گنڈ پاور کنال میں شگاف
کئی مقامات سے پانی رسنے لگا،علاقے میں خوف و ہراس
غلام نبی رینہ
کنگن//تحصیل گنڈ کے ملک محلہ میں پاور کنال میں شگاف پڑنے کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل گنڈ کے ملک محلہ میں اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو اس وقت خوف و دہشت کی لہر دوڑ گئی جب نزدیکی پاور کنال میں شگاف پڑنے کے نتیجے میں پانی خارج ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔مقامی آبادی کے لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا جس کے بعد گنڈ پولیس سے وابستہ ایک ٹیم روانہ ہوگئی جنہوں نے اس بارے میں متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا اور پاور کنال سے فوری پانی بند کردیا گیا ۔سوموار کو تحصیلدار گنڈ اور ایس ایچ او گنڈ نے مذکورہ علاقے کا دورہ کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ پی ڈی سی نے پاور کنال پر شگا ف کی جگہ پر مرمت کرنے کا کام شروع کیا ہے ۔مقامی آبادی کے لوگوں نے بتایا کہ پاور کنال کے کئی جگہوں پر پانی کا اخراج جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاور کنال پر مرمت کا کام ہاتھ میں لیا جائے۔
راجوری کے کیری سیکٹر میں شدید گولہ باری
راجوری// سمت بھارگو//کئی دنوں کی خاموشی کے بعد راجوری کے کیری سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے ۔ذرائع نے بتایاکہ عام طور پردیگر سیکٹروں کے مقابلے میں اس سیکٹر میں خاموشی ہی رہتی ہے تاہم پیر کے روز دن گیارہ بجے سے ایک بجے تک دونوں ممالک کی افواج کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس دوران اگرچہ کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں البتہ لوگوں میں خوف و حراس پیدا ہوگیا اور وہ گھروں میں ہی قیدہوکر رہ گئے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ حد متارکہ پر پچھلے کئی عرصہ سے حالات کشیدگی کاشکار ہیں جس کی وجہ سے کئی شہری و فوجی ہلاکتیں ہوچکی ہیں ۔
محمد یوسف ڈائریکٹر جنرل اکائونٹس وٹریجریز تعینات
جموں//حکومت نے محمد یوسف پنڈت کو ڈائریکٹر جنرل اکائونٹس اینڈ ٹریجریز کے عہدے کا اضافی چارج دیا ہے ۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکمنامے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جے اینڈ کے فنڈس آرگنائزیشن کے عہدے کا اضافی چارج کے کے گپتا کو دیا گیا ہے ۔نیلم گپتا ڈائریکٹر فائنانس اے آر آئی ٹریننگز کے پاس ڈائریکٹر لوکل فنڈ آڈِٹ کے عہدے کا اضافی چارج ہوگا۔ حکمنامے کے مطابق یہ انتظام ڈاکٹر محمد اسحاق خان ڈائریکٹرجنرل اکائونٹس اینڈ ٹریجریز اور پشپا دیوی ڈائریکٹر جنرل لوکل فنڈ آڈِٹ کی سبکدوشی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ہیموڈائلسس مریضوں کیلئے مفت ایمبولنس سروس بہم
سرینگر//ہیلپ پور والنٹری ٹرسٹ نے کشمیری امریکن سوسائٹی فار ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ریسرچ (KASHMER)کے اشتراک سے ہیموڈائلسس مریضوں کو لانے اور لے جانے کیلئے مفت ایمبولنس سروس وقف کی۔ہیلپ پوور ہاﺅس باراں پتھرمیں منعقدہ مختصر تقریب کے دوران ایچ پی وی ٹی کے سرپرسٹ مولانا ثناءاللہ اور صدر فاروق احمد بت نے مقامی رضاکار تنظیم ’بوکہ وٹ“(Kidney)کے نمائندوںکوایمبولنس گاڑی کی کنجی فراہم کی۔ 4.50لاکھ روپے مالیت کی یہ مفت ایمبولنس مریضوں کو طبی مراکز پر لانے او ر لے جانے کیلئے فی الحال الاہیہ ڈائلسس سینٹر 90فٹ روڑ سرینگر سے خدمات انجام دے گی۔ مالی سال 2018-19 کے دوروان ایچ پی وی ٹی ابتدائی طور پر ڈرائیورکی تنخواہ اور ایندھن کا خرچہ خود برداشت کرے گی۔ اس موقعہ پر ایچ پی وی ٹی کے جنرل سیکریٹری مشتا ق احمد وانی، ممبران اور رضاکار موجود تھے۔ خواہشمند افراد ضرورت کے وقت الاہیہ ڈائلسس سینٹر کی لینڈ لائن 0194-2400342پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
ڈاکٹر یتوسکمز میں گسٹروانٹرالوجی کا سربراہ مقرر
سرینگر // شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگر میںمعدے اور آنتوں کے امراض کے پروفیسر ڈاکٹر غلام نبی یتو کو شعبہ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے کیونکہ ڈاکٹر گل جاوید سنیچر کو نوکری سے سبکدوش ہوگئے ۔ ڈاکٹر غلام نبی یتو نے شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ایم ڈی اور ڈی ایم کی ڈگری حاصل کی ہے جبکہ انہوں نے نیشنل بورڈ آف ایکزامینیشن سے ڈی این بی کی ڈگری بھی حاصل کی ہے اور اسکے علاوہ مختلف قومی اور بین الاقوامی جریدوں میں 100سے زائد جریدوں میں انکی تحقیق و تجربے مشتہر ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر غلام نبی یتو کو جموں و کشمیر سرکار کی جانب سے ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ، ای ینگ انویسٹی گیٹر ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ ڈاکٹر غلام نبی یتو 1994 سے معدے اور آنتوں کے امراض کے شعبے میں کام کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر غلام نبی یتو نے وادی میں جگر کی منتقلی کا شعبہ شروع کرنے کی خواہش اظہار کیا ہے۔
صحرائی سمیت کئی اراکین حریت نظربند
سرینگر// ریاستی حکومت اور پولیس انتظامیہ نے حریت (گ)قائدین و کارکنان کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاو¿ن شروع کردیا ہے۔ایک بیان کے مطابق تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کو اتوار سے ہی خانہ نظربند ہیںجبکہ حریت (گ)ترجمان غلام احمد گلزار پولیس تھانہ کوٹھی باغ، بلال احمد صدیقی راجباغ اور عمر عادل ڈار نوگام تھانے میں بند کردئے گئے ہیں۔بیان کے مطابق تحریک حریت کے محمد اشرف لایا بھی خانہ نظربند ہیں۔ حریت کانفرنس نے پولیس اور انتظامیہ کی اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اس کو لاقانونیت سے تعبیر کیا ہے ۔
کرالہ پورہ تحصیل میں انتظامیہ لوگو ں کی دہلیز پر
سٹیٹ سبجیکٹ اسناد اور دیگر کاغذات موقعہ پر ہی فراہم
اشرف چراغ
کپوارہ//ڈپٹی کمشنر کپوارہ خا لد جہا نگیر کی ہدایت پر تحصیلدار کرالہ پورہ محمد گلزار میر نے گزشتہ ایک مہینے کے دوران کرالہ پورہ کے دور دراز علاقوں میں جاکر وہا ں عوامی در بار منعقد کئے اور موقع پر ہی لوگوں کے مسائل حل ڈھو نڈنے کی کوشش کی گئی ۔کرالہ پورہ کے کاچہامہ ،درد پورہ ٹھنڈی پورہ ،آ لوسہ اور زون ریشی کے علاقوں میں تحصیل انتظامیہ نے لوگو ں کی دہلیز پر جاکر ان کی مدد کی اور اس دوران درجنو ں اسناد فراہم کی گئیں ۔تحصیلدار کرالہ پورہ محمد گلزار میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ گزشتہ مہینے سے اب تک ان علاقوں میں گھر گھر جاکر 50سٹیٹ سبجیکٹ 26بیک وارڈ اور دیگر اسناد فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر کی ہدایت پر یہ سلسلہ آ ئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ لوگو ں کی دہلیز پر جاکر ان کی مدد کی جائے ۔