گاندربل میں پٹواریوں کی ہڑتال جاری
ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل میںپٹواریوں اور گرداوروں نے جموں و کشمیر پٹوار ایسویشن کے زیر اہتمام غیر معینہ عرصہ تک کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی مانگوں کو فوری طور پورا کیا جائے۔اس موقع پر ضلع صدر گاندربل معراج الدین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُن کی مرکزی باڈی نے اگرچہ وزیر خزانہ اور وزیر مال کے ساتھ بات کی لیکن صرف یقین دہانی سے کام لیا گیا ہے اور تحریری طور کچھ نہیں ملا ہے۔
مذاکرات ہوںلیکن بامعنی:پیپلزلیگ
سرینگر// پیپلز لیگ چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے غیر واضح مذاکراتی دعوت کو ایک فضول مشق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز لیگ کا یہ اصْولی موقف کہ بامعنی مذاکرات میں ہی مسئلہ کشمیر کا حل مضمرہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میںہندوستان کے مختلف سیاست دانوں نے مختلف انداز وغیر واضح الفاظ کا استعمال کر کے کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کی ہے تاہم اس حوالے سے مشترکہ مزاحمتی قیادت نے جو موقف اختیار کیا ہے وہ قابل تحسین ہے ۔
کشمیریوں کا خون بہانا فوج کا مشغلہ بن چکا ہے:بلال صدیقی
سرینگر//تحریک مزاحمت نے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کا خون ناحق بہانا بھارتی فوج کی خصوصی پہچان اور محبوب مشغلہ بن چکا ہے۔پارٹی کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے پلوامہ میں 28 سالہ عام شہری بلال احمد گنائی کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔بلال صدیقی نے تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر صورت میںان مظالم کو یاد رکھیں اور ان قربانیوں کی حرمت کا پاس لحاظ رکھا کریں ۔انہوںنے شوپیان میں بھارتی فوج کے ہاتھوں عوامی املاک کو بھاری نقصان پہنچانے اور پلوامہ میں سمیر ٹائیگر کی قبر کی بے حرمتی جیسے اقدامات کو انتہائی بزدلانہ اور شرمناک قراردیا۔
بجلی نظا م میں بہتری لائیں،وزیر بجلی کی متعلقہ محکمہ کو ہدایت
سرینگر// بجلی کے وزیر سنیل شر مانے آج بجلی کی ترسیل اور تقسیم کاری میں ہو رہے نقصانات کو کم کرنے اور کلہم بجلی نظام میں بہتری لانے کیلئے وادی میں جدید خطوط پر استوار ترقیاتی کاموں کو انجام دینے پر زور دیا۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے محکمہ بجلی کی کارکردگی کے سلسلے میں بلائی گئی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ بجلی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش اس موقعہ پر موجو د تھیں۔میٹنگ کے دوران وزیر نے موجودہ بجلی سپلائی کی صورتحال اور پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پروجیکٹوں پر جاری کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بجلی کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے اور اسے مستحکم بنانے کے لئے بھی ہدایات دیں تاکہ ریاست میں لوگوں کو چوبیس گھنٹے بلا خلل بجلی فراہم کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔ وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریونیو کو جمع کرنے میں اضافہ یقینی بنائیں تاکہ سہ ماہی کی بنیادوں پر مقرر کئے گئے نشانات پورے کئے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سے محکمہ کی آمدنی کے وسائل بہتر ہوں گے۔سنیل شرما نے پی ایم ڈی آر پی کے تحت جاری کئی ترقیاتی کاموں کابھی جائزہ لیا ۔انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام پروجیکٹوں پر جاری کام میں سرعت لائیں تاکہ ان پروجیکٹوں کو معیاد بند طریقے پر مکمل کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کو لوگوں کے توقعات پر کھر ا اترنا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس رقومات کی کوئی کمی نہیں جہاں بھی ضرورت ہو حکومت وافر مقدار میں رقومات فراہم کرسکتی ہے۔بجلی ٹرانسفارمروں کی مرمت میں تیز ی لانے کو یقینی بنانے کے لئے وزیر نے محکمہ کے ورکشاپوں کی گنجائش بڑھانے پر زور دیا ۔وزیر نے مزید کہا کہ ریاست کے تمام لوگوں کو بجلی فراہم کرنا وزیر اعظم نریندر مودی کا نظریہ ہے اور حکومت پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا کے تحت تمام گھروں کو بجلی فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔کمشنر سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہردیش کمار ، سیکرٹری ٹیکنیکل اصغر مجاز ، ڈیولپمنٹ کمشنر پاور شہناز گونی ، محکمہ بجلی کے چیف انجینئراں ودیگر افسران میٹنگ میں موجو دتھے۔
اوشا ووہرانے جسمانی طور ناخیز مصوروں کی سراہنا کی
سرینگر// اوشا ووہرا نے آج اتھواجن میں دہلی پبلک سکول کے دورے کے دوران جسمانی طور ناخیز مصور بچوں کی کاوشوں کی سراہنا کی جنہوں نے سکول کی طرف سے منعقدہ ڈیوائینگ آرٹ کیمپ میں حصہ لیا ۔ بچوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اوشا ووہرا نے ان مصوروں کی زبردست ستائش کی جنہوں نے اپنے منہ اور پیر کے استعمال سے پُر کشش تصویریں تیار کیں ۔ انہوں نے ان بچوں کو اپنے خواب پورے کرنے کی دعا کی اور انہیں شفقت کے طور پر شال پیش کئے ۔انہوں نے سکول انتظامیہ کی ان کوششوں کی بھی سراہنا کی جو سکول انتظامیہ جسمانی طور ناخیز اشخاص کی صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے انجام دے رہا ہے ۔ شرکاء مصوروں میں شری لیکھا ، منوج گوپال داس بھنگارے ، مسز شیلا، بندی نواز اور ندیم شیخ شامل ہیں ۔
حریت کے ساتھ بات چیت
خوشگوار ماحول تیار کرنے کی ضرورت
سرینگر// پی ڈی ایف کے چیرمین حکیم محمد یاسین نے تمام مین سٹریم جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ مرکز اور ریاستی حکومتوں پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے دباؤ ڈالیں کہ وہ حریت کے ساتھ بات چیت کی شروعات کیلئے ایک خوشگوار ماحول تیار کریں۔اُنہوں نے کہا ہے کہ مرکز کو چاہئے کہ حُریت کے ساتھ گُفت و شنید کا عمل شُروع کرنے سے پہلے ایسی تمام مُبہم معاملات کو واضح کریں جو مجوزہ بات چیت کے عمل میں روکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا ہے کہ ریاست میں تمام برسرِ عمل بڑی اور معتبر مین سٹریم جماعتوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں اور حُریت کے درمیان مجوزہ گفت و شنید میں حائل تمام روکاوٹوں کو دُور کرنے کیلئے اپنا اہم رول ادا کریں۔ اور اس سلسلے میں آپسی افہام و تفہیم اور بھروسے کی فضا کو قائم کرنے میں تینوں فریقو ں کے درمیان اہم رابطہ کے طور کام کریں۔۔ حکیم یاسین نے ہندوستان اور پاکستان کی قیادتوں سے بھی پر زور اور دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ کشمیر میں جاری خون خرابے کو روکنے کیلئے فوری طور گفت و شنید کا سلسلہ شروع کریں۔
بامعنی مذاکرات ہی مسئلہ کا حل:سوز
سرینگر//سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے انکشاف کیا ہے کہ مرکزی مزاکرات کار دنیشور شرما وزیراعظم اور ان کے سلامتی مشیر اجیت ڈوول سے ابھی تک کوئی ملاقات نہیں کرسکے ہیں اور مذکورہ مزاکرات کار کی رسائی صرف مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ تک ہی ہے ۔انہوں نے دلی میں موجود اپنے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ میں چند دن پہلے دہلی گیا تھا جہاں میں نے ذمہ دار حلقوں سے موجودہ مذاکرات کار دنیشور شرماء کے بارے میں دریافت کیا کہ اُن کو مذاکراتی عمل میں کیا حیثیت ہے؟ تو مجھے یہ جان کر انتہائی حیرت ہوئی کہ ابھی تک اُن کو وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کے ساتھ ملاقات نہیں ہو پائی ہے، وزیر اعظم کی تو بات ہی نہیں ہے!گویا کشمیر کے بارے میں مذاکرات کار صرف وزیر ڈاخلہ کے ساتھ کبھی کبھار گفتگو کر سکتے ہیں۔ کیا یہ صورت حال کشمیریوں کیلئے تعجب انگیز ہوگی؟‘‘انہوں نے کہاکہ ’’میں کشمیرکی مین سٹریم جماعتوں کو ایک بات کھل کے کہنا چاہتا ہوں کہ مجموعی طور حریت کے ترجمان مزاحمتی قیادت نے کشمیر پر صحیح موقف اختیار کیا ہے کہ ایک بامقصد ڈائیلاگ ہی کو قبولیت ہوگی اور وہ اُس میں شریک ہوںگے۔ ہم سب کو یہ بات معلوم ہونی چاہئے کہ اُس مذاکراتی عمل کو کوئی اہمیت حاصل نہیں ہونی چاہئے جس کی بنیاد گفتگو برائے گفتگو ہوگی ،گویا وہی عمل ہوگا کہ ’’نشتن ، گفتند و برخواستند ‘‘کی ایسی مثال قائم ہوگی جس کا نتیجہ ایک وسیع ترمایوسی کے بغیر کچھ نہیں ہوگا!
ہندوپاک امن اور بھائی چارہ کے فروغ دیں:بھیم
سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستان اور پاکستانی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے دونوں طرف کے لوگوں کی ’ تیسری ہارٹ ٹو ہارٹ ٹاک‘ کرانا چاہتے ہیں۔ پروفیسر بھیم سنگھ اس سے پہلے 2005اور 2007میں دہلی اور جموں کشمیر میں اس کا کامیاب انعقاد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بندوق کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے جس کا احساس ہندستان اور پاکستان کو ان کے فوجی نمائندگان کے مابین کل ہوئی بات چیت اندازہ ہوگیا ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں طرف کے حکمراں فریق مل بیٹھ کر بات چیت کریں گے اور امن قائم کرنے کے لئے جہدوجہد کریں گے۔
ویری کی نبارڈ افسران کے ساتھ میٹنگ
بنک اور محکمہ دیہی ترقی کے مابین بھرپور تعاون پر زوردیا
سرینگر//دیہی علاقوں کی تعمیروترقی میں نبارڈ (نیشنل بنک فار ایگریکلچرو رورل ڈیولپمنٹ)کے رول کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج عبدالرحمن ویری نے کہاکہ محکمہ کے زیر نگرانی سکیموں کی عمل آوری میں بنک کو بھرپور تعاون فراہم کرناچاہئے۔نبارڈ کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ نبارڈ کا شروع سے ہی اہم رول رہاہے اور یہ بنک سڑک روابط کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پانی کی سپلائی سکیموں و دیگر پروجیکٹوں میں بھی معاونت کرتا رہا ہے۔ان کاکہناتھاکہ نبارڈ کے رول کو نظرانداز نہیں کیاجاسکتا اور اس کے تعاون سے محکمہ دیہی ترقی کے تحت چلائی جارہی سکیموں کی سو فیصد عمل آوری کو یقینی بنایاجاسکتاہے۔وزیر موصوف نے زیر التوا پڑی پانی کی سکیموں اور دیگر پروجیکٹوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کوتربیت فراہم کرکے روزگار کے قابل بنانے کیلئے شروع کی گئی سکیم حمایت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ان کاکہناتھاکہ حمایت سکل ڈیولپمنٹ کا ایک اہم پروگرام ہے جس کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرکے ریاست سے بیروزگاری کو کم کیاجاسکتاہے تاہم اس کیلئے ضروری ہے کہ اس پروگرام کی عمل آوری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیاجائے اور تربیتی عمل میں سرعت لائی جائے۔انہوں نے میٹنگ میں موجود حمایت پروگرام کے انچارج کو ہدایت دی کہ اس حوالے سے خصوصی دلچسپی دی جائے اور مقرر کردہ اہداف کو پورا کیاجائے۔ان کاکہناتھاکہ یہ ایسا پروگرام ہے جس پر نہ صرف ریاستی حکومت بلکہ مرکزی سرکار بھی کافی سنجیدہ ہے اور اس میں رقومات کی دستیابی کا بھی کوئی مسئلہ درپیش نہیں لہٰذا تربیتی عمل میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے نبارڈ افسران پر زور دیاکہ وہ ٹیکنکل سپورٹ ایجنسی ہونے کے ناطے اپنی طرف سے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔ وزیر موصوف کاکہناتھاکہ اسی طرح سے جے کے ایس آر ایل ایم، واٹر شیڈ مینجمنٹ اور دیگر پروگراموں میں بھی کانورجنس کے ذریعہ نبارڈ کا اشتراک حاصل کیاجاسکتاہے۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیاگیاکہ نبارڈ اور محکمہ دیہی ترقی کے درمیان بہتر تال میل قائم کرنے کیلئے بہت جلد ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔اس موقعہ پر چیف جنرل منیجرنبارڈوجے کمار،مینجنگ ڈائریکٹر نریش گپتا،ڈپٹی جنرل منیجر قمر جاوید ،انچارج حمایت پروگرام کپل شرماو دیگر افسران بھی موجو دتھے۔
خاتون کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل
سرینگر// حاجن میںمنگل کی شب اس وقت کہرام مچ گیا جب ایک خاتون بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئی۔ سی این ایس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات دیر گئے حاجن کے پرے محلہ میں پیش آیا جہاںمغلی بیگم زوجہ غلام حسن پرے اپنے گھر میں برقی رو کی تار جوڑ رہی تھی کہ بجلی کے جھٹکوں سے خاتون بری طرح جھلس گئی ۔ اُسے فوری طور پر مقامی کیمونٹی ہیلتھ سینٹر حاجن پہنچا دیا گیا، جہاں اس نے دم توڑ دیاہے اسکی لاش جب گھر پہنچا ئی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔
تمباکو نوشی مخالف عالمی دن کے موقعہ پرگورنر کا پیغام
سرینگر// تمباکو نوشی مخالف عالمی دن ہر سال31 مئی کو منایا جاتا ہے۔ اس سال کا موضوع ہے’’ تمباکو اور امراض قلب‘‘۔ گورنر این این ووہرا نے اس دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں حکومت اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ تمباکو نوشی کے مضر اثرات کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو تمباکو نوشی کی بدعت سے بچایا جانا چاہئے اور انہیں تمباکو نوشی کے مہلک اثرات کے بارے میں روشناس کیا جانا چاہئے۔گورنر نے کہا کہ سیگریٹ نوشی اور تمباکو اشیا کے استعمال پر روک لگانے کیلئے تمام متعلقہ قوانین کو موثر ڈھنگ سے عملایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے خاتمہ کیلئے ورکشاپ، سیمنار، ریلیاں اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو باآور کرایا جانا چاہئے کہ ہر برس تمباکو نوشی سے کافی تعداد میں لوگوں کی جانیں تلف ہوتی ہیں۔