کے علاوہ 26جنوری کے روز تقریب احسن طریقہ سے منعقد کرنے کے لئے متعددکمیٹیاں تشکیل دیں۔اس مقوعہ پر اپنے خطاب میں ایس ایس پی کشتواڑ ابرار چودھری نے کہا کہ قومی دن کی تقریب منانے کے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے جائیں گے۔انہوں نے ضروری انتظامات کے لئے تمام افسران کو سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ڈی سی نے افسراں سے کہا کہ وہ اں اہلکاروں کے نام پیش کریں جنھوں نے اپنے فرائض انجام دینے کے دوران مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ، تاکہ انہیں قومی تہوار کے روز انہیں انعامات سے نوازا جائے۔اجلاس میں ایس ایس پی کشتواڑ،اے ڈی سی، سی پی او ،اے سی آر ،ایگزیکٹو انجینئر صحت عامہ و تعمیرات عامہ ،متعلقہ انجینئروں اور تحصیلدار کشتواڑ کے علاوہ ضلع کے دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔
ایڈیشنل ایس پی کو اعزاز دینے کا خیر مقدم
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //بھدرواہ کے عوام نے قصبہ کے جواں سال پولیس افسر راجا عادل حمید گنائی کو ڈی جی پی کاتوصیفی میڈل عطا کرنے پر سرکار کے فیصلہ کی سراہنا کی ہے۔راجا عادل حمید وادی چناب کے ایک نامور دانشور عبدالحمید گنائی کے فرزند ہیں، جو کہ آجکل بطور اے ایس پی سانبہ تعینات ہیں۔ اس اُبھرتے ہوئے پولیس افسر نے کافی مقبولیت حاصل کی اور مشکل ترین حالا ت کا آسانی سے مقابلہ کرکے مثالی کارکردگی انجام دینے کے ساتھ ہی پولیس و عوام میں اپنا نام مشہور کر دیا ہے۔بھدرواہ کے مقامی لوگوں نے محکمہ داخلہ کا پولیس افسر کی عزت افزائی پر انکا اظہار تشکُر کیا ہے۔ایک ریٹائرڈ استاد و صدر سناتن دھرم سبھا بھدرواہ وید کمار کوتوال نے کہا ہے کہ مُجھے فخر ہے کہ عادل میرا ایک پسندیدہ طالب علم تھا،جو کہ ہمیشہ سے ہی نظم و ضبط کا پابند تھا اور ہمیشہ سے ہی اچھا برتائو کرتا تھا ۔میں جب بھی اُسے دیکھتا ہوں تو مُجھے اس میں حلیمی دکھائی دیتی ہے۔ بھدرواہ کے ایک ریٹائرڈ ڈی ایس پی محمد شریف خان نے کہا ہے کہ بھدرواہ ذہین افسروں خصوصاً اعلی سپاہیوں اور بیورو کریٹوں کیلئے مہشور ہے اور راجا عال جیسے افسر اس رواعیت کو آگے لے جائیں گے