انڈومان اور نکوبار جزیروں کا دورہ مکمل
گورنر ووہرانے طلاب کی حوصلہ افزائی کی
جموں//گورنر این این ووہر انے راج بھو ن میں انڈومان اور نکوبار جزیروں کے دورے سے واپس آئے ہوئے 13 لڑکوں اور لڑکیوں کے گروپ کی حوصلہ افزائی کی۔اس گروپ کو بھیجنے کا اہتمام سکولی تعلیم محکمہ نے سٹوڈنٹ ایکسچینج کے تحت کیا تھا ۔طلاب کے ہمراہ لیکچررارجمند وجاہت اور راج کمار چڈا بھی تھے۔اس موقعہ پر سیکرٹر ی سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ ، ناظم تعلیمات جموں راکیش کمار و دیگر افسران بھی تھے۔طلاب سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر نے ایسے پروگرام کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان پروگراموں کی بدولت بچوں کو ملک کے تاریخی و جغرافیائی اہمیت کے جگہوں پر جانے کا موقعہ ملتا ہے اور وہاں کی تہذیب و تمدن ، زبان و دیگر معاملات سے واقفیت حاصل ہوتی ہے۔گورنر نے طلاب اور اساتذہ کو اس موقعہ پر تحائف پیش کئے ۔
سوچھ بھارت مشن کے تحت کاموں کی پیش رفت
صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں کی میٹنگ میںجائزہ لیا
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ایک میٹنگ کے دوران وادی میں سوچھ بھارت مشن کے تحت کاموں اور انفرادی سطح پربیت الخلائوں کے تعمیر کے کام کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔وادی کے تمام اضلاع کے علاوہ لیہہ اور کرگل کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنروں نے صوبائی کمشنر کو پروجیکٹ کے تحت کاموں کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ضلع اننت ناگ میں 7000،بانڈی پورہ 6000،بارہمولہ میں8707،بڈگام میں 8000،گاندربل میں 6500کولگام میں 5000،کپوارہ میں 8000اورپلوامہ میں 5000بیت الخلأ تعمیر کئے گئے ہیں۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں بتایا کہ سوچھ بھار ت مشن کے تحت تمام پروجیکٹوں کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔تاہم انہوںنے کاموں کی عمل آوری میں درپیش کئی رکائوٹوں کو بھی اجاگر کیا۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں کو یقین دہانی دی کہ ان رکائوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔
کرگل میں آبپاشی نہروں کی بحالی کی ہدایت
کرگل//ترقیاتی کمشنر کرگل حاجی گلزار حسین نے آج 11ایم ڈبلیو چھوتک کے نزدیک آبپاشی نہروں کی بحالی کے لئے ایکشن ٹیکن رپورٹ کاجائزہ لیا۔اس سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ میں سابق سی ای سی کرگل او رکونسلر بارو حاجی محمد حنیف جان،کونسلر چوسکورشیخ محمد رضااورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنر نے گذشتہ میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں کی نا تسلی بخش عمل آوری پر اپنی ناخوشی کا اظہار کیا۔انہوںنے این ایچ پی سی آفیسران پر باقی عارضی اور مستقل بحالی کے کام کو فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ منجی اورملحقہ علاقوں کے دیہات میں لوگوں کو آبپاشی کی قلت کاسامنا نہ کرنا پڑے۔