حریت (گ)کا اجلاس کل
سرینگر//حریت(گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے کل یعنی جمعرات کو حریت کانفرنس کا ایک اجلاس طلب کیا ہے۔بیان کے مطابق اجلاس میں مزاحمتی تحریک کے حوالے سے ریاست کی تازہ ترین صورتحال کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں جملہ حریت اکائیوں کو شمولیت کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
ڈورو شاہ آباد کا وفد ڈویژنل کمشنر سے ملاقی
ڈورو/عارف بلوچ/ڈورو شاہ آباد سے تعلق رکھنے والے ایک وفدنے ویژنل کمشنر کشمیر سے ملاقی ہوکر انہیں قصبہ کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ٹریڈ یونین ڈوروکی قیادت میںاس وفد نے ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کو مختلف مسائل سے آگاہ کیاجس میں ماڈرن اسپتال کا افتتاح،منی سیکٹریٹ کا قیام ،سڑک کی کشادگی وغیرہ شامل ہیں۔صوبائی کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ عنقریب ہی قصبہ کا دورہ کر کے مسائل کا جائیزہ لیں گے۔
قومی ایمرجنسی ریسپانس نظام کا جائزہ لیا
جموں// چیف سیکرٹری بی بی ویاس کی صدارت میں این ای آر ایس کے لئے دوسری سٹیٹ اپیکس کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ این ای آر ایس ایک بین مُلکی ہیلپ لائین نمبر112 ہے جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ایمرجنسی کی صورتحال کے دوران موثر کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔ اس میں محکمہ پولیس، عوامی، صحت ، فائیر اینڈ ایمرجنسی، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، سماجی بہبود اور سی۔ ڈی اے اور ٹیلی کام شروسز شامل ہیں۔اس نظام کے ذریعے سے مختلف محکموں کے ایمرجنسی نمبرات کو مربوط کیا جائے گا تا کہ ضرورت پڑنے پر ضروری کاروائی کی جاسکے۔اس دوران بتایا گیا کہ ریاستی پولیس کے منصوبے کے مطابق ریاست میں این ای آر ایس کو شروع کرنے کے لئے مرکزی سرکار نے7.427 کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔کمیٹی نے این ای آر ایس کی وزارت داخلہ کے راہ نما خطوط کے مطابق علاقے سے جڑے امور کو بھی زیر بحث لایا۔
آسیہ اور فہمیدہ کی رہائی پر گیلانی مطمئن
’جبر واکراہ سے حریت پسند زیر نہیں ہوتے‘
سرینگر// حریت (گ)چیرمین سید علی گیلانی نے دختران ملّت سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی اور اُن کی قریبی ساتھی خاتون راہنما فہمیدہ صوفی کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے صبروثبات اور جذبۂ آزادی کو قابل فخر ملّی اثاثہ قرار دیا۔ حریت چیرمین نے اپنے ایک بیان میں واضح کردیا کہ جبرواکراہ اور ظلم وبربریت پر مبنی سیاست کاری سے حریت پسندوں کے حوصلوں کو زیر کرنا ہر دور میں سامراجی طاقتوں کے لیے ناممکن رہا ہے۔ حریت رہنما نے مسئلہ کشمیر کو ایک انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقِ خودارادیت کا مطالبہ ایک پُرامن جمہوری اور سیاسی فارمولہ ہے جسے اقوامِ متحدہ نے بہ اتفاق رائے تسلیم کیا ہے۔ حریت راہنما نے اس ضمن میں بھارت کے غیر حقیقی اپروچ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے حریت پسند راہنماؤں اور بالخصوص نوجوان نسل کو حقِ خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بدترین جسمانی اذیتوں کے علاوہ قیدوبند کی صعوبتوں میں مبتلا کیا جارہا ہے جو کہ سراسر اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔انہوںنے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کا عوامی خواہشات کے عین مطابق ایک پُرامن تصفیے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارت پر اپنا سیاسی دباؤ بڑھائے جانے کی اپیل کا اعادہ کیا۔ گیلانی کی ہدایت پر تحریک حریت ذمہ دار محمد رفیق اویسی ، آسیہ اندرابی کے گھر گیا اور قائد تحریک کی طرف سے اظہارِ مسرت کا پیغام پہنچایا۔