کنگن میں محکمہ بجلی کا کیجول لیبر کرنٹ لگنے سے زخمی
غلام نبی رینہ
کنگن/ / گنڈ کلن میں ٹرانسفارمر کی مرمت کے دوران محکمہ بجلی کا کیجول لیبر کرنٹ لگنے سے جھلس کرگیا ۔ تحصیل گنڈ کے مڈپورہ کلن میں 28سالہ فاروق احمد ٹھیکری ولد جنید ٹھیکری ساکن کلن بجلی ٹرانسفارمر کی مرمت کررہا تھا کہ اس دوران اچانک برقی رو بحال ہو گئی جس کی وجہ سے مزکورہ کیجول لیبر شدید زخمی ہوگیا ۔اگر چہ اسے فوری طور نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج و معالجہ کے لئے صورہ میڈیکل انسٹچوٹ منتقل کیا ۔
بانڈی پورہ میںعازمین کیلئے تربیتی پروگرام
بانڈی پورہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کے مطابق ضلع کے عازمین کو پیر مسجد پلان میں 5مئی کو لازمی تربیت دی جائے گی۔تمام منتخب عازمین سے کہاگیا ہے کہ وہ صبح10بجے تربیتی پروگرام میں شامل ہوجائیں۔
عرس لالہ ارگامی7مئی کو منایا جارہا ہے
بانڈی پورہ// چھٹی بانڈے بانڈی پورہ میں صوفی بزرگ اورشاعر لالہ آرگامی کا سالانہ عرس اُن کے آستان پر7مئی کو منایا جارہا ہے ۔جس میں بڑی تعداد میں عقیدتمندوں کی شرکت متوقع ہے۔ضلع انتظامیہ نے عرُس کے سلسلے میں مناسب انتظامات کئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا فوٹو جرنلسٹ کے انتقال پر دُکھ کا اظہار
نئی دلی// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں کے ایک معروف فوٹو جرنلسٹ پریم گپتا کے انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیاہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پریم گپتا ایک پیشہ ور فوٹو جرنلسٹ تھے جنہوںنے تن دہی اور لگن کے ساتھ اپنا کام انجام دیا۔ محبوبہ مفتی نے پریم گپتا کے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی ہے ۔
عمر قید کاٹ رہے شہری کی والدہ فوت
گیلانی کا اظہار تعزیت
سرینگر// حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے سنٹرل جیل سرینگر میں پچھلے بارہ سال سے قیدوبند کی صعوبتوں میں مبتلا اور عمر قید کی سزا یافتہ فاروق احمد شیخ ساکن سرتنگل بھدرواہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔گیلانی نے مرحومہ کے حق میں دُعائے مغفرت اوراللہ کے حضور اُن کی جنت نشینی اور پسماندگان بالخصوص فاروق احمد شیخ کے حق میں اجر عظیم اور صبرجمیل عطا کئے جانے کی دُعا کی۔ حریت رہنما نے محبوس فاروق احمد شیخ کے صبرو ثبات کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے فاروق احمد شیخ کو اپنی والدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے کی اجازت نہ دے کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا ارتکاب کیا جو کہ قابل مذمت ہے۔
ماور ہندوارہ میں صحافی حملے میں زخمی
اشرف چراغ
کپوارہ//ماورہندوارہ میں ایک مقامی صحافی اس وقت حملہ کے دوران زخمی ہوا جب وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریا ں نبھانے کے لئے ہانگہ ماور پہنچ گیا ۔ علاقے میںکسی مسئلہ پر مقامی لوگو ں اور دو اساتذہ کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا جس کو جاننے کیلئے منصف ٹی ویسے وابستہ طارق راتھر وہا ں پہنچ گئے ۔اس دوران کچھ افراد نے ان کا کیمرہ چھین کر ان پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا ۔جر نلسٹس فریٹر نٹی کپوارہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کامطالبہ کیا ہے ۔
برصغیر کی خوشحالی کیلئے مذاکرات واحد راستہ:ہاشم قریشی
سرینگر//ڈیمو کریٹک لبریشن پارٹی کے چیئرمین ہاشم قریشی نے ہندو پاک حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ وہ بر صغیر کو تباہی سے بچانے کے لئے نہ صرف مذاکرات بحال کریں بلکہ مسئلہ کشمیر جیسے پیچیدہ مسئلے کو جموں کشمیر کے عوام کی مرضی و منشا کے مطابق حل کریں تبھی دونوں ملکوں کے درمیان نفر توں کی دیوار گر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے عوام کے ساتھ ساتھ ریاستی عوام کے اندر پنپ رہی نفرت کو بڑھا وا دینے کے لئے میڈیا والے بھی کہیں نہ کہیں ذمہ دار ہیں کیونکہ ٹی وی نیوز چنلوں پر پروگرام اینکرزفوجی جنرل اور سپریم کورٹ کے جج کا رول ادا کر رہے ہیں اور بلا سوچے و سمجھے کشمیری عوام کے خلاف زہر اُگل رہے ہیں جس کی وجہ سے کشمیری عوام پر بڑھتے مظالم اور بے گناہوں کا قتل اسکی تصویر پیش کرتے ہیں۔