مینڈھر//مینڈھر یاد گارمیں کسان مزدور یونین نے چوہدری عبدالمجید کی صدارت میں یومِ مئی منایا ۔اس موقعہ پر شکاگو کے مزدوروںکوخراجِ عقیدت پیش کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ریاستی اور مرکزی سرکار مزدور طبقہ کے ساتھ انصاف کرے ۔انہو ں نے کہا کہ ایم جی نر یگا کے تحت ہوئے کاموں کی اجرت کئی سال سے نہیں ملی ہے اور اس سکیم میں ٹھیکیداروں اور سیاسی لیڈران کو مداخلت کرنے سے باز رکھاجائے تا کہ غریبو ں کو ہی اس کا فا ئد ہ مل سکے۔علاوہ ازیں گھاس چرائی ، سرکاری زمین اور جنگلات کی زمینوں سے غرباء ، خانہ بدوش ودیگر لوگوں کو بے دخل کرنے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ غریب کش پالیسیاں اختیار نہ کی جائیں ۔انہوںنے کہا کہ مینڈھر میں پانی وبجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور تمام صارفین کے گھروں میں میٹر نصب کئے جائیں تاکہ مناسب کرایہ وصول ہو۔ مقرر ین نے کہا کہ مینڈھر میں خشک سالی اور ژالہ باری سے بڑے پیمانے پر نقصان ہواہے جس پر متاثرین کوچھ ماہ کیلئے مفت راشن دیاجائے ۔اس موقعہ پر مولوی محمد اقبال اور حاجی محمد حنیف نے یونین میں شمولیت کی جن کا ہار پہناکر استقبال کیاگیا۔آخر میں یونین نے ایس ڈی ایم مینڈھرکو ایک قرارداد پیش کی جس کے ذریعہ ریاستی اور مرکزی حکومت سے مانگ کی گئی تھی کہ محنت کشوں کے مسائل حل کئے جائیں ۔اس موقعہ پر چوہدری محمد اعظم آزاد سینئر نائب صدر، چوہدری محمد شیر نائب صدر ، مشتاق احمد فانی جنرل سیکریٹری ، راجہ بشیر احمد خان تحصیل صدر مینڈھر ، چوہدری محمد شفیق تحصیل صدر منکوٹ ، حاجی محمد حنیف ، مولوی محمد اقبال اور راجہ لیاقت علی بھی موجو دتھے۔