دونوں جماعتوں کو جواب دینا ہوگا
سرینگر//سی پی آئی ایم کے ریاستی لیڈر اور ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی قیادت غیر اصولی اتحاد کے وجہ سے ریاست اور ملک کے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں کیوں کہ دونوں پارٹیوں نے ریاست کو تباہی کے دلدل اور غیر یقینیت کے بھونڈر میں دھکیلنے سے قبل اتحاد کو خیر آباد نہیں کیا۔انہوںنے کہا کہ کل تک دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی تعریفوں کے پل باندھتے تھکتے نہیں تھے اور اچانک ایسا کیا ہوا کہ اس مقدس اتحاد کو خیر باد کہنا پڑا، اس کے لیے دونوں جماعتوں کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بھاریہ جنتا پارٹی کی جانب سے ایسے وقت میں اتحاد سے بھاگنے کی وجہ سے ریاست میں غیر یقینیت کے ماحول میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بی جے پی ریاست میں سیاسی سطح پر مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
گورنر راج ہی واحد راستہ: بھیم سنگھ
سرینگر// پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے ، جو تقریباً ایک برس سے گورنر راج لگانے کا مطالبہ کررہے تھے،بی جے پی کے جموں وکشمیر حکومت سے حمایت واپس لینے کو اس کی حکمت عملی کا دوسرا مرحلہ قرار دیا ہے تاکہ وہ خود کو قومی منظرنامہ میں محفوظ کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی جموں وکشمیر میں پی ڈی پی کی ماتحتی میں بندھوا مزدور کی طرح کام کررہی تھی۔ بھیم سنگھ نے کہاکہ پی ڈی پی قیادت کے پاس کئی متبادل ہیں کیونکہ اس کے مختلف سیاسی گروپ سے روابط ہیں۔انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس دونوں ہی اپنی حکمت عملی پر کام کررہی ہیں لیکن ریاست میں نئے الیکشن ہونے تک گورنر راج ہی واحد راستہ ہے۔
ناپاک اتحادکاخاتمہ ہوناطے تھا: میر
سرینگر//کانگریس کے ریاستی صدرغلام احمدمیر نے کہاکہ پی ڈی پی ،بی جے پی ناپاک اتحادکاٹوٹ جاناطے تھا۔انہوںنے کہاکہ دونوں جماعتوں نے عوام کودھوکہ اورفریب دیا۔انہوں نے کہاکہ جس ایجنڈے پرپی ڈی پی اوربی جے پی نے ووٹ حاصل کئے لیکن پھرکسی کیلئے اپنے ایجنڈے کوبالائے طاق رکھااوراپنے اپنے ووٹروں کودھوکہ دیا۔جی اے میرنے کہاکہ جموں وکشمیرکی موجودہ سنگین صورتحال کیلئے پی ڈی پی سے بی جے پی زیادہ ذمہ دارہے کیونکہ مرکزمیں بھی یہی جماعت برسراقتدارہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کاقومی سطح پربڑامنڈیٹ ملالیکن جموں وکشمیرکے حوالے سے اس جماعت کی کوئی پالیسی ہی نہیں رہی ۔
’حصول مقصد تک جہد و جہد جاری رہے گی‘
سرینگر// محاذِ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی حکمران غیر شعوری طور غیر یقینی صورتحال اور unpredictability کی دلدل میں اپنی entrenchmentکا خود ہی اہتمام کر رہے ہیں۔ اُن کا استعماری اور فسطائی مزاج اُنہیں معروضیّت کا راستہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اور پھر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اُن کے sadism کی وجہ سے cannibalism اُن کے آمرانہ طرزِ حکومت کا ایک لازمی حصّہ بنا ہوا ہے۔ اور یہی وجہ ہے 1947ء میں صوبہ جموں میں لاکھوں معصوم مسلمان نذرِ تیغ ہوئے، پھر نسلی تطہیر کا یہ عمل وادی کشمیر میں بھی جاری رہا۔ یہاں بیسیوں مقامات پر بشمول گاؤکدل، حول، ہندوارہ، سوپور، کپوارہ، چٹھی سنگھ پورہ جلیاں والا باغ قتل عام (pogrom)کے مناظر دیکھنے میں آئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی برہنہ خون آلود تلوار کی پیاس بجھتی ہی نہیںاورآج بھی ہمارے جگر پارے اس بے رحم تیغ کی نذر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقِ خود ارادیّت کے حصول کے لیے اس قوم کی پرُامن مُزاحمتی تحریک ہر قیمت پر جاری رہے گی۔
رفیع آباد میں لشکر طیبہ کے2اپر گراونڈ ورکروں کی گرفتاری کا دعوی
بارہمولہ/ فیاض بخاری//رفیع آباد پولیس 32آر آر اور 92بٹالین سی آر پی ایف نے دچھن پور ہ روہامہ کے نزدیک ناکہ لگایا اور موٹر سائیکل زیر نمبر Jk09-2055جو کہ دچھن پورہ سے روہامہ کی طرف جا رہا تھا کو رکنے کا اشارہ کیا اس دوران موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے بھاگنے کی کوشش کی چنانچہ اُن کا پیچھا کیاگیا جس دوران اُن کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔گرفتار شدہ افراد کی شناخت عارف احمد ملہ ولد غلام محی الدین ساکنہ شتلو رفیع آباد اور رائیس احمد نائیک ولد علی محمد ساکنہ ڈی ایچ پورہ کولگام کے بطور ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران عارف احمد ملہ کے قبضے سے ایک پستول ، 3پستول گولیوں کے راونڈاور میٹرک شیٹ برآمد ہوئے جبکہ رائیس احمد نائیک کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور میٹرک شیٹ برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔ اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 48/2018زیر دفعہ 2/25آئی اے ایکٹ اور 13یو ایل اے ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن پانزلہ میں کیس درج کیا گیا ۔ مزید پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا ہے کہ دونوں نوجوان ملی ٹینٹ تنظیم لشکر طیبہ کے ’’اپر گراونڈ ورکر ‘‘ کے بطور کام کر رہے تھے۔ عارف احمد ملہ نامی شخص ایس پی او کی رائفل چھیننے میں بھی ملوث ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہے۔
مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش:مزاحمتی خیمہ
گیلانی،میرواعظ اور ملک سمیت کئی لیڈران کا خراج عقیدت
سرینگر//حریت (گ)،حریت (ع)، لبریشن فرنٹ ،سالویشن مومنٹ ،لبریشن فرنٹ (ح)،اسلامک پولیٹکل پارٹی اور پیروان ولایت نے میرواعظ جنوبی کشمیر ڈاکٹر قاضی نثار کی 24ویں برسی پر انہیں خراک عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے ڈاکٹر قاضی نثارکی برسی پر اُن کی تحریکی اور دینی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ قاضی نثار ایک اعلیٰ درجے کے عالم دین اور ایک انسان دوست شخصیت کے مالک تھے۔ حریت رہنما نے مجلس شوریٰ کے سینئر رہنماؤں پر مشتمل وفد بشمول مولوی بشیر احمد عرفانی، حکیم عبدلراشید اور بلال صدیقی کو ڈاکٹر قاضی نثار کی برسی کے حوالے سے بلائی گئی دُعائیہ مجلس میں شرکت کرنے کیلئے اسلام آباد روانہ کیا۔ حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی سطح کے ساتھ ساتھ قیادت کی سطح پر دی جارہی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر قاضی نثارسرکردہ عالم دین اور سیاسی رہنما تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ایک مقدس نصب العین کیلئے وقف کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک عظیم دانشور ، عالم با عمل اور بے باک قائد تھے جنہوں نے ظلم و جبر کی قوتوںکے سامنے سر جھکانے کے بجائے سر اٹھا کر جینے کی ادا سیکھ لی تھی اور اسی دوران انہیں اپنی جان کی قربانی دینی پڑی ۔ میرواعظ نے کہا ان قربانیوں کی عوام سطح پر نہ صرف حفاظت مطلوب ہے بلکہ آزادی کی جاری جدو جہد کو منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے کوششیں جاری رکھنی ہیں۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسینملک نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ قاضی نثار ایک تاریخی شخصیت اور بے باک عالم دین،سیاسی قائد اور سماجی رہنماتھے جنہوں نے اپنی جدوجہد، مزاحمتی کرداراور دینی علم و فراست کی بنیاد پر تاریخ کشمیر میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ یاسین ملک نے کہا کہ قاضی نثار ایک ذی ہوش اور باتدبیر قائد تھے جن کی کمی ہنوز پوری نہیں کی جاسکی ہے۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میر،اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش ،پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک سیاسی و سماجی شخصیت تھی بلکہ آپ ایک بلند پایہ عالم دین، مبلغ اسلام، خطیب،دانشور،اسکالر،سماجی کارکن اور وسیع النظر سیاستدان تھے جن کی بیش بہا خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
خبر بے بنیاد اور حقیقت سے بعید
یاترا گاڑیوں پرکہیں سنگباری نہیں ہوئی:پولیس
سرینگر //سوشل میڈیا پر افواہ بازوںکی جانب سے پھیلائی گئی خبر کو حقیقت سے بعید قرار دیتے ہوئے پولیس حکام نے کہا ہے کہ میلہ کھیر بوانی میںشرکت کیلئے جانے والے زائرین سے بھری گاڑیوں پر سنگباری کا کوئی واقع پیش نہیں آیا ہے لہٰذا خبرکا سختی کے ساتھ مسترد کیا جاتا ہے۔ ایس ایس پی گاندربل فیاض احمد لون نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں ۔ میلہ کھیر بوانی میں حصہ لینے والے یاتری صحیح سلامت اپنے مقام پر پہنچے ہیں اور اُن کی سہولیات کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔ یاترا روٹوں اور مندر کی حفاظت کیلئے بھی غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں۔
زُو کنے زیو کنے ضمیر کنے/ ونسا کیاہ دِخ اگر کشیر کنے
(میں اپنی جان ،زبان اورضمیر آپکو بیچ دوں گا/آپ کیا دیں گے اگر کشمیر بیچ دوں گا )
معروف قلمکار،مصنف اورسابق جج غلام نبی گوہرفوت
گورنر اور سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراد کا اظہار تعزیت
سرینگر//وادی کے معروف قلمکار ، شاعر ،ناول نگار، مترجم ، مصنف اور سابق جج غلام نبی گوہر ساکن کرالہ پورہ بڈگام پیر کی رات مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔موصوف نے شیخ العالمؒ پر بسیار تحقیقی کام کیا ہے بلکہ کچھ لوگوں کا ماننا ہے کہ مرکز نور(شیخ العالم چیئر کشمیر یونیورسٹی)کو پروان چڑھانے میں اسداللہ آفاقی اور اُن کا خاص رول رہا ہے ۔اتنا ہی نہیں مرحوم کو یہ اعزا زبھی حاصل ہے کہ مظفرآباد میں جب شیخ العالمؒ چیئر کی بنیاد ڈالی گئی ہے تو مرحوم نے وہاں پہلے لیکچردئے ہیں۔ موصوف کی کتاب ’شیخ العالمؒ سے شیخ عبداللہ تک‘ اور ناول ’مجرم‘ سمیت انہوں نے کئی کتابیں لکھی ہیں۔مجرم اس قدر معروف ہوئی کہ اس کے کئی ایڈیشن چھاپے گئے جبکہ Torch Bearerنامی ناول بھی بہت مقبول ہوئی۔ مرحومInsurgency In Chrar-i-Sherifاور درگاہ حضرتبل سمیت مزید کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔ اہل خانہ کے مطابق غلام نبی گوہر نے مختصر علالت کے بعد اپنی رہائش گاہ واقع کرالہ پورہ بڈگام میں زندگی کی آخری سانس لی ۔واضح رہے کہ اُن کی جائے پیدائش چرارشریف ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ موصوف کی موت گردوں میں خرابی کی وجہ سے ہوئی ۔اُن کی نماز جنازہ آبائی علاقہ کرالہ پورہ بڈگام میں ادا کی گئی ،جس میں زندگی کے مختلف طبقوں سے وابستہ لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔بعد اذاں اُنہیں آبائی مقبرہ میں سپرد لحد کیا گیا ۔غلام نبی گوہر کے انتقال پر کئی سماجی ودینی جماعتوں نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے تعزیت وہمدردی کی ۔گورنر این این ووہرا نے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے پیغا م میںمرحوم کے روح کی ابدی سکون کے لئے دعا کی۔سینئر کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے دُکھ کی بات ہے کہ ریاست خاص طور پر کشمیر کے ادباء، شاعروں اورمصنفوں میں ایک خلاء پیدا ہوگیا جسے پُر کرنا ناممکن ہے ۔ غلام نبی گوہر کے انتقال پر اکیڈیمی کی ایک تعزیتی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں اکیڈیمی سٹاف اور نامور ثقافت شناس شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب اکیڈیمی کے صدر دفتر واقع لال منڈی میںمنعقد ہوئی جس کی صدارت اکیڈیمی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے کی۔ ایوانِ صدارت میں پروفیسر محمد زمان آزردہ اور سیکریٹری اکیڈیمی ڈاکٹر عزیز حاجنی بھی موجود تھے۔ مقررین نے مرحوم کی ہمہ جہت شخصیت پر روشنی ڈالی اور اُن کے علمی اور ادبی کارناموں کو اجاگر کیا۔ تقریب میں گوہر صاحب کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اُن کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں جن مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اُن میں ایڈیشنل سیکریٹری جموں ڈاکٹر زروِندر سنگھ امن، چیف ایڈیٹر انسائیکلو پیڈیا مظفر احمد ٹاک، چیف ایڈیٹر گوجری ڈاکٹر جاوید راہی،ایڈیٹر کشمیری جاوید اقبال خان، اسسٹنٹ ایڈیٹر انسائیکلو پیڈیا ڈاکٹر سید افتخار احمد،ڈاکٹر شبنم رفیق وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔تقریب میں اور لوگوں کے علاوہ ڈپٹی سیکریٹری کلچرل اکیڈیمی سید شکیل الرحمان، چیف ایڈیٹر پہاڑی فاروق انوار مرزا، ایڈیٹرانگریزی عابد احمد، ایڈیٹر اردو سلیم سالک، اسسٹنٹ ایڈیٹر کشمیری ڈاکٹر گلزار احمد راتھر، جمیل انصاری ،غلام محی الدین عاجزوغیرہ موجود تھے۔پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے غلام نبی گوہر کی وفات پر رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔ایسو سی ایشن نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ایسوسی ایشن صدر جی این وار نے کہا کہ یہ ایک بہت برا نقصان ہے جس کی تلافی ناممکن ہے۔ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔بار نے اُن کے پسماندگان بالخصوص ایڈوکیٹ شاہوار گوہر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔موصوف اپنی ذمہ داریوں بالخصوص ملی و کشمیری زبان کی خدمات سے لاتعلق نہیں رہے اور اہل کشمیر ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد کرینگے۔
تحریک حریت لیڈر کے اہل خانہ کو
ہراساں کرنا افسوسناک:صحرائی
سرینگر// تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تنظیم کے سینئر لیڈر بشیر احمد قریشی کے گھر پر پولیس کی طرف سے بار بار چھاپے ڈالنے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دن سے موصوف کے گھر پر پولیس چوکی چھانہ پورہ نے لگاتار چھاپے ڈالے اور اہل خانہ سے بشیر احمد قریشی کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنظیمی پروگرام کے سلسلے میں دفتر گئے ہوئے ہیں۔ اس پر متعلقہ چوکی کی پولیس ٹیم نے سخت لہجہ اختیار کیا اور گھر کی تلاشی لی۔ آج پھر ایک بار رات کے 12بجے اُن کے کرایہ کے گھر پر پولیس نے چھاپہ ڈالا۔ بشیر احمد قریشی گھر پر موجود نہیں تھے، جس پر پولیس نے اہل خانہ کو پھر ہراساں کیا ۔ صحرائی نے بشیر احمد قریشی کے گھر رات کی تاریکی میں چھاپہ مارنے اور گھر کی چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ موصوف کی اہلیہ گھر میں اکیلی تھی اور حال ہی میں اس کی سرجری بھی ہوچکی ہے۔
شوپیان کا وفد یاسین ملک سے ملاقی
فورسز کی زیادتیوں سے آگاہ کیا
سرینگر//لبریشن فرنٹ کے ایک بیان کے مطابق شوپیان سے آئے ہوئے ایک وفد نے یاسین ملک کے ساتھ فرنٹ دفتر پر ملاقات کی اور انہیں بھارتی فوج، ایس او جی اور فورسز کی پورے علاقے میں ہڑبونگ اور ظلم و جبر کا بازار گرم کرنے کی داستانیں سنائیں۔وفد نے یاسین ملک کو ان بیسیوں افراد کی جانکاری بھی دی جنہیں حالیہ ایام میں فورسز نے گرفتار کیا ہے۔وفد نے بتایا کہ حال ہی میں فوج، فورسز اور ایس او جی نے ایک صحافی سید تجمل عمران کے گھر واقع نازنین پورہ شوپیان پر شبانہ چھاپہ مارا ۔ فورسز ان کے گھر پر رات 11:00بجے سے رات 2:00بجے تک رہے اور اس دوران سید تجمل اور انکے چھوٹے بھائی سید روبان کو سخت ٹارچر سے کیا گیابلکہ فورسز نے رُوبان کو ایک بندوق پہناکر ان کی فوٹو لی جس عمل نے اس سارے خاندان کو پریشان کردیا ہے۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین نے اس ظلم و جبر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہی رویہ ہے کہ جس نے یہاں کے جوانوں کو پشت بہ دیوار کرکے یہاں بدترین تشد د کو فروغ دیا ہے ۔
کشمیر ڈیلی گیشن کی اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے ملاقات
سرینگر//نیشنل فرنٹ کے نائب چیئر مین الطاف حسین وانی کی قیادت میں ہیومن رائٹس کونسل میں موجود کشمیر ڈیلی گیشن نے اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے ملاقات کرتے ہوئے تاریخی رپورٹ پر شکریہ ادا کیا جو حال ہی میں کشمیر کی انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کے بارے میں منظر عام پر لائی گئی۔ڈیلی گیشن میں سید فیض نقشبندی،سردار امجد یوسف خان، حسن البناء،ایڈوکیٹ پرویز شاہ، شمیمہ شال،طیبہ بشیر اور احمد قریشی شامل تھے۔قابل ذکر ہے کہ کشمیر ڈیلی گیشن ہیومن رائٹس کونسل کے38ویں اجلاس میں شرکت کررہا ہے ۔کشمیر ڈیلی گیشن نے الحسینی کا شکریہ ادا کیا جن کا تعلق اُردن سے ہے اور جنہوں نے کونسل کے اندر معروف صحافی سید شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل سے متعلق ایک بیان بھی دیا۔
فورسز کو قتل عام کرنے کی کھلی چھوٹ
مزاحمتی جماعتیں حالیہ ہلاکتوں پر برہم
سرینگر//تحریک حریت،جماعت اسلامی ،فریڈم پارٹی، ڈیمو کریٹک پو لٹیکل مومنٹ، لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میر،اسلامک پولیٹکل پارٹی،لبریشن فرنٹ( آر )،سالویشن مومنٹ ،پیروان ولایت اور پیپلز لیگ نے حالیہ ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کو قتل عام کرنے کیلئے کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پرتنظیم کے لیڈر بشیر احمد قریشی کی قیادت میں ایک وفد نے سجاد احمد نوپورہ کولگام کے جنازے میں شرکت کی ۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بھارتی حکومت نے فورسز کو جموں کشمیر کے عوام کو قتل کرنے کی کھلی اجازت دی ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئے روز جوانوں کے قتل عام کا بازار گرم کیا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی نے دلدوز واقعات پر زبردست غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کو کشمیریوں کی نسل کشی قرار دیا ہے۔ بیان میںکہا گیا کہ فورسز اہلکار کسی نہ کسی بے گناہ نوجوان کو اپنی بربریت کا شکار بناکر یہاں کے عوام کے اندر خوف وہراس پیدا کرتے ہیں تاکہ وہ پرامن طریقے سے اپنے پیدائشی حق ’حق خودارادیت‘ کے مطالبے سے باز آجائیں ۔فریڈم پارٹی نے ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔پارٹی ترجمان نے بھارتی فوج کے ہاتھوں تازہ ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے شہریوں پر بندوقوں کے دہانے کھولنا متنازعہ خطے کامعمول بن گیا ہے اور خاص کر یہ وادی کشمیر میں ایک عام بات بن کر رہ گئی ہے۔ڈیمو کریٹک پو لٹیکل مومنٹ کے سینئر لیڈر اور ضلع صدر سرینگر محمدعمران بٹ نے کولگام میں ایک نوجوان کو جاںبحق اور کئی شہر یوں کو زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ جموں کشمیر کے معصوم عوام پر ایک خونین جنگ مسلط کی گئی ہے اور یہ کہ سرزمین کشمیر پر بھارتی افواج کی موجودگی سے عام شہریوں کی زندگی جہنم زار بن چکی ہے اور آئے روز ہمیںاپنے جوانوںکی لاشوں کو کندھا دینے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ لبریشن فرنٹ (ح)چیئرمین جاوید احمد میراوراسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش،لبریشن فرنٹ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ، ایڈوکیٹ ایوب راٹھور ، وجاہت بشیر قریشی ،سالویشن مومنٹ چئیرمین ظفر اکبر بٹ ،پیروان ولایت ترجمان اور پیپلز لیگ چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطا نے کو لگام ہلاکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر کوذبح خانے میں تبدیل کردیا ہے۔
شجاعت بخاری کے بے دردانہ قتل کی مذمت
کشمیر پریس کلب کارڈی نیشن کمیٹی کا تعزیتی اجلاس
لواحقین سے ہمدردی کا اظہار
سرینگر//کشمیر پریس کلب کے احاطے میں کشمیر پریس کلب کارڈی نیشن کمیٹی کا ایک اجلاس منگلوار کو منعقد ہوا جس میں رائزنگ کشمیر کے مرحوم ایڈیٹر شجاعت بخاری کے بے دردانہ قتل کی سخت مذمت کی گئی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔میٹنگ کے دوران کے پی سی سی ممبران نے سجاعت کے حق میں فاتحہ خوانی کی گئی۔شجاعت بخاری کی بطور صحافی، دوست اور ایک بہترین انسانی ہونے کی صفات پر روشنی ڈالی گئی۔ کے پی سی سی ممبران نے بتایا کہ کشمیر کی پوری صحافی برادری ابھی بخاری کے قتل کی وجہ سے لگے صدمے سے باہر نہیں آئی ہے ۔جے کے ای ڈی آئی ملازمین کی ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مرحوم شجاعت بخاری کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیاگیا۔ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی ڈاکٹر محمد اسماعیل پرے نے کہا کہ جموں وکشمیر نے نہ صرف ایک صحافی کھویا ہے بلکہ ریاست ایک معروف ادیب ، سماجی کارکن اور دانشور سے بھی محروم ہوگئی ہے۔اس دوران بہار ادب شاہورہ پلوامہ نے مرحوم شجاعت بخاری کیلئے جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست نے ایک نامور صحافی،ادیب اور سماجی کارکن کو کھویا ہے۔
ریچھ کے حملے میں طالب علم زخمی
ارشاد احمد
گاندربل//بونہ زل ہاری پورہ میں سکول جاتے ہوئے 14 سالہ طالب علم پر ریچھ نے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔14 سالہ تنویر احمد ریشی ولد بشیر احمد ساکنہ ریشی محلہ بونہ زل ہاری پورہ گھر سے سکول منیگام کی طرف چل رہا تھا کہ ہاری پورہ کے مقام پر ایک میوہ باغ سے نکل کر اچانک ریچھ نے حملہ کردیا۔طالب علم کے شور مچانے پر آس پاس کے لوگوں نے آکر ریچھ کو بھاگنے پر مجبور کردیا جبکہ زخمی طالب علم کو فوری طور پر نزدیکی طبی مرکز وسن پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے خلاف مظاہرے کئے۔
ایس آئی اُمیدواروں کیلئے اطلاع
ایڈ مٹ کارڈ ڈائون لوڈ کرنے کیلئے اسپیشل کاونٹر قائم
سرینگر //سرینگر پولیس نے 24جون 2018کے روز ’ایس آئی‘ اَسامیوں کیلئے لئے جانے والے تحریری امتحانات کے سلسلے میں سپیشل کاونٹر قائم کئے ہیں جہاں پر اُمیدوار قبل از وقت ہی ایڈمٹ کارڈ ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔ضلع سرینگر کے اُمیدواروں کیلئے آئی ٹی سیکشن ایس ایس پی آفس سرینگر کے دفتر میںا سپیشل کاونٹر قائم کیا گیا ہے۔ اُمیدواروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ کسی بھی قسم کی مشکل سے بچنے کیلئے وہ قبل از وقت ہی ایڈ مٹ کارڈ ڈائون لوڈکریں۔مزید جانکاری کیلئے ان فون نمبرات9419777131یا 7006429892پر بھی رابط قائم کیا جاسکتا ہے۔