آنگن واڑی اور آشا وکروں کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ
سرینگر//مرکزی کابینہ نے بدھ کو آنگن واڑی اور آشا ورکروں کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کیا ہے ۔آنگن واڑی ورکر جسے3000روپے ماہانہ مشاہرہ ملتا تھا کو اب اگگے ماہ سے 4500روپے ملیں گے ۔اسی طرح منی آنگن سنٹرس کو اب3500روپے ملیں گے ۔آنگن واڑی ہیلپروں کو اب 2250 روپے ماہانہ ملیں گے جبکہ آنگن واڑی ورکرس اور ہیلپر جو common application software تیکنیک استعمال کرتی ہوں ،کو کارکردگی کی بنیاد پر اضافی 250اور 500روپے ملیں گے۔قومی صحت مشن کے تحت کام کرنی والی آشا وکروں کو اب 2000روپے ماہانہ مشاہرہ ملے گا۔
دین دیال اور نیشنل لائیولی ہڈ پیکیج
مرکز نے جموں کشمیر کیلئے توسیع دی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقد ہوئی مرکزی کابینہ نے جموں کشمیر کیلئے دین دیال انتودیا یوجنا ۔نیشنل رورل لائیولی ہُڈ مشن ( ڈی اے وائی ۔ این آر ایل ایم ) کے تحت خصوصی پیکج کی عمل آوری کیلئے مقررہ مدت میں 2018-19 کی ایک سال کی توسیع کو منظوری دی ۔ مرکزی کابینہ نے ریاست کیلئے اس سکیم کے تحت رقومات کی فراہمی کو بھی منظوری دی ۔ اس میں مزید کوئی مالی مد شامل نہیں ہے کیونکہ مقررہ معیاد میں توسیع کو منظوری دی ہے تا کہ ریاست میں حساس کنبوں کے دو تہائی حصے کو منظور شدہ مالی پیکج 755.32 کروڑ روپے مالیت کے اس سکیم کے دائرے میں لایا جا سکے ۔ 2018-19 کے دوران ایک سال کیلئے 143.604 کروڑ روپے درکار ہوں گے ۔ اس عمل سے آٹو انکلیوزن کیٹا گری کے تحت کنبوں کو متحرک کرنے میں مدد ملے گی اور سماجی و اقتصادی کاسٹ مردم شماری ۔ 2011 کی رو سے کم سے کم ایک زمرے کو اس کے دائرے میں لایا جا سکے گا ۔ ڈی اے وائی ۔ این آر ایل ایم کے تحت ریاست کے تمام بلاکوں کی کوریج یقینی بنے گی ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر مئی 2013 میں منظور کی گئی خصوصی پیکج کو ریاست میں مکمل طور عملایا نہیں جا سکا تھا ۔ اب ریاستی حکومت نے اس سکیم کی موثر عمل آوری کیلئے اس کے معیاد میں توسیع کو منظوری دینے کیلئے مرکزی سرکار سے رجوع کیا ہے ۔
IASکاڈر کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل
سری نگر//گورنر انتظامیہ نے آئی اے ایس جموں وکشمیر کاڈر کے ممبران کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کیلئے آل انڈیا سروس رولز 1958کی شق 16(3) کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دینے کو منظوری دی ہے۔اس سلسلے میں جاری ایک حکمنامے کے مطابق چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔جے اینڈ کے امپا کے وائس چیئرمین / ڈائریکٹر جنرل لوکیش دَت جہا ، کوئلہ کی مرکزی وزارت کے ایڈیشنل سیکرٹری سُریش کمار اور جی اے ڈی کے کمشنر سیکرٹری ہلال احمد اس کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔اس کے علاوہ کسی ہمسایہ ریاست کے ایپکس سکیل لیول افسر کو اس کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے نامزد کیا جائے گا۔
ڈاکٹر افضل میر کے انتقال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے شمالی کشمیر کے نامور معالج ڈاکٹر افضل میر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کا کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ لیڈران نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا کہ مرحوم عوام دوست اور غریب پرور شخصیت کے مالک تھے۔ یاد رہے ڈاکٹر افضل میر کا انتقال گذشتہ روز لندن میں ہوا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ایڈوکیٹ میر سیف اللہ اور دیگر عہدیداران اور کارکنانِ نیشنل کانفرنس نے گھر جاکر تعزیت کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔ اسی دوران پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم پی شریف الدین شارق و ضلع صدر و ایم ایل سی قیصر جمشید لون نے بھی ڈاکٹر افضل میر کے انتقال پرتعزیت کااظہار کیا ہے۔
جمعیت ہمدانیہ ضلع صدر سرینگرکا انتقال
دینی وسماجی انجمنوں وشخصیات کااظہار تعزیت
سری نگر // جمعیت ہمدانیہ سرینگر کے ضلع صدر انتقال کر گئے ہیں ۔ اس دوران مرحوم کے انتقال پرنگوا سکمز کے صدر اشتیاق بیگ سمیت متعددسماجی ومذہبی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کر کے متاثرہ کنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ جمعیت ہمدانیہ سرینگر کے ضلع صدرعبدلمجید بٹ ساکنہ خانقاہ معلی سرینگر گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ مرحوم کے انتقال پر متعدد سیاسی سماجی اور مذہبی جماعتوں کے علاوہ سکمز نگوا کے صدر اشتیاق بیگ،جی آر بیگ میموریل کے سرپرست اعلیٰ ،ای جیک کشمیروغیرہ انجمنوں نے گہرے دکھ اور متاثرہ کنبے کے ساتھ یکجہتی کا اظہاراو ر پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
Contents
آنگن واڑی اور آشا وکروں کے ماہانہ مشاہرے میں اضافہدین دیال اور نیشنل لائیولی ہڈ پیکیجمرکز نے جموں کشمیر کیلئے توسیع دی IASکاڈر کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیلڈاکٹر افضل میر کے انتقال پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیتجمعیت ہمدانیہ ضلع صدر سرینگرکا انتقالدینی وسماجی انجمنوں وشخصیات کااظہار تعزیت