پیروان ولایت کا اظہار تعزیت
سرینگر // پیروان ولایت نے علامہ شیخ مہدی حسین نجفی ہمدانی کے رفیق خاص غلام محمد میر ساکن خندہ بڈگام کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔موصوف طویل علالت کے بعد گذشتہ روز داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔پیروان کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی ،صدر مولانا شبیر احمد صوفی، سیکریٹری جنرل آغا سید یعصوب اور دیگر مجلس عاملہ کے ارکان نے ایک تعزیتی بیان میں دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت اور مرحوم کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میںدو روزہ ورکشاپ منعقد
راجوری// بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں تعلیم سے متعلق دو روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوا ،جس میں مختلف شعبوں کے سربراہوں ، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی عملے نے شرکت کی ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے جبکہ پروفیسر اقبال پرویز ڈین اکیڈمک افئیرز اور رجسٹرار بابا غلام شاہ باد شاہ یونیورسٹی اس موقعہ پر مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے ۔ ماہرین نے اس ورکشاپ کے دوران او بی ای سے متعلق اپنے لیکچر دئیے اور نیشنل بورڈ آف ایکریڈیشن کے فیکلٹی ممبران کے ساتھ استفساری سیشن منعقد کئے گئے ۔ اس موقعہ پر این بی اے عمل کا خدو خال بھی پیش کیا گیا ۔ وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت نے اس موقعہ پر مہمانان کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے مختلف سرگرمیاں اطمینان بخش طریقے پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے متعلقین کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور مناسب رہنمائی کی بدولت یونیورسٹی این بی اے حاصل کر سکتی ہے ۔
این سی حکومت میں ملی ٹینسی عروج پر تھی
اوڑی میں پی ڈی پی کا کنونشن
ظفر اقبال
اوڑی//اوڑی میں پی ڈی پی کا کنونشن منعقد ہوا۔بدھ کو سرحدی قصبہ اوڑی کے منی سٹیڈیم میں پیپلز ڈیموکریٹک کی جانب سے پارٹی کنونشن منعقد کیا گیا جس میں پی ڈی پی سے وابستہ لیڈران کے علاوہ ورکروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔کنونشن میں پی ڈی پی لیڈران نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ سرحدی قصبہ میں پارٹی کومزید مضبوط کرنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت کرپشن کی وباہ کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوشش کر رہی ہے اور ریاست میں ٹرانسپرنسی کا نظام نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لیڈران نے ورکروں پر زور دیا کہ وہ ریاستی اور مرکزی سکیموں کا پور استعمال کر کے عوام کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کریں کنونشن میں پی ڈی پی نائب صدر سرتاج مدنی ،دہی ترقی کے ریاستی وزیر عبدالحق خان ،ممبر اسمبلی بارہمولہ جاوید حسین بیگ،ضلع صدر بارہمولہ ارشاد احمد کار اور راجہ اعجاز علی خان بھی موجود تھے اس دوران سرتاج مدنی نے عمر عبداللہ کے حالیہ بیان ،جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وادی میں ملی ٹنسی کو بڑھاوا دینے میں پی ڈی پی کا ہاتھ ہے ،کے بارے میں بتایا کہ وہ کیسے بول گئے کہ ان کے دور حکومت میں ملی ٹینسی عروج پر تھی۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شہر خاص کی سماجی شخصیت عبدالسلام بزاز کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے سوگوران کے ساتھ تعزیت کی ۔ انہوں نے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال اور پارٹی کے سینئر رکن حاجی غلام مصطفی شاہ نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر اور ایم ایل اے عید گاہ مباک گل نے پارٹی کے حلقہ صدر حاجی عبدالخالق صوفی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
ہلمت پورہ میں جاں بحق جنگجو
مسلم لیگ کا اظہار عقیدت
سرینگر //مسلم لیگ نے ہلمت پورہ میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم ان عظیم جوانوں کی مرہون منت ہے جنہوں نے مظلوم کشمیریوں کی حفاظت کی خاطر اپنی عزیز جانیں نچھاور کر کے مسئلہ کشمیر کوسرد خانے سے نکال کر پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنایا ، ساتھ ہی ساتھ ہزاروں مشکلات کو برداشت کر کے اوریہاں بڑی تکالیف کا سامنا کر کے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کے پھول کو مرجھانے نہ دیا ۔یہی وجہ ہے کہ آج عالمی طاقتیں بشمول اقوام متحدہ ہندوستان پر دباؤ ڈال رہی ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کا فوری اور پائیدار حل نکالنے میں پہل کرے ورنہ اگر یہ مسئلہ یوں ہی لٹکتا رہا تو پوری دنیا کے افق پر جنگ کے بادل منڈلا سکتے ہیں۔
کنگن میں لیگل کیئر دفتر کا افتتاح
گاندربل// ارشاد احمد//ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کے تحت گنڈ کنگن میں دروازے تک انصاف پہنچانے کی کوشش کے تحت لیگل کئیر دفتر کا افتتاح کیا گیا.دفتر کا افتتاح منصف جوڈیشل مجسٹریٹ کنگن محمد رفیق وکیل کے ہاتھوں انجام دیا گیا۔اس موقع پر سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کنگن،تحصیلدار گنڈ،بلاک ڈیولمپنٹ آفیسر گنڈ،بارایسویشن سے وابستہ وکلاء،پرنسپل گورنمنٹ بائیز ہائیر سیکنڈری سکول گنڈ اور دیگر اعلی حکام سمیت ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے مقامی شہریوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔
عبدالمجید ڈار شجاعت کے پیکر تھے
ظفر اکبر بٹ کی طرف سے خراج عقیدت
سرینگر//ظفر اکبر بٹ نے عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے سرینگر کے مضافاتی علاقوں نوگام، لسجن اور پادشاہی باغ میں متعدد مقامات پر لوگوں سے خطاب کیا۔اس موقعہ پر ظفر اکبر نے عبدالمجید ڈار کی بے لوث قربانیوں کو ان کی 15 ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کیا۔ ظفر نے ان کی زندگی کے مختلف گوشوں پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے ان کو رواں تحریک مزاحمت کے بانی ممبر قرار دیا۔انہوں نے کہا شہید موصوف نے جس ہمت، شجاعت، ایثار و قربانی، استقامت ، صبر و پامردی سے مصائب و مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا وہ واقعی قابل تعریف ہے اور ہم ان کو عقیدت کا سلام پیش کرتے ہیں۔ظفر نے اعجاز احمد ڈار،بشیر بٹ نہامی، فرحت احمد، بلال احمد، سیف اللہ، فاروق شوکت وغیرہ کو یاد کرتے ہوئے زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا ان کی مقدس قربانیوں کی بدولت آج مسئلہ کشمیر زندہ جاوید حقیقت ہے اور عالمی ایوانوں میں گونج رہا ہیظفر اکبر بٹ نے سرکردہ صحافی، اسکالر،افسانہ نگار، علمی و ادبی شخصیت ساحل مقبول کی اچانک انتقال پر ملال پر گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ظفر اکبر نے معروف سماجی و سیاسی کارکن غلام نبی خان کی وفات پر گہرے دکھ و صدمہ کا اظہار کیا ہے۔