کرسمس کے موقعہ پرپنتھرس پارٹی کااجلاس
جموں//پنتھرس پارٹی نے جموں میں کرسمس کے سلسلہ میں ایک خصوصی اجلاس کا اہتمام کیاجس میں تمام لوگوں کو کرسمس کی مبارکبا د دی گئی اور دنیا میں امن و سکون کے لئے دعا کی گئی۔میٹنگ میں خاص طورپر عیسی مسیح کی جائے پیدائش بیتھلم کا ذکر کیا گیاجہاں کا پروفیسربھیم سنگھ کئی باردورہ کرچکے ہیں۔جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ایک قراردا د منظور کرکے اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی کہ وہ ایک اعلانیہ جاری کرکے تمام ممالک سے تخفیف اسلحہ فارمولہ پر عمل کرنے کے لئے کہے جس سے پوری دنیامیں امن و سکون ہو اور عیسی مسیح کا2000برس پہلے دیا گیا امن ، انسانی وقار اور انسانی محبت کا پیغام پھیلے۔ عیسی مسیح کو جب سولی پر چڑھایا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ ’بھگوان میرے قاتلوں کو معافی کردینا، یہ نہیں جانتے یہ کیا کررہے ہیں‘۔ پنتھرس پارٹی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں تینوں خطوں لداخ، وادی کشمیر اور جموںپردیش میں امن بحالی اور یہاں کے لوگوں کوانصاف او ر مساوات ملنے کی امیدظاہر کی گئی نہ کہ جیل اور گولیاں۔پنتھرس پارٹی نے ایک قرارداد میں جموں وکشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیا کہ ریاست میں نئے انتخابات سے قبل تمام اسمبلی اور لوک سبھا حلقوں کی حدبندی کے لئے حدبندی کمیشن مقرر کیا جائے۔خیال رہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی حلقوں سے 1995سے حد بندی نہیں ہوئی ہے۔پارٹی نے کہاکہ ریاستی حکومت نے حد بندی کمیشن مقرر نہ کرکے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ گورنر ستیہ پال ملک جموں وکشمیر میں نئے انتخابات سے قبل اس معاملہ پر قانونی مشیروں کی ایک میٹنگ طلب کریں۔ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شامل ہونے والوں میں پارٹی کے چیرمین ہرشدیو سنگھ، صدر بلونت سنگھ منکوٹیا، بنسی لال شرما، مسعود اندرابی ، پی کے گنجو، محترمہ انیتا ٹھاکر، محترمہ منجو سنگھ، یشپال کنڈل،بشارت ، شیام گورکھااور کئی ضلعی صدور اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین شامل تھے۔
جموں کے سماجی کارکن کی لوک سبھاسپیکرسے شکایت
ڈاکٹرفاروق عبداللہ کی لوک سبھاسے رکنیت ختم کرنے کامطالبہ
جموں//سماجی کارکن سوکیش سی کھجوریہ نے لوک سبھاکی سپیکرسمترامہاجن کوسرینگرپارلیمانی نشست سے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹرفاروق عبداللہ کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اورمانگ کی ہے کہ مذکورہ ممبرپارلیمنٹ کی رکنیت کوخارج کیاجائے۔یہاں جاری پریس بیان کے مطابق سماجی کارکن سوکیش سی کھجوریہ نے لوک سبھاکی سپیکرسمترامہاجن کوکی گئی شکایت میں کہاہے کہ ممبرپارلیمنٹ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے 11 نومبر 2017، 15 نومبر 2017 اور2 دسمبر 2018 کومختلف بیانات میں یہ کہاکہ پاکستان زیرانتظام کشمیرپاکستان کاحصہ ہے جبکہ لوک سبھامیں اپنے ایک جواب میں وزیرخارجہ امور سشماسوراج کاکہناہے کہ پوراجموں وکشمیر خواہ وہ پاکستان زیرانتظام ہو،ہندوستان کاحصہ ہے۔سوکیش ایس کھجوریہ کاکہناہے کہ پے درپے ڈاکٹرفاروق عبداللہ کے بیانات ہندوستان مخالف ہیں اورآئین کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوک سبھاسپیکرسمترامہاجن کوچاہیئے کہ ڈاکٹرفاروق عبداللہ کی لوک سبھاسے رکنیت خارج کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرفاروق عبداللہ کے بیانات ناقابل قبول ہیں اس لیے لوک سبھاکواس کاسنجیدہ نوٹس لیناچاہیئے۔
اُترا کھنڈ کے وزیر تعلیم کی گورنر سے ملاقات
جموں/اُترا کھنڈ ریاست کے وزیر تعلیم اروند پانڈے نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ ان کے ہمراہ اُترا کھنڈ کے سابق ممبر پارلیمنٹ بلراج پاسی بھی تھے۔پانڈے اور گورنر نے ملک میں کلہم شرح خواندگی میں بہتری لانے کے لئے تعلیمی سیکٹر میں ضروری اِنٹرونش سے متعلق کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوںنے کھیل کود اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی غور و خوض کیا تاکہ نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشو و نما یقینی بنائی جاسکے ۔
نروال جموں میں ماڈل فِش مارکیٹ قائم کیا جائے گا:سامون
پرنسپل سیکریٹری ماہی پروری کی مچھلیوںکی تجارت میں سائنسی طریقہ کار اپنانے کی ہدایت
جموں/پشو و بھیڑ پالن ا ور ماہی پروری کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آج کہا کہ نروال جموں میں ایک ماڈل فِش مارکیٹ قائم کیا جائے گا۔اس سلسلے میں انہوں نے اس مارکیٹ کے دورے کے دورا ن فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔اُن کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جموں رومیش کمار ، جے ایم سی پنکنج ملہوترہ ، ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری ڈاکٹر وکٹر کول اور محکمہ ماہی پروری کے دیگر افسران تھے۔مچھلیوں کی تجارت سے وابستہ کئی نمائندے بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ڈاکٹر سامون نے اس نئی سہولیت کو قائم کرنے کے سلسلے میں تفصیلی دورہ کیا اور متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اس سہولیت کو قائم کرنے کے لئے ضروری خدمات انجام دیں۔اُنہوں نے صارفین کو اعلیٰ سطح کی خدمات اور اطمینان بخش سہولیات فراہم کرنے پر زو ردیتے ہوئے کہا کہ مچھلیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے آئس پلانٹ بھی قائم کیا جائے ۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ جے ایم سی کے ہیلتھ آفیسر کی نگرانی میں ایک ذمہ دار ٹیم فروخت کئے جارہے تمام اشیائے خوردنی کا باقاعدہ معائینہ کیا کریں تاکہ لوگوں کو صاف و شفاف اشیائے خوردنی فراہم کی جاسکے۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس تجارت کی بدولت پیدا شدہ کوڑا کرکٹ کو سائنسی بنیادوں پر ٹھکانے لگانے کے اقدامات کریں۔جموں میونسپل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے پرنسپل سیکرٹری کو یقین دلایا کہ اس اہم مرکز پر صحت و صفائی یقینی بنائی جائے گی۔ڈاکٹر سامون نے صارفین کو اس مقام پر مزید سہولیات فراہم کرنے کے لئے افسرو ں کو ہدایت دی کہ مچھلیوں کے علاوہ گوشت، انڈے ، پنیر اور چوزوں کی فروخت بھی دستیاب رکھی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مارکیٹ میں مچھلیوں کے مختلف اقسام کے علاوہ ٹراوٹ فِش بھی دستیاب رکھی جائے گی۔مچھلیوں کی تجارت سے وابستہ نے ایک ڈیلی گیشن نے ان اقدامات کے لئے ڈاکٹر سامون کا شکریہ ادا کیا۔
ناظم اِطلاعات کے ہاتھوں پیرپنچال نیوز لائن کا افتتاح
صحافت کے معیار کو برقراررکھنے پرزوردیا
جموں/ ناظم اِطلاعات طارق احمد زرگر اور سابق پی ایس سی ممبر اور ڈائریکٹر انفارمیشن کے بی جنڈیال نے شاستری نگر میں مشترکہ طور پیر پنچال نیوز لائن ( پی پی این ) کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگ اورشخصیات موجود تھیںجن میں ارکان قانون سازیہ وِبودھ گپتا ،وِکرم رندھا وا، سابق وزیر رمن بھلہ،سابق ڈی جی پیز کلدیپ کھڈا، اشوک بھان ، سینئر صحافی اشونی کماراور اوگاش سہنی شامل تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ناظم اطلاعات و تعلقات عامہ طارق احمد زرگر نے نیوز پورٹل انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ صحافت کے معیار کو قائم رکھتے ہوئے عوامی مسائل و دیگر ترقیاتی معاملات کو اُجاگر کرنے کے اقدامات کریں تاکہ سماج مستفید ہو۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا دنیا بھر میں روزبروزترقی کے منازل طے کررہا او ران حالات کے مد نظر نیوز پورٹل کے اانتظامیہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صحافت کے اصولوں اور آدرشوں کو قائم رکھیں۔سابق ناظم اطلاعات کے بی جنڈیا ل نے ااس موعقہ پر کہا کہ سو شل میڈیا مثبت و منفی خبریں لوگوں تک پہنچاتا ہے اور نیوز پورٹل منیجمنٹ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ صرف اُن خبروں کا حوصلہ بڑھائیں جو سماج اور مختلف خطوں سے جڑے ہوں ۔
کشمیرکو عالمی سیاحتی مقامات کی فہرست میں اوّل نمبر لانے کاہدف
خورشیدگنائی کاشراکت داروں پرسیاح دوست اقدامات پر زور
جموں/گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کہا کہ حکومت سیاحت سے وابستہ تمام شراکت داروں کو کشمیر عالمی سیاحتی مقامات کی فہرست میں اول نمبر لانے کے لئے تمام ممکنہ امداد و تعاون فراہم کرے گی۔شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر سیاحوں اور سیاحت سے وابستہ لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے خورشید گنائی نے تمام متعلقہ لوگوں پر زور دیا کہ وہ سال 2020ء تک کشمیر کو عالمی سیاحتی نقشے میں اعلیٰ مرتبہ فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ کوششیں انجام دیں۔انہوں نے سیاحت کی صنعت سے وابستہ شراکت داروں کو صلاح دی کہ وہ سیاحوں کو کشمیر میں زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کے لئے سیاح دوست اقدامات اٹھائے اور اس سلسلے میں تمدنی پروگرام و دیگر پُر کشش ایونٹوں کو متعارف کرنے کے اقدامات کریں۔جموں وکشمیر کو سیاحوں کے لئے ایک محفوظ مقام قرار دیتے ہوئے خورشید گنائی نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر ریاست کا دورہ کریں جہاں اُنہیں سیاحتی سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے تمام قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وہ آج کرسمس کے موقعہ پر نہرو پارک میں کئی سیاحوں اور مقامی سیاحت سے وابستہ افراد سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوںنے سیاحوں کو کرسمس کے سلسلے میں اپنی مبارک باد پیش کی۔خورشید گنائی نے اس موقعہ پر کہا کہ اس برس 8.5لاکھ ان بائونڈ اور 50ہزار بیرونی ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا اور نئے سال کے موقعہ پر گلمرگ سیاحوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔خورشید گنائی نے کہا کہ انہوں نے حکومت ہند کے سیکرٹری سیاحت سے اپیل کی کہ وہ جے کے ٹوراِزم کو فروغ دینے کے لئے قومی و بین الاقوامی سطح پر کوششیں انجام دیں۔گورنر نے مشیر نے لوگوں اور سیاحت سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے پر فضا مقامات کو صاف و شفاف رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سیاحوں کے لئے عالمی سطح کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گا ۔ انہوں نے شراکت داروں جن میں رضاکار تنظیمیں بھی شامل ہیں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور کشمیر کو صاف اور سبز بنائے رکھنے میں اپنا رول ادا کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر پبلسٹی ریاض احمد شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ریکریریشن سرفراز محمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایم اینڈ ڈبلیو عبدالقیوم کرمانی کے علاوہ کئی دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔