ملزم کے حق میںاحتجاج سے انسانیت شرمسار:اعجاز خان
سرینگر//کھٹوعہ میں ایک بچی کی اغواکاری کے بعد عصمت ریزی اور قتل میں ملوث’ایس پی اﺅ‘کی گرفتاری کے خلاف جموںمیں احتجاجی مظاہرہ برآمد کرنے کو ذہنی دیوالیہ پن قرار دیتے ہوئے ایجیک(کشمیر ) کے صدر اعجاز احمد خان نے بتایا کہ ترنگا جھنڈا لہرنے کی آڑ میں فرقہ پرست ایک درندہ صفت انسان کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ انسانیت سوز جرم کا ارتکاب کرنے کے بعد اس مجرم کو بچانے کی کوشش،بھی اتنا ہی بڑا جرم اور ظلم ہے جتنا اس شخص نے ایک معصوم بچی کا قتل کر کے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست اس معاملے کو ایک دوسرا رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں،جو کہ نا قابل قبول ہیں۔اعجاز احمدخان نے ملزم کو بچانے کیلئے احتجاج کے دوران پرچم ہند کی بے حرمتی پر بھی سخت برہمی کا اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کاجھنڈا وہاں کے شہریوں کی حفاظت کی علامت ہوتاہے اور بلا امتیاز مذہب و رنگ ونسل ،وہ جھندا وہاں کے شہریوں کو تحفظ فرہم کرنے کی ضمانت دیتاہے،تاہم انہوں نے کہا کہ ایک جھنڈا کس طرح اس ملزم کے بچاﺅ میں اٹھایا جاسکتاہے،جس نے انسانیت کو شرمسار کیا۔
نئی دلی غیر سنجیدگی کی راہ چھوڑ دے:فریڈم پارٹی
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے اس حقیت کا اعادہ کیا ہے کہ دیرینہ تنازع کشمیر کا حل پورے بر صغیر کے امن و ترقی اور بھارت اور پاکستان کے مابین جاری کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے ناگزیر ہے اور ایسا کرکے ہی جنوب ایشیائی خطے کے اندر پائیدار استحکام پیدا کیا جاسکتا ہے۔ پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے کہا کہ شبیر احمد شاہ بھی اپنی پوری سیاسی زندگی کے دوران اسی بات کی وکالت کرتے رہے ہیں کہ اگر تنازعات کو ختم کرنا ہے تو اس کیلئے نفرت کی راہ ترک کرنی پڑے گی۔مولانا طاری نے کہا کہ اگر نئی دلی تنازع کا حل نکالنے میں مخلص ہے تو اس کیلئے غیر سنجیدگی کی راہ چھوڑنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا ماحول تیار کرنے کی ضرورت ہے جس سے معنی خیز بات چیت کی راہ ہموار ہواور ایسا نفرت چھوڑ کر حقیقت پسندی کی سیاست اپناکر ہی ممکن ہوسکتا ہے۔ طاری نے کہا کہ شبیر احمد شاہ جیسے سیاسی قائدین کو سلاخوں کے پیچھے رکھنے سے نہ ماضی میں کوئی مقصد حاصل ہوا ہے نہ حال یا مستقبل میں ایسا ہونے کی کوئی اُمید ہے۔نئی دلی کو چاہئے کہ سیاسی لیڈران کی رہائی عمل میں لاکر اُن کی سرگرمیوں کی اجازت دے تاکہ ایک سیاسی ماحول میں سیاسی تنازع حل کرنے کی راہ پیدا ہوسکے۔
مولوی بشیر دوبارہ گرفتار
سرینگر//ماس مونٹ سربراہ فریدہ بہن جی نے تنظیم کے چیئرمین مولوی بشیر عرفانی کو کپوارہ جیل سے رہا کرنے کے بعددوبارہ گرفتارکرنے پر تشویش کا اظہار کیاہے۔انہوں نے کہا کہ مولوی بشیر عرفانی کو10 فروری کو کپوارہ میں دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیااور بعد میں انہیں کپوارہ جیل منتقل کیا گیا۔بیان کے مطابق اگر چہ تمام لیڈروں اور کارکنوں کو عدالتی ضمانت پر گزشتہ روز رہا کیا گیااہم ماس مونٹ چیئرمین کو تھانہ سے ہی گرفتار کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مولوی بشیر کئی عارضوں میں مبتلا ہیںاور گزشتہ کئی دنوں سے ان کے فشارِ خون میں بھی لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور انہیں اسی حالت میں دوبارہ گرفتار کیا گیا،جو تشویشناک عمل ہے۔
ہاری پورہ گاندربل پینے کے صاف پانی سے محروم
برسوں پرانی زنگ آلودہ پائپیں وجہ
ارشاد احمد
گاندربل //ہاری پورہ گاندربل کی آبادی میںناصاف پانی فراہم کرنے کے خلاف ناراضگی پائی جارہی ہے۔مذکورہ بستی کو جامع مسجد کے قریب موجود چشمے سے پانی فراہم کیا جارہا ہے لیکن جس پائپ لائن سے پانی سپلائی کیا جارہا ہے اُن میں زنگ لگ چکا ہے کیونکہ وہ برسوں پرانی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ سے اپیل کی تھی کہ پرانی پائپوں کو تبدیل کیا جائے لیکن کوئی سدباب نہیں ہوا۔پی ایچ ای کے چیف انجینئر عبدالواحد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جتنا جلد ممکن ہوگا، اس پائپ لائن کو تبدیل کیا جائے گا۔
ڈاکٹرعشائی کشمیر کامایہ ناز سپوت :یاسین ملک
سرینگر// لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے مرحوم ڈاکٹر فاروق عشائی کو کشمیرکا ایک مایہ ناز سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جموں کشمیر کی آزادی کیلئے اپنی جان کی قربانی دیکر کشمیر کی تاریخ میں ناقابل فراموش تاریخ رقم کی۔ یاسین ملک نے مرحوم کی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عشائی ایک سچے محب انسانیت،آزادی پسند اور مخلص انسان تھے جنہوں نے زندگی بھر کشمیریوں کی آزادی اور ان کے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کی۔ ملک نے کہا کہ جس بہیمانہ انداز میں فورسز نے ڈاکٹر عشائی کوجاں بحق کیا تھا وہ آج تک ہمیں بھارتی مظالم کی یاد دلاتا ہے۔اس دوران فرنٹ کے ایک وفدنے سیر سوپورجاکر عبدالغنی وانی المعروف شیر خان اور محمد اکبر نجار المعروف یاسین خان کو اُنکی برسیوںپرخراج عقیدت ادا کیا۔ وفد میں فرنٹ کے ڈپٹی آرگنائزر سراج الدین میر، ضلع صدر بارہمولہ عبدالرشید مغلو،غلام قادر خان اور عبدالقیوم شیخ وغیرہ شامل تھے۔ اس موقع پراجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرنٹ قائد سراج الدین میر نے کہا کہ مشن کی تکمیل تک جدوجہد ہر صورت میں جاری رہے گی۔دریں اثناء لبریشن فرنٹ نے تنظیم کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ کی گرفتاری اورجاوید احمد زرگر کے گھر پر پولیس چھاپوں کی مذمت کی ہے ۔
عبدالاحد پرہ جیل میں طبی سہولیات سے محروم:لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے رہنما عبدالاحد پرہ کو سینٹرل جیل سرینگرمیں بگڑتی صحت کے باوجود انہیں علاج و معالجہ کی سہولیات میسر نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لیگ ترجمان سجادایوبی نے کہا کہ عبدالاحد پرہ کو صدر ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ایمرجنسی آپریشن کرانے کے لئے /12فروری کی تاریخ مقرر کی تھی کیونکہ ان کی بیماری نے سنگین رُخ اختیار کیا ہے لیکن انہیں مقررہ تاریخ پر ہسپتال میں داخل نہیں کرایا گیا جو ان کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ ہے اور نہایت ہی تشویشناک معاملہ ہے ۔
ولر جھیل میں غیر قانونی طور مچھلیوں کا شکار
سوپور کے ماہی گیروں کا سرینگر میں احتجاج
سرینگر// شمالی کشمیر کے سوپور سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں نے جھیل ولر میں غیر قانونی طور پر مچھلیوں کا شکار کرنے میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔ سوپورفشر مین یونین کے جھنڈے تلے سرینگر میں احتجاج کے دوران قانون طور پر درج ماہی گیروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ فشریز کے کچھ ملازموں نے غیر قانونی طور پر مچھلیوں کا شکار کرنے والوں کے ساتھ باز باز ہیں،جس کی وجہ سے انہیں جھیل ولر میں ناجائز طور پر مچھلیاں پکڑنے اور جال بچھانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر قانونی اجازت کی وجہ سے براہ راست ان ماہی گیروں کا تجارت متاثر ہو رہا ہے،جو رجسٹرڈ ہیں۔احتجاج میں شامل ایک نوجوان نے کہا کہ یہ معاملہ انہوں نے اسسٹنٹ دائریکٹر فشریز کے ساتھ بھی زیر بحث لایا،تاہم انہوں نے کوئی اقدام نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگراس غیر قانونی کاروبار کو بند نہیں کیا گیا تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔ اس سلسلے میںسی این ایس کو ڈائریکٹر فشریز راجناتھ پنڈتا نے کہا ’’ اگر کوئی ملازم غیر قانونی طور پر مچھلیوںکا شکار کرنے والوں کے ساتھ ملا ہوگا،تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔