اننت ناگ میں محکمہ مال کی پیش رفت کاجائزہ
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں محکمہ مال کی پیش رفت کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع میں اب تک 135جمعبندیاں مکمل کی گئی ہیں جب کہ 280جمعبندیاں تکمیل کے مراحل میں ہیں ،اورباقی 30مارچ2018ءتک مکمل کی جائیں گی۔اسی طرح 313گرداواریوں کو مکمل کیا گیا ہے اور باقی ماندہ15مارچ2018ءتک مکمل ہوں گی۔میٹنگ میںبتایا گیا کہ ضلع کے تمام تحصیلوں میں اراضی ریکارڈ کے ڈیجیٹیزیشن کے لئے سکینگ کی جارہی ہے اوراب تک اس نوعیت کے 15ہزار دستاویزات کی سکینگ کی گئی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ہر پٹوار حلقہ میں پٹوار خانوں کی تعمیر کے لئے 5مرلہ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔میٹنگ کے دوران حصول اراضی،تجاوزات،لینڈ کنورژن اوردیگر معاملات بھی زیر بحث لائے گئے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے اثاثوں کی میوٹیشن اوردیگر امور کے بارے میں تمام تحصیلوں میں اے سی آر اننت ناگ کی قیادت میں ہفتہ واربنیادوں پر جانکاری کیمپوں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی۔
سکھ نندن کی صدارت میں پٹیشن کمیٹی کی میٹنگ منعقد
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پٹیشنز کمیٹی کی ایک میٹنگ یہاں ایم ایل اے چودھری سکھ نند ن کمار کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ارکان قانون سازیہ آر ایس پٹھانیہ ، گلزار احمد وانی اور اشفاق احمد شیخ نے کمیٹی کے کام کاج میں بہتری لانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔اس موقعہ پر کمیٹی کے سامنے التوا میں پڑی پیٹشنز کے تیر تر نمٹارے کے حوالے سے امور کوبھی زیر بحث لایا گیا۔اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ اے ڈی اے کے کی طرف سے لائی گئی پیٹشن پر اگلی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گااور بتایا گیا کہ کمیٹی کی اگلی میٹنگ 28 فروری 2018ءکو اسمبلی سیکرٹریٹ کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوگی۔سیکرٹری اسمبلی ایم آر سنگھ، ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی نسیم جان کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
سات روزہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا انعقاد
بہتر سڑک رابطوں کو دیہی اقتصادیات کو آگے بڑھانے کیلئے اہم قرار
جموں//ٹرانسپورٹ اور دیہی ترقی کے وزیر مملکت سنیل شرما نے سڑک رابطوں اور رسل و رسائل کو ترقی کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سیکٹروں کو آگے بڑھانے سے دیہی علاقوں میں اقتصادیات کو فروغ حاصل ہوتا ہے ۔وزیر نے ان باتوںکا اظہار سینٹرل یونیورسٹی آف جموں کے ماس کمیونکیشن اینڈ نیو میڈیا شعبہ کی طرف سے دیہی رپورٹنگ سے متعلق سات روزہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کی ایک فتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر سینٹرل یونیور سٹی آف جموں اشوک ایما بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پر کہا کہ حکومت دیہی علاقے کے لوگوں کو بنیاد ی سطح پر مختلف سہولیات بہم پہنچانے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے دیہی علاقوں میں بہتر رسل ورسائل کے ذرائع مہیا کرانے کے لئے کئی اختراعی پروگرام شروع کئے ہیں جن میں سوبھاگیا اور سڑک یوجنا جیسے سکیمیں شامل ہیں ۔اس موقعہ پر سی یو کے جموں کے وائس چانسلر نے کہا کہ یہ پروگرام دیہی علاقوں میں روابط قائم کرنے کے لئے نقش راہ تیار کرنے میں ایک سنگ میل کی حیثیت اختیار کرے گا۔انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کے دوران مدعوبین کو کلاس روم تربیت کے ساتھ ساتھ پس منظر کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں میں مثبت تبدیلی لاسکے۔اس موقعہ پر ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ منیر الاسلام نے بھی سرکاری پالیسیوں کے بارے میں عوامی رائے عامہ قائم کرنے کے موضوع پر ایک لیکچردیا۔ انہوں نے اس موقعہ پر شرکاءکے سوالات کا بھی جواب دیا۔ یہ پروگرام یکم مارچ تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران بھی شرکت کریں گے۔اس دورا ن این سی آر حیدر آباد کے نمائندے ایس این داس نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اس میں شریک تعلیم دانوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقعہ ملے اور سیکھنے سکھانے کے عمل کو فروغ حاصل ہوسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ دیہی رسل و رسائل کے مختلف موضوعات پر اس پروگرام کے دوران لیکچر دئیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں کئی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔اس موقعہ پر این سی ای آر نے یونیورسٹی کے ایک طالب عالم وسیم حسن خان کو سکالرشپ بھی پیش کی۔شعبہ ماس کمیونکیشن اینڈ نیو میڈیا کے سربراہ پروفیسر گووند سنگھ اور مختلف یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اس موقعہ پر موجو د تھے۔
بانڈی پورہ میونسپل کمیٹی ہال میں تقریب
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میونسپل کمیٹی ہال میں میونسپل آفیسر ولی محمد میر کی صدارت میں میونسپل ملازم غلام احمد پنزو کے اعزاز میں پرتپاک الوداعی تقریب منعقد کی گئی ہے جس میں غلام قادر شاد اور محمد شفیع راجا کے علاوہ میونسپل ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ الوداعی تقریب میں مقررین نے غلام احمد پنزو کے دور ملازمت کو شاندار الفاظ میں یاد کرتے ہوئے سراہنا کی ۔
ڈون انٹرنیشنل سکول سرینگر کو اعزاز عطا
سرینگر //ڈون انٹرنیشنل سکول سرینگر نے سی بی ایس ای میں بہترین سکول کا انعام حاصل کیا ہے۔ڈون انٹرنیشنل سکول کے چیر مین شوکت حسین خان کو نئی دلی کے ہوٹل کراﺅن میں سال 2018-17کیلئے سی بی ایس ای کی جانب سے ” گولڈن سٹار ایوارڈ “ تعلیمی نصاب میں بین الاقوامی نظریہ شامل کرنے کیلئے دیا گیا ہے۔اس موقعے پر فلم اداکار اور ممبران پارلیمنٹ کرن کھیر بھی موجود تھیں۔ انہوں نے سکول کو بہترین کارگردگی اور بلندیاں طے کرنے کیلئے مبارک باد دی ہے۔
جموں میں ایس بی آئی کا کسٹر کیئر سنٹر قائم
جموں//سٹیٹ بنک آف انڈیا کے جموں دفتر نے ایس بی آئی ان ٹچ، ہڈکو بھون ریل ہیڈ کمپلیکس میں کسٹمر کیئر سنٹر قائم کیا ہے جس کا جمعہ کے روز افتتاح کیا گیا۔ پریس کےلئے جاری ایک ریلیز کے مطابق اس سنٹر کی رسم افتتاح چیف جنرل مینجر انل کشورہ نے سر انجام دی۔ اس کسٹمر کیئر سنٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے مقررین نے بتایا کہ اس سے بنک کے گاہکوں کے مسائل اور شکایات کے ازالہ ممکن ہو سکے گانیز انہیں بنک کے بارے میں ہر قسم کی تفصیلات دستیاب ہو سکیں گی۔ اس تقریب میں جنرل مینجر ابھیجیت مجومدار،، ڈپٹی جنرل مینجر جموں منوج مہروترہ اور ریجنل مینجر گوردیپ سنگھ بھی موجود تھے۔
شےری بارہمولہ مےں نہرو ےوا کندرکا جانکاری کےمپ منعقد
بارہمولہ//فیاض بخاری//نہرو ےوا کندر بارہمولہ کی جانب سے شےری نارواو مےں نوجوان لڑکوںاور لڑکےوں کےلئے ےوسف شاہ کمپلکس مےں اےک جانکاری کےمپ کا انعقاد کےا گےا ۔جس مےں نوجوانوں کی اےک خاصی تعداد موجود تھی اس موقع پر اےن وائی کے ضلع کاڈی نےٹر حکےم عبدالعزےز اور محکمہ اےگری کلچر آفےسر نارواو محمد امےن شاہ اور منسپلٹی آفسےر بارہمولہ کے علاوہ دےگر ماہرےن موجود تھے ےہ کےمپ ۔اس موقع پر مقرےن نے نوجوانوں کو سماج کے تئےں اپنی زمہ داروں کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ نوجوان قوم کا اساسہ ہوتے ہےں ۔تقرےب مےں مرکزی سرکار کی جانب سے چلائی جارہی مختلف اسکےوں کی جانکاری دی گئی ۔
حریت (گ) کا مجلس شوری اجلاس24فروری کو
سرینگر//حریت (گ)ترجمان نے کہا ہے کہ تنظیم کے چیئرمین سید علی گیلانی نے رواں تحریک مزاحمت کے حوالے سے تازہ ترین سیاسی صورت حال کا بغور جائزہ لینے کے لیے 24؍فروری کو حریت مجلس شوریٰ کا ایک حسبِ معمول اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس شوریٰ کی اکائیوں کے جملہ سربراہان یا نمائندوں کو وقت مقررہ ساڑھے دس بجے صبح اجلاس میں شمولیت فرمانے کی استدعا کی گئی ہے۔
منشیات کا پھیلائو منصوبہ بند سازش کا حصہ: تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت کے ذمہ داروں محمد رفیق اویسی، محمد یوسف مکرو، معراج الدین ربانی اور ماسٹر علی محمد نے مساجد میں عوامی اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی صورتحال پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف جموںو کشمیر میں انسانی خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے اور امن کے قیام کی خاطر انسانی لہو ارزاں بنایا گیا ہے،ظلم وستم، تشدد، مار دھاڑ، گرفتاریاں اور توڑ پھوڑ جاری ہے۔ دوسری طرف یہاں کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشیلی ادویات کادھندہ عروج پر ہے،انتظامیہ سیاسی مقاصد کے پیشِ نظر ریاست میں پھیلی ہوئی اس نشہ کی لعنت پر قابو کرنے کے بجائے چشم پوشی کررہی ہے، جبکہ قوم کے مستقبل (جوان لڑکوں اور لڑکیوں) کو نشہ آور ڈرگس کے نام پر زہر پلاکر اخلاق وکردار کا جنازہ نکالا جارہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں بھی اب اس زہر کو پھیلایا جاچکا ہے۔ مقررین نے کہا کہ قوم کو نشہ آور ادویات پلاکر ذہنی طور مفلوج بنایا جارہا ہے، تاکہ اس قوم کے نوجوانوں کے سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت ختم ہو اور یہ قوم دین وایمان، اپنی تہذیب، تمدن، اخلاق وکردار اور سیاسی حیثیت سے لاپرواہ ہوکر بھارت کے استعماری حربوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی صلاحیت اور طاقت سے محروم ہوکر بھارت کی غلام بن کر رہے۔ مقررین نے کہا ہمارے علماء دینی جماعتوں، سول سوسائٹی یا باضمیر لوگوں کو اس طرف خصوصی توجہ دیکر منشیات اور نشہ آور ادویات کے استعمال کے خلاف مہم چلانی چاہیے، تاکہ ہمارا معاشرہ بگاڑ کا شکار نہ ہو۔
برطانیہ میں پروفیسر لیاقت علی خان فوت
لبریشن فرنٹ کا اظہار تعزیت
سرینگر//لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما اور سابق جنرل سیکریٹری برطانیہ زون پروفیسر لیاقت علی خان جن کا تعلق پاکستانی زیر انتظام آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی سے تھا ، وٹفورڈ برطانیہ میں مختصر علالت کے بعد ایک مقامی ہسپتال میں وفات پا گئے۔ پروفیسر لیاقت کی وفات کی خبر پہنچتے ہی اندرون و بیرون ریاست لبریشن فرنٹ کے جملہ ممبران و لیڈران ایک حلیم اور نظریاتی طور پختہ رہنماکے بچھڑنے سے مغموم اور دل برداشتہ ہوئے ۔ فرنٹ کے مرکزی دفتر مقبول منزل میں چیئرمین محمد یاسین ملک کی صدارت میں ہنگامی طور پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہواجس میں تمام سینئر لیڈران نے شرکت کی۔ یاسین ملک نے مرحوم لیاقت علی خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کی وفات سے پارٹی کے اندر نہ پُر ہونے والا خلاء پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک مخلص، نیک ، دیانتدار اور نظریاتی طور ایک پختہ لیڈر سے محروم ہوئے ۔ یاسین ملک نے کہا کہ پروفیسر صاحب گذشتہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے لبریشن فرنٹ سے وابستہ رہے اور اس دوران وہ زونل جنرل سیکریٹری سمیت کئی عہدوں پر فائز رہے جس دوران انہوں نے سفارتی محاذپر باحسن طریقے سے کشمیری قوم کی نمائندگی کی۔انہوں نے کہا کہ موصوف کے پورے خانوادے کا یہ طرۂ امتیاز رہا ہے کہ وہ ہمہ وقت کشمیر کی آزادی کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔یاسین ملک نے مرحوم لیاقت علی خان کے برادر ِ اکبر شوکت علی خان، جو گذشتہ پیر کو آزاد کشمیر کوٹلی میں وفات پا گئے تھے، کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔پروفیسر مرحوم اپنے پیچھے اپنی بیوہ کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑگئے ہیں۔
اننت ناگ میں دفاتر کا معائنہ، 30غیر حاضر ملازمین معطل
اننت ناگ//ورک کلچر کو فرو غ دینے اورملازمین کی صد فیصد حاضری کو یقینی بنانے کے لئے اے ڈی ڈی سی اننت ناگ ریاض احمد صوفی،ایس ڈی ایم بیجبہاڑہ اورتحصیلدار لارنو نے آج گورنمنٹ ڈگری کالج لارنو،جی ڈی سی کوکرناگ،بی ڈی او آفس کوکر ناگ اورپی ایچ سی سنگم کا اچانک معائنہ کیا۔جس دوران انہوںنے 30ملازمین کو غیر قانونی طور ڈیوٹیس ے غیر حاضر پاکر موقعہ پر ہی اُن کی معطلی کے احکامات صادر کئے۔
بڈگام میں 29826 کنبوں کو بیت الخلأ کی سہولیا ت میسر
بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں سوچھ بھارت مشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ضلع پنچایت آفیسر عبدالرشید کے علاوہ بی ڈی اووز نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ آفیسران پر سوچھ بھارت مشن کی صد فیصد حصولیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ ضلع کو کم سے کم وقت میں کھلے میں رفع حاجت کی بدعت سے پاک کیا جاسکے۔ترقیاتی کمشنر نے جون 2018ء تک صد فیصد حصولیابی کا ہدف پوراکرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے پر زوردیا۔میٹنگ کے دوران آفیسران نے یہ جانکاری دی رواں مالی سال کے دوران دستیاب 11کروڑ روپے کی رقم میں سے اب تک محکمہ نے بیت الخلائوں کی تعمیر پر 10کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ 72213کنبوں کے مقابلے میں 29826کنبوںکو بیت الخلأ کی سہولیات کی رکھی گئیں۔انہوںنے کہا کہ باقی 40000کنبوں کو یہ سہولیات بہم رکھنے کے لئے محکمہ کی کوششوں میں سرعت لائی جائے گی۔