شرما برادران کانگریس جماعت کے سچے اور وفادار سپاہی
جموں صوبہ کی دونوں نشستوں پر بھاجپا کی شکست قریب:سروڑی
جموں//سینئر کانگریس لیڈر و نائب صدر جے کے پی سی سی غلام محمد سروڑی نے سابق کانگریس ایم پی مدن لال شرما اور سابق کانگریس وزیر شام لال شرما کی بھاجپا میں شمولیت کی قیاس آرائیوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شرما برادران کانگریس کے سچے اور وفا دار فوجی ہیں ۔اس ضمن میں سروڑی نے کہا کہ ادھمپور کٹھوعہ اور جموں پونچھ پارلیامانی نشست پر بھاجپا کی شکست قریب ہے اور بھاجپا اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے شرما برادران کی بھاجپا میں شمولیت کے جھوٹے پروپگنڈے پھیلا رہی ہے ۔سروڑی نے کہا کہ کانگریس جماعت اپنے امیدواروں رمن بھلہ اور وکرم آدتیہ سنگھ کی کامیابی کیلئے متحد ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں شرما برادران فتح کیلئے پارٹی لیڈران کے ہمراہ محنت و لگن میں مشغول ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا کو زمینی صورتحال نظر آرہی ہے اسلئے جھوٹے پروپگنڈے کئے جا رہے ہیں ۔اس سلسلہ میں کانگریس سینئر لیڈران نے ووٹران سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترقی، امن و یکجہتی کیلئے کانگریس کے حق میں ووٹ ڈالے جائیں ۔
پنتھرس پارٹی کی جموں ۔ پونچھ لوک سبھا حلقہ میںانتخابی تیاریاں زوروں پر
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے، جو جموں ۔پونچھ لوک سبھا حلقہ سے الیکشن لڑرہے ہیں ،بدھ کو رائے دہندگان کے کئی وفود اورگروپوں سے ملاقات کی، جن میں بیشتر ا س حلقہ کے نوجوان اور طلبا تھے ۔پنتھرس سربراہ نے ان لوگوں سے ملاقات میں ان سے کہا کہ وہ جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کے لئے انصاف، برابری اور تحفظ یقینی بنانے کے مشن کو کامیاب بنانے کے لئے ان کا ساتھ دیں۔ پروفیسر سنگھ نے جموں ۔پونچھ لوک سبھا حلقہ کے تمام 20اسمبلی علاقوں میں تشہیری مہم چلانے کے لئے تشہیری کمیٹیاں قائم کی ہیں۔پنتھرس سپریمو نے نوجوانوں، طلبا، کسانوں، مزدوروں اور استحصال کا شکار لوگوں سمیت تمام سے’ سائیکل ‘ کے انتخابی نشان والی پنتھرس پارٹی کو حمایت دینے کی پرزور اپیل کی جس سے جموں اور کشمیر کے پنتھرس پارٹی کے نمائندوں کو پارلیمنٹ جانے کا موقع ملے اور جموں وکشمیر کے لوگوں کو انصاف، امن اور برابری کے یکساں مواقع مل سکیں۔پروفیسر نے اعلان کیا کہ وہ جموں وکشمیر میں جمہوریت اورقانون کی حکمرانی کے لئے لڑائی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہری ہندستانی آئین میں دیئے گئے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے ریاست کے لوگوں کو یقین دلایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ حکمراں امتیازی سلوک نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے رائے دہندگان کو یاد دلایا کہ سابقہ حکمراں جماعتیں کانگریس، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی ، بی جے پی اور دیگر ہی جموں وکشمیر میں رہنے والے ہندستانی شہریوں کی مصیبتوں کے لئے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر جموں وکشمیر کے لوگوں نے انہیں پارلیمنٹ میں جانے کا موقع دیا تو وہ ریاست کے لوگوں کو انصاف یقینی بنانے کے لئے پورے ملک کو متحرک اور متحد کریں گے۔وہ تمام سرحدی اورکنٹرول لائن پر واقع کٹھوعہ، ہیرا نگر، اکھنور، راجوری، پونچھ اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں پاکستانی پناہ گزین، مہاجرین اور دیگر لوگ جموں وکشمیر حکومت کی نظراندازی کی وجہ سے مصیبتوں میں مبتلا ہیں۔
نروانہ اکیڈمی کی جانب سے ڈوگری موسیقی پروگرام کا اہتمام
جموں// نروانہ اکیڈمی نے جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ ،کلچر و لنگویجز کے اشتراک سے ایک نجی سکول سپرنگ بلازمز پبلک سکول میں بدھ کے روز ڈوگری موسیقی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔پروگرام کا اہتمام نوجوانوں خصوصاً سکولی بچوں میں ڈوگری علاقائی و لوک سنگیت کو فروغ دینا تھا ۔ فیڈریشن آف انڈین بلڈ ڈونر آرگنائزیشن کے نائب صدر وکرانت ڈوگرہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جبکہ نامور موسیقار سمت شرما مہمان ذی وقار تھے۔اکیڈمی کے بانی ممبر ہتیش بڈھیال نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ،جس کے بعد سکولی بچوں نے ڈوگری گیت پیش کیا۔جموں کے متعدد ڈوگری لوک اور علاقائی فنکاروں نیڈوگری زبان اور تمدن کو بچانے کے لئے ایک ڈوگری موسیقی پروگرام پیش کیا۔ دیپک شرما ،شو انکور بھارتی، کلدیپ کمار، انمول آملہ، سنجے کمار، سیما ڈوگرہ، نندنی کپور، اور چاندنی کور نے علاقائی اور پہاڑی گیتوں سے سامعین کو محظوظ کیا ، جس میں موسیقی ڈائریکٹر سمت شرما ، امت شرما ، سونو، راکیش اور نیرج نے انکا ساتھ دیا۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں کرانت ڈوگرہ نے فنکاروں کی بہترین کارکردگی کی سراہنا کی اور کہا کہ ایسے پروگراموں سے کسی خطہ کے تمدن و کلچر کی پہلی جانکاری حاصل ہو جاتی ہے۔نروانہ اکیڈمی کی جنرل سیکرٹری میناکشی شرما نے جے اینڈ کے اکیڈمی آف آرٹ،کلچر اینڈ لنگویجز کا مالی معاونت کرنے کا شکریہ ادا کیا ۔پروگرام میں نظامت کے فرائض تنوجا چہر اور روہت شرما نے انجام دئے۔
ایس آر ٹی سی پنشنرس ایسو سی ایشن کا اجلاس
گورنر انتظامیہ سے دیرنہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ
جموں//سابق گورنمنٹ ٹرانسپورٹ انڈر ٹیکنگ /جے کے ایس آر ٹی سی پنشنرس ایسو سی ایشن نے عرصہ دراز سے التوا میں پڑے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسو سی ایشن کے صدر ایس اجیت سنگھ اڈیال کی قیادت میں بدھ کے روز منعقدہ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ انکے مطالبات کافی عرصہ سے حل نہیں کئے گئے ہیں ،جس کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ایسو سی ایشن کے مطالبات میںٹائم بائونڈ ترقیوں میں تفاوت کو دور کرنا ،تنخواہ سکیلوں میں تفاوت کو دور کرنا ،گورنمنٹ ٹرانسپورٹ انڈر ٹیکنگ /جے کے ایس آر ٹی سی ملازمت کولازمی خدمت میں شامل کرنا،پنشنروں کی کوالیفائینگ سروس کے تحت دئے جا رہے پنشن کی تفاوت کو دور کرنا ۔چھٹے تنخواہ کمیشن کے مورخہ 1.1.2006 سے2009تک کے تنخواہ بقایا جات کو حل کرکے واگُذار کرنا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر نے ریاست کے گورنراور مشیر سے انکے جائز مطالبات حل کرنے پر زور دیا ہے۔کے ایل شرما ، ائیشر داس، اجیت پرکاش، سولکھن سنگھ ، بھجن سنگھ ،ہیرا لعل، او پی لکھنوترہ، بی ڈی شرما ،شریف احمد اور محمد سلیم قریشی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
محکمہ اطلاعات نے عبدالغنی ترالی کے اِنتقال پر دُکھ کا اِظہار کیا
جموں//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے ریٹائرڈ اسسٹنٹ کلچرل آفیسر عبدالغنی ترالی کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔اِس سلسلے میں آج یہاں ناظم اطلاعات گلزار احمد شبنم کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے تمام افسروں اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔میٹنگ میں سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی ۔ ڈائریکٹر نے مرحوم ترالی کی خدمات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے محکمہ اطلاعات کی کلچرل وِنگ میں ایک بانی کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دئیے۔ناظم اطلاعات نے کہا کہ مرحوم نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر منعقدہ ثقافتی پروگراموں میں ریاست کی نمائندگی کر کے ریاست کا نام روشن کیا۔عبدالغنی ترالی 84برس کی عمر میں انتقال کیا۔35برس تک محکمہ اطلاعات میں بے مثال کام کیا اور وہ اپنی محنت و لگن کی بدولت اسسٹنٹ کلچرل آفیسر کے عہدے تک پہنچے اور سال 1992ء میں نوکری سے سبکدوش ہوئے ۔مرحوم نے سبکدوشی کے بعد بھی ریاست میں مختلف سطحوں پر ثقافتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور وہ ریڈیو کشمیر اور دُور درشن کے ساتھ سینئر فنکار کی حیثیت سے منسلک رہے۔میٹنگ کے دوران مقررین نے مرحوم ترالی کی طرف سے کشمیری ثقافتی اور موسیقی کو بڑھاو ا دینے میں ادا کئے گئے رول کو اُجاگر کیا اور کہا کہ اُن کی خدمات کو ایک لمبے عرصے یاد رکھا جائے گا۔اسی طرح کی تعزیتی میٹنگ کا انعقاد جوائنٹ ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن کشمیراور کشمیر صوبے کے کلچرل وِنگ کے علاوہ ضلع اطلاعاتی مراکز ضلع اننت ناگ اور پلوامہ میں بھی منعقد ہوئیں۔
کے کے شرما نے سرحد کے نزدیک رہنے والے افراد کیلئے معاوضہ اور بین گنگا پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائزہ لیا
جموں//سرحد کے نزدیک رہنے والے والے لوگوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے کی غرض سے گورنر کے صلاح کار کے کے شرما نے بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل این ایس جموال کے ساتھ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں رام گڈھ علاقے میں رہنے والے اُن افراد کو معاوضہ فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا جن کی زرعی اراضی حفاظتی دستوں کی تحویل میں ہے ۔اس کے علاوہ بروٹا سے رنگنور کیمپ تک بنستر اور دیوک دریائوں پر پکے باندھ تعمیر کرنے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔صلاح کار نے آئی جی کو مذکورہ افراد کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت دی تاکہ اُنہیں زرعی سرگرمیوں میں ہوئے نقصان کی بھرپائی ہوسکے۔انہوں نے مال مویشیوں کو پہنچے نقصان کا بھی تخمینہ لگانے کی ہدایت دی۔بعد میں صلاح کار نے ایک میٹنگ میں نیشنل ریور کنزرویشن پروگرام کے تحت کٹرہ قصبے میں گنگا اور توی دریائوں کی آلودگی کم کرنے سے متعلق کام کا بھی جائزہ لیا۔اس پر 98.70 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے ویپ کاس پروجیکٹ کے کنسلٹنٹوں کی طرف سے دی گئی پرزنٹیشن کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا ، ڈائریکٹر پلاننگ اشفاق پکیوال ،چیف انجینئر یو ای ای ڈی ستندر رینہ اور دیگر افسران بھی موجو د تھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے صلاح کار نے کہا کہ مذکورہ دریائوں کے تحفظ کے لئے یہ پروجیکٹ انتہائی اہم ہے جسے منظم ڈھنگ سے سائنسی طریقے پر عملایا جاناچاہے۔اُنہوں نے پروجیکٹ کی تکمیل میںماحولیاتی اور ثقافتی عنصر کو شامل کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے جنگلات ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور دیگر محکمہ جات کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے پروجیکٹ کو وقت پر مکمل کرنے اور مختلف سکیموںکی کنورجنس کے ذریعے پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مذکورہ پروجیکٹ پر 98.70کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیںجس کی بدولت 57.19 کلومیٹر مسافت تک سیوریج نیٹ ورک مہیا ہوگا۔پروجیکٹ میں شمشان گھاٹ ، منی پارکیں اور دیگر جاذبیت اور تحفظاتی عنصر بھی شامل ہے۔
یوم مئی کے موقعہ پر لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کا بھاری ریلی منعقد کرنے کا فیصلہ
جموں //آل جے اینڈ کے لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن نے یوم مئی کے موقعہ پر ایک بھاری ریلی اور جلوس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس بات کا فیصلہ بدھ کے روز یہاں صوبائی کمیٹی کے منعقدہ ایک اجلاس میں لیا گیا ،جسکی قیادت فیڈریشن راجوری کے ایک سینئر لیڈر قاضی بشارت نے کی۔ فیڈریشن کے ریاستی صدر عبدالمجید خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہایئوں کی جد و جہد سے ملازمین کے متعدد حل طلب مسائل حل ہو گئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ لگاتار جد و جہد سے ہی انکے مسائل حل ہوئے ہیں۔اس موقعہ پر ایسو سی ایشن کے دیگر مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ،جن میں ماہانہ میڈٖیکل الائونس 300 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کرنا ، ڈیلی ویجروںکو باقاعدہ بنانے کے عمل میں سرعت لانا ،کم سے کم اجرت 400روپے روزانہ کرنا ، دیہی چوکیداروں کو بطور درجہ چہارم ملازم باقاعدہ بنانا ،آنگن واڑی ورکروں ،ہیلپروں ،آر ای ٹی اساتذہ کے مشاہرہ میں اضافہ کرنا ،پنشنروں کے2006اور اس سے قبل شکایات کا ازالہ کرنا ،محکمہ صحت عامہ اور بجلی و دیگر محکموں کے ملازمین کے عرصہ دراز کے التوا میں پڑے اجرت کو یکمشت ادا کرنا وغیرہ شامل ہے۔شرکا نے اتفاق رائے سے مجوزہ ریلی میں بھاری تعداد میں شرکت کرنے کا فیصلہ کیا ،تاکہ یہ نتائج خیز ایک تاریخی ریلی ثابت ہو جائے۔
ٹریفک پولیس کی کارروائی ، 50 سے زائد موٹر سائیکل ضبط
جموں // ٹریفک پولیس جموں شہر نے بلٹ موٹر سائیکلوں کے سائلنسروںکے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے 50سے زائد موٹر سائیکل ضبط کیں۔محکمہ ٹریفک نے یہ کاروائی سڑک حادثات اور شور کی آلودگی کے واقعات کے پیش نظر جموں شہر میںایک جامع چیکنگ مہم جاری کی ہے۔مہم کے دوران دو پہیہ سواروں کو کریش ہیلمٹ نہ پہننے اور تیسری سواری بٹھانے کے خلاف 50سے زائد بائیکیں ضبط کیں۔چیکنگ مہم کے تحت کچی چھاونی، لائبریری چوک ،امب پھلا،جانی پور وغیرہ میںگاڑیوں کی چیکنگ کی۔ایس ایس پی ٹریفک سٹی جوگیندر سنگھ نے کہا کہ مہم کا مقصد ٹریفک خلاف ورزیوںکو روکنے کے لئے قصوروالوں کے خلاف سنگین کاروائی کرنا تھا،جو شہر میں آلودگی پید ا کرتے ہیں۔مہم کا اہتمام ڈی ایس پی ٹریفک سٹی (نارتھ) جموں سنی گپتا نے متعلقہ ڈی ٹی آئیز کے ہمراہ ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں جوگیندر سنگھ ،جے کے پی ایس کی نگرانی میں کیا تھا۔
چودھری شوکت نسیم نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا
بھوجپوری اورگوجری فلم کی ہدایت کاری کاپروجیکٹ سنبھالا
ممبئی//معروف ہدایتکار،کہانی کار، شاعر،ادیب،مصنف اورصحافی چو دھری شوکت نسیمؔنے اس وقت نئی بلندی کوچھوا جب انہوں نے ممبئی فلم انڈسٹری میں قدم رکھتے ہوئے یوایس۔پروڈکشنس کے بینرتلے بھوجپوری اورگوجری فلم’نورزہر‘کی ہدایت کاری کاپروجیکٹ سنبھالا۔ شوکت نسیم کاتعلق کالاکوٹ راجوری سے ہے اورانہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا۔اس سے پہلے شوکت نسیم ؔ نے ایک درجن سے زائد سیریلوں کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیئے ہیںاور پورے ملک میںتھیٹر کے ذریعے زبان و ثقافت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔دوردرشن اور ریڈیو سے ان کے سیریل اور ریڈیائی ڈرامے نشر ہوتے رہتے ہیں۔شوکت نسیم نسیمؔ نے قوم و زبان کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے 2017 میں آوازِگجر نامی ایک فیس بُک صفحہ اور یو ٹیوب چینل شروع کیا جس کے ذریعے عوامی مسائل کو حکام بالا تک پہنچانے میں کافی مدد ملی۔پھر شوکت نسیمؔ نے 2؍جولائی2018کو گوجری زبان میں پہلا مکمل گوجری ہفتہ وار اخبار رودادِقوم کے نام سے شروع کیا ہے۔جس کے ذریعے عوام اور گوجری زبان کی خدمت کی جا رہی ہے۔اب شوکت نسیم ؔ ممبئی فلم انڈسٹری میں US-Productionsکی بھوجپوری/گوجری فلم نُور زہرا میں ہدایتکاری کریں گے جو کہ زبان اور ثقافت کے لئے ایک اچھی پہل مانی جا رہی ہے۔اس سلسلے میں شوکت نسیمؔ نے کہا کہ گوجربکروال قوم، اور زبان و ثقافت کے لئے اس کام کو لے کر وہ کافی پُر جوش ہیں اور اُن تمام اداروں و شخصیات کے ممنون ہیں جو اس کام میں اُن کے ساتھ ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں کہ گوجری زبان بھی دوسری زبانوں کے ساتھ فخر سے سر اونچا کرے گی۔