یاری پورہ میں کالج قائم کرنے کا مطالبہ
علاقے میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے
کولگام/خالد جاوید/جنوبی ضلع کولگام کے یاری پورہ میں منگل کوکالج کی مانگ کو لیکر عوام نے احتجاج کیا اور قصبے میں مکمل ہڑتال رہی ۔احتجاجی مظاہرین نے سڑکوں پر ٹائر جلاکر ٹریفک کی نقل و حمل مسدود کی۔ مظاہرین نے کہا کہ یاری پورہ اورگردو نواح کے متعدد دیہات کی عرصہ دراز سے یہ مانگ رہی ہے کہ علاقے میں کالج قائم کیا جائے لیکن اُن کا یہ مطالبہ کبھی پورا نہیں کیا گیا ۔ اس دوران ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر رہی جبکہ نوجوانوں نے سڑکوں پر ٹائر جلاکر ٹریفک کی نقل و حمل مسدود کی۔
سرحدی کشیدگی تشویشناکا معاملہ:الطاف اندرابی
آرپار کشمیری عوام ہی مصائب کا شکار
سرینگر// محاذ آزادی نے آرپار گولہ باری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوپاک کشیدگی کی وجہ سے جموں و کشمیر کے عوام کو آرپار مصائب کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ترجمان محمد یوسف گلکار کے مطابق محازآزادی کا ایک اجلاس تنظیم کے صدر سید الطاف اندرابی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں آرپار ہورہی گولہ باری پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں عبدالواحد کرمانی،محمد یوسف کلو،محمد شفیع میر،جہانگیرسلیم اورشفیق سوپوری سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ الطاف اندرابی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی سے آرپار جموں کشمیرکے عوام کو ہی نقصان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کشیدگی بر صغیر کے لئے ناسوربنتی جارہی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیرمیں لوگوں کے امن مارچ کووہاں کی انتظامیہ نے گولیوں،لاٹھیوں اور اشک آور گولوں سے آج روک لیا لیکن باربار نہیں روک سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایک دن ضرور ایسا آئے گا جب تنگ آمدبہ جنگ آمدکے مصداق آرپار لوگ سرینگرسے مظفرآباد اور مظفرآباد سے میرپور،کوٹلی و دیگر علاقہ جات سے سرینگر کی طرف رخ کریں گے۔
سالویشن مومنٹ کا کھنموہ متاثرین سے اظہار یکجہتی
سرینگر//سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفراکبر بٹ نے کھونموہ متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی دلجوئی کے لئے ہر ممکن اعانت کریں ۔اس موقع پر انہوں نے معرکہ بالہامہ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو بھی خراج عقیدت ادا کیا۔ دریں اثناء ظفر اکبر نے مزاحمتی تحریک کے ایک کارکن غلام نبی گنائی کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی ۔
خان سوپوری پر عائدپی ایس اے کالعدم
ریاستی ہائی کورٹ نے رہائی کے احکامات صادر کئے
سرینگر//ریاستی ہائی کورٹ نے پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظر بندی کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کے احکامات صادر کئے۔ لیگ ترجمان اعلیٰ غلام قادر راہ نے کہا ہے کہ ریاستی ہائی کورٹ کے جج جسٹس کوٹوال نے پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کی پی ایس اے کے تحت نظربندی کے خلاف دائر عرضداشت کی سماعت کی۔ وکلا کے دلائل سننے کے بعد انہوں نے خان سوپوری پرعائد پبلک سیفٹی ایکٹ کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کے احکامات صادر کئے۔ خان سوپوری کی مقدمے کی پیروی ایڈوکیٹ میر شفقت حسین نے کی۔
چھٹی سنگھ پورہ کی 18ویں برسی
حریت(ع) کا سکھ برادری سے یکجہتی کا اظہار
سرینگر// حریت (ع)نے جموںوکشمیر میں تعینات فوج اور سرکاری فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کی خلاف پُر تشدد کارروائیوں، پکڑ دھکڑ ، ماردھاڑ اور گرفتاریوںکو حقوق بشر کے عالمی اداروں کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ چھٹی سنگھ پورہ کے ۱۸ سال مکمل ہونے کے باوجود اب تک اس المناک سانحہ میں ملوث مجرمین کو نہ تو کوئی سزا دی گئی اور نہ ہی اس قتل عام میں متاثرہ کنبوںکو انصاف فراہم کیا گیا ۔بیان میں چھٹی سنگھ پورہ قتل عام کے ۱۸ویں برسی پر ایک بار پھر کشمیر کی سکھ برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت ہند اور ریاستی حکمرانوں کی جانب سے کشمیر میں درجنوں دیگر قتل عام کے واقعات کے ساتھ ساتھ چھٹی سنگھ پورہ قتل عام کے سانحہ پر بھی مجرمانہ خاموشی اس بات کی عکاسی ہے کہ حکومتی سطح پر حقائق چھپانے کی مذموم کوششیں برابر جاری ہیں اور آج بھی کشمیر میں دیگر سانحات کی طرح چھٹی سنگھ پورہ سانحہ کے قاتل آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں جو انصا ف پسند اقوام و ممالک اور عالمی ضمیر کیلئے ایک کھلا چیلنج ہے۔بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کشمیر میں بے شمار خونین سانحات زکورہ، اسلامیہ کالج حول، گائو کدل، سوپور، بجبہاڑہ، کپوارہ، ہندوارہ، شوپیاں،وغیرہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج اور فورسز کے مظالم کی منہ بولتی داستانیں ہیں اور آج تک سرکاری سطح پر اعلانات کے باوجود ان خونین سانحات میں ملوث مجرمین کو نہ تو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا گیا اور نہ ہی متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کیا گیا ۔بیان میں حقوق بشر کے عالمی اداروں پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیری عوام کیخلاف جاری جارحیت ، پُر تشدد کارروائیوں اور CASO کی آڑ میں پکڑ دھکڑ اور مار دھاڑ کی کارروائیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں اور کشمیری عوام کیخلاف جاری مظالم کو بند کرانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔
ہانگل گنڈ کوکر ناگ میں سی آر پی گاڑی و اسکول وین کے درمیان ٹکر ،4بچے زخمی
ڈورو//عارف بلوچ//ہانگل گنڈ کوکر ناگ میں لوگوں نے اُس وقت سی آر پی اہلکاروں کے خلاف احتجاج کیا جب اسکول وین زیر نمبرJK03C 5073کو مخالف سمت سے آرہی سی آر پی گاڑی زیر نمبرAP11X 2341نے ٹکر ماری جس کے سبب اسکول وین میںموجود 04بچے معمولی زخمی ہوئے۔حادثہ میں اسکول گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ،اس بیچ لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور احتجاج شروع کیا ۔انہوںنے سڑک پر دھرنا دیا جس کے سبب گاڑیوں کی نقل و حرکت کچھ دیر کے لئے متاثر ہوئی ،تاہم ایس ایچ او کوکر ناگ کے مداخلت کے بعد لوگ پُر امن طور منتشر ہوئے ۔
صحرائی کی بحیثیت چیئرمین تقرری
حریت (گ)نے فیصلے کا خیر مقدم کیا
سرینگر//حریت (گ) کی مجلس شوریٰ نے تنظیم کے چیرمین سید علی گیلانی کی طرف سے محمد اشرف خان صحرائی کو تحریک حریت کا چیئرمین مقرر کئے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ تحریک حریت کے چیئرمین کی حیثیت سے محمد اشرف صحرائی اپنی نئی تنظیمی اور تحریکی ذمہ داریوں کو باحُسن وخوبی انجام دینے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔