ہاؤس بوٹ ایسو سی ایشن صدر حاجی عبدالحمید وانگنو فوت
الطاف بخاری ، جی اے میراور تاریگامی کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میرنے ہاؤس بوٹ ایسو سی ایشن کے صدر حاجی عبدالحمید وانگنو کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں الطاف بخاری نے کہاکہ وانگنو کی وفات خاص کر سیاحتی شعبہ سے منسلک لوگوں کے لئے گہرا صدمہ ہے اوراُن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی ، وہ شریف النفس شخص تھے جنہوں نے جموں وکشمیر کے اندر سیاحت کو فروغ دینے میں بڑی خدمات انجام دی ہیں۔ ادھرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر جی اے میرنے اپنے تعزیتی بیان میں حاجی عبدالحمید وانگنو کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ادھر سی پی آئی ایم کے لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے بھی عبدالحمید وانگنو کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا اور غمزدہ کنبے سے تعزیت کا اظہار کیا۔
سرمد حفیظ کاکونگہ پوش میں شجر کاری مہم کا آغاز
سرینگر// سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے کل راج باغ میں جے کے ٹی ڈی سی کے ریسٹورنٹ کانگپوش کے لان سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا ۔ سیکرٹری سیاحت نے دریائے جہلم کے کنارے دلکش مقام پر واقع ریسٹورنٹ کے لان میں پودے لگائے ۔ اس موقعہ پر سرمد نے خطاب کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور گردو نواح کے ماحولیاتی توازن کو بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے نوجوانوں اور طلبا کے رول کو اہم قرار دیا ۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ، محکمہ سیاحت اور جے کے ٹی ڈی سی کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔
حضرت سید علی مراد بخاری ؒ کا عرس
سید آباد سویہ ٹینگ میں مجلس آراستہ ہوگی
سرینگر// سید آباد سویہ ٹینگ لسجن میں یک اپریل کو حضرت سید علی مراد بخاری ؒ کا سالانہ عرس منایا جارہا ہے ۔آستان عالیہ کی انتظامیہ کمیٹی نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ عرس کے پیش نظر عقیدت مندوں کیلئے مکمل اور معقول انتظامات دستیاب رکھیں ، جن میں خصوصاًبغیر خلل بجلی، پینے کی پانی ، صحت وصفائی شامل ہے۔ کمیٹی کے چیرمین عبدالاحد وانی نے بتایا کہ 31مارچ کو آستان عالیہ میں نماز عصر سے لیکر نماز مغرب تک ختمات المعظمات اور درود و ازکار کی مجلس آراستہ ہوگی اور یکم اپریل کو عرس منایا جائے گا۔کمیٹی نے عقیدت مندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماسک کااستعمال کرنے کیساتھ ساتھ سماجی دوری اورجسمانی فاصلہ قائم رکھنے کاخیال بھی رکھیں۔
کشمیر سوسائٹی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام صوفی کانفرنس منعقد
سرینگر//کشمیر سوسائٹی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کل ’کشمیر میں 700سالہ صوفیت ‘‘ کے موضوع پر ایک صوفی کانفرنس منعقد ہوئی ۔شہر خاص کے ہیرٹیج کالج میں صوفی شاعر وازہ محمود کی یاد میں منعقدہ اس کانفرنس میں صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ،ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجاز اسد ،کے ایس آئی کے چیرمین خواجہ فاروق رینزو شاہ ،کے وی آبی کی چیرپرسن داکٹر حنا بٹ ،سجادہ نشین خورشید وازہ ،داکٹر محتشم تابش ، کشمیر یونیورسٹی مرکز نور کے سربراہ جی این خاکی ،گاندھی کالج کی پرنسپل محترمہ عصمت کے علاوہ سکالروں ،مصنفین ،علماء،،میرواعظان اورصوفی شعراء نے شرکت کی۔اس موقعہ پر2کتابوں کلیات وازہ احمد اور کلیات وازہ فرید کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔
یمبر زل یو تھ کلب کی جانب سے تقریب کا انعقاد
سرینگر//عالمی تھیٹر ڈے پر یمبر زل یو تھ کلب کی جانب سے سرینگر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں وادی کے معروف اداکار و یمبر زل یوتھ کلب کے سربراہ خورشید میر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ یہ تقریب اداکار شہزاد شبیر کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران تھیٹرکی اہمیت اور افادیت پر بحث و مباحثہ پیش کیا گیا۔ خورشید میر نے کہا کہ جدید تھیٹر کے فروغ کے حوالے سے یمبر زل یوتھ کلب کا نہایت اہم رول رہا ہے۔ تقریب پر بشارت حسین، شوکت ماگرے، بشارت بخاری، شہزاد شبیر، خورشید میر، مہجبین انکساری، میر مشتاق، ریان ریاض ، مبلغ، شاہد احمد، نصیر احمد ، سمیر جان اور یمبر زل یو تھ کلب کے پبلسٹی سیکریٹری جا وید کشمیری موجود تھے ۔ تقریب پر کہا گیا کہ یمبر زل یوتھ کلب کی جانب سے نیو پروڈکشن ’’ راچھ دھر‘‘ پیش کی جا رہی ہے