بانڈی پورہ فلٹریشن پلانٹ بیکار
عوام کوسخت مشکلات درپیش
بانڈی پورہ/عازم جان/بانڈی پورہ کی وسیع آبادی کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں سخت مشکلات درپیش ہیں لیکن آرم پورہ سونر ونی فلٹریشن پلانٹ ہنوز بیکار پڑا ہوا ہے۔ نوے کی دہائی میں یہ پلانٹ بیکار ہوگیا اوراس دوران اس کی مرمت پر زرکثیر خرچ کیا گیا لیکن فلٹریشن پلانٹ سے پانی کی سپلائی ممکن نہ ہوسکی۔اس ضمن میں ہائڈرالک ڈویژن بانڈی پورہ کے ایگزیکٹو انجینئر غلام احمد بٹ نے بتایاکہ فلٹریشن پلانٹ کے قریب دو ریزروائر تعمیر ہورہے ہیں جو بہت جلد مکمل ہونگے اور عوام کے مسائل حل ہونگے۔
نعیمہ مہجور اورابدال مہجور کی نواز ننگرو سے تعزیت
جموں //خواتین کمیشن کی چیئرپرسن نعیمہ احمد مہجور اور مہجور فاونڈیشن کے صدر پیر زادہ ابدال مہجور نے ریڈیو کشمیر کے سینئر پروڈوسر نواز احمد ننگرو کی والدہ نسبتی کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موصوفہ نیک سیرت تھیں ۔
اتحاد المسلمین کے اہتمام سے پٹن میں مجلس عزاء
سرینگر//ایام فاطمیہ کے حوالے سے اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام سے پریہاس پورہ پٹن میں مجلس عزاء منعقد ہوئی جس میںاطراف و اکناف سے آئے عزاداروں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے حضرت فاطمہؑ کی سیرت طیبہ پر مفصل روشنی ڈالی۔ مولانا نے کہا کہ سیدہ فاطمہؑ کی سیرت خواتین کے لئے نمونہ عمل ہے ۔
کنگن اور گنڈ میں کٹوتی
شیدول کے خلاف ناراضگی
ٖغلام نبی رینہ
کنگن// تحصیل کنگن اور گنڈ علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام ہوتے ہی ان علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوتا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ رسیونگ سٹیشن سرفرائو سمبل سے بجلی شیڈول کے مطابق فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عام لوگوں کو مشکلات پیش آتے ہیں بلکہ طالب علموں کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ کنگن اور سمبل میں دو پن بجلی پروجیکٹ موجود ہونے کے باوجود بھی لوگوں کو بجلی کے لئے ترسنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے ۔
ڈاکٹر فاروق اور سوشل ویلفیئربورڈ کی ڈاکٹر سونم کی وفات پر تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خطہ لداخ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور لداخ ہل کونسل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر سونم داوا کے فوت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کے جملہ سوگوران کے ساتھ دلی تعزیت کی اور اُن کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سوم داوا ایک عوام دوست شخصیت کے مالک تھے۔اس دوران سٹیٹ سوشل ویلفیئر بورڈ نے پروفیسر نرمل گپتا کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد کی جس دوران ڈاکٹر سونم داوا کے فوت ہونے پر دُکھ کا اظہار کیا گیا۔بورڈ نے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی وفات نہ صرف لداخ خطے بلکہ پوری ریاست کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔
آرینز گروپ کی طرف سے اسکالرشپ میلہ
سرینگر// آرینز گروپ آف کالجز چندی گڑھ کی طرف سے جموں و کشمیر کے مستحق اور قابل طلبہ و طالبات کیلئے آج اور کل سرینگر میں ایک اسکالر شپ میلے کا انقاد کیا جا رہا ہے ۔ایک بیان کے مطابق جموں و کشمیر کیطالب علم ویب سائب www.aryans.edu.in اور ہیلپ لائن نمبر 98762-99888 or 98765-99888. پر معلومات حاصل کرسکتے ہیں ۔ آریانز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انوشو کتاریہ نے کہا کہ اس میلہ میں موقع پر سکالرشپ ، تعلیمی قرض مستحق طالب علموں کو فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام مستحق اور دلچسپی رکھنے والے طلبہ و طالبات کو دسویں جماعت، بارہویں جماعت ، گریجویشن کی اسناد اور شناختی کارڈ ساتھ لانے کیلئے کہا ۔داخلہ کوآرڈی نیٹر امپرپریت سنگھ نے کہا کہ اسکالرشپ میلہ سے تمام طلبہ و طالبات کی مدد ہو گی۔
زینہ کوٹ میں صنعتی اراضی پر پولیس کالونی کی تعمیرِ،کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزبرہم
سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر جاوید احمد ٹینگا نے اس بات پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے جس میں سرکار نے زینہ کوٹ میں صنعتی اراضی جو کہ HMT واچ فیکٹری سے حاصل کی گئی ہے ،پر پولیس ہاوسنگ کالونی تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف یہاں فورسز نے لاکھوں کنال اراضی پر پہلے ہی قبضہ کیا ہے اور اب صنعتی اراضی کوبھی فورسز کی تحویل میں دیا جارہا ہے جو کہ صنعتی سیکٹر کیلئے تشویش کا باعث ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے2007میں یہ تجویز دی تھی کہ اس اراضی پر Gem & Jewellery انسٹی چیوٹ قائم کیا جانا چاہئے اور اس تجویز کو مرکزی سرکار نے بھی مانا تھا ۔انہوں نے کہا کہ 2009میں یہ تجویز بھی دی گئی تھی کہ اس اراضی کو ٹیکسٹایل پارک میں تبدیل کیا جائے جہاں سینکڑوں چھوٹے کارخانے لگاے جاسکتے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوگا ۔ صدر جاوید احمد ٹینگا نے کہا کہ اب اس اراضی پر پولیس ہاوسنگ کالونی کی تعمیرسے ٹیکسٹایل پارک اور Gem & Jewellery انسٹی چیوٹ کا خواب ٹوٹ چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر چیمبر آف کامرس اندسٹریل ایسٹیٹ زینہ کوٹ کے یونٹ ہولڈروں اور دیگر ایسے اداروں کو یہ اراضی حاصل کرنے کیلئے مکمل تعاون دے گی۔
حریت (گ)اور محاذ آزادی وفود کا آغا خاندان سے اظہار یکجہتی
سرینگر// حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے ارکان پر مشتمل ایک وفد بشمول جنرل سکریٹری غلام نبی سمجھی، بلال صدیقی، ایڈوکیٹ دویندرسنگھ بہل، یاسمین راجہ، سلیم زرگر اور حریت ترجمان غلام احمد گلزار نے انجمن شرعی شعیان کے صدر اور سینئرحریت رہنما آغا سید حسن کے ماموں آغا سید فضل اللہ کے انتقال پر اُن کے ساتھ تعزیت پُرسی کی۔ وفد نے آغا حسن اور جملہ عزیزواقارب کے ساتھ اظہارِ تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کرنے کے علاوہ مرحوم کے حق میں ایصال ثواب کے لیے دُعائے مغفرت کی اور گیلانی کی طرف سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔اس دوران محاذآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے آغا سیدفضل اللہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔اس سلسلے میں تنظیم کے ایک وفد نے محمد اعظم انقلابی کی ہدایت پر بڈگام جاکر مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔
تنویر صادق کا خراج عقیدت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے آغا سید محمد فضل اللہ کے انتقال پُرملال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ نئی دلی سے اپنے تعزیتی پیغام میں تنویر صادق نے کہا کہ مرحوم نے تبلیغ دین کے سلسلے میں جو ناقابل فراموش اور قابل قدر خدمات انجام دی ہیں وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم وسیع النظر عالم دین، مبلغ، دانشور، علمی شخصیت اورملت اسلامیہ کے بہی خواہ تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت عطا کرے اور مرحوم کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔
ڈاکٹروں کو ہڑتالوں سے اجتناب کرنے کی ضرورت
سکمز فیکلٹی فورم کا اظہار، نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ
سرینگر// سکمز فیکلٹی فورم نے سکمز ہسپتال کے اندر اور باہر ڈاکٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایام کار کے دوران ہڑتالیں کرنے سے اجتناب کریں کیونکہ یہ اس پیشہ کے جذبہ کے خلاف ہے۔ جنرل باڑی کے ایک اجلاس میں فورم نے سکمز میں حالیہ پیش آمدہ صورتحال پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ ایکزیکٹو نے تمام ڈاکٹروں کو جموں میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ ہوئی نشست میں زیر بحث آئے معاملات کی آگاہی دی۔ اجلاس میں سکمز کو اعلیٰ مقامات پرلے جانے کے لئے وزیر اعلیٰ کی طرف سے ظاہر کئے گئے جذبات کا اعتراف کر کے ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اجلاس میں ریذیڈنٹوںکی طرف سے ہڑتال کو مسترد کر کے یہ عہد کیا گیاکہ کسی بھی حال میں کسی بھی وقت مریضوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں آنی چاہئے۔ آخر میں ایگزیکٹو کے سکریٹری پروفیسر سمیر نقاش نے فیکلٹی فورم کی طرف سے پروفیسر عمر شاہ کی بطور نئے ڈائریکٹر کے تعیناتی کا خیر مقدم کیا گیا اور وزیر اعلیٰ جو سکمز کی گورننگ باڑی کی چیر مین بھی ہیں کی طرف سے نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لئے شکریہ ادا کیا گیا۔