مزید خبرں

قومی خواتین کمیشن نے جموں وکشمیر اور لداخ میں الگ الگ سیل قائم کی 

نیوز ڈیسک
 
نئی دہلی//خواتین کیلئے قومی کمیشن نے معاملات سے نپٹنے کیلئے یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر اور لداخ میں الگ الگ سیل قائم کی ہے۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ خصوصی سیل دونوںیونین ٹیریٹریوں کی طرف سے ملنے والی شکایات سے نپٹنے کے علاوہ خطہ کی خواتین سے متعلق ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی دیکھ لے گی۔خواتین کیلئے قومی کمیشن کی چیئرپرسن ریکھا شرما کا فروری میں جموں وکشمیر کے دورے کے دوران انہوںنے غیر سرکاری رضاکار تنظیموں خواتین کے متعلق قائم مراکز اور دیگر افسران کے ساتھ ملاقاتیں کیں جس کے بعد پینل نے فیصلہ کیا کہ ان خطوں کیلئے الگ الگ سیل قائم کئے جائینگے۔ 
 

کولگام میں 35ملازمین غیر حاضرپائے گئے 

 ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کی ڈی سی کی ہدایت

خالد جاوید 
 
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے متعدد سرکاری دفاتر کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران انہوںنے 35ملازمین کو غیر حاضر پایا۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے غیر حاضر ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کاٹ کر ریڈ کراس کھاتے میں جمع کرانے کی ہدایت دی۔ انہوںنے افسران اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ ورک کلچر اور وقت کی پابندی کا خیال رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری ملازمین اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ دفتر اوراس کے احاطہ میں حفظان صحت کو برقرار رکھیں۔ 
 
 

 نظر بندی کے 20ماہ مکمل

ماہ رمضان کے پیش نظر میر واعظ کو رہا کیا جائے: حریت(ع)

سرینگر //نیوز ڈیسک// حریت کانفرنس (ع)نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی نظر بندی کو پورے 20 مہینے مکمل ہو رہے ہیں۔ ان کو 4 اگست2019 کو خانہ نظر بند کردیا گیا تھا۔بیان میں کہا گیاہے کہ حریت(ع) چیئرمین کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی کیخلاف بار بار آواز بلند کی جارہی ہے اور مختلف حلقوں سے میرواعظ کی رہائی کا مسلسل مطالبہ کیا جارہا ہے تاہم حکام کی جانب سے ان کی مسلسل اور لگاتار نظر بندی سے میرواعظ کے جملہ بنیادی انسانی حقوق پامال کئے جارہے ہے ںجو حد درجہ افسوسناک ہے۔حریت نے کہا کہ مقدس ماہ رمضان کی آمد کے پیش نظر حکام کو چاہئے کہ وہ میرواعظ سمیت تمام سیاسی نظر بندوں اور نوجوانوں جو جموںوکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں مقید رکھے گئے ہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہئے۔
 

کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کی میٹنگ منعقد 

حاجی نثار احمد نائب صدر مقرر 

سرینگر//کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن (بقال)نے حاجی نثار احمد کو نائب صدر نامزد کیاہے۔کے ٹی ایم ایف کی ایک میٹنگ محمد صادق بقال کی صدارت میں منعقد ہوئی جس کے دوران تنظیمی امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران فیڈریشن کو مزید وسعت دینے پر یک رائے کا اظہار کیا گیا تاکہ تاجر برداری کے مسائل کا ازالہ جلد از جلد کیا جاسکے۔ محمد صادق بقال نے حاجی نثار احمد کو نائب صدر نامزد کیااور یک رائے میں ان کے فیصلے کی تائید کی گئی۔ صادق بقال نے کہا کہ حاجی نثار ایک دیانتدار اور محنت کش تاجر لیڈر ہے جنہوںنے ہمہ وقت اپنی خدمت کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کو پیش رکھی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حاجی نثار احمد ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پیش پیش رہتے ہیںجبکہ فیڈریشن کو مضبوط بنانے میں بھی کلیدی رول ادا کیا۔اس موقعہ پر حاجی نثار احمد نے کے ٹی ایم ایف کے زعماء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو ذمہ داری انہیں سونپی گئی ہے اسے پورا کرنے میں وہ ہمیشہ کوششیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو اس وقت کئی ایک معاملات درپیش ہیںاور ان کاازالہ کرنے کیلئے محمد صدیق بقال کی سربراہی میں کشمیر ٹریڈریس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن تمام زور لگائے گی۔
 

کولگام میں لڑکی کی عصمت ریزی ،2افراد گرفتار، ٹرک ضبط 

سرینگر // کولگام میں پولیس نے لڑکی کی عصمت دری کرنے میں ملوث ٹرک ڈرائیور سمیت 2افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ پولیس بیان کے مطابق پولیس چوکی میر بازار کو ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ ایف سی آئی بازار کے نزدیک ایک لڑکی کو ٹرک زیر نمبرJK18A/6426میں 2افراد عصمت دری کررہے ہیں۔ ایس ڈی پی او قاضی گنڈ محمد شفیق کی سربراہی میں پولیس پوسٹ میر بازار سے وابستہ پولیس پارٹی نے جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور لڑکی کو بچالیا۔ پولیس نے 2ملزموں کو گرفتار کرکے گاڑی ضبط کی۔ گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت حافظ فاروق پرے ولد فاروق احمد پرے اور عبید ایوب رینہ ولد محمد ایوب ساکنان گڑی ہامہ کولگام کے بطور کی ہے۔ اس سلسلہ میںپولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر63/2021درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ طبی لوازمات پورا کرنے کے بعد لڑکی وارثین کے سپرد کی گئی۔ 
 

اونتی پورہ میں ٹرک اور سکوٹی کے درمیان ٹکر

۔18سالہ لڑکی لقمۂ اجل،نوجوان زخمی

سید اعجاز
 
پلوامہ //اونتی پورہ میں ایک ٹرک اور سکوٹی کے درمیان ٹکر ہونے کے نتیجے میں 18سالہ لڑکی موقع پر ہی لقمہ ٔاجل بن گئی اورایک نوجوان زخمی ہوا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کی شام ساڑھے6بجے ایک ٹرک زیر نمبرJK14G/0740 اور سکوٹی زیر نمبرJK13D/7883کے درمیان ٹکر ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مسکان منظوردختر منظور احمد ڈار ساکن ڈوگری پورہ اونتی پورہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئی جبکہ اس حادثے میں سہیل احمد خان ولد اسد اللہ خان ساکن بہو اونتی پورہ زخمی ہوا جس کو فوری طور اونتی پورہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے اس حوالے سے کیس درج کر کے مزید کارروائی شروع کی ہے۔ 
 

نالہ سندھ سے ریت اور بجری کا اخراج

۔5شہری گرفتار، 5ٹپر ضبط 

گاندربل //ارشاد احمد//گاندربل میں پولیس نے نالہ سندھ سے غیر قانونی طریقے سے ریت اور بجری نکالنے کی پاداش میں 5افراد کو گرفتار کرکے  5ٹپر ضبط کئے۔پولیس تھانہ لار کی خصوصی ٹیم نے ان اطلاعات ملنے کے بعد کہ واتل باغ میں نالہ سندھ سے ریت اور بجری نکالی جارہی ہے، چھاپہ مارا۔ اس موقعہ پر پولیس نے 5ٹپروں کو ضبط کیا جو خام مواد لے جارہے تھے۔ پولیس نے 5افراد کو بھی حراست میں لیا اور اس سلسلہ میں ایف آئی آر زیر نمبر8/2021درج کرلیا۔ 
 

بانڈی پورہ میں تاجروں کی کورونا جانچ 

بانڈی پورہ// ضلعی انتظامیہ بانڈی پورہ نے پیر کے روز ضلع میں تاجروں کے لئے خصوصی کوویڈ۔19 ویکسی نیشن اور ٹیسٹنگ کا آغاز کیا۔ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) بانڈی پورہ ، ڈاکٹر اویس احمد نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد زاہد کے ہمراہ مین بازار بانڈی پورہ اور منی سیکریٹریٹ میں قائم ٹیکے لگانے والے مراکز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود انتظامات کا جائزہ لیا۔افسران کو بتایا گیا کہ ویکسینیشن ڈرائیو لوگوں کی فعال شرکت کے ساتھ چل رہی ہے کیونکہ تاجر رضاکارانہ طور پر ٹیکہ لگانے کے لئے آگے آرہے ہیں اور بیک وقت کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کروا رہے ہیں۔ڈاکٹر اویس نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے نامزد کردہ ویکسی نیشن کاؤنٹروں پر ٹیکہ لگائیں ۔اس کے علاوہ انہیں رہنما خطوط کو کم نہ کرنے کی بھی اپیل کی کیونکہ کوویڈ 19 وبائی امراض کی دوسری لہر نے ہمارے دروازوں پر دستک دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ویکسی نیشن اس لئے شروع کی گئی ہے کہ تمام تاجر محفوظ اور صحتمند رہیں جبکہ وہ اپنے کاروبار کررہے ہیں۔ ڈاکٹر اویس نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ یقینی بنائے کہ ہر تاجر ، دوکاندار ، خوردہ فروش یا تھوک فروش آگے آئے اور ویکسین لے۔
 

سکول بند کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے:فورم

 
مشتاق الحسن
 
ٹنگمرگ//وادی میں اسکولوں کو دو ہفتوں کیلئے بند کرنے کے خلاف پرائیویٹ اسکول فورم جموں کشمیر نے آری پانتھن بیروہ میں احتجاج کیا۔ فورم نے وادی میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ وادی کی پارکوں خاصکر باغ گل لالہ میں ہزاروں لوگوں کی ایک ساتھ موجودگی سے کورونا کا کوئی خطرہ نہیں ہے تو اسکولوں میں طالب علموں کی موجودگی کیسے خطرہ بن چکا ہے۔ فورم نے کہا کہ  وادی کے تمام سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں حکومت کی طرف سے وضع کردہ رہنما خطوط پر من وعن عمل ہورہاہے۔فورم کے ساتھ والدین نے بھی ایل جی انتظامیہ سے یہ فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی ہے ۔فورم کے چیئرمین سید مشتاق نے بتایا کہ فورم اسکولوں کو فوری طور کھولولنے کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ طالب علموںکا مزید وقت ضائع نہ ہوجائے۔
 
 

الیکٹریکل ایمپلائز یونین پلوامہ کی جانب سے مفت ماسک تقسیم

 سرینگر// الیکٹریکل ایمپلائز یونین پلوامہ نے پاور ڈیپارٹمنٹ پلوامہ کے احاطے میں مفت ماسک فراہم کئے۔ انہوں نے اس موقع پر عام لوگوں کے علاوہ شوپیان او رپلوامہ کے ملازمین سے اپیل کی کہ کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک کا استعمال کریں۔ یونین کے صدر میر امتیاز راجپوری نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیلنے لگا ہے اسلئے اس وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے وضع کردہ ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماسک اور سینٹی ٹائزر کا استعمال اور سماجی دوری کا خیال ہر حال میں رکھنا ہوگا ۔انہوںنے شوپیان اور پلوامہ کے تمام ملامین سے اپیل کی کہ وہ ماسک کا استعمال لازمی طورکریںتاکہ اس وباء سے نجات پایا جاسکے۔
 
 

ساگر اور لون نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی عیادت کی

سرینگر//نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور رکن پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبرلون نے شیر کشمیر میڈیکل انسٹی ٹیوٹ جاکر پارٹی سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی عیادت کی۔انہوں نے ڈاکٹر فاروق کو فراہم کئے جارہے علاج و معالجہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔انہوں نے صدرِ موصوف کی فوری صحتیابی اور تندرستی کیلئے دعا کی۔ دریں اثناء پارٹی کی خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس اور صوبائی صدر کشمیر انجینئر صبیہ قادری نے بھی سکمز جاکر پارٹی سربراہ کی عیادت کی۔پارٹی کے جنرل سکریٹری کی ہدایت پر آج یعنی 6اپریل کو پارٹی کی تمام اکائیوں کی طرف سے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی فوری صحتیابی کیلئے دعائیہ مجالس کا اہتمام ہورہا ہے ۔
 
 

آوارہ کتوں کے حملے

دیور لولاب میں مزید 7افرادزخمی

 
اشرف چراغ 
 
کپوارہ //لولاب کے دیور علاقہ میں دوسرے روز بھی آ وارہ کتو ں کے پے در پے حملے جاری ہیں اور مزید 7افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوںنے دیور علاقہ میں لوگو ں کا جینا حرام کر دیا ہے۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح آوارہ کتو ں نے بستی میں 7افراد کو زخمی کر دیا جن کو فوری طور سب ضلع اسپتال سوگام منتقل کیا کیا جہا ں سے ان کو صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ۔آوارہ کتوں کے تازہ حملو ں میں 2خواتین اورایک کمسن سمیت 7افراد زخمی ہوئے ۔
 
 

جمعیت علماء کا مولانا سید ولی رحمانی کو خراج عقیدت

 
نیو ز ڈیسک
 
سرینگر//جمعیت علماء اہل السنت والجماعت جموں وکشمیرنے مولانا سید ولی رحمانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ملت اسلامیہ کیلئے علمی وروحانی سرمایہ تھے۔ جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہاکہ مفکر اسلام حضرت مولانا سید ولی رحمانی کے اہل خانہ، متعلقین اور جامعہ رحمانیہ مونگیرکے اساتذہ وطلباء ،آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈکے تمام ممبران وکارکنان کی خدمت میں تعزیت پیش کی اور دعا کی کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔
 

منشیات مخالف مہم

بانڈی پورہ اور اننت ناگ میں3افراد گرفتار

سرینگر // پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران بانڈی پورہ اور اننت ناگ میں3افرادکو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے چرس اورنشیلی اشیاء کوبرآمد کیا۔ ایس ایچ او بانڈی پورہ کی سربراہی میں پولیس نے کلوسہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کو چرس و دیگر نشیلی ادویات کے ساتھ گرفتار کیا۔ملزم کی شناخت نذیر احمد بٹ کے طور پر ہوئی ۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 43/2021کو تھانہ بانڈی پورہ میں درج کیا گیا اور مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ادھراننت ناگ پولیس نے لالچوک کے نزدیک ایک ناکے کے دوران امتیاز احمد گنائی ساکن پوشکیری کو نشیلی ادویات کی50بوتلوں کے ساتھ گرفتار کیا۔اننت ناگ اوربجبہاڑہ تھانوںسے وابستہ ایک مشترکہ پولیس پارٹی نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں سجاداحمد بٹ ساکن آرونی نامی ایک شخص کے گھر پر چھاپہ مارکر نشیلی ادویات کی  330بوتلیں برآمد کرلیں ۔پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے کیس درج کرلیا ۔
 

قرآن سسکتی انسانیت کیلئے آبِ حیات

کوکرناگ میں جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام عظمت ِ قرآن کانفرنس

سرینگر //قرآن حکیم ایک زندہ معجزہ ہے اور اس کے پیام ِ رحمت و رافت سے جس نے بھی نون سے نقطہ نکالنے کی وشش کی اُسے منہ کی کھانی پڑی ۔ سسکتی اور تڑپتی انسانیت کے لئے یہ کتاب ِ مبین آب ِ حیات کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کی آیات میں کسی ترمیم و تبدیلی کے بارے میں سوچنا بھی بس ایک جنوں اور دماغی خلل ہے ۔ ان باتوں کا اظہارکوکرناگ میں عظمت ِ قرآن کانفرنس سے خطاب کے دوران جمعیت کے نائب صدرڈاکٹر عبداللطیف الکندی ، مولانا مشتاق احمد ویری ،مولانا محمد یوسف بٹ سلفی ، ڈاکٹر مبشر احسن وانی المدنی ، مولانا بشارت بشیر ، مولانا بشیر احمد نہامی،پروفیسر ظہور احمد شاہ المدنی ، مولانا محمدحنیف وانی سلفی ، مولانا انجینئر عاشق حسین ، مولانا شوکت احمد وانی اور مولانا محمد الطاف کے علاوہ دیگر ضلعی علماء ِ جمعیت اہلحدیث نے کیا اور کہا کہ جمعیت تعمیر اخلاق ، عقائد کی درستگی ، معاشرہ کی تطہیر ، تعلیم و تعلم کے فروغ ، انسانیت کی صلاح و فلاح اور دعوت ِ دین کے کام میں مصروف عمل ہے ۔ قرآنی و نبوی علوم کی ترویج و اشاعت اس کا اہم ترین ہدف و مقصد ہے اور یہ کام اپنے وجود کے روزِ اول سے کررہی ہے ۔ اس کے مراکز ِ عبادات ، مدارس، دعوۃ سینٹرس اور کلیات اس کا برملا اظہار ہیں۔ اس لئے جمعیت کے سارے منصوبوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے لازم ہے کہ آنے والے رمضان المبار ک میں حسب سابق اپنی زکوٰۃ اس کے لئے مختص کرکے ان کارہائے خیر میں اپنا حصہ ڈال کر دنیاوی و اخروی سرخروئی کاسامان کریں۔
 
 

محکمہ اطلاعات بارہمولہ میں تعینات ملازم کیلئے الوداعی تقریب

فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع اطلاعاتی مرکز بارہمولہ میں ایک تقریب کے دوران محکمہ کے اسسٹنٹ اِنفارمیشن آفیسر بشیر احمد صوفی کو گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا گیا۔وہ محکمہ میں تقریباً چار دہائیوں تک اَپنے فرائض انجام دینے کے بعد 31؍ مارچ 2021ء نوکری سے سبکدوش ہوئے۔تقریب کی صدارت ضلع اِنفارمیشن آفیسر بارہمولہ مدثر حسین نے کی جس میں ضلع اِنفارمیشن مرکز بارہمولہ کے اَفسران اور ملازمین نے شرکت کی۔اَپنے کلیدی خطاب میں ڈی آئی او نے سبکدوش ہونے پر مبارک باد دی اور محکمہ کی بہتری کے لئے ان کے کردار کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے ان کے لئے ریٹائرمنٹ کے بعد کی خوشی اور خوشحال زندگی کے لئے دعا کی۔اِس موقع پر بشیر احمد صوفی نے بھی اپنے خیالات کا اِظہار کیا اور سروس کیریئر کے اَپنے تجربات بھی بانٹیں۔ 
 
 

 ناظم اطلاعات کا ظہورالدین کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت 

جموں //ناظم محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ راہل پانڈے نے محکمہ کے ایک ملازم ظہور الدین کے اَچانک اِنتقال پر اِظہار تعزیت کی جس کا سوموارکو اِنتقال ہوگیا۔اس سلسلے میں میڈیا کمپلیکس میں ناظم اطلاعات کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تمام اَفسران اور ملازمین نے شرکت کی۔اَفسران اور ملازمین نے محکمہ کے آر آر سیکشن میں کام کرنے والے ظہور الدین کے اِنتقال پر گہرے رنج و غم کا اِظہار کیا۔اِس موقعہ پر اَفسران اور ملازمین نے محکمہ میں اُن کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ان کی وفات سے محکمہ کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ظہور الدین اس شعبہ کا ایک اثاثہ تھا جو ہمیشہ اَپنے فرائض پیشہ ورانہ اور لگن و تند ہی سے انجام دیتے تھے۔ 
 
 

جمعیت ہمدانیہ اور نیشنل کا نفرنس کا میر گوہرکے انتقال پر اظہارِ تعزیت

سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے معروف مولود خوان مرحوم میر احمد اللہ کے فرزند سابق آئی اے ایس افسر میر گوہر احمد کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے سابق جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن حاجی میر گوہر احمد (آئی اے ایس) ساکن خانیار حال الفاروق کالونی راولپورہ کے انتقام پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔