جہلم کی جدید کاری کیلئے جامع منصوبہ
شان رفتہ کی بحالی کیلئے کئی ترقیاتی اقدامات تجویز
سری نگر//سری نگر انتظامیہ نے دریائے جہلم کی تجدید کاری سے متعلق ایک جامع منصوبہ مرتب کیا ہے جس کے تحت ا س تواریخی دریا کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لئے کئی ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر پورے کئے جائیں گے۔منصوبے کے تحت دریا میں ہاوس بوٹو ں کی جدید کاری اور اس کے کناروں پر مختلف سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانا بھی شامل ہے اور اس عمل سے ہاوس بوٹ مالکان کی اقتصادی حالت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ دریاکے رکھ رکھائو کو یقینی بنایا جائے گا۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے اس حوالے سے ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہاوس بوٹوں کو ایک نئی طرح دینا منصوبے کا ایک حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اچھی حالت میں موجود ہاوس بوٹوں کو جدید کاری سے ہمکنار کیا جائے گا جبکہ خستہ حال ہاوس بوٹوں کو توڑ کر اُن کے مالکان کو اراضی کے پلاٹ دئیے جائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ دریائے جہلم کے کناروں پر لائبریری ، پارکس اور دیگر سہولیات قائم کئے جائیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ اس تصور کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو دریائے جہلم کے رکھ رکھائو کے کام میں براہ راست شامل کیا جائے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں۔ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے دریائے جہلم کے کناروں کو نقصان سے بچانے کے لئے دریا میں سے ریت اور ملبہ نکالنے کا عمل روکا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ صرف سائنسی طریقے پر بھی یہ کام عملانے کی اجازت دی جائے گی۔منصوبے کے تحت دریائے کے بائیں کنارے پر سیلاب سے تحفظ کے باندھ قائم کرنا بھی شامل ہے اور یہ کام عنقریب ہی ہاتھ میں لیا جائے گا۔
قرضوں کی فراہمی کا مطالبہ
حمایت سکیم کے تربیت یافتہ نوجوانوں کا پریس کالونی میں احتجاج
سرینگر // جے کے ای ڈی آئی سے قرضہ نہ ملنے کے خلاف حمایت سکیم کے تحت تربیت حاصل کر چکے نوجوانوں نے پریس کالونی میںا حتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے الزام عائد کہا کہ اُن کو قرضہ فراہم کرنے میں لیت لعال سے کام لیاجا رہا ہے ۔ ای ڈی آئی کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سال2018میں84نوجوانوں نے حمایت سکیم کے تحت کاروبار کیلئے قرضوں کا مطالبہ کیا جس کے بعد انہیں 18روز تک ٹرینگ بھی دی گئی اور یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ ایک ہفتے تک قرضہ فراہم کیا جائے گا لیکن تب سے آج تک کوئی دھیان نہیںدیا گیا اور قرضوں کیلئے ضلع آفسوں سے ہیڈآفسوں تک گما یاجا رہا ہے۔احتجاجیوں نے ریاست کے گورنر اورای ڈی آئی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انہیں قرضہ فراہم کیا جائے ۔
حضرت بل میں کار چُرانے کا معمہ حل
سرینگر //امتیاز حسین بٹ ولد غلام حسن ساکنہ سیدہ کدل نامی شخص نے پولیس اسٹیشن نگین میں تحریری طورپر شکایت درج کی کہ آثار شریف درگاہ حضرت بل کے نزدیک پارک کی گئی اُس کی گاڑی کو نامعلوم افراد نے چُرا لیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی آر زیر نمبر 12/2019کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔ تفتیش کے دوران پولیس کو معتبر ذرائع سے پتہ چلا کہ چُرائی گئی گاڑی شمالی کشمیر میں دیکھی گئی ہے ۔ چنانچہ سرینگر پولیس نے فوری طور حرکت میں آکر سوپور کے نزدیک مطلوبہ گاڑی کو پایا اور اُس میں سوار ناصر احمد میر ولد غلام محمد ساکنہ پیٹھ شیر سوپور نے جونہی پولیس ٹیم کو اپنی اور آتے ہوئے دیکھا تو اُس نے راہِ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اُس کی اس کوشش کو ناکام بناکر اُسے حراست میں لے لیا۔
سرینگر میں سکندن کا عوامی دربار 25 مارچ کو
جموں//گورنر کے مشیر کے سکندن25 مارچ ( سوموار ) کو صبح دس بجے سے دوپہر 12 بجے تک جے اینڈ کے گورنر گریونس سیل چرچ لین سونہ وار سرینگر میں عوامی شکایات کا کیمپ منعقد کریں گے ۔ متعلقہ وفود اور افراد جو مشیر موصوف سے ملاقات کے متمنی ہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چرچ لین سونہ وار کی گریونس سیل میں اپنی شکایات کا ازالہ کرانے کیلئے اپنے نام درج کروائیں ۔