سوئیہ بگ بڈگام میں کم عمروں کی گرفتاری
تحریک حریت کاسرکار پر انصاف کا گلہ گھونٹنے کا الزام
سرینگر//تحریک حریت نے سویہ بُگ بڈگام کے معصوم بچوں کو گرفتار کرکے تھانہ بڈگام اور جونائل جیل ہارون میں بند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اب جنس اور عمر کا لحاظ رکھے بغیر عمر رسیدہ افراد خواتین اور بچوں کو بھی نہیں بخشتی ہے۔ اہل خانہ کے مطابق گرفتار شدگان میں چند بچے بالکل نابالغ ہیں جن کو جرم بے گناہی کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا ہے، اُن میں بلال احمد بٹ 8thکلاس، عمراز احمد بٹ 9thکلاس، سجاد احمد 10thکلاس، عمران احمد 9thکلاس، سجاد احمد 10thکلاس کے بچے ہیں، جبکہ ارشد احمد میر، عمیر، ایثار احمد بٹ، میر بشارت، زبیر احمد ملک، محمد شفیع ملک اور عبدالمجید بٹ شامل ہیں جو طالب علم ہیں، لیکن پولیس نے اُن کو بلاوجہ گرفتار کیا ہے۔
پی ایم جی ایس وائی ، دیہی ترقی سکیموں کا جائیزہ
جموں//دیہی ترقی و پنچائتی راج کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے دیہی ترقی سکیموں میں تیزی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کو ترقی پذیر ملک کی طرف سے مقرر شدہ نشانے کو پورا کرنا ہو گا ۔ مرکزی وزیر نے اس بات کا اظہار دیہی ترقی محکمے کی طرف سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میٹنگ میں دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان ، کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما ، کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود سجاد احمد خان ، ایڈیشنل سیکرٹری راکیش بڈیال ، کوارڈینیٹر مشن ڈائریکٹر بخشی جاوید حمایوں ، ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ کشمیر اور جموں آر کے بٹ اور سید غظنفر علی ، ڈائریکٹر رورل سینی ٹیشن اور پنچائتی راج نذیر احمد شیخ ، ڈائریکٹر فائنانس ایس ایل پنڈتا ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ سید شبیر ، سٹیٹ نیوٹریشن آفیسر طفیل احمد راٹھور و ریاستی حکومت کے سینئر افسران موجود تھے ۔ وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی دیہات کی ترقی کے ساتھ منسلک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ گاؤں ایک ترقی یافتہ ملک کو جنم دیتا ہے اور دیہی ترقی سکیموں کی عمل آوری کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہئیے جس کی بدولت روز گار کے مواقعوں میں اضافہ ، سڑک رابطے ، سکل ڈیولپمنٹ اور ہاوسنگ جیسے ترقیاتی کام عمل میں آ سکتے ہیں ۔ وزیر نے ریاست کی مختلف سکیموں پر عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت سے کہا کہ وہ آئیندہ بھی ترقیاتی کاموں میں سرعت لا کر بہتر نتایج حاصل کریں ۔ اس سے قبل دیہی ترقی و پنچائتی راج کے ریاستی وزیر عبدالحق خان نے مرکزی وزیر کو اطلاع دی کہ محکمہ کے سامنے ایک بڑا چیلنج دیہی سڑکوں کی نشاندہی کرنا ہے اور اس سلسلے میں کئی برسوں سے دیہی سڑکوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک محکمہ نے 679 پُل ، 2283 کلورٹ ، 31337 سڑکیں تعمیر کیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے 2696 تالاب ، 885 چیک ڈیم ، 3617 واٹر ہارویسٹنگ ٹینک ، 561 کھیل کے میدان ، 72 مچھلیوں کے تالاب ، 55 آنگن واڑی سنٹر مختلف دیہی علاقوں میں تعمیر کئے اور ان کاموں کی بدولت 23.90 لاکھ افراد کو روز گار بھی فراہم ہوا ۔
شیام چودھری کی نیتن گڈکری کے ساتھ ملاقا ت
جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شیام لال چودھری نے نئی دلی میں آبی ذخائر کے مرکزی وزیر نیتن گڈکری کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا کی موثر عمل آوری کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے مرکزی وزیر کے ساتھ ریاست میں اس سکیم کی عمل آوری کے لئے درکار بجٹ اور دیگر امور کو زیر بحث لایا۔ انہوں نے ریاست میں پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول سیکٹرو ں کے لئے مرکز کی معاونت کا مطالبہ کیا تاکہ پروجیکٹوں کو مقرر ہ مدت کے مکمل کیا جاسکے ۔مرکزی وزی رنے ریاستی وزیر نے کہا کہ وہ پی ایم کے ایس وائی کے تمام پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کے لئے کوششیں جاری رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اس حوالے سے ہر ممکن مدد کرے گی ۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی حکومت ان سیکٹروں کے نئے پروجیکٹ ریاست میں شروع کرنے کے لئے بھی معاونت کرے گی۔
فریڈم لیگ پارٹی لیڈر کی مسلسل نظربندی پر برہم
سرینگر//پیپلز فریڈم لیگ ترجمان نے تنظیم کے چیف آرگنائزر امتیاز احمد شاہ کی کپواڑہ سب جیل میں مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کو سیاسی انتقام گیری کا شکار بنایا جا رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت جہاں ایک طرف دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویٰ کرتا ہے وہیں کشمیر میں مزاحمتی قیادت کو سیاسی انتقام گیری کا شکار بنایا جا رہاہے ۔ ترجمان نے کہاکہ ایسے ہتھکنڈوں سے مزاحمتی قیادت اور عوام کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ان حربوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے تنظیم کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان کو بھی گرفتار کیا گیا اور اب تک مختلف جیلوں میں مسلسل مقید ہیں۔
ڈاکٹر فاروق کا اشرف ساحل کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق ڈائریکٹر دور درشن مرحوم محمد اشرف ساحل کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے سوگوران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ مرحومہ خواجہ غلام قادر ماگرے ساکن داور حال بانڈی پورہ کی اہلیہ تھیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد خان گریزی اور صدرِ ضلع بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
لبریشن فرنٹ کا ہائیگام میں تعزیتی اجتماع
سرینگر//لبریشن فرنٹ کے اہتمام سے ہائیگام سوپور میں جمعرات کو2001میں جاں بحق ہوئے افراد کے حق میںایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی جس میں فرنٹ کے نائب آرگنائزر سراج الدین میر کے ساتھ ضلع صدر بارہمولہ عبدالرشید مغلو، ضلع صدر بانڈی پورہ سید نثار جیلانی، غلام قادر خان ،عبدالقیوم شیخ ،محمد عظیم زرگراور محمد اکبر یتو نے شرکت کی۔سراج الدین میر نے کہا کہ یہی لوگ ہمارے اصل ہیرو ہیں اور انکی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔اس کے علاوہ لبریشن فرنٹ کے ذمہ داروں جن میںمحمد ٹپلو قابل ذکر ہیں ،نے آنچار صورہ جاکر لبریشن فرنٹ رکن غلام رسول گوروکو برسی پرخراج عقیدت ادا کیا۔
بانہال میں شاہراہ پر حادثہ،10 مسافر زخمی
بانہال /محمد تسکین / جموں سرینگر شاہراہ پر قصبہ بانہال کے گنڈ عدلکوٹ علاقے میں ایک ٹاٹا سومو اور ایک منی بس کے درمیان ہوئی ٹکر میں 10 مسافر زخمی ہوئے ہیں تاہم بانہال ہسپتال منتقل کئے گئے تمام زخمیوں کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ۔ مگرکوٹ سے بانہال کی طرف آنے والی یہ ٹاٹا سومو نمبر JK19/1721 قصبہ بانہال کے نزدیک گنڈ عدلکوٹ کے مقام شاہراہ پر مخالف سمت میں بانہال سے رام بن جانے والی منی بس نمبر . JK06/1107 سے ٹکرائی جس کی وجہ سے ٹاٹا سومو میں سوار سوار 10 مسافر زخمی ہوئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر پولیس اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکاروں کی مدد سے ایمرجنسی ہسپتال بانہال پہنچایا گیا۔ جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد بیشتر مسافروں کی چھٹی کی گئی جبکہ دو مسافروں کو مزید علاج کیلئے ہسپتال میں روکا گیا ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ نے زخمیوں کی شناخت ڈرائیور محمد یاسین ولد سیف الدین ساکنہ امکوٹ بانہال ، مشکور احمد ولد احمد اللہ ساکنہ کھاروان، نیل۔ سائرہ بانو دختر محمد یاسین ساکنہ نیل ، محمد شفیح ولد عبدالغنی ساکنہ امکوٹ، جسونت سنگھ ولد رام سنگھ ساکنہ راجگڑھ رام بن ، محمد حنیف ولد گلاب الدین ساکنہ راجوری ، سبرین بانو دختر شکیل احمد ساکنہ رام بن۔ محمد شفیع ولد عبدالعزیز ساکنہ چندرکوٹ، رشید احمد ولد بشیر احمد ساکنہ شیر بی بی ، اور عبدالقیوم ولد محمد ابراہیم ساکنہ چملواس بانہال کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
’’ ایڈوانسڈ ان فِش اینڈ وائیلڈ لائف اکالوجی اینڈ بیالوجی ‘‘ کا اجراء
جموں/ /گورنر این این ووہرا نے راج بھون میں ایڈوانسڈ ان فِش اینڈ وائیلڈ لائف اکالوجی اینڈ بیالوجی ‘‘ کی ساتویں جلد کا اجراء کیا ۔ جسے سابق جیالوجی کے پروفیسر اور پرنسپل گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس اینڈ منیجمنٹ کے پروفیسر بنسی لال کول نے لکھی ہے ۔گورنر نے پروفیسر کول کی سائینسی تحقیق کے میدان میں اُن کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے پروفیسر کول کی تندرستی اور کامیابی کیلئے دعا کی ۔
قومی آیوش مشن کی عمل آوری
کپوارہ میںطبی ٹیموں کی تربیت کیلئے ورکشاپ
کپوارہ//ڈائریکٹوریٹ آف انڈین سسٹم آف میڈسنز اینڈ ہومیو پیتھک نے آیوش یونٹ کپوارہ کے اشتراک سے قومی آیوش مشن کی عمل آوری کے لئے میڈیکل ٹیموں کی تربیت کی خاطر ایک روزہ تربیت و جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ورکشاپ میں چیف میڈیکل آفیسر،چیف ایجوکیشن آفیسر،اسسٹنٹ میڈیکل آفیسر(آیوش) اورضلع کوارڈینیٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔آئی ایس ایم آفیسران پر آیوش طریقہ علاج پرعملدر آمد کے لئے زمینی سطح پر کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ پورے ضلع میں آیوش طریقہ علاج کے لئے لوگوں کو جانکاری فراہم کی جائے۔اس سے قبل اسسٹنٹ میڈیکل آفیسر آیوش نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں مشن کی حصولیابیوں کا خلاصہ پیش کیا۔
گیلانی کا محبوس مزاحمتی
کارکن سے اظہار یکجہتی
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے تنظیم کے ایک محبوس ذمہ دار منظور احمد کلو کے والد عبدالکبیر کلو کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منظور احمد کلو گزشتہ دو برسوں سے جیل میں بند ہیں اور اُن کے والد بھی طویل عرصے سے علیل تھے اور بسترِ مرگ پر پچھلے دو سال سے اپنے فرزند کی رہائی کا انتظار کرتے کرتے آج داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ گیلانی نے منظور احمد کلو اور اہل خانہ کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔ اس دوران تحریک حریت جموں کشمیر کے لیڈروں محمد یوسف مکرو اور مظفر احمد پر مشتمل وفد نے غلام رسول ملک آرونی کے جواں سال داماد میر عبدالرشید مومن ڈانجی آرونی کے انتقال پر ملک خاندان کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔
ریونیو محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ
جموں//مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے مال محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ محکمہ کے سینئر افسران کی ایک میٹنگ میں لیا ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر ریونیو لوکیش جھا ، کمشنر سیکرٹری ریونیو شاہد عنایت اللہ ، ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت شرما ، ڈپٹی کمشنر جموں کمار راجیو رنجن ، کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے اعجاز احمد بٹ ، ریجنل ڈائریکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ جموں اور سرینگر و دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں محکمہ کی حصولیابیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں جن میں کیپکس بجٹ کے تحت رقومات کی فراہمی بھی شامل ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 712.50 لاکھ روپے کے مجوزہ بجٹ میں سے 613.84 لاکھ روپے 31 جنوری 2018 تک خرچ کئے گئے ۔ وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ محکمہ خزانہ کو باقاعدہ طور پر ماہانہ پراگرس رپورٹ پیش کیا کریں اور ڈویژنل کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل میں شفافیت لانے کی کوششیں کرے ۔ ویری نے فائنانشل کمشنر ریونیو کو ہدایت دی کہ وہ نئے انتظامی یونٹوں میں جاری ترقیاتی کام کا جائیزہ لیا کریں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پرانے اور نئے انتظامی یونٹوں کو استحکام بخشنے کیلئے جنوری 2018 تک 85.50 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔
مستحق طلباء سے رقومات کا تقاضا، نجی کوچنگ مراکز کیخلاف شکایات کا نوٹس
سرینگر//ناظم تعلیمات کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے والدین کی طرف سے کی گئی اُن شکایات کا سخت نوٹس لیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ چند پرائیویٹ کوچنگ مراکزکی طرف سے اُن مستحق طالب علموں سے رقومات کا تقاضا کیا جاتا ہے جِن کو محکمہ نے ۱۰ فیصد کوٹا کے تحت منتخب کرکے پرائیویٹ مراکز میں کوچنگ فراہم کرنے کیلئے بھیجا ہے ۔ناظم تعلیمات نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اِن طالب علموںکا انتخاب محکمہ کے 10 فیصد کوٹے کے تحت پسماندہ، غریبی کی سطح کے نیچے گزر بسر کرنے والے اور دیگر مختلف بنیادوں پر کیا گیا ہے اور ان طالب علموں کو پرائیویٹ کوچنگ مراکز میںخالص مفت کوچنگ حاصل کرنے کیلئے بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے اس سلسلے میں حال ہی میں ناظم تعلیمات کشمیر کو یہ شکایات ملی تھیں کہ چند پرائیویٹ کوچنگ مراکز ایسے کئی مستحق طالب علموں سے کچھ رقم کی ادائیگی کا تقاضا کرتے ہیں۔ سٹیٹ میڈیا وِنگ ایس آئی ای کشمیر کے ساتھ بات کرتے ہوئے ناظم تعلیمات کشمیر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ والدین کی طرف سے ایسی شکایات جس کسی بھی کوچنگ مرکز کے تئیں ثابت ہوجائیں گی اُس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی اور ایسے مراکز کی رجسٹریشن کو منسوخ کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔