مسلم لیگ کا ڈاکٹر قاسم کو خراج تحسین
سرینگر//مسلم لیگ نے مسلم دینی محاذ سربراہ ڈاکٹر محمد قاسم کی اسیری کے 25 سال مکمل ہونے پر ان کی استقامت کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر قاسم کی پوری زندگی قربانیوں سے عبارت ہے اور ان پچیس سالوں میں جن مصائب کا سامنا موصوف کے ساتھ ساتھ ان کی شریک حیات آسیہ انداربی ،ان کے بچوں اور عزیز و اقارب کو کرنا پڑا وہ پوری قوم پرعیاں ہے مگر اس کے باوجود ڈاکٹر قاسم نے مزاحمت کے راستے پر چل کر ہر مشکل کا خندہ پیشانی سے استقبال کیا ۔ترجمان نے کہا کہ یہاں کی مشترکہ قیادت، بار ایسوسی ایشن اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹر محمد قاسم اور ان جیسے نوعیت کے کیسوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے ایک مخصوص سیل قائم کریں۔
اسلامک یونیورسٹی میں شعبہ عربی کے سربراہ ڈاکٹرعارف قاضی کا انتقال
گورنر،وزیراعلیٰ ،وائس چانسلر، طلبہ اور عملے کااظہار رنج
سید اعجاز
اونتی پورہ// اسلامک یونیورسٹی اونتی پورہ میں شعبہ عربی کے سربراہ ڈاکٹر عارف قاضی ساکن حول مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ اُن کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی یونیورسٹی میں غم و اندوہ کا ماحول چھا گیا ۔ وائس چانسلر پروفیسر مشتاق صدیقی کے علاوہ دیگر عملہ اور طلبہ نے رنج و غم کا اظہار کر تے ہوئے ڈاکٹر قاضی کی رحلت کو ادارے کے لئے زبردست نقصان قرار دیا اور مرحوم کے کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں یونیورسٹی میں ایک تعزیتی مجلس کا انعقاد کیا گیا اور مرحوم کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ادھر گورنر این این ووہر ا اور وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر عارف قاضی کے انتقال پر رنج او رالم کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میںگورنر نے مرحوم کی روح کی ابدی سکون کے لئے دعا کی اور سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ جو یونیورسٹی کی چانسلر بھی ہیں، نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کرتے ہوئے یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلاب کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
لور منڈا ، برہالن ہرپور ٹول پوسٹ ختم کئے گئے
جموں//بجٹ میں کئے گئے اعلانات کے تناظر میں حکومت نے کشمیر صوبے میں اننت ناگ ضلع کے لور منڈا اور ضلع شوپیاں کے بر ہالن ہرپور میں ٹول پوسٹ 6؍ فروری 2018ء سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں پرنسپل سیکریٹری فائنانس نوین کمار چودھری کی طرف سے ایک ایس آر او جاری کیا گیا ہے۔
’سرحدوں پر گولہ باری بند کرنے کی مانگ ‘
سرینگر// بلال فرقانی//سرحدوں پر ہندو پاک افواج کے درمیان گولہ باری سے جان و مال کے نقصانات سے نجات پانے کیلئے مقامی بشری حقوق پاسداری کی تنظیم’’سینٹر فار پیس اینڈ پروٹیکشن آف ہیومن رائٹس‘‘ میدان میں آگئی اور ہندوستان کے علاوہ پاکستان کے’’قومی حقوق انسانی کمیشنوں‘‘ سے رجوع کرتے ہوئے جموں وکشمیر میںحد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی ہے۔ ’سینٹر فار پیس اینڈ پروٹیکشن آف ہیومن رائٹس‘ کے چیئرمین ایم ایم شجاع نے کمیشن آف ہیومن رائٹس پاکستان سے رجوع کرتے ہوئے درخواست دی کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر جموں کشمیر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے جان و مال کے نقصانات کو بند کرنے کیلئے پاکستانی حکومت کو اقدامات کرنے کی ہدایات دینے کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں پاکستان کے قومی بشری حقوق کمیشن سے درخواست کی کہ وہ حکومت پاکستان کو حد متارکہ اور دیگر سرحدوں پر جنگ بندی معاہدہ لاگو کروانے میں متحرک رول ادا کریں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر میں حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ،گولہ باری اور شلنگ سے خوف و تنائو کا ماحول پیدا ہوا ہے،جس کی وجہ سے فورسز اہلکاروں سمیت عام شہریوں کی ہلاکت کے علاوہ مال و جائیداد کا نقصان بھی ہو رہا ہے اور اس کے نتیجے میں سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر آبادی نقل مکانی پر مجبور ہو چکی ہے۔
سالورہ گاندربل میں آگ،رہائشی مکان کو نقصان
ارشاد احمد
گاندربل//سالورہ گاندربل میں محمد سلطان نجار ولد عبدالعزیز کے کچن میں موجود گیس سلنڈر سے گیس لیک ہونے سے کچن میں آگ لگ گئی جس نے آناً فاناً تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔محکمہ فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیاتاہم آگ کی اس واردات میں تین منزلہ عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ۔
گاندربل میں مسلمانوں نے پنڈت خاتون کے آخری رسوم اداکیں
ارشاد احمد
گاندربل//لار گاندربل میں ایک کشمیری پنڈت خاتون کی آخری رسومات میں مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 80 سالہ موتی روپا وتی زوجہ مرحوم دواریکا ناتھ کی موت منگل کی صبح واقع ہوگئی۔ یہ خبرپھیلتے ہی گائوں میں مقیم مسلمانوںپنڈت خاتون کے گھرکی راہ لی اور سوگوار کنبے سے تعزیت پرسی کی اورآخری رسومات میںبڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
فریڈم لیگ کا اپنے ساتھی کو خراج عقیدت
سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے تحریک آزادی کے صف اول کے کمانڈر عاشق حسین کو ان کی 22ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ترجمان نے موصوف کو ایک نڈر ، بہادرجوان قرار دیتے ہوئے رواں تحریک کے تئیں اُن کی بے لوث خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم دہرایا۔
غیر سرکاری تنظیم ’آرفنز ان نیڈ‘کی ا مدادی سرگرمیاں جاری
سرینگر //آرفنز ان نیڈ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کشمیر میں یتیم بچوں اور بیوہ خواتین میں امداد تقسیم کررہے ہیں۔ تنظیم کے مطابق فروری میں 4ہزار پیکیٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ آرفنز ان نیڈ نامی تنظیم بھارت کی دیگر ریاستوں میں بھی امدادی سامان مارچ میں تقسیم کررہی ہے۔
فوج کی جانب سے جسمانی طور معذور لوگوں میںکرسیاں تقسیم
سرینگر//فوج نے جسمانی طور معذور لوگوں کی مدد کرنے کے سلسلے میں چندن واڑی میں ایک پروگرام کے دوران کرسیاں تقسیم کیں۔اس پروگرام میں کئی دیہات کے لوگوں نے حصہ لیا ۔کمانڈر پیر پنچال برگیڈ نے ان ضرورت مند لوگوں میں کرسیاں اور بیساکھائیاں تقسیم کیں۔ اس موقعہ پر کمانڈر نے ان لوگوں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
مکرو خاندان سے ملک سلام کا اظہار تعزیت
اننت ناگ //سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ شوکت احمد مکرو ، عبدالرشید مکرو اور عبدالمجید مکرو کی والدہ محترمہ، جو گذشتہ دنوں انتقال کر گئیں، کی رحلت پر کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار برائے اننت ناگ اسلام آباد ملک عبدالسلام نے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے موصوفہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ مرحومہ کے حق میں فاتحہ خوانی جمعرات کو ہورہی ہے۔
Contents
مسلم لیگ کا ڈاکٹر قاسم کو خراج تحسیناسلامک یونیورسٹی میں شعبہ عربی کے سربراہ ڈاکٹرعارف قاضی کا انتقالگورنر،وزیراعلیٰ ،وائس چانسلر، طلبہ اور عملے کااظہار رنجلور منڈا ، برہالن ہرپور ٹول پوسٹ ختم کئے گئے ’سرحدوں پر گولہ باری بند کرنے کی مانگ ‘سالورہ گاندربل میں آگ،رہائشی مکان کو نقصان گاندربل میں مسلمانوں نے پنڈت خاتون کے آخری رسوم اداکیںفریڈم لیگ کا اپنے ساتھی کو خراج عقیدت غیر سرکاری تنظیم ’آرفنز ان نیڈ‘کی ا مدادی سرگرمیاں جاریفوج کی جانب سے جسمانی طور معذور لوگوں میںکرسیاں تقسیممکرو خاندان سے ملک سلام کا اظہار تعزیت