نہتے شہریوں کی ہلاکت بزدلانہ حرکت :مذہبی جماعتیں
سرینگر//جمعیت اہلحدیث نے کولگام میں شہری ہلاکتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہم آئے روز اپنے نوجوانوں کے جنازے اٹھا رہے ہیں،جبکہ تواتر کے ساتھ ہماری نئی نسل کو موت کی نذر کیا جا رہا ہے‘۔بیان میںکہا گیا ہے کہ اس پر ستم طریفی یہ کہ فریاد کرنے کی بھی اجازت نہیںدی جاتی ہے اور ایسا کرنے کی پاداش میں مزید قہر اور ستم ڈھایا جاتا ہے۔جمعیت نے بین الاقوامی حقوق انسانی انجمنوں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں اس صورتحال کا نوٹس لیں اور آتش و آہن کی اس برسنے والی بارش کو روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ جمعیت علماءاہلسنت والجماعت جموں وکشمیرنے کولگام میں شہری ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس خونین رقص کو بند کرکے مسئلہ کشمیر کو پر امن طور حل کرنے پر زور دیا۔جمعیت کے سیکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ کولگام میں نہتے شہریوں کی ہلاکت انتہائی بزدلانہ اور غیر انسانی حرکت ہے لہٰذا اس سلسلے کو فوراً روک کر مسئلہ کشمیر کوفی الفور اورمستقل بنیادوں پرپرُ امن طریقہ سے حل کیا جائے تاکہ اس خونین رقص اور انسانی جانوں کے زیاں کا سلسلہ رک جائے ۔ادھر مزاحمتی کارکن غازی جاوید بابا کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ موصوف کو پولیس اسٹیشن مہاراج گنج میں زیر حراست رکھا گیا ہے۔
غمزدہ کنبوں سے فریڈم پارٹی کی تعزیت پرسی
سرینگر// ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے ایک وفد نے انجینئر فاروق خان کی سربراہی میں کولگام جاکرمہلوکین کے پسماندگان سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ وفد نے ضلع کولگام کے لوگوں ،خاص کر کھڈونی کے باشندوں کے حوصلے کی داد دیتے ہوئے کہا کہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنے سیاسی عقیدے کا اظہار کرتے ہیں۔ضلع کولگام کے عوام نے وقتاً فوقتاً اس بات کو ثابت کیا ہے کہ وہ بھارتی مظالم کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کریں گے اور جب تک کشمیریوں کا اجتماعی سیاسی مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاتاتب تک یہاں کے عوا م کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا ہے۔
شہری ہلاکتوں کیخلاف آج کشتواڑ بند
ٹی آئی بٹ
کشتواڑ//وادی کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لئے ضلع کشتواڑ میں آج یعنی جمعہ کو بند کی کال دی گئی ہے ۔ اس بات کا خلاصہ کرتے ہوئے جامع مسجد کشتواڑ کے امام فاروق احمد کچلو نے بتایا کہ وادی کشمیر میں ہلاکتوں کے سلسلہ، بالخصوص حال ہی میں کھڈوانی کولگام میں چار نوجوانوں کے جاں بحق ہونے پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لئے جمعہ کو ضلع کشتواڑ میں مکمل اور پر امن بند رکھا جائے گا تاکہ عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کروائی جا سکے ۔
تحریک مزاحمت کا نیاز احمد صوفی کوخراج عقیدت
سرینگر//تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر نے سر کردہ عسکری کمانڈر نیاز احمد صوفی کو ان کی برسی پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عزم و ہمت کا پیکر تھا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم صوفی کی جدوجہد اور قربانی رواں تحریک کا ایک روشن باب ہے۔انہوں نے کہا کہ نیاز احمد صوفی ایک بہادر اور بیباک عسکری سالار تھا جن کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے اخوانی کمانڈرکوکہ پرے اور اس کی سازش کو بے نقاب کیا۔
یوم عبدالاحد آزاد ،بڈگام میں مشاعرہ
سرینگر//جموں و کشمیر ثقافتی مرکز بڈگام، آب رواں سرینگر، ریاستی کلچرل اکیڈمی اورضلع اطلاعاتی مرکز بڈگام کی جانب سے جمعرات کو مرکز کے صدر دفتر پر مرحوم عبدالاحد آزاد کی 70ویں برسی پر ایک ادبی تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ اس موقعہ پر محفل مشاعرہ کابھی اہتمام کیا گیا۔ مشاعرے میں 30سے زائد شعراءنے شرکت کی۔ مشاعرے کے اختتام پر معروف اداکار نذیراحمدجوش کومرحوم عبدالمجید بٹ 2018 کے ایوارڈ سے نوازاگیا اور ڈائریکٹر شفیق قریشی کو مرحوم حاجی بشیر منصور 2018 ایوارڈاور 20بچوں کو مرحوم آزادمیڈل دئے گئے۔