سانبہ اور اونتی پورہ کے ایمز پروجیکٹ
چیف سیکرٹری کا اہم کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور
جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل یہاں ایک میٹنگ کے دوران سانبہ اور اونتی پورہ میں تعمیر ہور ہے ایمز پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، تعمیرات عامہ ، پی ایچ ای ، بجلی اور محکمہ جنگلات کے انتظامی سیکرٹری ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈویژنل کمشنر جموں اور کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر سی پی ڈبلیو ڈی کو اراضی کی منتقلی ، بجلی ، پانی ، سڑک رابطوں کی فراہمی اور تار بندی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے تمام اہم کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ سی پی ڈبلیو ڈی کی طر ف سے پروجیکٹوں پربنیادی کام شروع کیا جاسکے ۔انہوں نے پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم سے کہا کہ وہ متواتر طور متعلقہ محکموں کے ساتھ پیش رفت کا جائزہ لیا کریں۔
ایجنڈا آف الائنس پر ہورہی کارروائی کا جائزہ لیا
جموں// چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل یہاں انتظامی سیکرٹریوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دورا ن ’ایجنڈا آف الائنس ‘ کی محکمانہ بنیادوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔کمشنر سیکرٹر ی جی اے ڈی نے میٹنگ کے دوران مختلف محکموں کی طرف سے کی جارہی کارروائی کا خاکہ پیش کیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ مختلف محکموں کی طرف سے ایجنڈا آف الائنس میں درج ایجنڈا نکات کو پورا کرنے کے عمل میں مزید بڑھاوا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کارروائی کو ایجنڈا آف الانس کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے قائم کی سب کمیٹی کو پیش کیا جانا چاہیئے۔چیف سیکرٹری نے انتظامی سیکرٹریوں سے کہا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر اَپ ڈیٹیڈ سٹیٹس رپورٹ جی اے ڈی کو پیش کریں۔
وزیر اعلیٰ کانوجوانوں کوترقی یافتہ سماج قائم کرنے پر زور
جموں// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ترقی یافتہ سماج قائم کرنے کے لئے کام کر کے ریاست جموں وکشمیر کو ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل کرائیں۔نوجوانوں کے ایک وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوان اخوت، بھائی چارے اور مساوات کے رشتوں کو ایک نئی جہت دینے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ رنگ ونسل، ذات پات اور خطوں سے بالا تر ہوکر ہر ایک کی ترقی کے لئے کام کریں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ امن اور آپسی روا داری کو بنائے رکھنے کے لئے متحد ہوکر کام کریں تا کہ ریاست میں سب کے لئے ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے لہذا انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور بہبودی کو ایک کلیدی اہمیت دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کھیل کود کے ساتھ ساتھ انہیں اُمید ہے کہ ایک لاکھ کروڑ کے پی ایم ڈی پی کی بدولت ریاست میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو روز گار مہیا ہونے کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچہ بھی کافی حد تک مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو خود انحصار اور قابل روز گار بنانے کے لئے انہیں تکنیکی تعلیم سے روشناس کرایا جارہا ہے۔ایم ایل اے یاور میر اور سیکرٹری سپورٹس کونسل وحید الرحمان پرہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
سنگرامہ میںدرخت کاٹنے کے دوران مزدور لقمہ اجل
فیاض بخاری
بارہمولہ//سنگرامہ بارہمولہ میں 55سا لہ مزدوردرخت کے نیچے آکر لقمہ اجل بن گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ جمعرات کو غلام محمد شیخ ولد حبیب اللہ شیخ ساکنہ سیر جاگیر سوپور اُس وقت شدید زخمی ہوا جب وہ مزدوری کے دوران درخت کاٹ رہا تھا اس دوران درخت مذکورہ مزدور پر گرگیا ۔جس کے بعد اُسے نزدیکی اسپتال پہنچا یا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مذکورہ شخص کو سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا ۔جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ مزدور ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا اور وہ اپنے پیچھے چار معصوم بچے چھوڑ گیا جن میں تین لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہیں ۔
لیتہ پورہ معرکہ آرائی
مالک مکان بیٹے سمیت گرفتار
سرینگر//پانپورکے مضافات ہٹی وارہ لیتہ پورہ میں 5مارچ کو فوج اور عسکریت پسندوں کے مابین ہوئی جھڑپ کے بعد فورسز نے مالک مکان اور اسکے بیٹے کی گرفتاری عمل میں لاکر تحقیقات شروع کردی ہے۔اطلاعات کے مطابق فوج کی 50راشٹریہ رائفلز اور پولیس ٹاسک فورس اونتی پورہ نے رواں ماہ کی5 تاریخ کو پامپور کے مضافاتی علاقے ہٹی وارہ لیتہ پورہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی کے دوران عسکری تنظیم جیش محمد کے کمانڈر مفتی وقاس کو ازجان کرنے کا دعوی کیا۔باوثوق زرائع کے مطابق جیش کمانڈر کی ہلاکت کے بعد فورسز نے مکان کے مالک جس میں عسکری کمانڈر چھپا بیٹھا تھا کو بیٹے سمیت گرفتار کرلیا۔زرائع کے مطابق فورسز نے دونوں باپ بیٹے جن کی شناخت غلام محی الدین اور سرجیل احمد ساکنان سعدہ کدل سرینگر حال ہٹی وارہ لیتہ پورہ کو اونتی پورہ پولیس تھانے میں مقیدہے کے خلاف کیس درج کرکے دونوں سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے۔
محمد اشرف میرکی صدارت میں ایسٹمیٹس کمیٹی کی میٹنگ
جموں// قانون ساز اسمبلی کی ایسٹیمیٹس کمیٹی کی میٹنگ آج یہاں ایم ایل اے محمد اشرف میر کی صدارت میں منعقد ہوئی۔اس موقعہ پر کمیٹی کی کارکردگی پر غور و خوض کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیاگیا۔ارکان قانون سازیہ مبارک گل ، حکیم محمد یاسین ، چودھری سکھ نندن کمار ، عبدالمجید پڈر ، چودھری قمر حسین ، شکتی راج پریہار اور ڈاکٹر شہناز گنائی نے میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی مزید فعال بنانے کے سلسلے میں اپنی قیمتی آرا پیش کیں۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ لیاگیا کہ 21؍ مارچ2018ء سے کمیٹی ممبئی ، گوااور بنگلور کے سٹیڈی ٹور پر روانہ ہوگی۔سپیشل سیکرٹری قانون ساز اسمبلی آر ایل شرما کے علاوہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر افسران میٹنگ میںموجود تھے۔
ایم ایل اے گاندربل گورنر سے ملاقی
جموں//ایم ایل اے گاندربل شیخ اشفاف جبار میںکل راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔اس دوران انہوں نے گورنر کو اپنے حلقے کے مختلف معاملات کے بارے میں جانکاری دی اور یاترا کے راستے میں بہتری لانے کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔گورنر نے ایم ایل اے موصوف کے جذبات کی ستائش کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ پُر امن ماحول کے قیام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تاکہ علاقے میں عوامی بہبود کے لئے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔
اساتذہ کی تنخواہیں واگذار کی جائیں:قیوم وانی
نیوز ڈیسک
سرینگر //جموں و کشمیر ٹیچرز فورم کا ایک اہم اجلاس چیرمین عبدالقیوم وانی کی قیادت میں جموں میں منعقد ہوا جس میں اساتذہ کے بنیادی مسائل پر غور خوض کیا گیا ۔ میٹنگ میں تنظیم کے تمام سینئر لیڈران نے سروو شکھشا ابھیان، رہبر تعلیم اور دیگر اساتذہ کی تنخواہوں میں دیری پر افسوس کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں عبدالقیوم وانی نے کہا کہ فورم ہمیشہ ہی اساتذہ کے مسائل کو لیکر سنجیدہ ہے اور تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب ہمارے اساتذہ کو کوئی مسائل درپیش آئے تو ٹیچرز فورم نے ہمیشہ سے ہی ان کیلئے آواز اٹھائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس ائے کی تنخواہوں، اساتذہ ،ماسٹرز ، رہبر تعلیم اور دیگر مسائل اعلیٰ افسران کے ساتھ اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کا ایک ہی حل ہے وہ ہے وزیر تعلیم الطاف بخاری کو ایک مرتبہ پھر سے اساتذہ کے مسائل سے آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم نے اپنے ٹیم کے ہمراہ جن میں سیکریٹری ایجوکیشن فاروق احمد شاہ، ڈائریکٹر ایس ایس ائے عبدالرشید وار، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر جی این ایتو اور ڈائریکٹر آر ایم ایس ائے طفیل متو ، چیف ایجوکیشن اور زونل ایجوکیشن افسران کے مسائل حال کرنے کیلئے بہت تیزی سے کام کررہے ہیں۔ عبدالقیوم وانی نے کہا کہ وزیر تعلیم الطاب بخاری نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ انہوں نے اسکے لئے ایک راستہ تلاش کیا ہے وہ وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ کو آئندہ دنوں ہونے والے محکمہ تعلیم کی ریور کمیٹی میں اٹھائیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم کے ساتھ دیگر مسائل جن میں اساتذہ ، انچارج افسران ، لیکچرروں کی منتقلی، رہبر تعلیم ، آر آر ایٹیز کیلئے ٹرانسفر پالیسی اور دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اساتذہ کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی تو فورم لائحہ عمل ترتیب دینے پر غور و خوض کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرز فورم احتجاجی کیلنڈر کے دوران بچوں کی تعلیم پر کوئی بھی اثر نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیچرز فورم اساتذہ کی عزت اور قار پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
؎جموں و کشمیر بنک کے سابق پریذیڈنٹ عبدالرشید فوت
چیئرمین کا اظہار تعزیت
سرینگر//جے کے بنک چیئرمین پرویز احمد نے بنک کے سابق پریذیڈنٹ عبدالرشید کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ عبدالرشید سوموار کو سرینگر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔چیئرمین نے مرحوم کے گھر جاکر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور سوگوار کنبے کے ساتھ دلی تعزیت کااظہار کیا ۔اپنے تعزیتی پیغام میں پرویز احمد نے کہاکہ ’’ میں سابق جے کے بنک پریذیڈنٹ عبدالرشید کی وفات کی خبر سن کر دلی طور غمگین ہوا ہوںاورجے کے بنک کنبے کی طرف سے میں سوگوار کنبے کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں ‘‘۔بنک کی ترقی میں مرحوم کی شمولیت و تعاون کو یاد کرتے ہوئے پرویز احمد نے مزید کہاکہ ’’عبدالرشیدخدا سے ڈرنے والے ،نرم گو،اور دردمند انسان تھے جو لوگوں کے ساتھ بلا امتیاز اچھا برتائو کرتے تھے ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم کے چلے جانے سے ہم نے ایک بہی خواہ کھویا ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ عبدالرشید مرحوم نے 1973میں بنک میں شمولیت اختیار کی اور 2012میں پریذیڈنٹ کے عہدے پر سبکدوش ہوئے ۔انہوں نے اپنے دور ملازمت میں کئی اہم عہدوں پر کام کیا
گیلانی بارہمولہ ہلاکت پر برہم
غیر جانبدار ادارے کے ذریعے تحقیقات کرانے پر زور
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے دلنہ بارہمولہ کے عبدالعزیز آہنگر کو پولیس کی گاڑی کی زد میں لاکر ہلاک کرنے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حریت صدر دفتر کو بارہمولہ سے ملی اطلاعات کے مطابق 7مارچ کو رات 8:45پر پولیس اور ایس ٹی ایف اہلکاروں نے عبدالعزیز آہنگر کے گھر چھاپہ ڈال کر اس کے بیٹے شوکت احمد آہنگر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی اور بتایا کہ آپ کا بیٹا پتھراؤ میں ملوث ہے، جس کے ردعمل میں عبدالعزیز گنائی نے کہا کہ اُس کا بیٹا مزدوری کرتا ہے اور اپنے ایک ہمسایہ کے گھر پر کام کرتا ہے، وہ کیسے کسی پتھراؤ میں ملوث ہوسکتا ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق عبدالعزیز گنائی نے ایس ٹی ایف اہلکاروں سے کہا ’’ میرا بیٹا بے قصور ہے اسلئے میں اپنے بیٹے کو آپ کے ساتھ جانے نہیں دوں گا، جس پر مذکورہ فورسز اہلکار بے قابو ہوگئے اور انہوں نے گھر کی توڑ پھوڑ کے ساتھ عبدالعزیز گنائی کو نیچے سڑک پر پھینک کر اس کے اوپر سے گاڑی چلائی جس کے نتیجے میں وہ جاںبحق ہوا‘‘۔ گیلانی نے ایس ٹی ایف کی اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اس کی کسی غیر جانبدار ادارے کے ذریعے تحقیقات کرانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں اس وقت مخلوط حکومت کا ’’راون راج‘‘ چلتا ہے، جس میں نہ ہماری جان،نہ مال وجائیداد اور نہ ہی عزت محفوظ ہے۔
ایڈوکیٹ محمد اشرف بٹ اور منظور انجم سے اظہار تعزیت
سرینگر//لبریشن فرنٹ نے ایڈوکیٹ محمد اشرف بٹ اور محمد یونس مومن آباد بٹہ مالو کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے ۔ فرنٹ کے نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔ اس دوران فرنٹ نے روزنامہ عقاب کے مدیر اعلیٰ منظور انجم کے برادرِ اکبرعلی محمد شاہ ساکن نشاط کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔فرنٹ کے ایک وفدنے زونل صدر نور محمد کلوال کی قیاد ت میں بٹہ مالو اور نشاط جاکر مرحومین کے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔وفد میںشیخ عبدالرشید، ظہور احمد بٹ اور اشرف بن سلام شامل تھے۔پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے سرپرست فضل الحق قریشی اورچیئرمین محمد مصدق عادل نے سینئر ایڈوکیٹ محمد اشرف بٹ کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔پارٹی کے جنرل سکریٹری عبدالمجید نے فرنٹ کے دوسرے ممبران سمیت ایڈوکیٹ اشرف کے گھر مومن آباد بٹہ مالو جاکرپارٹی کی طرف سے تعزیت پُرسی کی اور مرحومہ کے حق میں مغفرت اور جنت نشینی کی دعاکی۔تحریک مزاحمت کے ایک وفد نے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر کی قیادت میں مومن آباد بٹہ مالو جاکرسوگوار کنبے سے تعزیت کی۔لبریشن فرنٹ(ح)چیئرمین جاوید میر نے مرحومہ کے لواحقین بالخصوص ایڈوکیٹ محمد اشرف بٹ کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔ کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار برائے اننت ناگ ملک عبدالسلام نے روزنامہ عقاب کے مدیر اعلیٰ منظور انجم کے برادر اکبر علی محمد شاہ کے انتقال پر لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
عالم یوم خواتین
کشمیری خواتین کی قربانیاں ناقابل فراموش:پیپلز لیگ/محاذ آزادی
سرینگر// پیپلز لیگ کے چیئرمین شیخ محمد یعقوب اورسینئر نائب چیئرمین محمد یاسین عطائی نے مشترکہ بیان میں گزشتہ ایک برس کے دوران8خواتین سمیت شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور فورسز افسپا جیسے قوانین کی آڑ میں سرزمین کشمیر کو مقتل گاہ میں تبدیل کر رہی ہے۔انہوں نے عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کی کہ کشمیر میںکشت و خون کے سلسلے کو روکنے میں اپنا رول ادا کریں۔محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر نے خواتین کے عالمی دن پر کشمیری خواتین کی قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے ایک سال میں کشمیر میں 8 خواتین کو فورسزنے اپنی گولیوں کا شکاربنایا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کنن پوشہ پورہ جیسے سانحات بھارتی فورسز نے جنگی ہتھیار کے طور استعمال کئے اور آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔
عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے: پیپلز مومنٹ
راجوری// پیپلز مومنٹ نے بھارت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ایک منصوبہ بند طریقے سے کشمیری قوم کی نسل کشی کر رہا ہے جبکہ عالمی برادری خاموشی سے اس قتل و غارت گری کا مشاہدہ کر رہی ہے۔ تنظیم کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے راجوری میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے متنازعہ خطہ میں سیاہ قوانین کا نفاذ کر کے فوج کو قتل ِ عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ شوپیاں ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیر میں جب چاہے ،جسے چاہے اور جہاں چاہے گولیوں کا شکار بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ در اصل بھارت ایک خطر ناک منصوبے پر کا م کر رہا ہے جس کا مقصد متنازعہ ریاست بالخصوص وادی کشمیر کو فلسطین بنانا ہے جہاں اسرائیلی فورسز جارحیت کا ننگا ناچ جاری رکھے ہوئے ہیں۔میر شاہد سلیم نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی علمبردار بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاری قتل و غارتگری کا سنگین نوٹس لے کر اسے رکوانے کے عملی اقدامات کریں۔
بڈگام میںروزگار میلے کا انعقاد
بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک نے بہشت زہرہ پارک بڈگام میں ایک روزہ روزگار میلے کا انعقاد کیا۔جس کا اہتمام ضلع ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر بڈگام نے مرکزی معاونت والی سکیم نیشنل کیرئیر سروس پروجیکٹ کے تحت کیا۔میلے میں بڑی تعدادمیں پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر کے تحت سٹال قائم کئے گئے تاکہ بیروزگار نوجوانوں کو مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری حاصل ہوسکے۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور اُن سے روزگار سکیموں اور تربیت پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ترقیاتی کمشنر نے محکموں پر بیروزگار نوجوانوں کو مکمل تعاﺅن فراہم کرے پر زوردیا دیا تاکہ وہ مختلف سکیموں اور پروگرام سے استفادہ کرکے اپنے لئے روزگار یونٹ قائم کریں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر بڈگام محمد رفیق بٹ نے کہا کہ بڈگام میں رواں مالی سال کے دوران یہ چوتھا روزگار میلہ ہے۔روزگار میلے میں مختلف محکموں کے آفیسران کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں طلبا¿ نے شرکت کی۔
بستی بستی میں دینی درسگاہیں قائم کی جائیں گی:انجمن علما ءو ائمہ مساجد
سرینگر//انجمن علما ءو ائمہ مساجد جنوبی کشمیر نے کہا ہے کہانجمن ہذا کی طرف سے بستی بستی، کریہ کریہ دینی درسگاہیں قائم کی جائیں گی۔ایک بیان کے مطابق انجمن علماءو ائمہ مساجد جنوبی کشمیرکی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس دارالعلوم رحمانیہ سیل آلیو قاضی گنڈ میں انجمن کے امیر و مہتمم دارالعلوم سید المر سلین چوگام حافظ عبدالرحمان اشرفی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بہ اتفاق رائے مفتی عمران احمد قاسمی کو امیر ضلع کولگام اور حافظ اعجاز احمد کو صدر تحصیل ڈورو منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں مکاتب کے امتحانات کرانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی اور قاضی گنڈ میں چارتحاصیل پر مشتمل انجمن ہذا سے وابستہ درسگاہوں کا ایک مقابلہ جاتی اصلاحی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اجلاس میں انجمن کے سیکریٹری جنرل مفتی شیراز احمد قاسمی ، مولانا بلال احمد قاسمی، مفتی عرفان احمد قاسمی، مولانا طارق احمد، قاری عبدالکریم، مولانا اسحاق احمد اور دیگر علماءو ائمہ حضرات نے شرکت کی۔
لبریشن فرنٹ کا فاروق احمد دھوبی کو خراج
سرینگر// لبریشن فرنٹ نے فاروق احمد دھوبی کو انکی برسی پرخراج عقیدت ادا کیا ہے۔ فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال نے فاروق احمد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ مرحوم تحریک آزادی کا ایک جری جنگجواور زیرک نوجوان تھا ۔نور محمد کلوال نے کہا کہ موصوف جیسے جوان کے لہو سے سیراب تحریک کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ہے ۔
بلال صدیقی کی خانہ نظربندی کی مذمت
سرینگر//تحریک مزاحمت کے ترجمان شبیر احمد زرگر نے تنظیم کے سربراہ بلال احمد صدیقی کی مسلسل خانہ نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے حربوں سے آزادی پسند رہنماو¿ں اور کارکنوں کو تحریک آزادی کے تئیں اپنی خدمات انجام دینے سے باز نہیں رکھا جا سکتا اور نہ ہی انہیں ہراساں کئے جانے کا خواب پورا کیا جا سکتا ہے۔ادھر تحریک حریت کے سرکردہ رکن عمر عادل کو کل اپنے گھر سے گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن نوگام میں بند رکھا گیا ہے۔ موصوف کے اہلخانہ کے مطابق انہیں صرف بار گھنٹے قبل ہی پولیس حراست سے رہا کیا گیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ عمر کی صحت ٹھیک نہیں ہے لیکن اسکے باوجود انہیں حراست میں لیا جارہا ہے۔
عمر عبداللہ کی الطاف احمد کلو سے تعزیت پرسی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے جمعرات کوپہرو اننت ناگ جاکر پارٹی کے سینئر لیڈر اور ممبراسمبلی پہلگام الطاف احمد کلو کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ الطاف احمد کلو کے والد نسبتی محمد افضل ستھو گذشتہ دنوں رحلت کر گئے تھے ۔ عمر عبداللہ نے سوگوارخاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ اُن کے ہمراہ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد خان گریزی، سیاسی صلح کار تنویر صادق، ترجمان جنید عظیم متواور صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میربھی تھے جبکہ پارٹی کے مقامی لیڈران ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور دیگر پارٹی عہدیداران بھی موجود تھے۔
بانڈی پورہ میں فِش فارمرس ٹریننگ پروگرام کا افتتاح
بانڈی پورہ//محکمہ فِشریز بانڈی پورہ نے آتما سکیم کے تحت ضلع میںدوروزہ فِش فارمرس ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا۔قانون ساز اسمبلی کے ممبر عثمان مجید جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ،نے تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز سجاد حسین ،چیف ایگریکلچر آفیسر محمد قاسم اورتیکنیکی ماہرین کے علاوہ بڑی تعداد میں فِش فارمرس بھی موجود تھے۔
فریڈم پارٹی کالسہ خان کوبرسی پر خراج عقیدت
سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کوکر ناگ اننت ناگ کے مرحوم لسہ خان کو اُن کی برسی پر یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ87سالہ لسہ خان نے رحلت کرنے سے قبل اپنے چار بیٹوں اور دو بھتیجوں کے جنازوں کو کاندھا دیا جنہیں بھارتی فورسز نے مختلف مواقع پر جاں بحق کیا۔لسہ خان 6مارچ2016کو دنیا سے رخصت کرگئے۔فریڈم پارٹی نے کہا کہ لسہ خان جیسے لوگ مزاحمتی تحریک میں ہمیشہ علم برداروں کی حیثیت سے یاد رکھے جائیں گے۔لسہ خان اور اُن کی بہادراہلیہ نے ایک کے بعد ایک اپنے لخت جگروں کو جاں بحق ہوتے دیکھ لیا لیکن اُن کی زبان سے تحریک آزادی کیخلاف ایک لفظ بھی نہیں نکلا ۔لسہ خان کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فریڈم پارٹی نے کہا کہ ایسے خاص لوگ اپنے خالق کی طرف سے ایک تحفہ ہوتے ہیں اور وہ عام لوگوں کے انعام و اکرام کے بجائے اللہ تعالیٰ کی رضامندی کے متمنی ہوتے ہیں۔
کٹھوعہ عصمت دری اور ہلاکت
ملوثین کو بچانے کی کوششیں افسوسناک:سالویشن مومنٹ
سرینگر/ / سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے آصفہ کی عصمت دری اور قتل میں ملوثین کوبچانے کی خاطر ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو افسوسناک قرار دیا۔۔انہوں نے کہاکہ اس انسانیت سوزاوراخلاق سوزکارروائی میں ملوث افراد کو عبرتناک سزا دلانے کے بجائے پشت پناہی نے کئی اہم سوالات و تحفظات کو جنم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرائم برانچ کے تازہ انکشاف نے حکام کو بے نقاب کردیا ہے۔