نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر
مرکزی سرکار کا اقدام خوش آئند:راجہ منظور/جاوید مرچال
سرینگر //مرکزی وزارت دفاع کی طرف سے نستہ چھن گلی پر ٹنل کی تعمیر کو ترجیح دینے کی خبر کو خوش آئند قرار دہتے ہوئے ممبر اسمبلی کرناہ ایڈوکیٹ راجہ منظور اور قانون ساز کونسل کے رکن جاوید احمد مرچال نے ریاسی ومرکزی سرکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے سرکار کومزید اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ کرناہ کپوارہ شاہراہ پر مجوزہ ٹنل کی تعمیر اُن کے دور اقتدار میں ہی شروع کی جائے ۔دونوں لیڈران نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نستہ چھن گلی کے متعلق جو بیان ریاستی وزیر تعمیرات کی جانب سے گزشتہ روز ایک مقامی روزنامہ میںآیا ہے،وہ اُس کاخیر مقدم کرتے ہیں ۔انہوں نے مقامی لوگوں کو اس پیش رفت کیلئے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور آنے والے دنوں میں ایک سرکاری وفد دلی روانہ ہو رہا ہے ۔
بھاجپا عوام کے فلاح کیلئے کام کررہی ہے:اشوک کول
سرینگر // بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری اشوک کول نے پارٹی قیادت کو انتخابات میںجیت حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی بلا مذہب و ملت لوگوں کی بہبود کیلئے کام کر رہی ہے ۔شانگس اننت ناگ میں اتوار کو پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ پارٹی کی بہبود کیلئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان پارٹی کے نمائندے ہیں اور انہیں بغیر کسی مذہب وملت کے بغیر لوگوں کی بہبود کیلئے کام کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی صوبائی بنیادوں پر کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کرے گی اور نہ ہی لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرے گی۔
کانگریس لیڈر کو فرضی بل نکالنے کا اندیشہ
پونچھ//حسین محتشم //رواں مالی سال کے آخر میں فرضی بل نکالنے کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر و سابق رکن پارلیمان میر پونچھی کے صاحب زادے نعیم میر پونچھی نے کہا کہ 31 مارچ کے دوران ٹھیکیداروں کی طرف سے تعمیراتی محکمہ جات کے افسران و ملازمین کے ساتھ تال میل بناکر فراڈ بل بناکر پیسے ہضم کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا جاتا ہے اوراس پر لوگوں کی آواز کے باوجود کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی ۔انہوںنے کہاکہ جو پیسے عوامی فلاح و بہبود کے نام پر آتے ہیں ، انہیں فرضی بلوں کے ذریعہ ہضم کردیاجاتاہے ۔ نعیم میر نے اپیل کی کہ اس بار ویجی لینس آرگنائزیشن کے تحت نگرانی کروائی جائے اور آڈٹ کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ رشوت خوری پر قابوپایاجاسکے ۔
شمال مشرقی ریاستوں میں جیت پر راجوری میں بھاجپا کا جشن
راجوری //بھارتیہ جنتاپارٹی کے راجوری کارکنان نے ممبر قانون ساز کونسل وبودھ گپتا کی قیادت میں پارٹی کی شمال مشرقی ریاستوں میں جیت پر جشن منایا ۔اس سلسلے میں راجوری قصبہ میں ایک جلوس نکالاگیا جس دوران کارکنان نے ایک دوسرے میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور پارٹی کی جیت پر نعرے لگائے ۔ اس موقعہ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وبودھ گپتا نے کہاکہ بھاجپا نے شمال مشرقی ریاستوں میں ایک تاریخ قائم کی ہے اور پارٹی کی پے درپے جیت حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور پروگرام کا نتیجہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس جیت سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ ہندوستان نریندر مودی کی قیادت میں آگے بڑھ رہاہے ۔انہوںنے کہاکہ پارٹی کے صدر امیت شاہ اور دیگران نے اس جیت کو یقینی بنایا۔انہوںنے کہاکہ اس جیت سے پارٹی کو جموں وکشمیر میں بھی نیا حوصلہ ملے گا اور اس سے ریاست میں تعمیروترقی کے نئے اقدامات ہوںگے ۔گپتا نے کہاکہ پارٹی کا ہر ایک لیڈر و ورکر فخر محسوس کرتاہے ۔ انہوںنے کارکنان پر ز ور دیاکہ وہ خطہ پیر پنچال میں پارٹی کو مضبوط بنائیں ۔ساتھ ہی انہوںنے کہاکہ پارٹی کی جیت سے ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور انہیں لوگوں کی توقعات پر پورااترناہوگا۔انہوںنے کہاکہ اب وہ دن دور نہیں جب بھارت دنیا میں ایک سپرپاور کے طور پر ابھرے گا۔اس موقعہ پر راجیش گپتا ، اتم گپتا، زاہد احمد ، راجہ رتن ، امریش کمار ، نشچل روترا، بودھ راج ، جسبیر کمار، ساہل گپتا ، مکھن سنگھ ، اقبال بٹ اور راکیش رینہ بھی موجو دتھے ۔
نوجوان کی نعش درخت سے لٹکی ہوئی ملی
راجوری //راجوری کی تحصیل کالاکوٹ کے کھدریاں علاقے میں ایک 33سالہ نوجوان کی نعش درخت سے لٹکی ہوئی ملی ۔محمد مجید ولد محمد بشیر ساکن کھدریاں کالاکوٹ کی نعش کو گائوں میں ایک درخت سے لٹکے ہوئے پایاگیا جس بارے میں مقامی لوگوںنے پولیس کو اطلاع کی جس پر کالاکوٹ سے پولیس ٹیم موقعہ پر پہنچی اور نعش کو اپنی تحویل میں لیکر تحقیقات شرو ع کردی ۔بعد ازآں پوسٹ مارٹم کرکے نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیاگیا ۔اس سلسلے میں کیس درج کرکے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام :میر
اقرباء پروری اوربدعنوانی عروج پر
ٔسرینگر//پردیش کانگریس نے مخلوط سرکارکوعوام دشمن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پوری ریاست میں تعمیروترقی کاعمل ٹھپ پڑاہے ۔تنظیم کے صدرجی اے میرنے کہاکہ کنبہ پروری ،اقرباء پروری اور کورپشن کابول بالا ہے۔ انہوںنے ضلع اسلام آبادکے کئی دورافتادہ علاقوں کاایک ہفتے کادورہ کرنے کے دوران لوگوں کودرپیش مشکلات کاجائزہ لیا۔انہوں نے کہاکہ ریاست بھرمیں جوزمینی صورتحال ہے اُسے صاف ظاہرہوتاہے کہ پی ڈی پی ،بی جے پی مخلوط سرکارہرسطح پرناکام رہی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ نہ تودونوں جماعتوں نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے ہیں اورنہ عوامی مسائل ومشکلات اورمطالبات کی جانب کوئی توجہ دی گئی ۔جی اے میر نے کہاکہ دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے مفادات کی خاطرریاست اورریاستی عوام کے مفادات اورضروریات کوپس پشت ڈالدیاہے ۔انہوں نے کہاکہ حکمران اتحاد میں شام دونوں جماعتوں کواپنے اپنے مفادات کی فکرلگی ہے اور عوام کاکوئی پُرسان حال ہی نہیں ۔
ڈاکٹر سمیر کول کو صدمہ، والدہ نسبتی انتقال کرگئیں
سرینگر//معروف جراح اور سماجی شخصیت ڈاکٹر سمیر کول کی والدہ نسبتی سنیچر کے روز لیوٹن لندن میں فوت ہو گئیں۔ ڈاکٹر درگاگنجو اہلیہ ڈاکٹر ستیندر ناتھ گنجو لیوٹن لندن میں قیام پذیر تھیں، جہاں وہ 3مارچ کوفوت ہوگئیں۔ انکی نعش5مارچ کو نوئیڈا لائی جائے گی، جہاں انکا انتم سنسکار ہوگا اور45سیکٹرA15نوئیڈا میں تعزیتی تقریب ہوگی۔
حاجن میں باپ بیٹے کی گرفتاری انتظامیہ کی بوکھلاہٹ:تحریک حریت
سرینگر//تحریک حریت نے ماسٹر علی محمد ساکن حاجن اور اس کے بیٹے شوکت احمد کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماسٹر علی محمد کو چند روزقبل ہی دو سال کی اسیری کے بعد رہا کیا گیا تھا، مگر کل پھر سے باپ بیٹے کوگرفتار کرکے حاجن تھانے میں بند کیا گیا۔ ماسٹر علی محمد عمر رسیدہ ہیںاور مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں۔بیان کے مطابق ان کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں ہے بلکہ یہ صرف انتظامیہ کی بوکھلاہٹ ہے، اسی لیے جموں کشمیر کو ایک جیل خانے میں تبدیل کرچکے ہیں۔ بیان کے مطابق انسانوں کو جیلوں میں قید رکھنے سے عوامی جذبات، سوچ اور نظریہ کو قید نہیں کیا جاسکتا ہے۔
کٹھوعہ واقعہ : بھاجپا کی ریلی باعث شرمندگی:ظفر اکبر
سرینگر// سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے کٹھوعہ عصمت دری اور قتل میں ملوثین کی رہائی کے حق میں احتجاجی ریلی پربھاجپا لیڈران کی موجودگی کی مذمت کی ہے۔ ظفر اکبر نے اس انسانیت سوز واقعہ میں ملوثین کی رہائی کیلئے احتجاج کو فسطائی ذہنیت سے تعبیر کیا اور بی جے پی کے اس انسانیت سوز رویہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ملوثین کو قرارواقعی سزا دلانے اور احتجاج میں شامل لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوںنے مزاحمتی رہنما محمد قاسم فکتو ،محمد شفیع شریعتی اور دیگر اسیروںکی سنٹرل جیل سرینگر سے جموں منتقلی پر گہرے تشویش کا اظہار کیا۔
خان سوپوری کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر// پیپلز لیگ نے تنظیم کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی مسلسل نظربندی کو ان کی صحت کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے خان سوپوری کی مسلسل حراست پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ موصوف علیل ہیں اور ان کی مسلسل گرفتاری کی وجہ سے ان کی صحت کافی متاثر ہوچکی ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ خان سوپوری کی رہائی کے لئے حکومت پردبائو ڈالیں۔ اس دوران تنظیم کے ترجمان نے سرینگر سنٹرل جیل میں مقید مزاحمتی قائدن و کارکنان کی جمون منتقلی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے انتظامیہ کے اس اقدام کو بوکھلاہٹ سے تعبیر کیا ہے ۔ ترجمان نے عالمی برادری سے اس اہم معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔
دھنی سیداں اُوڑی کے خطیب جامع کے چہارم میں سینکڑوں لوگوں کی شرکت
سرینگر//مرکزی جامع مسجد دھنی سیداں اوڑی کے صدر و خطیب حاجی محمد امین خواجہ کے چہارم پر سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس سلسلے میںدن بھر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا اور سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے ان کے گھر جاکرتعزیت کا اظہار کیا۔تعزیت کرنے والوں میں تبلیغ جماعت جموں وکشمیر کے امیر امیر احمد خان، این سی حلقہ صدر سنگرامہ محمد یعقوب وانی اور بارہمولہ غلام حسن راہی،فروٹ ایسوسی ایشن کشمیر کے سربراہ کاچرو غلام نبی جان ، بار ایسوسی ایشن بارہمولہ کے ایڈوکیٹ شاہد علی شاہ ،انجمن تبلیغ الاسلام کے عبدالرشید اور محمد سلیم خان ، جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری محمد امین ٹکہ ، صوبائی چیئرمین کشمیر محمد مقبول میر، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، سیکریٹری شمالی کشمیر محمد امین پیر، وائس چیئرمین ضلع کپوارہ شیخ بلال احمد، ضلع سیکریٹری کپوارہ محمد افضل میر، تحصیل چیئرمین کپوارہ سکندر احمد میر، تحصیل چیئرمین کنزرنصیر احمد خان،مرکزی جامع مسجد ٹنگمرگ کے خطیب مولانا محمد سعید احمد قریشی، سول سوسائٹی بانڈی پورہ کے ظہور احمد خان، سول سوسائٹی سوپور کے بشیر احمد چالکو اور سرینگر سول سوسائٹی کے عبدالغنی ، غلام محمد نہامی نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہا رکیا۔
ژھندنہ گاندربل میں عرس تقریبات
گاندربل //حضرت با با عبداللہ ریشی صاحب ؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں ژھندنہ گاندر بل میں انکے آستان عالیہ پر ان دنوں ایام متبرکہ جاری ہیں جن میں ہزاروں تعداد میں روز عقیدت مند شرکت کر رہے ہیں اور ختمات المعظمات ، نعت خوانی اور درود و ازکار کی مجالس میں محو رہتے ہیں۔ عرس کی اختتامی تقریب کے موقعے پر6مارچ کو شب بیداری کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس دوران رات بھرعلمائے کرام وعظ و تبلیغ فرمائیں گے۔ زائرین کیلئے انتظامہ کمیٹی کی طرف سے طعام کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
گیلانی کا تنظیم کے رکن سے تعزیت
سرینگر// تحریک حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے تنظیم کے رُکن حاجی غلام حسن بٹ ساکن ناگام چاڈورہ کے برادر عبدالغفار بٹ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے غلام حسن کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔ اس دوران سید امتیاز حیدر اور محمد مقبول پر مشتمل ایک وفد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔