قیدیوں کے تئیں حکام کی پالیسی انتقام گیری پر مبنی: لیگ/ڈی پی ایم
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مداخلت کی اپیل
سرینگر//مسلم لیگ نے قیدیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر گذرتے دن کے ساتھ ان قیدیوں کے مصائب اور مشکلات میں اضافہ کیا جارہا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی کے مطابق انہیں ذہنی پریشانی میں مبتلا کئے جانے اور صبرو سکون چھیننے کے نت نئے سامان کئے جارہے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق محبوس قائد مسرت عالم بٹ، ڈاکٹرمحمد قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیع شریعتی، شبیر احمد شاہ،غلام قادر بٹ، محمد یوسف میر،،محمد رفیق گنائی،اسداللہ پرے،خان محمد سوپوری،حکیم شوکت، معراج الدین نندا، مولوی سجاد،ایاز اکبر،محمد الطاف شاہ،پیر سیف اللہ،نعیم خان،تنویر احمد وار، عبدالرشید بٹ، سجاد احمد ناو، فیاض احمد طلاق، بشارت احمد میر،عاشق حسین بٹ، حاجی غلام احمد پرے، سناء اللہ ڈار، دانش احمد ڈار، شہزاد احمد ڈار، ہلال احمد پرے،محمد عارف پرے، پرویزاحمد پرے، ظہور احمد ڈار، نثار احمد ڈار، شبیر احمد ڈار، محمد یونس ڈار، محمد اقبال وانی، فیاض احمد کمار، دانش گوجری، عبدالحمید پرے، مشتاق احمد ہرہ، ریاض احمد میر، مشتاق احمد کھانڈے، جہانگیر رشید، محمد سلیم پرے،مشتاق الاسلام، پرویزاحمد پرے، رمیز احمد پرے،سجاد احمد بیگ، شیخ محمد رمضان ،راجہ کلوال،امیر حمزہ شاہ، حفیظ اللہ میر، محمد یوسف فلاحی، شکیل احمد بٹ، منظور احمد نجار،منظور احمد بٹ، عاطف احمد، رئیس احمد میر، سلمان یوسف،سجاد احمد بیگ، مدہ ثر رشید، منظور احمد پرے، عرفان احمد ڈار،بٹہ کراٹے، عاقب احمد میر، عاشق حسین میر، ناصر عبداللہ، محمد اقبال وانی، بشیر احمد صالح، مفتی ندیم، بشیر احد صوفی،سرجان برکاتی؎، شکیل احمد ایتو اور دیگر قیدیوں کے عزم و استقلال کو قوم کے لئے قیمتی سرمایہ قرار دیا۔سجاد ایوبی نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں ۔ اس دوران ڈیمو کریٹک پولٹیکل مومنٹ کے جنرل سیکریٹر ی خواجہ فردوس وانی نے قیدیوں کے تئیں حکمرانوں کی جانب سے اختیار کی جارہی پالیسی کو انتقام گیرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قوم نے اپنے جائز حق کے حصول کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوںکو تحریک کے تئیں فکری یکسوئی اور استقامت کے ذریعہ ہی ثمر آور بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم ان قربانیوں کے پیش نظر اپنی سیاسی اور تحریکی ذمہ داریوں کو بھر پور انداز سے آگے بڑھانے کیلئے تجدید عہد کریں۔
ترال منی سیکرٹریٹ تعمیر کرنے کیلئے اراضی کی نشاندہی مکمل
سید اعجاز
ترال//وزیر اعلی کی ذاتی مداخلت کے بعد ترال میں انتظامیہ نے منی سیکرٹریٹ تعمیر کر نے لئے زمین کی نشاندہی مکمل کرلی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں جمعرات کوباضابطہ طور ٹائون ہال ترال کے نزدیک موجود سرکاری اراضی پر سیکرٹریٹ تعمیر کر نے کے لئے نشاندہی کی جس پر مقامی لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ 2017میںسرکار کی جانب سے ترال میں منی سیکرٹریٹ تعمیر کرنے کے لئے 4کروڑ اور ممبر اسمبلی ترال نے سی ڈی ایف میں سے ایک کروڑ واگزار کئے جس کے لیپس ہونے پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ناراضگی کا اظہارکیا۔مقامی لوگوں نے اراضی کی نشاندہی مکمل کرنے پر اطمینان کا اظہارکیا۔
سوپور میں فٹ پاتھوں پر دوکانداروں کا قبضہ
مین سڑک پر چھاپڑی فروشوں کی وجہ سے چلنا پھرنا محال
سرینگر//فٹ پاتھوں پردکانداروں اورچھاپڑی فروشوں کاقبضہ رہنے کے باعث سوپورقصبہ میں راہگیروں کیلئے پیدل چلناخطرناک بن چکاہے کیونکہ سڑک کنارے چلنے کے دوران راہگیروں کوتیزرفتاری سے چلنے والی گاڑیوں کی زدمیں آنے کاخطرہ لاحق رہتاہے ۔کے این ایس کے مطابق ڈگری کالج سے مین بس اڈے اورمین چوک سوپورتک سڑک کے دونوں اطراف فٹ پاتھوں پردکانداروں اورچھاپڑی فروشوں نے قبضہ جمارکھاہے ۔مقامی لوگوں کے بقول ڈگری کالج روڑ،اقبال مارکیٹ ،مین چوک ،مین بس اڈہ،بانڈی پورہ اورکپوارہ روڑپرجگہ جگہ فٹ پاتھوں پردکانداروں اورچھاپڑی فروشوں کاقبضہ ہے ۔لوگوں نے بتایاکہ کاروباری اورعوامی سرگرمیوںکے اعتبارسے ہمہ وقت مصروف رہنے والے قصبہ سوپورمیں اسکول بچوں اوربزرگ شہریوں کاپیدل چلناخطرے سے خالی نہیں ہوتا ۔ اہلیان سوپورنے انتظامیہ سے اس ضمن میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
مخلوط سرکار عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام:میر
سرینگر//پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرجی اے میرنے مخلوط سرکارپر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی پی اوربی جے پی نے ریاستی عوام کے مشکلات بڑھادئے ہیں ۔موصولہ بیان کے مطابق سمبل ،سونا واری ،گریزاورسرینگرکے وفودنے میرکے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کرکے اُنکواپنے اپنے علاقوں کے مسائل کی جانکاری دی ۔وفود نے انہیں بتایا کہ سرکاراورانتظامیہ کے ذمہ دارعوامی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ جی اے میرنے وفودکواُن کے مسائل اورمطالبات سرکارکی نوٹس میں لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ مخلوط سرکار عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کوپوراکرنے میں ناکام رہی ہیں۔
سمبل پل برسوں سے تشنہ تکمیل
سرینگر//سمبل پل ( قدیم)گذشتہ کئی برسوں سے مکمل نہیں کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوںکے ایک وفد نے بتایاکہ سمبل قصبہ سے نسبل ، ننی نارہ ،ٹینگہ پورہ ، عشم ، اور بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں کو ملانے والے اس اہم پل پر اگرچہ کئی برس قبل محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے کام شروع کیا گیالیکن تاحال مذکورہ پل زیر تعمیر ہی ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ پل تو دور کی بات کئی برسوں سے پل کے ستون بھی مکمل نہیں ہوسکے ہیں۔سی این ایس کے مطابق پل نا مکمل رہنے سے مقامی لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ پل نہ ہونے کی وجہ سے انہیں مختلف مسائل درپیش ہیں۔ لوگوں نے وزیرتعمیرات نعیم اختر سے مطالبہ کیا کہ پل کی تعمیر فوری طورمکمل کی جائے۔
تاجروں کے حق میں ایمنسٹی کا اعلان خوش آئند:چیمبرآف کامرس
سرینگر//وزیر خزانہ سید الطاف بخاری کی طرف سے45دنوں تک ایمنسٹی فرہم کرنے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے صنعتکاروں کے اتحاد کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے اس فیصلے کی سراہنا کی۔ٹینگہ نے تاہم کہا کہ سرکار کی طرف سے ایمنسٹی کا جو اعلان کیا گیا ہے ،سے اگر چہ قلیل مدت تک تاجروں کو راحت مل گئی اور کاروباری سرگرمیوں بھی رفتار پکڑے گی،تاہم تاجر سرکار سے اس سے زیادہ کی توقع رکھتے ہیں۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے کہا کہ2014کے تباہ کن سیلاب کے دوران نقصان زدہ اشیاء کے ٹیکس کی عدم ادائیگی سے متعلق ائس آر ائو396محرر4اکتوبر2014کے تناظر میں مثبت اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ27مارچ کو وزیر خزانہ کے ساتھ میٹنگ کے دوران بھی کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ کی سربراہی میں صنعتکاروں کے وفدنے جو یاداشت پیش کی،اس میں بھی اسکا ذکر کیا گیا ہے۔ صنعتکاروں کے اتحاد کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے وزیز خزانہ سے اپیل کی کہ متعلقہ محکمہ کو معقول ہدایات جاری کی جائے،کہ متعلقہ ایس آر ائو کو شد و مد سے لاگو کیا جائے۔
بھارت کو طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے: پاکستان
نیوز ڈیسک
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کی طاقت کا غلط اندازہ نہ لگائے اور ہم بھارت کو اپنے طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، بھارتی فوج نے سینکڑوں بے گناہ کشمیریوں کی پیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم کیا اور حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کرنے والے نہتے شہریوں کی آزادی کے لئے اٹھائی جانے والی آواز کو عالمی برادری تک پہنچنے سے روکنے کے لئے مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں، عالمی برادری اس تمام صورتحال کا نوٹس لے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی بھی خلاف ورزیاں کررہا ہے، رواں برس بھارتی افواج کی جانب سے 370 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئیں جن میں 20 شہری ہلاک اور 71 زخمی ہو چکے ہیں، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر خلاف ورزیوں کی تعداد میں غیر روایتی اضافہ کسی مہم جوئی کا باعث بن سکتا ہے۔ بھارت پاکستان کی طاقت کا غلط اندازہ نہ لگائے، لائن آف کنٹرول ہو یا ورکنگ باؤنڈری ہم اپنی سرحدی حدود کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، پاکستان کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، بھارت کو اپنے طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے۔ڈاکٹرفیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور فلموں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جو افسوسناک اور بھارت کا پاکستانی ثقافت سے خوفزدہ ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
پالیتھین کی بدعت پر قابو
پائیدار کوششیں کرنے پر صوبائی کمشنر کا زور
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیراحمد خان نے وادی کے تمام اضلاع میںپالیتھین کی بدعت پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اورپائیدار کوششیں کرنے پر زوردیا ہے۔صوبائی کمشنر نے آفیسران پر پالیتھین کی خریدوفروخت اوراستعمال پر مکمل روک لگانے کے لئے اختراعی اورکثیر رُخی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔بصیرا حمدخان نے ان باتوں کااظہار آج ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ کے انعقاد کا مقصد پالیتھین کی بدعت پرمکمل رول لگانا تھا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر کے علاوہ اربن لوکل بادیز ،پولیوشن کنٹرول بورڈ اوردیگر متعلقہ محکموںکے آفیسران موجود تھے۔جب کہ دیگر اضلا ع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنروں نے پالیتھین کی روک تھام کے لئے کئے جارہے اقدامات کو اجاگر کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ گذشتہ دوماہ کے دوران مختلف علاقوں میں 30کوئنٹل سے زیادہ پالیتھین ضبط کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ پالیتھین کا کاروبار کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہیے ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر گاندربل نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے سونہ مرگ میںپالیتھین کے استعمال پر روک لگانے کے لئے بائیو ڈگریبل بیگ تیار کئے ہیں جو کہ ابتدائی طور پر سونہ مرگ کے تاجروں کو فراہم کئے جائیں گے۔
کارکن کی ودبارہ گرفتاری پر تحریک حریت سیخ پا
سرینگر//تحریک حریت نے عبدالعزیز گنائی ڈورو سوپور کو دوبارہ گرفتار کرنے کی پولیس کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبدالعزیز گنائی کو 2016ء کی عوامی تحریک کے دوران گرفتار کیا گیا تھا اور ایک طویل مدّت تک جیل میں بند ررکھنے کے بعد انہیں رہا کیا گیاتھا، مگر کل سوپور تھانے کے ذمہ داروں نے موصوف کو تھانے پر آنے کو کہا جونہی موصوف سوپور تھانے میں حاضر ہوئے تو پولیس نے انہیں گرفتار کرکے حبس بے جا میں رکھا۔ تحریک حریت نے موصوف کی دوبارہ گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے خوف وہراس پھیلانے سے آزادی پسندوں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا ہے اور اگر آزادی پسند ہونا کوئی جرم ہے تو پوری قوم اقراری مجرم ہے اور پولیس کی ان انتقامی کارروائیوں سے جذبۂ آزادی کو مزید تقویت ملے گی۔
خان سوپوری نامعلوم جگہ منتقل
پیپلزلیگ اور اہل خانہ کوتشویش
سرینگر// پیپلز لیگ نے ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے رہائی کے احکامات کے باوجود پیپلزلیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری کو نامعلوم جگہ قید رکھنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ ہی انکی تنظیم اور نہ ہی لواحقین کو ان کے بارے میں کوئی علمیت ہے۔موصولہ بیان کے مطابق لیگ کے ترجمان نے کہا کہ غلام محمد خان سوپوری کے اہل خانہ نے عدالتی حکم کوکٹھوعہ جیل انتظامیہ کے سامنے پیش کی،تاہم بزرگ رہنما کو رہا کرنے کے بجائے نامعلوم جگہ پر قید رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری پر عائد تیسرے پی ایس اے کے منسوخ قرار دینے کے بعد عدالت نے ان کی فوری رہائی کے احکامات صادر کئے تھے،مگر غلام محمد خان سوپوری کو حراست کے دوران ہی نامعلوم جگہ پر قید رکھا گیا،جو قابل مذمت اور حقوق انسانی کے منافی ہے۔ترجمان نے کہا کہ انکی رہائی کے راستوں کو مسدود بناتے ہوئے ان پر باربار پی ایس اے عائد کیا جاتا ہے جو اقوام متحدہ کے چاٹر،حقوق انسانی اور دیگر بین الاقوامی معاہدوں کے منافیہے۔ ادھرجموں کشمیر پیپلز لیگ کا ایک وفد لیگ کے سینئررہنماء حاجی محمد رمضان اورمشتاق احمد صوفی کی قیادت میں واگورا بارہ مولہ گیا جہاں انہوں نے بڈگام معرکہ میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسند شفاعت حسین کے لواحقین سے دلی ہمدری اور تعزیت کا اظہار کیا۔
بیروزگاری پر قابوپانے کیلئے اختراعی اقدامات کی ضرورت:کویندرگپتا /انصاری
جموں/ /انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم ، امور نوجوان اور کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے نوجوانوں کو مختلف ہنروں سے روشناس کرانے کے لئے اختراعی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جاسکیں۔وزیر موصوف اور جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے گورنمنٹ پالی تکنیک کالج جموں میں نئی گیسٹ ہاوس عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ یہ عمارت 82.35لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے اور اس میں قیام و طعام کی تمام تر سہولیات دستیاب ہوں گی۔انصاری نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ اس پروجیکٹ کومقرر ہ مدت کے اندر اندر مکمل کریں۔ انصاری اور کویندر گپتا نے گورنمنٹ پالی تکنیک کالج جموں کی طرف سے منعقد کئے گئے دو روزہ ٹیکنوویشن 2018 فیسٹول کا بھی افتتاح کیا۔
کرگل کے طلاب کے مسائل
کونسل چیئرمین کی وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی سے تبادلہ خیال
جموں//قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے گورنمنٹ ڈگری کالج کرگل کے طلاب کے امتحانات میں التوا¿ اور نتائج میں تاخیر جیسے مسائل پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔جوں ہی طلاب نے یہ مسئلہ چیئرمین کی نوٹس میںلایا انہوں نے وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی سے رابطہ قائم کیا اور انہیں کرگل کے طلاب کے مسائل سے آگاہ کیا۔ حاجی عنایت علی نے وائس چانسلر کو یہ بات یقینی بنانے کے لئے ہدایت دی کہ طلاب کا قیمتی وقت کسی بھی صورت میں ضائع نہیں ہونا چاہیئے ۔انہوں نے طلاب کے پانچویں اور چھٹے سمسٹر کے نصاب سے متعلق مسائل پر غور کرنے کے لئے بھی وائس چانسلر کو ہدایت دی ۔طلاب کے مسائل پر فوری غور کرتے ہوئے وائس چانسلر نے چیئرمین کو یقین دلایا کہ طلاب کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔
امتحان کیلئے نئی تاریخ مقرر کی جائے
وزیرتعلیم سے کولگام کے طلاب کی اپیل
کولگام/خالد جاوید/رواں مہینے کی24 تاریخ کو اننت ناگ اور کولگام کے اکثر لڑکے نامساعد حالات کی وجہ سے امتحانی مراکز تک نہیں پہنچ پائے جس کی وجہ سے وہ امتحان دینے سے قاصر رہے۔ان طالب علموں نے کہا کہ اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں ہوئی معرکہ آرائی کی وجہ سے حالات خراب ہوئے اور وہ امتحانی مراکز تک نہیں پہنچ پائے۔انہوںنے کہا کہ اُن کا مستقبل بچانے کیلئے نئی تاریخ کا علان کیا جائے تاکہ وہ امتحان دے سکیں۔انہوں نے وزیرتعلیم سید الطاف بخاری سے اس ضمن میں مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
دھوبی محلہ لار پینے کے پانی سے محروم
گاندربل//ارشاد احمد//قصبہ لار سے ملحقہ دھوبی محلہ پچھلے پانچ روز سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اورآبادی ندی نالوں کا ناصاف پانی پینے پر مجبورہیں۔دھوبی محلہ کو ایک چشمہ سے پانی سپلائی کیا جاتا ہے جس کی پائپ لائن میں کہیں خرابی واقع ہوئی ہے جس سے پانی کی سپلائی بری طرح سے متاثر ہوگئی ہے اورعوام کو پانچ روز سے پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں ہے۔اس سلسلے میں محکمہ کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ایک دن کے اندر اندر سپلائی بحال کردی جائے گی۔
تعلیم یافتہ بے روز گار خواتین کیلئے
کوٹھی باغ سکول میں جانکاری کیمپ کا انعقاد
سرینگر// سنٹر فار وومنز انٹرپرینیورشپ ، انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ کی طرف سے کل گورئمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ میں ایک جانکاری کیمپ کا انعقاد ہوا ۔کیمپ کا مقصدتعلیم یافتہ بے روز گار خواتین کو کار و بار سے متعلق جانکاری فراہم کرنا تھا ۔اس موقعہ پروومز سٹیڈی سنٹر کشمیر یونیورسٹی کی سربراہ پروفیسر نیلوفر آرا نے مہمان خصوصی کی حثیت سے شرکت کی ۔کیمپ میں 270سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں گورئمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ ،آئی ٹی آئی ،پالی ٹیکنیک اور این آئی یو ایس ٹی کے طلاب بھی شامل ہیں ۔کیمپ میں شریک افراد کو مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی جبکہ سنٹر فار وومنز انٹرپرینیورشپ نے کئی خواتین انٹرپرینیورشپ کی عزت افزائی کرتے ہوئے انہیں مومنٹو دئے گئے ۔
کمشنر سیکرٹری محمد افضل بٹ کے حق میں الوداعیہ
جموں//کمشنر سیکرٹری ایگریکلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ محمد افضل بٹ کو ایک پُر وقار تقریب پر محکمہ کے اعلیٰ افسران و عملے کی طرف سے گرمجوشی سے الوداع کیا گیا۔ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں ہری کرشن رازدان ،سیکرٹری اے پی ڈی شوکت احمد بیگ ، ڈائریکٹر کمانڈ ائیریا ڈیولپمنٹ جموں ایس جتندر سنگھ ، ڈائریکٹر لا¿ انفورسمنٹ سشیل ساہنی ، سپیشل سیکرٹری اے پی ڈی لینا پادا ، جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ( اِن پُٹس ) جموں کے ایس سمبیال ، جوائنٹ ڈائریکٹرایگریکلچر ایکسٹنشن و دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔مقررین نے کمشنر سیکرٹری کی خدمات کو سراہا اور انہیں صحت مند وروشن مستقبل کی دعا کی۔محمد افضل بٹ نے افسران و محکمہ کے عملے کی شفقت و عزت دینے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے محکمہ کے عملے سے تاکید کی کہ وہ کسانوں سے متعلق اپنے فرائض تن دہی اور نیک جذبے سے انجام دیں۔
لیگل اسسٹنٹ غلام محمد بٹ ملازمت سے سبکدوش
جموں//قانون و پارلیمانی امور محکمہ نے لیگل اسسٹنٹ غلام محمد بٹ کو ملازمت سے سبکدوش ہونے کے موقعہ الوداعیہ دیا ۔اس موقعہ پر محکمہ کے عملے کے علاوہ سپیشل سیکریٹری اچل سیٹھی اورفیاض احمد، ایڈیشنل سیکرٹری لا¿ جنگ بہادر اور دیہی ترقی کے وزیر کے سپیشل لائ¿ آفیسر وسیم احمد لون موجود تھے۔لاءسیکریٹری عبدالمجید نے غلام محمد بٹ کو ایک شال پیش کیا۔
بانڈی پورہ میں ماہی گیروں کا احتجاج
بانڈی پورہ/عازم جان/بانڈی پورہ میں ماہی گیروں کی ایک بڑی تعداد نے محکمہ مچھلی پالن کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین جھیل ولر میں غیر قانونی طریقے سے مچھلیوں کا شکار کرنے والے افراد کوکھلی چھوٹ دے رہے ہیں جس کے نتیجے میں جھیل میں مچھلیوں کی پیداوار میں بتدریج کمی دکھائی دے رہی ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد سنائی سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا جائزہ لیکر کارروائی کریں۔
عرس حضرت زین الدین سخیؒپر نیشنل کانفرنس کی مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے حضرت زین الدین سخیؒ عشمقام کے سالانہ عرس مبارک پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیاءکرام کی سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ پارٹی قائدین نے کہا کہ اولیائے کرام کی بدولت ہی اہل کشمیر دینِ اسلام کی نعمت سے منور ہوئی۔پارٹی لیڈر اور مقامی ممبراسمبلی الطاف احمد کلو ،قانون ساز کونسل ممبربشیر احمد ویری اور ضلع صدر اسلام آباد ڈاکٹر محمد شفیع نے بھی عرس مبارک پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
عالمی برادری کشمیری نظر بندوںکی حالت زار کا نوٹس لے: فاروق رحمانی
سرینگر// پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کشمیریوں قیدیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کیاہے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے ایک بیان میں کہا کہ انتظامیہ نظر بند حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اور عام کشمیریوںکو بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنارہی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے نظر بندوں کو حال ہی میں سینٹرل جیل سرینگر سے جموں خطے کی جیلوں میں منتقل کیا گیا جہاں وہ انتہائی ابتر صورتحال میں ہیں۔انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کے عالمی اداروں خاص طور پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظر بندوں کے ساتھ جیلوں میں روا رکھے جانے والے سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
حریت (گ)کا چاڈورہ مہلوکین کو خراج عقیدت
سرینگر// حریت (گ) نے چاڈورہ بڈگام میں گذشتہ سال مارے گئے توصیف احمد وگے، زاہد رشید، عامر فیاض اور اشفاق احمد وانی کی پہلی برسی پر انہیں خراج عقیدت ادا کیا۔اس سلسلے میں محمد مقبول گنائی، غلام رسول گنائی اور منظور احمدپر مشتمل ایک وفد نے چاڈورہ جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی ۔وفد نے ان کے حق میں ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔
بلال امین بٹ کے انتقال پر این سی کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فارق عبداللہ اور کاگذار صدر عمر عبداللہ نے بلال امین بٹ ساکن ہاﺅسنگ لالونی راولپورہ سرینگر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً والدہ محترمہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈران ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال، ناصراسلم وانی اور صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے مرحوم کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔مرحوم بلال امین بٹ نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور تحریک کشمیر کے لیڈر مرحوم خواجہ غلام محمد بٹ آف بسنت باغ کے پوتے تھے۔